Tag: Exports

  • ایتھوپیا اور بنگلادیش میں ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا

    ایتھوپیا اور بنگلادیش میں ’’میڈ اِن پاکستان‘‘ نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا

    اسلام آباد: ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ نے ملکی برآمدات بڑھانے کے لیے اسٹریٹجک اقدامات کی منظوری دے دی، میڈ ان پاکستان نمائشوں کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملکی برآمدات بڑھانے اور درآمدات کم کرنے کے حکومتی مشن کے تحت وزیر تجارت جام کمال کی زیر صدارت ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ کا 12 واں اجلاس منعقد ہوا۔

    اجلاس میں بورڈ نے رواں مالی سال کے لیے سالانہ بزنس پلان کی منظوری دی، جس میں 120 سے زائد بین الاقوامی نمائشوں میں پاکستان کی شرکت کی منظوری شامل ہے، اور ایتھوپیا اور بنگلادیش میں ’’میڈ ان پاکستان‘‘ نمائشوں کا انعقاد کیا جائے گا۔

    ملک بھر میں برآمداتی تربیتی پروگرام اور سیمینارز کرانے کی منظوری بھی دی گئی، سیالکوٹ اور کوئٹہ میں ڈسپلے سینٹرز، کانفرنس رومز اور آئی ٹی ایکسیلیریٹرز قائم ہوں گے، سیالکوٹ میں کھیلوں کے سامان اور سرجیکل آلات کے لیے خصوصی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔


    پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم، انڈیکس ایک لاکھ 33 ہزار کی حد عبور کرگیا


    اجلاس میں خواتین کاروباری شخصیات کی عالمی نمائشوں میں شمولیت بڑھانے پر زور دیا گیا، جام کمال نے کہا پاکستان کو روایتی منڈیوں کے بجائے نئی عالمی منڈیوں کی طرف جانا ہوگا۔

    ٹی ڈی اے پی میں شعبہ جاتی تحقیق کے لیے ماہرین کی تعیناتی کی تجویز دی گئی، پاکستانی تجارتی مشنز کو پروموشنل سپورٹ میں اضافے کی منظوری دی گئی، ٹی ڈی اے پی بورڈ کی سب کمیٹیوں کی سفارشات کی توثیق بھی کی گئی۔

  • پاکستان برآمدات میں خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے رہ گیا

    پاکستان برآمدات میں خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے رہ گیا

    کراچی: پاکستان برآمدات کے شعبے میں خطے کے دیگر ممالک کی نسبت سب سے پیچھے رہ گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مقابلے میں سری لنکا، بنگلادیش، بھارت اور حتیٰ کہ مصر کی برآمدات بھی پاکستان سے زیادہ ہیں، دیگر ممالک کی برآمدات جی ڈی پی کا 27 فی صد ہیں، جب کہ پاکستان کی برآمدات 10 فی صد تک محدود ہیں۔

    ایک دستاویز کے مطابق 2010 سے 2024 تک ہر سال جی ڈی پی شرح کے لحاظ سے برآمدات کم ہوئی ہے، 2010 میں برآمدات جی ڈی پی کا 13 فی صد تھیں، 2024 میں 10 فی صد رہ گئیں۔

    بھارت کی برآمدات جی ڈی پی کا 22 فی صد، بنگلادیش کی 13 فیصد ہیں، تعلیم اور صحت اخراجات میں بھی پاکستان خطے کے دیگر ممالک سے پیچھے ہے، ہیلتھ سروسز کے لیے پاکستان جی ڈی پی کا محض 0.8 فی صد خرچ کیا جا رہا، ہیلتھ سروسز پر بھارت جی ڈی پی کا1.1 فی صد، سری لنکا 1.9 فی صد خرچ کر رہا ہے، جب کہ تعلیمی اخراجات پر پاکستان جی ڈی پی کا 1.9 فی صد، اور بھارت 4.1 فی صد خرچ کر رہا ہے۔

    افغانستان کے لیے چینی کی برآمدات میں 3 ہزار فی صد اضافہ

    خیال رہے کہ پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا تیل کے بیجوں کا برآمد کنندہ بن گیا ہے، اور برآمدات میں 366 فی صد اضافے کے ساتھ اپنے زرعی شعبے میں ایک اہم سنگ میل عبور کیا ہے، ملک کی تیل کے بیجوں کی سالانہ برآمدات اب 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر چکی ہیں۔

  • چاول کی برآمدات : بھارتی حکومت کا بڑا فیصلہ

    چاول کی برآمدات : بھارتی حکومت کا بڑا فیصلہ

    نئی دہلی : بھارتی سرکار  نے کئی ماہ بعد گزشتہ روز غیر باسمتی سفید چاول کی برآمدات دوبارہ شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

    اس اقدام کی وجہ یہ بیان کی جارہی ہے کہ دنیا کے سب سے بڑے چاول برآمد کنندہ بھارت کے ذخائر میں اضافہ ہو رہا ہے اور کسان آنے والے چند ہفتوں میں چاول کی نئی فصل کی کٹائی کی تیاری کر رہے ہیں۔

    اس حوالے سے تاجروں کا مؤقف ہے کہ بھارت سے بڑے پیمانے پر چاول کی برآمدات عالمی ذخائر میں اضافہ کرے گی اور بین الاقوامی قیمتوں میں بھی نرمی پیدا کرے گی جس سے پاکستان، تھائی لینڈ اور ویتنام جیسے اہم برآمد کنندگان کو اپنے نرخوں میں کمی کرنے پر مجبور ہونا پڑے گا۔

    rice

    بھارتی حکومت کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے غیر باسمتی سفید چاول کی برآمدات کے لیے 490 ڈالر فی میٹرک ٹن کی کم از کم قیمت مقرر کی ہے، یہ تبدیلی اس دن کے بعد سامنے آئی ہے جب حکومت نے سفید چاول پر برآمدی ٹیکس صفر کردیا۔

    رپورٹ کے مطابق سال 2023میں برآمدات پر پابندی کے بعد سے چاول کے مقامی ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، جس سے سرکاری گوداموں میں بوریوں کے ڈھیر لگ چکے ہیں۔

    فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق چاول کے ذخائر یکم ستمبر2024 تک 32.3 ملین میٹرک ٹن پر پہنچ چکے تھے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 38.6% زیادہ تھے، جس سے حکومت کو چاول کی برآمدات کی پابندیوں میں نرمی کرنے کی کافی گنجائش ملی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال 20 جولائی 2023کو بھارت نے چاول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیے جانے والے غیر باسمتی سفید چاول کی برآمدات پر پابندی لگا کر خریداروں کو حیران کردیا تھا۔

    یہ اقدام پچھلے سال ٹوٹے ہوئے چاول کی برآمدات پر پابندی کے بعد کیا گیا تھا۔ برآمد پر پابندی کے باعث ہزاروں ٹن غیر باسمتی سفید چاول بندرگاہوں پر پھنس گئے جس سے تاجروں کو نقصان کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    عالمی سطح پر کورونا وائرس، روس یوکرین جنگ اور پیداوار کی سطح پر موسمیاتی تبدیلی کے رجحان کے اثرات کے تناظر میں بین الاقوامی منڈیوں میں چاول مہنگا ہوا تھا، چاول کی تمام عالمی کھیپوں میں ہندوستان کا حصہ 40 فیصد سے زیادہ ہے جو اس کی کل برآمدات کا تقریباً ایک چوتھائی ہے۔

  • بجلی سستی کریں، ایکسپورٹ 6 ارب ڈالر تک پہنچا دیں گے، تاجروں کی وزیر اعظم کو تجویز

    بجلی سستی کریں، ایکسپورٹ 6 ارب ڈالر تک پہنچا دیں گے، تاجروں کی وزیر اعظم کو تجویز

    کراچی: شہر قائد کی کاروباری کمیونٹی نے وزیر اعظم شہباز شریف کو تجویز دی ہے کہ اگر وہ بجلی سستی کر دیں تو ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم گزشتہ روز ایک روزہ دورے پر کراچی آئے تھے، انھوں نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کا دورہ کیا، جہاں بندرگاہوں اور نیشنل فلیگ کیریئر پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن پر وزیر اعظم کو بریفنگ دی گئی۔

    تاجروں سے ملاقات میں بزنس کمیونٹی نے وزیر اعظم کو کراچی پورٹ پر مشکلات اور شپنگ لائنز کی زیادتیوں سے متعلق آگاہ کیا، وزیر اعظم نے پورٹ پر کلیئرنس میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا اور مسائل جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔

    تاجروں نے وزیر اعظم سے کہا کہ اگر وہ بجلی سستی کریں تو ایکسپورٹ 6 ارب ڈالر تک پہنچا دیں گے، ایکسپورٹ بڑھیں گی تو بیرونی قرض کی ضرورت نہیں پڑے گی۔

    قبل ازیں، وزیر اعظم شہباز شریف نے لیاری ایکسریس وے کو کارگو کے لیے چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کا حکم دیا، وزیر اعظم نے کہا کراچی پورٹ ریل کے ذریعے سامان کی ترسیل کی استعداد کو بڑھائے، پورٹ قاسم پر ایل این جی جہازوں کی فیس کو کم کر کے اسے بین الاقومی سطح پر رائج ریٹس کے مطابق مقرر کیا جائے۔

    وزیر اعظم نے بتایا کہ دورہ قازقستان میں روسی صدر پیوٹن اور وسط ایشیائی ملکوں کے رہنماؤں سے ملاقات ہوئی، وسط ایشیائی ریاستوں نے تجارت کے لیے ہماری بندرگاہوں کے استعمال میں گہری دل چسپی کا اظہار کیا ہے، کراچی کی بندرگاہوں کی ترقی سے ویلیو ایڈیشن کی صنعت سے برآمدات میں اضافہ کریں گے۔

    انھوں نے ہدایت کی کہ پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ پر جدید مشینری کی تنصیب سے کسٹم کلیئرنس کا وقت کم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں، اور بندرگاہوں پر اسکیننگ کی جدید مشینری کی جلد تنصیب یقینی بنائی جائے۔

  • نئی حکومت کا پہلا مہینہ، ایکسپورٹس میں کمی

    نئی حکومت کا پہلا مہینہ، ایکسپورٹس میں کمی

    اسلام آباد: نئی حکومت کے پہلے ماہ ماہانہ بنیادوں پر ایکسپورٹس (برآمدات) میں 1.8 فی صد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

    ادارہ شماریات نے تجارتی اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ فروری کے مقابلے مارچ میں تجارتی خسارہ 24.56 فی صد بڑھ گیا، مارچ میں ماہانہ بنیادوں پر درآمدات میں 9.25 فی صد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

    ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 56.30 فی صد اضافہ ہوا، مارچ میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات 25.86 فی صد بڑھیں، جب کہ برآمدات میں 7.99 فیصد اضافہ ہوا، جولائی تا مارچ برآمدات میں 8.93 فیصد اضافہ ہوا۔

    رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں تجارتی خسارہ 24.94 فیصد کم ہوا، جولائی تا مارچ درآمدات میں 8.65 فیصد کمی ہوئی، رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ برآمدات کا حجم 22 ارب 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا، 9 ماہ کے دوران تجارتی خسارے کا حجم 17 ارب ڈالرز سے زائد رہا۔

    جولائی تا مارچ درآمدات کا حجم 39 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا، مارچ 2024 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ ماہ تجارتی خسارہ 2 ارب 17 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا، مارچ میں درآمدات کا حجم 4 ارب 72 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔

  • باسمتی چاول کی برآمدات سے متعلق اہم خبر

    باسمتی چاول کی برآمدات سے متعلق اہم خبر

    اسلام آباد : ملک سے چاول کی برآمدات میں جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں سالانہ بنیادوں پر کمی ہوئی تاہم باسمتی چاول کی برآمد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

    اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چاول کی برآمد سے ملک کو417.005 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 27.16 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چاول کی برآمدات سے ملک کو530.26 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

    ستمبر میں چاول کی برآمد کاحجم 160.93 ملین ڈالرریکارڈ کیا گیا جواگست میں 125.23 ملین ڈالر اور گزشتہ سال ستمبر میں 148.51 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں چاول کی برآمدات کا مجموعی حجم 2.111 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں باسمتی چاول کی برآمد سے ملک کو187.35 ملین ڈالرزرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 29 فیصدزیادہ ہے۔

    گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں باسمتی چاول کی برآمد سے ملک کو145.20 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔ پہلی سہ ماہی میں چاول کی دیگر اقسام کی برآمدات کا حجم 229.65 ملین ڈالر رہا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 385.05 ملین ڈالر تھا۔

  • بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے برآمدات بھی متاثر

    بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے برآمدات بھی متاثر

    لاہور: بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ نے معیشت کی کمر توڑ کر رکھ دی، اس سے برآمدات بھی متاثر ہونے لگی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ نے معیشت کی کمر توڑ کر رکھ دی، بجلی کی بنیادی قیمت میں 7 روپے اور فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 5 روپے اضافے سے پیداواری لاگت بڑھ جائے گی۔

    لاہور چیمبر آف کامرس کے نائب صدر عدنان خالد بٹ کہتے ہیں کہ بجلی کی قیمت میں اضافے سے خطے میں ہم سب سے مہنگے ہو جائیں گے۔ صنعت کاروں کا کہنا ہے کہ بجلی کی قیمت بڑھنے سے نہ صرف ملکی انڈسٹری کی مشکلات بڑھیں گی بلکہ ایکسپورٹس میں نمایاں کمی کا خدشہ ہے۔

    کاروباری طبقہ کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمت میں ہوش ربا اضافہ واپس لیا جائے تاکہ انڈسٹری اور کاروبار چل سکیں۔

  • ملکی برآمدات میں گراوٹ کا سلسلہ جاری

    ملکی برآمدات میں گراوٹ کا سلسلہ جاری

    اسلام آباد : ادارہ شماریات نے ماہانہ تجارتی اعداد و شمارجاری کردیے، پاکستان کی10ماہ میں برآمدات11فیصد کم ہو کر23ارب17کروڑ ڈالرکی رہ گئیں۔

    ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے مقابلے میں اپریل2023میں برآمدات میں10.46فیصد کمی ہوئی اور درآمدات میں22.62فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    اپریل میں برآمدات کا حجم2ارب12 کروڑ40لاکھ ڈالرز رہا، اپریل میں مجموعی درآمدات2ارب 95کروڑ40لاکھ ڈالرز ریکارڈ کی گئیں۔

    اپریل میں سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 77.98فیصد کمی جبکہ اپریل202 کے مقابلے اپریل2023 میں برآمدات میں26.68فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اپریل میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات55.67 فیصد کم ہوئیں، رواں مالی سال کے10ماہ کے دوران تجارتی خسارے میں 39.62فیصد کمی اور برآمدات میں11.71فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    ادارہ شماریات کے مطابق ماہ جولائی تا اپریل درآمدات میں28.44فیصد کمی ہوئی، جولائی تا اپریل برآمدات23 ارب17کروڑ40لاکھ ڈالرز رہیں، جولائی تااپریل درآمدات46ارب88کروڑ70لاکھ ڈالرز رہیں۔

  • 22 ماہ بعد برآمدات میں 24 فیصد کمی ہوئی: شہباز گل

    22 ماہ بعد برآمدات میں 24 فیصد کمی ہوئی: شہباز گل

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا کہنا ہے کہ ایکسپورٹ بند ہے، کارخانے بند ہیں، روزگار بند ہے اور مہنگائی بھی پاکستانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ 22 ماہ کے بعد جولائی میں برآمدات میں 24 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

    شہباز گل کا کہنا تھا کہ امپورٹڈ ٹولہ ملک اور قوم کو بہت بھاری پڑ رہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ایکسپورٹ بند مطلب کارخانے بند، وزگار بند اور مہنگائی بھی پاکستانی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے۔

    شہباز گل کا مزید کہنا تھا کہ ریمیٹنسز بھیجنے والے ویسے ہی انہیں برے لگتے ہیں کیونکہ وہ پاکستان تحریک انصاف کو فنڈز دیتے ہیں۔

  • تحریک انصاف حکومت میں برآمدات میں 27 فیصد اضافہ ہوا: اسد عمر

    تحریک انصاف حکومت میں برآمدات میں 27 فیصد اضافہ ہوا: اسد عمر

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ جولائی میں تحریک انصاف حکومت کے دوران برآمدات میں 27 فیصد کا اضافہ ہوا، حکومت کی تبدیلی کے بعد برآمدات تیزی سے نیچے آرہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور میں برآمدات 25 بلین ڈالر پر رکی ہوئی تھی، وہ تحریک انصاف کے دور میں 31.76 بلین ڈالر تک پہنچ گئیں۔

    اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس سال ملک میں پہلی بار برآمدات 30 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کے بعد برآمدات تیزی سے نیچے آرہی ہیں، جولائی میں تحریک انصاف حکومت کے دوران برآمدات میں 27 فیصد کا اضافہ ہوا۔

    اسد عمر کا مزید کہنا تھا کہ جون 2022 میں برآمدات کی شرح نمو 5.8 فیصد تک گر گئی۔