Tag: face mask

  • امریکی ماہرین صحت کا کورونا کے علاج سے متعلق بڑا انکشاف

    امریکی ماہرین صحت کا کورونا کے علاج سے متعلق بڑا انکشاف

    واشنگٹن : امریکی ماہرین صحت نے اعتراف کیا ہے کہ کورونا وائرس کا ابھی تک کوئی باقاعدہ علاج موجود نہیں ہےاور نہ ہی کوئی ویکسین تیار ہوسکی ہے تاہم ماسک پہننے سے پھیلاؤ میں کمی آتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ پر امریکی کانگریس میں سماعت ہوئی، جس میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کے سربراہ ڈاکٹرانتھونی فاؤچی کے ساتھ ایف ڈی اے کے سربراہ ڈاکٹرسٹیون کانگریس میں پیش ہوئے، ماہرین صحت نے کانگریس میں بیان دیا کہ ابھی تک کورونا کی ویکسین تیار نہیں کی جاسکی۔

    اس کے علاوہ کورونا وائرس کا کوئی باقاعدہ علاج بھی موجود نہیں ہے، پلازما، ڈیکسامیتھاسون، ریمڈیسوئر سے کچھ مریضوں کو ٹھیک کرنے میں مدد دی، وبا کے پھیلاؤ پر قابو پانا ابھی بھی انتہائی مشکل ہے۔

    ڈاکٹرانتھونی فاؤچی نے کہا کہ کورونا ویکسین کی تیاری پر تیزی سے کام جاری ہے، دسمبر یا جنوری میں کورونا ویکسین دستیاب ہونے کا امکان ہے، اس ویکسین کی تیاری فیزتھری میں داخل ہوچکی ہے، ویکسین کی فراہمی کیلئے کروڑوں خوراکیں تیار کی جائیں گی،ثابت ہوا ہے کہ ماسک پہننے سے وبا کے پھیلاؤ میں کمی آتی ہے۔

    امریکی کانگریس میں سماعت کے موقع پر اراکین کانگریس کی جانب سے ماسک نہ پہننے پر صدرٹرمپ پر شدید تنقید کی گئی، اراکین کانگریس کا کہنا تھا کہ صدرڈونلڈ ٹرمپ ماسک پہننے سے کیوں انکار کرتے ہیں، کیا ایسا کرکے صدرٹرمپ ایک بری مثال نہیں بنارہے؟
    جس کے جواب میں ڈاکٹرانتھونی فاؤچی نے کہا کہ صدرٹرمپ کے ماسک نہ پہننے پرتبصرہ نہیں کرسکتا، کورونا کے پھیلاؤ سے متعلق آئندہ چند ہفتےمشکل ہوسکتے ہیں، کورونا ٹیسٹنگ کم کرنے کیلئے کوئی ہدایت نہیں ملی، چند ریاستوں میں کورونا کیس مزید بڑھنا تشویشناک ہے۔

  • اسپین : ماسک نہ پہننے پر گارڈ نے مسافر کو سیڑھیوں سے نیچے پھینک دیا

    اسپین : ماسک نہ پہننے پر گارڈ نے مسافر کو سیڑھیوں سے نیچے پھینک دیا

    بارسلونا : اسپین میں ریلوے سیکیورٹی گارڈ نے بحث کرنے پر مسافر کو سیڑھیوں سے نیچے پھینک دیا، سیکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ مسافر نے ماسک پہننے سے انکار کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق اسپین کے بارسلونا کے زیر زمین ریلوے اسٹیشن پر سیکیورٹی گارڈ نے ایک مسافر کو اٹھا کر سیڑھیوں سے نیچے پھینک دیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی گارڈ نے جب مسافر کو فیس ماسک پہننے کی ہدایت کی تو مسافر نے بحث کرنا شروع کردی اور بات تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی تک پہہنچ گئی، اس دوران سیکورٹی گارڈ نے اپنے ساتھی کی مدد سے اس مسافر کو اٹھا کر سیڑھیوں پر پٹخ دیا جس سے وہ نیچے جا گرا۔

    میڈرڈ کے بالکل باہر گیٹافی ٹرین اسٹیشن پر ایک علیحدہ واقعے میں مسافر کو ٹرین گارڈز نے اس لیے ٹرین سے اتار دیا کہ اس نے چہرے پر نقاب لگایا ہوا تھا جس کے سبب وہ اسے مناسب طریقے سے نہیں پہچان پائے اور وہ فون پر بھی بات کر رہا تھا۔

    اس شخص کو اسٹیشن پہنچنے کے بعد ٹرین سے اترنے پر مجبور کیا گیا جہاں عملے کے پانچ افراد نے اس سے ہاتھا پائی اور تشدد کے بعد زمین پر گرا دیا۔

    واضح رہے کہ ہسپانوی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سدباب کیلئے تمام شہریوں کو اس بات کا سختی سے پابند کیا ہے کہ ماسک پہننا لازمی ہے، بصورت دیگر قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

  • فیس ماسک کس صورت میں تبدیل کرنا چاہئے؟

    فیس ماسک کس صورت میں تبدیل کرنا چاہئے؟

    کراچی: کرونا وائرس کے باعث فیس ماسک کی مانگ میں اضافہ ہوگیا ہے اور شہریوں کی جانب سے فیس ماسک پہننے کے لیے انہیں مہنگے داموں بھی خریدا جارہا ہے، متوسط طبقے کے افراد اسے پہننے کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق استعمال کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ماہرین کی جانب سے کرونا وبا سے بچاؤ کے لیے فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے تاکہ وائرس سے بچا جاسکیں لیکن صرف ماسک پہننے اور محفوظ ماسک پہننے میں بڑا فرق ہے۔

    فیس ماسک ایک وقت میں آپ کو وائرس سے بچانے یا مکمل تحفظ کرنے میں ناکام ہوجاتا ہے اور یہی وہ وقت ہوتا ہے کہ آپ کو چاہئے کہ ماسک کو تبدیل کردیں یا پھر لازمی اسے دھو کر دوبارہ استعمال کریں۔

    فیس ماسک پر یہ علامات یا نشانیاں موجود ہوں تو آپ اپنا ماسک فوری تبدیل کردیں۔

    کرونا کی علامات کے سبب ماسک کی تبدیلی

    اگر آپ کو کرونا وائرس کی علامات ظاہر ہورہی ہیں تو آپ کو چاہئے کہ اپنا ماسک تبدیل کردیں تاکہ آپ اور آپ کے پیارے بھی وبا سے محفوظ رہ سکیں یا پھر دوسری صورت میں اسے بار بار دھوکر خشک کریں اور پھر اس کا استعمال کریں۔

    مریض کی عیادت

    اگر آپ اسپتال میں کسی مریض کی تیماری داری کررہے ہیں یا کسی ایسے فرد کے قریب موجود ہیں جس پر آپ کو شبہ ہے کہ اس میں وائرس کی علامات ہیں تو آپ کو چاہئے کہ ماسک تبدیل کریں تاکہ آپ وبا سے محفوظ رہ سکیں۔

    مختلف جگہوں کو ہاتھ لگانے کے بعد ماسک کو چھونا

    ممکنہ طور پر وائرس سے ممکنہ خطرہ دروازوں کے ہینڈل، خریداری کے دوران استعمال کی جانے والی ٹرالی، ڈیلیوری بیگز کو چھونے سے بھی ہوسکتا ہے اگر آپ نے ان چیزوں کو ہاتھ لگانے کے بعد ماسک کو چھوا ہے تو ماسک تبدیل کریں اور کپڑے کا ماسک ہونے کی صورت میں اسے فوراً دھو کر قابل استعمال بنائیں۔

  • فرانس جرمنی اور کینیڈا نے ڈونلڈ ٹرمپ پر ماسک کی ڈکیتی کا الزام عائد کردیا

    فرانس جرمنی اور کینیڈا نے ڈونلڈ ٹرمپ پر ماسک کی ڈکیتی کا الزام عائد کردیا

    فرانس اور جرمنی کے بعد کینیڈا نے بھی امریکا پر کورونا سے بچاؤ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کا الزام عائد کیا ہے, حکومت کا کہنا ہے کہ واشنگٹن کو اپنے اس ناجائز اور غیر قانونی اقدام کی تلافی کا انتظار کرنا چاہئے۔

    تفصیلات کے مطابق ایک روز قبل جرمنی نے امریکا پر فیس ماسک کی قزاقی کا الزام عائد کیا تھا, الزام یہ تھا کہ کورونا وائرس کے خلاف دو لاکھ حفاظتی فیس ماسک بنکاک میں چرا لیے گئے تھے۔

    کورونا وائرس پھیلنے کے بعد مغربی دنیا بالخصوص امریکا نے سبھی بین الاقوامی اصول وضوابط اور اخلاقی و انسانی اقدار کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حتی اپنے مغربی اتحادیوں کے ساتھ بھی بے رحمی کا ثبوت دینا شروع کر دیا ہے۔

    اسی دوران فرانس اور جرمنی کے بعد کینیڈا نے بھی امریکا پر کورونا سے بچاؤ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کینیڈا کے لئے ارسال کئے جانے والے ماسک اور وینٹیلیٹر مشینوں کی کھیپ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حکم پر ضبط کر لی گئی .

    کینیڈا کی حکومت نے امرکی صدر کے اس عمل پر  سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ واشنگٹن کو اپنے اس ناجائز اور غیر قانونی اقدام کی تلافی کا انتظار کرنا چاہئے۔

    رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ہے کہ کنیڈا کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے لئے کورونا وائرس سے بچاؤ کے وسائل اور وینٹیلیٹر مشینوں کی کھیپ ضبط کر لینا امریکی حکومت کی بہت بڑی غلطی ہے، انہوں نے کہا کہ امریکا کو معلوم ہونا چاہئے کہ کورونا وائرس سے مقابلے کے لئے اس کو کینیڈا کی میڈیکل ایڈ اور طبی تعاون کی ضرورت ہے۔

    بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے زمانہ جنگ کے قوانین کے تحت ان وسائل کو ضبط کرلینے کے احکامات صادر کئے ہیں۔ اِن ہی احکامات کے تحت جرمنی کے لئے ارسال کی جانے والی کورونا وائرس سے بچاؤ کے وسائل کی کھیپ بھی ضبط کرلی گئی ہے جس کو برلن نے امریکی حکومت کی جدید ڈکیتی کا نام دیا ہے۔

  • چند گھنٹوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کرنے والا ماسک تیار

    چند گھنٹوں میں کرونا وائرس کی تشخیص کرنے والا ماسک تیار

    برطانوی ماہرین نے ایسا ماسک تیار کرلیا جو کم وقت میں اور بالکل درست کرونا وائرس کی تشخیص کرسکتا ہے، جان لیوا کرونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 3 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہوچکی ہیں۔

    برطانیہ کی یونیورسٹی آف لیسسٹر کے ماہرین نے کرونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی جانچ کے لیے جدید ماسک تیار کیا ہے۔ اس ماسک کے اندر تھری ڈی پرنٹڈ پٹیاں نصب کی گئی ہیں اور یہی پٹیاں وائرس کی تشخیص میں معاون ثابت ہوں گی۔

    یہ پٹیاں پہننے والے کی سانس کے ساتھ خارج ہونے والے چھینٹوں کو محفوظ کرتی ہیں اور بعد ازاں صرف اس ماسک کوٹیسٹ کر کے مذکورہ شخص میں کرونا وائرس کی درست تشخیص کی جاسکتی ہے۔

    2 یورو کا یہ ماسک اس سے قبل ٹیوبر کلوسس (ٹی بی) بھی تشخیص کرنے کے کام آچکا ہے، ماہرین کے مطابق ماسک نے ٹی بی کے 90 فیصد کیسز کی درست تشخیص کی۔

    اب یہ ماسک کرونا وائرس کی بھی تشخیص کرسکتا ہے کیونکہ یہ وائرس بھی ٹی بی ہی کی طرز پر پھیپھڑوں کو نقصان پہنچاتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس وقت کرونا وائرس کی تشخیص میں 48 گھنٹوں کا وقت لگ جاتا ہے، متاثرہ ممالک سے واپس آنے والے والے افراد کی علامات کا جائزہ لینا، اس کے بعد ان کے نمونے جمع کرنا، انہیں ٹیسٹ کے لیے بھیجنا اور وہاں سے منفی یا مثبت تصدیق ہو کر واپس آنے تک 48 گھنٹے لگ جاتے ہیں۔

    اس کے برعکس یہ ماسک صرف آدھے دن میں وائرس کی تشخیص کرسکتا ہے۔

    فی الوقت اس ماسک کی قیمت 2 یورو ہے تاہم اگر اسے بڑے پیمانے پر بنایا جائے تو اس کی قیمت مزید کم ہوجائے گی۔

    واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 89 ہزار 608 ہوچکی ہے جبکہ مہلک ترین وائرس کا شکار 45 ہزار 120 افراد صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

    کرونا وائرس سے اب تک دنیا بھر میں اموات کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔

  • کرونا وائرس : ماسک کے نام پر کروڑوں کا فراڈ، 5 ملزمان گرفتار

    کرونا وائرس : ماسک کے نام پر کروڑوں کا فراڈ، 5 ملزمان گرفتار

    بیجنگ : کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ماسک کی خریدرای خاتون کو مہنگی پڑگئی، جعل سازوں نے تین کروڑ کا چونا لگا دیا،
    پولیس نے 5 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق چین کے شہر ژنمی کی رہائشی خاتون کو اس وقت شدید جھٹکا لگا جب اس نے ایک لاکھ 85ہزار پاؤنڈ کے عوض آن لائن منگوائے گئے ماسک کا باکس خالی دیکھا۔

    ستائس  سالہ گاؤ نامی خاتون سوشل میڈیا پر میک اپ کا سامان فروخت کرتی ہے، چین میں کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد اس نے ماسک فروخت کرنے کا فیصلہ کیا۔

    اس سلسلے میں خاتون نے سوشل میڈیا پر ہی ماسک سپلائی کرنے والوں سے ماسک خریدنے کیلئے ایک پیغام جاری کیا، اس دوران ایک خود ساختہ سپلائر نے ان سے رابطہ کیا اور کہا کہ اس کے پاس بہت بڑی تعداد میں ماسک کا ذخیرہ موجود ہے جسے وہ فروخت کرنا چاہتا ہے۔

    خاتون  نے بات چیت کے بعد سپلائر کے بینک اکاؤنٹ میں1.66 ملین یوآن ( تقریباً 3کروڑ روپے) سے زیادہ ادائیگی کی اور اپنے پارسل کا انتظار کرنا شروع کیا۔

    بعد ازاں نو فروری کو جب رائیڈر سے پارسل لینے کے بعد خاتون اسے کھولا تو اس کی آنکھیں کھلی کی کھلی رہ گئیں کیونکہ وہ باکس بالکل خالی تھا۔ اپنے ساتھ ہونے والے اس فراڈ پر خاتون نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع کی۔

    ژنمی پولیس نے اس معاملے کی تحقیقات کے لئے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی، جس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تیسرے دن ہی 5ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس نے ملزمان سے رقم بھی برآمد کرلی ہے، کیس کی مزید تفتیش جاری ہے۔

  • فیشل ماسک گھرمیں بنائیں

    فیشل ماسک گھرمیں بنائیں

    چہرے کی جلد انتہائی نازک ہوتی ہے اوراس کی باقاعدہ صفائی اورحفاظت ہردورکی اور ہرخطے کی خواتین کا مسئلہ رہا ہے۔ آج ہم دنیا بھرکی خواتین کے اس پیچیدہ مسئلے کا پائیداراورکفایت شعارحل پیش کررہے ہیں۔

    خواتین اپنے چہرے کی جلد کو تروتازہ اور شاداب رکھنے کے لئے کیا کیا جتن نہیں نہیں کرتیں، کتنے ہی مہنگے لوشن استعمال کرتی ہیں لیکن پھر بھی مرضی کے نتائج حاصل نہیں ہوتے۔

    لیکن آپ یہ جان کر حیران رہ جائیں گی کہ آپ کے کچن میں دو ایسی چیزیں موجود ہیں جن کو استعمال کرکے آپ حاصل کرسکتے ہیں روشن اورشاداب ملائم جلد۔

    جی ہاں اور یہ دو حیرت انگیز چیزیں ہیں شہد اور کھانے کا سوڈا۔

    طریقۂ کار

    ان دونوں اشیاء کے استعمال کا طریقہ کارانتہائی آسان ہے۔

    ایک چھوٹے برتن میں ایک چائے کا چمچ شہد اورایک چائے کا چمچ کھانے کا سوڈا لیں اورانہیں آپس میں اچھی طرح مکس کرکے لیپ تیارکرلیں۔

    honey

    تازہ لیپ کو اپنے چہرے اور گردن پر تہہ کی صورت میں لگائیں اور آدھا منٹ تک سوکھنے دیں۔

    جب یہ لیپ ہلکا سا خشک ہوجائے تو دونوں ہاتھوں سے چہرے اور گردن کا 1 سے دو منٹ تک مساج کریں اورپھرسادہ پانی سے دھولیں۔

    ایک ہفتے کے استعمال سے آپ کو واضح فرق دکھائی دے گا اور اس کا مسلسل استعمال آپ کو دے گا ایسا نکھار جو کوئی مہنگی کریم بھی آپ کو نہیں دے سکتی۔