Tag: extremism

  • شدت پسندی غیر ملکی ماہر ورکرز کو خوف زدہ کر رہی ہے، جرمن بینک سربراہ نے خبردار کر دیا

    شدت پسندی غیر ملکی ماہر ورکرز کو خوف زدہ کر رہی ہے، جرمن بینک سربراہ نے خبردار کر دیا

    برلن: جرمنی کے مرکزی بینک کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں دائیں بازو کی شدت پسندی بڑھ رہی ہے، یہ غیر ملکی ورکرز کو خوف زدہ کرتی ہے۔

    جرمن میڈیا سے گفتگو میں مرکزی بینک کے سربراہ 57 سالہ یوآخم ناگیل نے کہا جرمنی میں دائیں بازو کی شدت پسندی ملک کی ترقی اور کامیابی کے لیے ایک خطرہ ہے، اور میری درخواست ہے کہ شدت پسندی کے اس خطرے کو ہلکا نہ لیا جائے۔

    انھوں نے کہا دائیں بازو کی شدت پسندی سرمایہ کاروں اور باہر سے آنے والے ماہر ورکرز کو خوف زدہ کرتی ہے، اس سے ہماری ترقی اور کامیابی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

    واضح رہے کہ جرمنی کی پارٹی آلٹرنیٹیو فار ڈوئچ لینڈ (اے ایف ڈی) نے حالیہ انتخابات میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے، یہ پارٹی تارکین وطن کی مخالف ہے اور انتہائی دائیں بازو کی جماعت ہے۔ جرمنی میں سیاسی پناہ حاصل کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب جرمن ووٹرز میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے۔

    اس کے برعکس شدت پسندی کے خلاف اور جمہوریت کے لیے ریلیاں بھی نکالی جا رہی ہیں، اس سلسلے میں فرینکفرٹ میں ایک ریلی میں جرمن مرکزی بینک کے سربراہ یوآخم ناگیل بھی شریک ہوئے۔ انھوں نے کہا جرمنی "یورپ کا مرد بیمار” نہیں ہے، حالات کو زیادہ بد تر نہیں بنانا چاہیے۔

  • برطانیہ: انتہاپسندی کی نئی تعریف متعارف کروادی گئی

    برطانیہ: انتہاپسندی کی نئی تعریف متعارف کروادی گئی

    برطانیہ میں انتہاپسندی کی نئی تعریف متعارف کرواکے اس کا فوری طور پر اطلاق کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دوسروں کے بنیادی حقوق اور آزادی کی نفی یا تباہی کو تعریف کا حصہ قرار دیا گیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق انتہاء پسندی کی نئی تعریف میں تشدد اور عدم برداشت پر مبنی نظریات کو فروغ دینے والے گروپس کو حکومتی فنڈنگ سے روک دیا جائے گا۔

    اس کے علاوہ برطانیہ کی لبرل پارلیمانی جمہوری نظام اور جمہوری حقوق کو کمزور کرنا یا انہیں تبدیل کرنے کی کوشش بھی تعریف کا حصہ ہے۔

    غیر قانونی ڈرون پکڑنے کے لیے عقابوں کا سہارا لینے کا فیصلہ

    مسلم کونسل آف بریٹن نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ نئی تعریف مسلم کمیونٹی کو غیر منصفانہ طور پر نشانہ بنانے کا باعث بن سکتی ہے۔

    وزیر کمیونیٹیز مائیکل گوو کے مطابق مسلمانوں اور یہودیوں کے خلاف بڑھتے جذبات سے نمٹنے کے لیے انتہا پسندی کی تعریف کو درست کرنے کی ضرورت ہے۔

  • سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہوشیار : گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہوشیار : گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

    کراچی : سوشل میڈیا، اجتماعات اور دیگر فورمز پر انتہا پسندی کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، سندھ پولیس کے شعبہ انسداد دہشتگردی میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی کا نیاسیل قائم کیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ گارڈن پولیس ہیڈ کوارٹر میں قائم نئے سیل کو اینٹی ایکسٹریمزم انفورسمنٹ سیل اے ای ای سی کا نام دیا گیا ہے، سی ٹی ڈی کے نئے انسداد انتہا پسندی سیل نے باقاعدہ مانیٹرنگ شروع کردی۔

    ذرائع کا دعویٰ ہے کہ نئے سیل کی سربراہی ڈی ایس پی رینک کے افسر کے سپرد کردی گئی ہے، مذکورہ سیل مقدمات کا اندراج اور تفتیش بھی کرے گا۔

    نئےسیل کو ابتدا میں مختلف شعبوں میں کام کیلئے50کے قریب نفری فراہم کی گئی ہے، انسداد انتہا پسندی سیل ایس ایس پی آپریشن کے زیرنگرانی فرائض انجام دے گا۔

  • پاکستان کو انتہا پسند سوچ سے لڑنا ہے: فواد چوہدری

    پاکستان کو انتہا پسند سوچ سے لڑنا ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستانی ریاست کی سب سے بڑی لڑائی انتہا پسند سوچ سے ہے، پاکستان کو اس سوچ کی لڑائی لڑنی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قائد اعظم کا پاکستان واپس لینا ہمارے لیے اصل چیلنج ہے، آج عمران خان اس پاکستان کو بنانا چاہتے ہیں جو قائد اعظم نے سوچا تھا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قائد اعظم ہرگز پاکستان کو مذہبی ملک کی طرح نہیں دیکھتے تھے، لوگ بے وقوف بنا رہے ہیں کہ اسلامی ملک کا مطلب مذہبی ملک تھا، پاکستانی ریاست کی سب سے بڑی لڑائی انتہا پسند سوچ سے ہے، پاکستان کو اس سوچ کی لڑائی لڑنی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مخصوص سوچ پاکستان کے لیے خطرہ ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مذہبی اقدار میں دخل اندازی سے ریاست کا کوئی تعلق نہیں ہوتا، 11 اگست 1947 کو قائد اعظم نے واضح کیا اقلیتوں کے کیا حقوق ہوں گے۔

  • بھارت، ہندو انتہا پسندوں کا غریب کشمیری نوجوانوں پر تشدد

    بھارت، ہندو انتہا پسندوں کا غریب کشمیری نوجوانوں پر تشدد

    لکھنؤ: بھارت میں انتہا پسندی عروج پر پہنچ گئی، کشمیروں‌ کا جینا مشکل ہوگیا۔

    تفصیلات کے مطابق مودی سرکار میں مذہبی تعصب کے بعد لسانیت اور قوم پرستی بھی عروج پر پہنچ گئی، بڑھتی انتہا پسندی کے باعث بھارت میں کشمیری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

    لکھنؤ میں دو میوہ بیچنے والے کشمیریوں پر ہندوانتہا پسندوں نے حملے کردیا اور بری طرح تشدد کا نشانہ بنایا۔ سڑک پر موجود افراد نے واقعے کی ویڈیو بنا لی.

    ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ خشک میوہ بیچنے والے کشمیریوں پر انتہاپسندوں نے لاٹھیاں برسائیں، بری طرح گھسیٹا اور سرعام تشدد کا نشانہ بنایا.

    انتہاپسند دھڑلے سے کہتے رہے کہ یہ کشمیری ہیں، اس لیے ان پر تشدد کررہے ہیں۔

    یہ افسوس ناک ویڈیو مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے شیئر کی اور بھارت کا مکروہ چہرہ عیاں کر دیا، جو انتہاپسندوں کے ہاتھوں‌یرغمال بن گیا ہے.

    مزید پڑھیں: بھارت میں‌ مسلمانوں کو ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے، اقوام متحدہ

    سابق وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے لکھا کہ آر ایس ایس یا بجرنگ دل کے غنڈوں کے ہاتھوں اس طرح کا تشدد اور ‘اٹوٹ انگ’ کا تصور ساتھ نہیں چل سکتا۔

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت میں اقلیتوں باالخصوص مسلمانوں کو آئے روز ظلم، و تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

  • ٹوئٹر نے 3 لاکھ اکاؤنٹ بند کردیے

    ٹوئٹر نے 3 لاکھ اکاؤنٹ بند کردیے

    نیویارک : سماجی رابطے کی مشہور ویب سائٹ ٹوئٹر نے دنیا بھر کے ممالک کی جانب سے آن لائن دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دباؤ کے نتیجے میں 3 لاکھ اکاؤنٹ بند کر دیے۔

    ٹویٹر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کمپنی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کو موثر بنانے کے لیے اپنی ویب سائٹ کے ایک ٹول کو مزید بہتر کیا ہے جس نے دنیا بھر میں پھیلے دہشت گردوں یا ان کے سہولت کاروں کے زیرِاستعمال 3 لاکھ اکاؤنٹ بند کرنے میں زبردست مدد فراہم کی اور تقریباً 95 فیصد اکاؤنٹ اسی ٹول کی مدد سے بند کیے گئے۔

    سوشل میڈیا پر بلاتصدیق پوسٹ سے انتہا پسندی پھیل رہی ہے*

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف برسرِ پیکار حکومتوں کی جانب سے دیے جانے والے ڈیٹا بیس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے‘ جس کے سبب اس عفریت پر قابو پانے میں مدد ملی ہے۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں اس نئے ٹول کا استعمال انتہائی ضروری ہے کیونکہ روزانہ کی بنیاد پر لاکھوں کی تعداد میں پیغامات کو پڑھنا ایک نا ممکن عمل ہے۔

    یاد رہے کہ ٹویٹر کے اس وقت پوری دنیا میں 32 کروڑ 80 لاکھ صارفین موجود ہیں جن میں سے تقریباً 6 کروڑ 80 لاکھ صارفین صرف امریکا میں ہیں۔


    اگر آپ بلاگر کے مضمون سے متفق نہیں ہیں تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اوراگرآپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پرشیئرکریں

  • شدت پسندی کے سدباب میں نوجوانوں کا کردار: پاک فوج کا سیمینار

    شدت پسندی کے سدباب میں نوجوانوں کا کردار: پاک فوج کا سیمینار

    راولپنڈی: ’شدت پسندی کے سدباب میں نوجوانوں کا کردار‘ کے موضوع پر سیمینار کل جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوگا۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے زیر اہتمام ’شدت پسندی کے سدباب میں نوجوانوں کا کردار‘ کے موضوع پر سیمینار کل (جمعرات) کو جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوگا۔

    سیمینار کے مہمان خصوصی پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ ہوں گے جو سیمینار سے کلیدی خطاب کریں گے۔

    آئی ایس پی آر نے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے اس سیمینار کا اہتمام کیا ہے جس میں ملک بھر کے جامعات کے وائس چانسلروں، ماہرین تعلیم، طلبا، مدارس کے مہتم اور طلبا اور قومی اور بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے نمائندے شریک ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • خیبر ایجنسی : عسکریت پسندوں سے جھڑپ میں 8 فوجی ہلاک

    خیبر ایجنسی : عسکریت پسندوں سے جھڑپ میں 8 فوجی ہلاک

    پشاور: خیبر ایجنسی میں عسکریت پسندوں سے جھڑپ کے دوران 8 فوجی ہلاک جبکہ جوابی کارروائی میں 21 شدت پسند بھی ہلاک ہوگئے۔

    خیبر ایجنسی کی تحصیل باڑہ سپن قمرکے علاقے میں سیکورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں میں جھڑپ ہوئی،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے یہ آپریشن کامیابی سے جاری رکھا ہوا ہے تاہم اس کاروائی کے دوران 8 جوان بھی شہید ہو گئے ہیں۔

    سپن قمرکے علاقے میں شدت پسندوں کے خلاف جاری کلیرنس آپریشن میں 21 دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

    حکام نے تصدیق کی ہے کہ جھڑپ میں 3 فوجیوں کی ہلاکت کے ساتھ ساتھ 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔

  • خیبر ایجنسی: باڑہ میں فضائی کاروائی، 18شدت پسند ہلاک

    خیبر ایجنسی: باڑہ میں فضائی کاروائی، 18شدت پسند ہلاک

    خیبرایجنسی: باڑہ میں پاکستان سیکیورٹی فورسسز کی فضائی کارروائی میں 18شدت پسند ہلاک ہو گئے۔ آئی ایس پی آرکے مطابق حملے میں اہم شدت پسند کمانڈر سمیت بھی ہلاک ہوا ہے۔ حملے میں شدت پسندوں کا اسلحہ و گولہ بارود بھی تباہ کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے فضائی کارروائی کی گئی جس میں اہم شدت پسند کمانڈر سمیت اٹھارہ شدت پسند ہلاک کر دیئے گئے ہے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرایجنسی کی تحصیل باڑہ سمیت مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے دوران اٹھارہ شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

    کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے پانچ ٹھکانے بھی تباہ کردیئے گئے۔ سیکیورٹی فورسز کی فضائی کارروائی کے دوران شدت پسندوں کے اسلحے اور گولہ بارود کو بھی تباہ کردیا گیا۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق خیبرایجنسی کے مختلف علاقوں میں شدت پسندوں کیخلاف فضائی اورزمینی کارروائیاں جاری ہیں جس میں اب تک متعدد شدت پسند ہلاک اور ان کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیئے گئے۔ جھڑپوں کے دوران فورسز کے کئی جوان بھی شہید اورزخمی ہوئے۔