Tag: eyesight

  • کورونا سے صحت یاب مریض ہوشیار، بڑے خطرے کا انکشاف

    کورونا سے صحت یاب مریض ہوشیار، بڑے خطرے کا انکشاف

    کورونا کے شکار افراد میں صحت یابی کے 6 ماہ بعد بھی آنکھوں میں بلڈ کلاٹس ہونے کے امکانات ہوتے ہیں، اس بات کا انکشاف امریکی ماہرین کی جانب سے کی جانے والی تازہ تحقیق کے بعد کیا گیا۔

    طبی جریدے "جاما نیٹ ورک” میں شائع امریکی محقق کی تحقیق کے مطابق 4 لاکھ سے زائد افراد پر کی گئی تحقیق سے معلوم ہوا کہ کورونا سے صحت یابی کے 6 ماہ بعد بھی متعدد افراد کی آنکھوں میں بلڈ کلاٹس یعنی خون جمنے کی شکایت ہوتی ہے، جس سے بینائی متاثر ہوتی ہے۔

    تحقیق کے دوران ماہرین نے 4 لاکھ 32 ہزار 515 کورونا کے شکار ایسے افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا جن میں صحت یابی کے 6 ماہ بعد بھی آنکھوں اور خصوصی طور پر پردے کے نیچے خون جمنے کا مسئلہ سامنے آیا۔

    ماہرین کے مطابق تحقیق کے دوران 19 سے 40 سال کی درمیان کے افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا اور اس میں سے 53 فیصد خواتین تھیں۔

    —فائل فوٹو جان ہاپکنس یونیورسٹی، ویب سائٹ

    جن افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا ان میں 20 جنوری 2020 سے 31 مئی 2021 تک کورونا کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ بعد ازاں صحت یاب ہوگئے تھے مگر انہوں نے مختلف طبی مسائل کی شکایات کی تھیں

    نتائج سے معلوم ہوا کہ ہر ایک ہزار افراد میں سے تین افراد کے آنکھوں کے ریٹنا یعنی پردہ بصارت کو خون کی ترسیل کرنے والوں رگوں میں بلڈ کلاٹس کی شکایت پائی گئی جب کہ ہر ہزار میں سے 16 افراد کے پردہ بصارت کے نیچے خون جمنے کی شکایت پائی گئی۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے مسائل کا سامنا کرنے والے افراد کی نہ صرف بینائی متاثر ہوئی بلکہ ان کی آنکھوں میں خارش، پانی کے اخراج اور آنکھوں کے لال ہونے جیسے سنگین مسائل بھی سامنے آئے۔

    ماہرین نے واضح کیا کہ آنکھوں میں بلڈ کلاٹس کی زیادہ تر شکایات ایسے مریضوں میں پائی گئی جو پہلے ہی ذیابطیس یا بلڈ پریشر جیسے مسائل کا شکار تھے۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ عندیہ ملتاہے کہ آنکھوں میں بلڈ کلاٹس کا تعلق کورونا وائرس سے تو ہے مگر یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ان ہی مریضوں کی آنکھوں میں خون جمنے کی شکایات آتی ہیں جن میں کورونا کی شدید علامات ظاہر ہوئی تھیں۔

    اس سے قبل ہونے والی تحقیقات میں بتایا گیا تھا کہ آنکھوں کے ذریعے بھی کورونا وائرس انسان کو متاثر کر سکتا ہے اور مرض کئی ماہ تک آنکھوں میں بھی رہ سکتا ہے۔

    اسی طرح حال ہی میں سامنے آنے والی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ کورونا سے صحت یاب ہونے والے بعض مریضوں میں 6 ماہ بعد جسم کے مختلف حصوں میں خون جمنے کی شکایات سامنے آ سکتی ہیں۔

    تحقیق میں بتایا گیا کہ کورونا سے صحت ہونے کے 6 ماہ بعد بھی ٹانگوں اور بازؤں کے علاوہ پھیپھڑوں سمیت اہم اعضا میں بھی خون جمنے کی شکایات سامنے آ سکتی ہیں۔

  • بینائی کو بہتر بنانے کے آسان طریقے

    بینائی کو بہتر بنانے کے آسان طریقے

    بینائی کا دھندلا جانا آج کل ایک عام مسئلہ بن گیا ہے جس کا خیال نہ رکھا جائے تو یہ آگے چل کر آنکھوں کو مزید نقصان پہنچا سکتا ہے۔ اس کے لیے بینائی کا شروع سے ہی خیال رکھنا بہترین طریقہ ہے۔

    اپنی بینائی کو کمزوری سے بچانے کے لیے ان طریقوں پر عمل کریں۔

    ورزش

    آنکھوں کی ورزش کے لیے مختلف سمتوں میں دیکھنا بہترین ورزش ہے۔

    سب سے پہلے اوپر اور نیچے کی جانب آنکھ کی پتلی کو گھمائیں۔ اوپر اور نیچے کی جانب 5 بار دیکھیں اور یہ عمل 3 بار دہرائیں۔

    اس کے بعد آنکھوں کی پتلیوں کو دائیں اور بائیں جانب حرکت دیں اور اس میں بھی 5 بار دائیں اور 5 بار بائیں دیکھیں اور یہ عمل بھی 3 بار دہرائیں۔

    ایک اور ورزش میں آپ آنکھوں کو ترچھا کر سکتے ہیں اور دائیں اور اوپر کے جانب دیکھنے کی بجائے درمیان میں دیکھیں اور پھر آنکھ کی پتلی کو نیچے بائیں جانب لائیں۔ اسے بھی اوپر بتائے گئے طریقے کے مطابق دہرائیں۔

    مساج

    آنکھوں کا مساج بہترین ورزش ہے۔ اپنی آنکھوں کو ہتھیلیوں کی مدد سے مساج کر کے پرسکون بنانے کے ساتھ نظر کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ اس کی وجہ سے آنکھوں اور ارد گرد خون کی گردش بہتر ہوگی۔

    مساج درج ذیل طریقہ سے کریں۔

    رات کو سونے سے پہلے اور صبح اٹھ کر آنکھوں کی اندر کی جانب والے کناروں کا مساج ضرور کریں۔ ان جگہوں کو ایک سے دو منٹ تک دبائیں۔

    ایک تولیے کو گرم پانی اور دوسرے کو ٹھنڈے پانی میں بھگوئیں۔ گرم تولیے کو چہرے پر اس طرح رکھیں کہ آنکھیں بھی ہلکا سا کور ہوجائیں۔ دو سے تین منٹ بعد گرم تولیے کو ہٹائیں اور ٹھنڈے تولیے کو 3 منٹ تک رکھیں۔

    تولیے کو گرم پانی میں بھگو کر آنکھوں، ماتھے، گالوں اور چہرے پر لگائیں اور آنکھیں بند کر کے ماتھے اور آنکھوں کا مساج کریں۔

    اپنے ہاتھوں کو صابن سے دھوئیں، اپنی آنکھوں کو بند کریں اور اپنے انگلیوں کی مدد سے بھنوﺅں کے اوپر ایک سے دو منٹ تک مساج کریں۔ ساتھ ہی آنکھوں پر ہلکا سا دباؤ بھی ڈالتے جائیں۔ اس طرح آنکھوں کا دوران خون بہتر ہو جائے گا۔

  • یہ غذائیں آنکھوں کو صحت مند رکھ سکتی ہیں

    یہ غذائیں آنکھوں کو صحت مند رکھ سکتی ہیں

    آنکھیں ہماری زندگی کو رنگ عطا کرتی ہیں، اگر ہماری آنکھیں تکلیف میں ہوں تو ہماری پوری زندگی ڈسٹرب ہوجاتی ہے، لہٰذا آنکھوں کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہے۔

    آج آپ کو ایسی غذائیں بتائی جارہی ہیں جو آپ کی آنکھوں کو صحت مند رکھنے کے لیے ضروری ہیں۔

    گاجریں

    گاجروں میں بیٹا کیروٹین نامی ایک کمپاؤنڈ بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے، جو استعمال کے بعد وٹامن اے میں تبدیل ہو جاتا ہے۔ یہ وٹامن آنکھوں اور نظر کے لیے بہت مفید ہے۔

    شکر قندی

    شکر قندی میں بھی گاجروں کی طرح بھرپور بیٹا کیروٹین ہوتا ہے۔ یعنی یہ بھی وٹامن اے حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ شکر قندی کا مستقل استعمال بھی نظر کو بہتر بنانے اور آنکھوں کی صحت کے لیے مفید ہے۔

    ترش پھل

    کینو، موسمیاں، چکوترے اور ایسے ہی دیگر ترش پھل وٹامن سی سے مالا مال ہوتے ہیں، جو قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے اہم ترین چیز ہے۔ ان میں فلیونائیڈز بھی ہوتے ہیں جو آنکھوں کو موتیے جیسے خطرناک مرض سے بچاتے ہیں۔

    ہری سبزیاں

    سبز گوبھی، پالک اور سلاد کے پتوں سمیت تمام ہرے رنگ کی سبزیوں میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو آنکھ کے مختلف امراض سے بچانے کے لیے بہت اہم ہیں۔

    دودھ کی مصنوعات

    دودھ کی مصنوعات وٹامن اے اور دوسرے کمپاؤنڈز سے بھرپور ہوتی ہیں، جو مجموعی صحت کے لیے اور بینائی کے لیے بھی بہترین ہوتی ہیں۔ دودھ اور دہی میں زنک بھی پایا جاتا ہے جو ایک اہم منرل ہے اور جسم کے ساتھ ساتھ آنکھ کے لیے بہت مفید ہے۔

    زنک کی کمی سے رات کے وقت اندھے پن کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، اس لیے دودھ اور اس کی مصنوعات کا استعمال اپنا روزمرہ معمول بنائیں۔

    انڈے

    انڈے، خاص طور پر زردی بھی اور زنک سے بھرپور ہوتی ہے، جو آنکھ کو صحت مند رکھتے ہیں اور انہیں خراب ہونے سے بچانے میں مدد دیتے ہیں۔ اس لیے انڈوں کو اپنی روزمرہ خوراک کا حصہ بنائیں۔

    مچھلی

    مچھلی کا استعمال آنکھوں کے لیے کافی مفید سمجھا جاتا ہے۔ مچھلیوں میں اومیگا 3 فیٹی ایسڈز ہوتے ہیں، جو آنکھ کو خشک ہونے سے بچاتے ہیں اور آنکھ کے پردے کو خراب ہونے سے بچا کر نظر کو بہتر بناتے ہیں۔

  • بڑھاپے میں نظر کی کمزوری سے بچنے کا آسان علاج

    بڑھاپے میں نظر کی کمزوری سے بچنے کا آسان علاج

    عمر بڑھنے کے ساتھ جہاں جسم کے اعضا کمزور ہونے لگتے ہیں وہیں بینائی پر بھی اثر پڑتا ہے اور اکثر بزرگ افراد کو نظر کا چشمہ استعمال کرنا پڑتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق ہمارے کچن میں موجود ایک معمولی سی شے بڑھاپے میں بینائی کو کمزور ہونے سے بچا سکتی ہے۔ یہ شے روزمرہ کھانوں میں استعمال ہونے والا لہسن ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جوں جوں عمر بڑھتی ہے جسم میں بلڈ پریشر اور کولیسٹرل کی سطح میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ کولیسٹرول میں اضافے سے آنکھ کی پتلی میں چربی جمع ہونے لگتی ہے جس سے بینائی کمزور ہوجاتی ہے۔

    مزید پڑھیں: بینائی کے لیے بہترین ورزشیں

    لہسن ایسی قدرتی دوا ہے جو جسم میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرتا ہے نتیجتاً بینائی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

    ماہرین کے مطابق لہسن کا باقاعدگی سے استعمال بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے جبکہ بڑھتی عمر میں یہ پٹھوں کو بھی مضبوطی فراہم کرتا ہے۔

  • عینک سے چھٹکارے کیلئے ایک ڈراپ ایجاد

    عینک سے چھٹکارے کیلئے ایک ڈراپ ایجاد

    لندن : سائنسدانوں نے پڑھنے والی عینک سے نجات کے لئے ایک نئی تکنیک ایجاد کرلی ہے، سائنسدانوں نے ایک ایسا ڈراپ ایجاد کیا ہے، جو آپریشن کے ذریعے متعلقہ شخص کی آنکھوں میں نصب کر دیا جاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی کا کمزور ہو جانا ہمارے ہاں عام بات ہے، تو ایسی صورت حال میں بینائی کی کمی کا شکار افراد کے لئے نئی تکنیک کسی نعمت سے کم نہیں۔

    رین ڈراپ کے نام سے بنائے جانے والی اس تکنیک کی تنصیب کے دوران مریض کو بالکل بھی تکلیف نہیں ہوتی اور وہ آپریشن کے بعد اس قابل ہو جاتا ہے کہ کسی بھی تحریر پر فوکس کر سکے۔

    ابتدائی طور پر اس تکنیک پر امریکی سائنسدانوں نے تحقیق کی لیکن اس تکنیک کا عملی مظاہرہ ایک  برطانوی اسکول میں کیا گیا،  جہاں ایک 57 سالہ خزانچی لیناڈا میرنگی کی آنکھوں میں رین ڈراپ ڈالے گئے، اس نئی تکنیک کو لیزر سرجری کا متبادل بھی قرار دیا جا رہا ہے۔ لیکن اس میں فرق یہ ہے کہ لیزر سرجری کے  لئے جہاں ایک گھنٹے سے بھی زیادہ وقت درکار ہوتا ہے، اس نئی تکنیک کی تنصیب میں صرف 10منٹ لگتے ہیں۔

    آپریشن کے دوران مریض کو بے ہوش یا سُن کیا جاتا ہے تاکہ وہ آنکھوں کو جھبک نہ سکے اور قطرے مریض کی آنکھوں میں ڈال دیئے جاتے ہیں،ابتدائی طور پر اس رین ڈراپ کی قیمت 250پاﺅنڈ مقرر کی گئی ہے۔