Tag: expo center

  • ساکنان شہرقائد کے زیراہتمام عظیم الشان عالمی مشاعرہ

    ساکنان شہرقائد کے زیراہتمام عظیم الشان عالمی مشاعرہ

    کراچی : ساکنان شہر قائد کا 28 واں عظیم الشان عالمی مشاعرہ ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد ہوا، گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

    کراچی میں ہرسال منعقد ہونے والے ساکنان شہرقائد کے زیراہتمام عالمی مشاعرے میں ملکی وبین الاقوامی شعراء کی بڑی تعداد شریک تھی۔

    اس موقع پر امریکا، کینیڈا،برطانیہ، یواے ای اورجرمنی سمیت دیگر ملکوں کے شعراء کرام نے اپنا کلام پیش کیا اور حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

    بھارت سے خصوصی طور پر شاعرہ علینہ عترت اورحسن کاظمی بھی مشاعرے کا حصہ ہیں، عالمی مشاعرے میں شہریوں کا داخلہ مفت رکھا گیا ہے۔

    دیگر مہمانان گرامی کے علاوہ ایم کیوایم پاکستان کے کنوینئر رہنما ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، عامر خان، ڈاکٹر فاروق ستار، پیپلزپارٹی کے رہنما وقارمہدی، رہنما مسلم لیگ ن نہال ہاشمی، اور کمشنرکراچی اقبال میمن بھی موجود تھے۔

    عالمی مشاعرے میں ملک بھر سے شرکت کرنے والے شعراء میں افتخار عارف ، خورشید رضوی ، عطاءالحق قاسمی ، عباس تابش ،تشکیل جاذب، حمیدہ شاہین ، شوکت نہی ، رحمان فارس ، وصی شاہ ، اتباف ابرک، ریاض ندیم نیازی، پروفیسر غلام مصطفیٰ تبسم ، عمار اقبال ، پروفیسر سحر انصاری ، انور شعور و دیگر شامل ہیں۔

  • عالمی کتب میلہ، ہزاروں شہری ایکسپو سینٹر پہنچ گئے

    عالمی کتب میلہ، ہزاروں شہری ایکسپو سینٹر پہنچ گئے

    کراچی: شہر قائد میں منعقدہ عالمی کتب میلے کا آج تیسرا روز ہے، ایکسپو سینٹر میں زبردست گہماگہمی دیکھی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر کراچی میں آج عالمی کتب میلے کا تیسرا روز ہے، ہزاروں شہری ایکسپو سینٹر پہنچ گئے ہیں، اندر داخل ہونے کے لیے طلبہ اور شہریوں کی طویل قطاریں لگ گئی ہیں۔

    ایکسپو سینٹر میں طلبہ و طالبات اور اساتذہ سمیت عمائدین شہر بھی بڑی تعداد موجود ہیں، اس وقت تمام ہال مکمل طور ہر بھر چکے ہیں اور باہر طویل ترین قطاریں بھی لگی ہوئی ہیں۔

    کتب میلے میں میں 30 سے 50 فی صد رعایت پر کتابیں دستیاب ہیں، شہری بڑی تعداد میں کتابیں خریدنے میں دل چسپی دکھا رہے ہیں، شہری فیملیز کے ساتھ میلے میں شرکت کر رہے ہیں۔

    کنوینر کتب میلہ وقار متین خان کے مطابق یہ پانچ روزہ کتب میلہ کل ختم ہوگا۔

    یاد رہے کہ صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے ایکسپو سینٹر میں 17 ویں عالمی کتب میلے کا آغاز جمعرات 8 دسمبر سے ہوا تھا، جو اتوار 11 دسمبر 2022 تک جاری رہے گا، اس میلے میں 17 ممالک کے 40 سے زائد اداروں نے اپنی کتب پیش کی ہیں۔

    منتظمین کا کہنا تھا کہ رواں برس کتب میلے میں 5 لاکھ سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے جن میں کراچی سمیت ملک بھر کے شہری شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ یہ کتب میلہ پاکستان پبلشرز اور بک سیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے منعقد کیا جاتا ہے، چیئرمین ایسوسی ایشن عزیز خالد کے مطابق 2005 سے لگا تار منعقد ہونے والے کراچی بین الاقوامی کتب میلے کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی میلے کا اعزاز حاصل ہے، جس میں نہ صرف پاکستان بھر سے بلکہ ہندوستان، ترکی، سنگاپور، چین، ملائیشیا، برطانیہ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے پبلشنگ ادارے حصہ لیتے ہیں۔

  • ایکسپو سینٹر کراچی میں ملک کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح

    ایکسپو سینٹر کراچی میں ملک کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں ملک کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح کردیا گیا، سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں پاکستان کے سب سے بڑے کرونا ویکسی نیشن سینٹر کا افتتاح صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کیا۔

    ایکسپو سینٹر کراچی میں قائم ماس ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر این سی او سی حکام، پارلیمانی سیکریٹری قاسم سراج سومرو، سیکریٹری صحت کاظم جتوئی اور دیگر افراد موجود تھے۔

    پاکستان کے سب سے بڑے اس ویکسی نیشن سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔

    اس موقع پر سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ ملک میں ویکسی نیشن کی دستیابی کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن سینٹرز بھی بڑھائے جا رہے ہیں، 16 مئی سے تمام افراد کے لیے ویکسی نیشن شروع کی جائے گی، اب 40 سال سے کم عمر افراد بھی ویکسین لگوا سکیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کی طرف سے ایس او پیز کو اہمیت نہیں دی جا رہی، جس سے کرونا پھیلنے کا زیادہ امکان ہے۔

    صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ وفاق سے ملنے والی ویکسین کے علاوہ بھی ہم نے وفاق سے بات کی ہے، سندھ پیسے دینے کے لیے تیار ہے، وفاق طے شدہ داموں پر ویکسین خرید کر کے دے۔ چاہتے ہیں ویکسین کی فوری دستیابی کی بنیاد پر زیادہ سے زیادہ لوگوں کو ویکسین لگا سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ ویکسین رجسٹریشن مرحلے میں مسائل کی صورت میں ویکسی نیشن سینٹر آئیں، ہمارا عملہ آپ کی رجسٹریشن کر کے ویکسین لگا دے گا۔ سندھ میں کوویکس، ایسٹرا زینیکا، سائنو فارم اور کین سائنو ویکسین لگائی جائیں گی۔

    عذرا پیچوہو کا کہنا تھا کہ کراچی میں ضلع ایسٹ میں کرونا کے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، عوام اس ویکسی نیشن سینٹر کا فائدہ اٹھائیں۔ این سی او سی میں فیصلہ ہوا ہے رواں سال کے آخر تک پورے ملک کے لیے 70 ملین ویکسین ڈوزز مہیا کیے جائیں گے۔

    خیال رہے کہ ایکسپو سینٹر میں قائم اس کرونا ویکسی نیشن سینٹر میں 12 رجسٹریشن کاؤنٹرز، 6 بلاکس اور 69 کیوبیکلز بنائۓ گئے ہیں۔ ماس ویکسی نیشن سینٹر کو 24 گھنٹے فعال رکھا جائے گا۔

    ویکسی نیشن سینٹر کا عملہ 3 شفٹوں میں کام کرے گا، ہر شفٹ میں 360 ہیلتھ کیئر ورکرز اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ سینٹر میں یومیہ 25 سے 30 ہزار افراد کو ویکسین لگائی جا سکے گی۔

  • گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، وزیر آباد میں مشترکہ ایکسپو سینٹر بنانے کا فیصلہ

    گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، وزیر آباد میں مشترکہ ایکسپو سینٹر بنانے کا فیصلہ

    گجرات: حکومت نے گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور وزیر آباد میں مشترکہ ایکسپو سینٹر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر تجارت رزاق داؤد نے آج گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا، انھوں نے اس موقع پر گفتگو میں کہا کہ گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، وزیر آباد میں مشترکہ ایکسپو سینٹر بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ایکسپو سینٹر کی اراضی کے لیے پنجاب حکومت سے رجوع کیا جائے گا۔

    مشیر تجارت نے ملکی برآمدات میں پنجاب کے مذکورہ شہروں کے کردار کو سراہا، اور تاجروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، انھوں نے کہا کوالٹی بہتری سے افریقہ اور مشرق وسطیٰ کی مارکیٹوں تک رسائی حاصل ہوگی۔

    مشیر تجارت نے الیکٹرک فین مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کا بھی دورہ کیا، جہاں انھوں نے ملکی برآمدات میں اضافے کے لیے تاجروں کے اقدامات کو سراہا، انھوں نے اس موقع پر کہا کہ وفاق اور صوبوں کے تعاون سے کرونا وبا پر قابو پایا گیا، بروقت اقدامات اور ایس او پیز پر عمل سے تجارت میں بہتری آئی۔

    رزاق داؤد کا کہنا تھا کہ حکومت نے مختلف خام مال پر ٹیکسوں اور ڈیوٹیز میں کمی کر دی ہے، اس سلسلے میں 41 فی صد خام مال کی ٹیرف ریشنلائزیشن کی گئی ہے۔

  • مختلف ممالک کے وفود کی نيول چیف ايڈمرل ذکاء اللہ سے ملاقات

    مختلف ممالک کے وفود کی نيول چیف ايڈمرل ذکاء اللہ سے ملاقات

    کراچی : چيف آف نيول اسٹاف ايڈمرل محمد ذکاء اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان مشترکہ طور پر بحری جہازوں ،آلات، جوانوں کی تياری سميت بحری شعبوں ميں باہمی اشتراک کے ليے پرعزم ہے، یہ بات انہوں نے ايکسپوسينٹرميں نويں بين الاقوامی دفاعی نمائش کے افتتاحی روز مختلف ممالک کے وفود سے ايکسپوسينٹر ميں ملاقات کرتے ہوئے کہی۔

    چيف آف نيول اسٹاف ايڈمرل محمد ذکااللہ سے ملاقات کرنے والوں ميں چين، فرانس، اردن،نائیجريا، قطر، تھائی لينڈ اورترکی کی معزز شخصیات شامل تھیں۔

    دوران گفتگو دفاعی اشتراکيت،پيشہ ورانہ تربيت ميں تعاون سميت مختلف بحری امور پرتبادلہ خيال کيا گيا، نيول چيف سے ملاقات کرنے والی نماياں شخصيات ميں چين کے ڈپٹی چيف آف آرمانٹ ڈپارٹمنٹ رئيرايڈمرل ويل گينگ، بحرہند ميں فرانسيسی فورس کمانڈر رئيرايڈمرل ڈائڈا يرپياٹن، اردن کی بحری فوج کے کمانڈر برگيڈيئرجنرل ابراہيم النعمت ،نائيجيريا کے وزيراعظم دفاع دان علی منصورمحمد، قطری بحری افواج کے سربراہ ميجرجنرل محمد ناصر مبارک، کمانڈران چيف تھائی فليٹ ايڈمرل سجيب دوبگما اورترک فليٹ کمانڈر ايڈمرل وسيبل کوسيل شامل تھے۔

    چيف آف ايڈمرل نے غيرملکی وفود کويقين دلايا کہ پاکستان مشترکہ طور پر بحری جہازوں ،آلات اورجوانوں کی باہمی تربيت تمام بحری شعبوں ميں باہمی اشتراک کے ليے پرعزم ہے۔

  • آئیڈیاز 2016، متبادل ٹریفک روٹ کا اعلان

    آئیڈیاز 2016، متبادل ٹریفک روٹ کا اعلان

    کراچی: ایکسپو سینٹر میں ہونے والی نمائش دفاعی نمائش آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے حوالے سے چار روزہ ٹریفک پلان ترتیب دیا گیا ہے، نمائش کے ایام میں حسن اسکوائر اور اطراف کی سڑکیں مکمل بند رہیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش کی آمد کے ساتھ ہی ایس ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے حسن اسکوائر اور اطراف کی سٹرک بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے متبادل ٹریفک پلان دے دیا ہے، نمائش کے دوران شہریوں سے متبادل راستے استعمال کرنے کی بھی اپیل کردی۔

    ایکسپو سینٹر میں ایس ایس پی ٹریفک ایسٹ ارم اعوان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نمائش آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے موقع چار سو سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار ایئر پورٹ، ایکسپو سینٹر اور شارع فیصل پر تعینات کیے جائیں گے اور مزید اضافی نفری کے لئے بھی درخواست کی گئی ہے۔

    ایس ایس پی ٹریفک ارم اعوان نے  بتایا کہ نمائش کے دوران یونیورسٹی روڈ اور ایکسپو سینٹر کے سامنے والی شارع چار روز کے لئے بند ہو گی جبکہ یونیورسٹی روڈ مخصوص اوقات میں کھولا اور بند کیا جائے گا۔

    ارم اعوان نے مزید بتایا کہ آئیڈیاز دو ہزار سولہ کے دوران لیاقت آباد سے آنے والا ٹریفک صہبا اختر روڈ کی جانب سے جائے گا جبکہ متبادل راستے کے لئے نیشنل اسٹیڈیم کی عقبی شاہراہ کو بھی استعمال کیا جائے گا اور شہریوں کو متبادل راستوں سے مکمل آگاہی فراہم کی جائے گی۔

    خیال رہے ہر سال کی طرح امسال بھی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 رواں ماہ کی 22 سے 25 نومبر تاریخ تک منعقد کی جائے گی۔ اس دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش ایکسپو سینٹر آنے والی سڑکوں کو مکمل بند کیا جائے گا اور سخت سیکیورٹی تعینات کی جائے گی۔

  • کراچی: دفاعی نمائش اور وی آئی پی موومنٹ، سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی: دفاعی نمائش اور وی آئی پی موومنٹ، سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام

    کراچی: ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش اور وی وی آئی پی موومنٹ کے باعث کراچی کی بیشتر سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہونے سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز دوہزار چودہ جاری ہے۔ نمائش میں تین سو تینتیس ملکی و بین الاقوامی کمپنیاں اور اٹھاسی بین الاقوامی وفود شرکت کررہے ہیں۔

    نمائش کی وجہ سے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیئے گئے ہیں۔ مین یونیورسٹی روڈ کو بیت المکرم مسجد سے حسن اسکوائر تک کنٹینرز رکھ کر بند کیا گیا ہے۔

    یکم تا چار دسمبر تک نمائش کے دوران سر شاہ سلیمان روڈ، حسن اسکوائر سے اسٹیڈیم کراسنگ تک صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک عام ٹریفک کیلئے بند رہے گا۔ جس کی وجہ سےحسن اسکوائر، جیل روڈ، نیپا چورنگی اور گرومندرکے اطراف میں بدترین ٹریفک جام ہونے سےشہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    دفاعی نمائش میں عام شہریوں کا داخلہ ممنوع ہے تاہم اس نمائش سے سب سے زیادہ متاثر عام شہری ہی ہورہے ہیں۔ شاہراہ فیصل پر بھی ٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے کئی مقامات پر ٹریفک جام ہے۔