Tag: Experience

  • مائیک پومپیو کا میزائل تجربے کے باوجود شمالی کوریا سے مذاکرات کی امید کا اظہار

    مائیک پومپیو کا میزائل تجربے کے باوجود شمالی کوریا سے مذاکرات کی امید کا اظہار

    واشنگٹن :امریکا کے سیکریٹری آف اسٹیٹ مائیک پومپیو نے میزائل تجربے کے باوجود شمالی کوریا سے مذاکرات کی امید کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مائیک پومپیو کا کہنا تھا کہ امریکا کو تاحال امید ہے کہ شمالی کوریا کی جانب سے حالیہ تجربے کے باوجود جوہری مذاکرات کا ایک اور دور ہوگا۔

    انہوں نے کہاکہ امریکا، شمالی کوریا کی صورت حال کو قریب سے دیکھ رہا ہے لیکن اگلے چند ہفتوں میں مذاکرات کے ایک نئے دور کو جاری رکھنے کی منصوبہ بندی ہوری ہے۔

    مائیک پومپیو نے کہا کہ حالیہ تجربے درمیانی فاصلے کے میزائلوں کے ہوئے ہیں لیکن جب صدر ڈونلڈ ٹرمپ منتخب ہوکر آئے تھے تو شمالی کوریا طویل فاصلے پر مار کرنے والے راکٹ اور جوہری ہتھیاروں کے تجربے کر رہا تھا۔

    امریکی سیکرٹری اسٹیٹ مائیک پومپیو کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب ایک روز قبل ہی شمالی کوریا نے مختصر فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے والے 2 میزائلوں کا تجربہ کیا تھا۔

    شمالی کوریا نے اس سے قبل بھی 2 تجربے کیے تھے جس کے بعد ایک ہفتے میں یہ چوتھا میزائل تجربہ تھا جبکہ امریکی صدر نے ان تجربوں کو جاپان اور جنوبی کوریا کے لیے کوئی خطرہ قرار نہیں دیا تھا۔

    خیال رہے کہ شمالی کوریا کی وزارت خارجہ کی جانب سے واشنگٹن اور سیؤل کے درمیان جاری مشترکہ مشقوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے چند منٹ بعد ہی اپنے ملک کے میزائل تجربے کے حوالے سے آگاہ کیا گیا تھا۔

    مشترکہ مشقوں کے حوالے سے وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا تھا کہ شمالی کوریا ان مشقوں کو قبضہ کرنے کی مشق کے طور پر دیکھتا ہے۔

    شمالی کوریا نے واضح کیا تھا کہ پیانگ یانگ مذاکرات چاہتا ہے لیکن اگر اتحادیوں نے اپنی پوزیشن تبدیل نہ کی تو ہم ایک ‘نیا راستہ’ اپنا سکتے ہیں۔

    یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے صدر منتخب ہونے کے بعد شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے دھمکی آمیز بیانات دیے تھے، تاہم بعد ازاں دونوں رہنماﺅں کے درمیان دو مرتبہ مذاکرات ہوئے تھے۔

    ویت نام میں ہونے والے مذاکرات کے کا آخری دور اچانک مختصر ہوگیا تھا جس کے حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ بعض اوقات ایسا کرنا پڑتا ہے جبکہ دونوں رہنماﺅں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی نہیں کی تھی تاہم دونوں فریقین نے مذاکرات کو جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا تھا۔

  • رقم کو خرچ کرنے کی درست جگہ کون سی ہے؟

    رقم کو خرچ کرنے کی درست جگہ کون سی ہے؟

    ہم اپنی زندگی میں بہت محنت کر کے پیسہ کماتے ہیں۔ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ ہمیں حاصل ہونے والی رقم کم ہے یا زیادہ، بس اس میں ہم اپنی زندگی کو بہتر سے بہتر بنا لیں۔

    اس کے لیے ہم بہت سی اشیا خریدتے ہیں۔ اچھے سے اچھا گھر بناتے ہیں، بڑی گاڑی خریدتے ہیں، مہنگے ملبوسات، گھڑیاں اور آرائشی اشیا لیتے ہیں، لیکن یہ تمام اشیا کیا واقعی ہماری محنت کی کمائی کا صحیح مصرف ہیں؟

    ماہرین کا خیال ہے کہ ’نہیں‘، ان کے مطابق ہمیں اپنی رقم کو اشیا خریدنے کے بجائے نئے تجربات حاصل کرنے پر خرچ کرنا چاہیئے۔

    امریکا کی کارنیل یونیورسٹی کی جانب سے کی جانے والی 20 سالہ طویل تحقیق سے علم ہوا کہ چیزوں کے بجائے تجربات پر رقم خرچ کرنا نہ صرف رقم کا صحیح مصرف ہے بلکہ یہ ہمیں خوشی بھی دیتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ بھاری رقوم خرچ کر کے ملنے والی چیزوں سے جو خوشی حاصل ہوتی ہے وہ جلد ہی ماند پڑ جاتی ہے۔

    اس کی 3 وجوہات ہیں۔ ہم جلد ہی ان چیزوں سے بور ہو کر نئی چیزوں کے شوق میں مبتلا ہوجاتے ہیں، ہم اپنا معیار بلند کرتے جاتے ہیں یا اس کی خواہش رکھتے ہیں اور ہم دوسروں کی اشیا دیکھ کر احساس کمتری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔

    یہ چیزیں ہم کچھ عرصہ خوش رکھتی ہیں اس کے بعد ہم اس کے عادی ہوجاتے ہیں۔ اس کے برعکس تجربات ہماری شخصیت کا حصہ بن جاتے ہیں۔

    مثال کے طور پر کوئی مہنگی گھڑی خریدنا ہماری صلاحیت یا شخصیت کو ظاہر نہیں کرتا، لیکن اگر لوگوں کو معلوم ہوگا کہ آپ ایک مشکل اور دشوار گزار راستے پر ٹریکنگ کر چکے ہیں تو یقیناً ان کی نظر میں یہ آپ کی شخصیت کا مثبت پہلو ہوگا۔

    نئے تجربات کرنا منصوبہ بندی سے لے کر اختتام تک آپ کو خوش رکھتے ہیں، اس کے برعکس اشیا آپ کو بے چینی میں مبتلا کردیتی ہیں کہ لوگ انہیں دیکھیں اور سراہیں۔

    رقم کے اس استعمال سے آپ کس حد تک متفق ہیں؟ ہمیں کمنٹس میں ضرور بتائیں۔

    مزید پڑھیں: دولت مند افراد پرتعیش اشیا سے بیزار