Tag: explanation

  • ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہٹایا نہیں گیا، ان کی مدت ملازمت مکمل ہوچکی تھی، ترجمان دفترخارجہ

    ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو ہٹایا نہیں گیا، ان کی مدت ملازمت مکمل ہوچکی تھی، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفتر خارجہ نے وضاحت کی ہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹایا نہیں گیا بلکہ ان کی مدت ملازمت مکمل ہوچکی تھی، انہوں نے شاندارانداز میں ملک کی نمائندگی کی۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ میں پاکستان کی مستقل مندوب کی حیثیت سے فرائض انجام دینے والی ڈاکٹر ملیحہ لودھی کو عہدے سے ہٹایا نہیں گیا بلکہ نے اپنی مدت ملازمت مکمل کرلی تھی۔

    اس بات کی وضاحت ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے اپنے ایک جاری بیان میں کی، ترجمان دفترخارجہ کا مزید کہنا تھا کہ ملیحہ لودھی نے وزیراعظم کے دورے کیلئے بھرپور اندازمیں کام کیا۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی کہہ چکے ہیں کہ ملیحہ لودھی نے شاندارانداز میں اقوام متحدہ میں پاکستان کی نمائندگی کی۔

    یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں ملیحہ لودھی کی جگہ منیر اکرم کو پاکستان کا مستقل مندوب مقرر کیا تھا۔

    اس حوالے سے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ دنیا کے سب سے اہم فورم پر ملک کی نمائندگی کرنا ان کیلیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے نئے مستقل مندوب منیراکرم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

    ملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے اقوام متحدہ کے دورے کے موقع پر ملنے والی پذیرائی پر بے حد ممنون ہیں۔

    واضح رہے کہ ڈاکٹر ملیحہ لودھی سینئر سفارت کار رہی ہیں اور انہیں دسمبر2014 میں اقوام متحدہ میں مستقل مندوب تعینات کیا گیا تھا اور انہوں نے فروری2015 سے ذمہ داریاں سنبھالیں تھیں۔

  • سونے یا قیمتی جائیداد کی ضبطی کے لئے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، ایس ای سی پی

    سونے یا قیمتی جائیداد کی ضبطی کے لئے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی، ایس ای سی پی

    اسلام آباد : سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ ادارہ کمپنیوں کے خلاف سونے یا قیمتی جائیداد کی ضبطی کے لئے کسی بھی قسم کی کارروائی نہیں کررہا، ایس ای سی پی کو اس قسم کے اختیارات تفویض نہیں کئے گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) کے ترجمان نے کہا ہے کہ ادارہ کارپوریٹ سیکٹر اور کیپٹل مارکیٹ کی بہتری اور ترقی کے لئے تمام ضروری اقداما ت کر رہا ہے۔

    یس ای سی پی میڈیا میں شائع کی جانے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کرتا ہے کہ ادارہ کمپنیوں کے خلاف سونے یا قیمتی جائیداد کی ضبطی کے لئے کسی بھی قسم کی کارروائی کررہا ہے۔

    واضح رہے کہ اس قسم کی کوئی کارروائی بھی کمیشن میں زیر غور نہیں ہے، ایس ای سی پی کی طرف سے واضح کیا جاتا ہے کہ ایس ای سی پی انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 یا بے نامی ٹرانزیکشن ایکٹ 2017 کو ریگولیٹ یا نافذ کرنے کا ذمہ دار ادارہ نہیں ہے۔

    ایس ای سی پی ترجمان کے مطابق ادارہ کے اختیارات صرف ایس ای سی پی ایکٹ 1997 اور اس ایکٹ کے شیڈول میں دیئے گئے دیگر قوانین پر عمل درآمد کرواناہے۔

    میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں کی واضح تردید کی جاتی ہے کہ ایس ای سی پی کو کسی قسم کے نئے اختیارات تفویض نہیں کئے گئے ہیں، علاوہ ازیں رولز انویسٹی گیشن افسران کو پابند کیاجاتا کہ کسی بھی قسم کی تلاشی یا زبردستی داخلے کے لئے پہلے کمیشن سے تحریری منظوری حاصل کی جائے۔

  • شبنم گل کی تعیناتی میرٹ اور قواعد کے مطابق ہوئی ہے، نیکٹا کی وضاحت

    شبنم گل کی تعیناتی میرٹ اور قواعد کے مطابق ہوئی ہے، نیکٹا کی وضاحت

    اسلام آباد : قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) نے واضح کیا ہے کہ وزیر مملکت زرتاج گل کی اسسٹنٹ پروفیسر بہن شبنم گل کی تعیناتی میرٹ اور قواعد کے مطابق ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کی بہن شبنم گل کی بحیثیت ڈائریکٹر نیکٹا کی براہ راست تقرری کو سوشل میڈیا پر کچھ حلقوں کی جانب سے اعتراض کیا جارہا تھا جس پر ترجمان نیکٹا نے وضاحت دی ہے کہ شبنم گل کی تعیناتی خالصتاً میرٹ اور قواعد و ضوابط کے مطابق ہوئی ہے۔

    شبنم گل لاہور کالج برائے خواتین میں گریڈ18کی اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، وہ پی ایچ ڈی اسکالرہیں وہ انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے حوالے سے مقالے بھی تحریر کرچکی ہیں۔

    نیکٹا نے اپنے وضاحتی بیان میں مزید کہا ہے کہ ڈیپوٹیشن پر گریڈ17سے گریڈ 19تک تعیناتی کیلئے وفاقی و صوبائی محکموں سے12درخواستیں موصول ہوئیں، جس کیلئے تین رکنی کمیٹی نے انٹرویوز کیے، شبنم گل منتخب کیے گئے امیدواروں میں سے ایک ہیں، کمیٹی نے میرٹ پر ان کی تعیناتی کی سفارش کی تھی۔

  • چیئرمین نیب نے کسی صحافی کو کوئی انٹرویو نہیں دیا، ترجمان

    چیئرمین نیب نے کسی صحافی کو کوئی انٹرویو نہیں دیا، ترجمان

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو کے ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ چیئرمین نیب نے جاوید چوہدری کو کوئی انٹرویو نہیں دیا، انہوں نے اپنے کالم میں بعض شخصیات اور کیسز کا غلط ذکر کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق معروف ٹی وی چینل کے کالم نگار جاوید چوہدری کے حالیہ کالم پر رد عمل میں نیب ترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے جاوید چوہدری کو کوئی انٹرویو نہیں دیا۔

    چیئرمین نیب کے حوالے سے بیانات درست نہیں ہیں۔ ان کے اس کالم پر نیب پہلے ہی وضاحت دے چکا ہے، ترجمان نیب کا مزید کہنا تھا کہ جاوید چوہدری نے اپنے کالم میں بعض شخصیات اور کیسز کا غلط ذکر کیا ہے، جاوید چوہدری نے اس حوالے سے اپنے ٹی وی چینل کے بیپر میں خود وضاحت بھی کی تھی۔

    نیب ذرائع کے مطابق قومی ادارے کی جانب سے 17 مئی 2019ء کو جاوید چودھری کے کالم پر وضاحت جاری کر دی گئی تھی، یہ وضاحت نیوز چینل پر نشر اور اخبارات میں بھی شائع کی گئی۔

    دوسری جانب معروف ٹی وی چینل کے کالم نگار کہتے ہیں کہ کالم میں جو کچھ بھی لکھا وہ چیئرمین نیب کی زبانی ہے، چیئرمین نیب کی باتیں درست ہیں تو وہ تصدیق کردیں اور اگر باتیں جھوٹی ہیں تو تردید کردیں۔

    مزید پڑھیں: نیب غیرجانبدار نہیں، سیاست دانوں کو توڑنے کے لیے بنایا گیا، شاہد خاقان عباسی

    واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب غیرجانبدار نہیں ہے، سیاست دانوں کو توڑنے کے لیے نیب کو بنایا گیا ہے۔

    انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’پاور پلے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف سے متعلق چیئرمین نیب کی باتوں کا کوئی وجود نہیں ہے۔ چیئرمین نیب کو پریس میں ایسی باتیں نہیں کرنا چاہئیں۔

  • قومی اسمبلی : اسرائیلی طیارے کی آمد اور سعودی پیکج پر وزیر خارجہ کی وضاحت

    قومی اسمبلی : اسرائیلی طیارے کی آمد اور سعودی پیکج پر وزیر خارجہ کی وضاحت

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں کوئی اسرائیلی طیارہ نہیں آیا، ایسی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے۔

    قومی اسمبلی کا اجلاس قاسم سوری کی زیرصدارت ہوا اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اسرائیلی طیارے کی آمد سے متعلق وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کوئی اسرائیلی طیارہ نہیں آیا۔

    طیارے کی پاکستان آمد کی خبر من گھڑت اور بے بنیاد ہے، ان خبروں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، اس کے باوجود اگر آپ اس کا ذکر کرنا چاہیں تو کوئی روک نہیں سکتا لیکن اپوزیشن کے اطمینان کے لیے کہہ رہا ہوں کہ خبر میں کوئی حقیقت نہیں۔

    اپنے خطاب شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کو سعودی عرب سے ملنے والے پیکیج پر شرائط کی باتیں کی گئی ہیں، اس لیے یہ واضح کرتا ہوں کہ ہم سعودی عرب کے کہنے پر کہیں پر کوئی فوج نہیں بھیج رہے اور نہ ہی سعودی عرب نے ایسی کوئی شرط رکھی کہ ہم یمن میں فوجی بھیجیں۔

    مزید پڑھیں: وزیر خارجہ نے اسرائیلی طیارے کی پاکستان آمد کی خبر کو بے بنیاد قرار دے دیا

    وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر ہم مشرق وسطیٰ کے اختلافات میں کمی کیلیے کوئی مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں تو ضرور کرنا چاہیے۔

  • ن لیگ کو ووٹ، ایم کیو ایم نے سینیٹر عتیق سے وضاحت طلب کرلی

    ن لیگ کو ووٹ، ایم کیو ایم نے سینیٹر عتیق سے وضاحت طلب کرلی

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے ن لیگ کو ووٹ دینے پر اپنے سینیٹر میاں عتیق سے وضاحت طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابی اصلاحات بل کے ذریعے نواز شریف کو دوبارہ ن لیگ کا سربراہ بنائے جانے کے معاملے پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینٹر میاں عتیق نے ن لیگ کے حق میں ووٹ دیا تھا جس پر اس بل کی مخالفت میں پیش کی گئی ترمیم محض ایک ووٹ سے مسترد ہوگئی۔

    اب خبر آئی ہے کہ ن لیگ کے حق میں ووٹ دینے پر فاروق ستار نے میاں عتیق سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ سینیٹرمیاں عتیق ن لیگ کو ووٹ دینے پر وضاحت دیں اگر ان کے خلا ڈسپلنری کارروائی کرنا پڑی تو ضرور کروں گاکوئی بری الذمہ نہیں،سب پارٹی پالیسی کے پابند ہیں۔


    اسی سے متعلق: نااہل شخص پارٹی عہدہ کیسے رکھ سکتا ہے‘ فاروق ستار


    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ میاں عتیق نےجان بوجھ کر ووٹ دیا تو کارروائی ہوگی،ایم کیو ایم کی پالیسی صاف تھی، سینیٹ سے واک آؤٹ کرنا تھا۔

    دوسری جانب میاں عتیق کا کہنا ہے کہ صبح تک مجھے پارٹی کا پیغام نہیں ملا تھا،غلط فہمی میں ووٹ ڈال دیا، مجھےقربانی کا بکرا نہ بنایا جائے۔

    میاں عتیق نے مزید کہا کہ پارلیمانی لیڈر نے کچھ اور ڈپٹی پارلیمانی لیڈر نے کچھ اور بتایا،پارٹی کو وضاحت ضرور دوں گا۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے رافع حسین نے بتایا کہ ن لیگ کو ووٹ ڈالنے پر ایم کیو ایم میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اورمیاں عتیق سے سختی سے وضاحت طلب کی گئی ہے جس کے جواب میں وہ اپنا واضح موقف دے چکے ہیں کہ انہیں بیک وقف دو پیغامات ملے۔