Tag: Extortionists

  • کارروائی سے پہلے ماسک اور ٹوپی کیوں پہنتے ہیں؟ گرفتار بھتہ خور کے انکشافات

    کارروائی سے پہلے ماسک اور ٹوپی کیوں پہنتے ہیں؟ گرفتار بھتہ خور کے انکشافات

    کراچی: شہر قائد میں کلاکوٹ پولیس کے ہاتھوں مقابلے میں 2 ملزمان کی گرفتاری کے بعد ایک ملزم نے ویڈیو بیان میں کئی انکشافات کیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس نے دو بھتہ خور عرفان میمن اور جان محمد جانی کو گرفتار کیا تھا، عرفان میمن کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ گینگ وار وصی اللہ گروپ کا اہم کارندہ ہے۔

    ایس ایس پی سٹی امجد حیات نے بتایا کہ ملزم عرفان میمن نے کچھ عرصے قبل بغدادی میں بھتہ نہ دینے پر فائرنگ کی تھی، سی سی ٹی وی میں بھی اسے دیکھا جا سکتا ہے، عرفان بھتہ خوری کا منظم نیٹ ورک بنا رہا تھا، اور بھتہ خوری اور فائرنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔

    ملزم کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں اس نے اعتراف کیا ’’میں وصی اللہ لاکھو کے لیے کام کرتا ہوں، اور کراچی میں تاجروں کو بھتے کی پرچیاں دیتا ہوں، بھتہ نہ دینے پر وصی اللہ لاکھو ٹائٹل دینے کا کہتا ہے۔‘‘

    عرفان میمن نے بتایا ’’ٹائٹل کا مطلب تاجر کو ڈرانا یا دھمکانا ہوتا ہے، کارروائی سے پہلے ماسک اور ٹوپی لگا کر کسی جگہ بھیجا جاتا ہے، وہاں دوسرے لڑکے بھی ایسا ہی حلیہ بنا کر آ جاتے ہیں، اور پھر ہم سب مل کر جاتے ہیں اور تاجر کو ڈراتے دھمکاتے ہیں۔‘‘

    اس نے کہا ’’ہم تھوڑی سی گولیاں چلاتے ہیں اور بھائی سے رابطے کا کہتے ہیں، اور کہتے ہیں اگلی مرتبہ سر پر گولیاں مار کر جائیں گے۔‘‘ اس نے مزید بتایا ’’ہمیں فی ٹرپ 8 سے 10 ہزار روپے ایزی پیسہ کے ذریعے ملتے ہیں، ہم سب ڈکیتی اور ٹچ کا پروگرام بھی کرتے ہیں، اور ہم تمام افراد کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہے۔‘‘

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دونوں ملزمان سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خور گروپ کے 5 کارندے گرفتار

    رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی، بھتہ خور گروپ کے 5 کارندے گرفتار

    کراچی: رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی ڈکیتیوں اور بھتہ خوری میں ملوث بھتہ خور گروپ کے 5 کارندے گرفتار کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھتہ خور گروپ کے 5 کارندے گرفتار کرلیے۔ گرفتار ہونے والوں میں گروپ کا سرغنہ ریحان الدین، عابد، عامر، جبران ربانی اور سکندر شامل ہیں۔

    ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان نے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن کے تاجر سے 5 لاکھ بھتے کا مطالبہ کیا تھا۔ ملزمان نے تاجر کے گھر پر فائرنگ بھی کی تھی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ، موبائلز اور سمز برآمد کرلی گئی ہیں۔ ملزمان نے دوران تحقیقات ڈکیتیوں، بھتہ خوری اور دیگر جرائم کا اعتراف کیا ہے۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ گروپ کے سرغنہ ملزم ریحان نے سنہ 2013 میں آئی آئی چند ریگر روڈ پر واقع دفتر سے 22 کروڑ کی ڈکیتی کی۔

    علاوہ ازیں ملزم ریحان نے دوسرے رکن سکندر کے ساتھ مل کر سنہ 2008 میں ٹاور میں واقع کمپنی سے 18 لاکھ کی ڈکیتی بھی کی تھی۔

  • کراچی میں بھتہ خور ڈیجیٹل کرنسی کی صورت میں بھتہ طلب کرنے لگے

    کراچی میں بھتہ خور ڈیجیٹل کرنسی کی صورت میں بھتہ طلب کرنے لگے

    کراچی :بھتہ خوری کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانے لگا، بھتہ خور   واٹس ایپ پر کال کرکے   رقم ڈیجیٹل کرنسی میں طلب کرنے  لگے، اب تک متعدد اہم شخصیات سے جدید ٹیکنا لوجی کے ذریعے بھتہ مانگا جا چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھتے کی پرچی پرانی ہوگئی، بھتہ خوری کا نیا طریقہ سامنے آگیا، کراچی میں بھتہ خور وں کے واٹس ایپ پر کال کرکے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن کی صورت میں بھتہ طلب کئے جانے کا انکشاف ہوا۔

    بھتہ خوروں کی جانب سے  نئی ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے متعدد اہم شخصیات سے واٹس ایپ کال  کے ذریعے بھتہ مانگا جا چکا ہے، متعلقہ اداروں کےپاس بھتہ خوروں کےخلاف درخواستوں کا ڈھیرلگ گیا۔

    تفتیشی ذرائع کے مطابق دس سےزائد رکن صوبائی اسمبلی کوبھی کالیں موصول ہوئیں جبکہ دیگر شعبوں کے تعلق رکھنے والے افراد نشانے پر ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے میسج کرنے کے بعد واٹس ایپ پر ویڈیو کال سےبات کی جاتی ہے، کراچی اور سندھ اور بلوچستان کی شخصیات کو فون کیےگئے،مختلف شعبوں سےتعلق رکھنے والےافراد کو دھمکیاں ملیں، ہر فون کال کے ساتھ ہی بھتہ خور کا نمبر تبدیل ہوجاتا ہے۔

    پاکستان میں ایک بٹ کوائن کی قیمت گیارہ لاکھ بتیس ہزار آٹھ سو پچاس روپےہے اور بھتہ خور بٹ کوائن میں ہی رقم طلب کر رہے ہیں۔

    خیال رہے اس سے قبل  بھتہ خوروں کی جانب سے  لوگوں کو لاکھوں روپے بھتے کی پرچی موصول ہوتی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔