Tag: Facilitator

  • داتا دربار کیس کے سہولت کار کو22 بار سزائے موت، ایک بار عمر قید و جرمانہ

    داتا دربار کیس کے سہولت کار کو22 بار سزائے موت، ایک بار عمر قید و جرمانہ

    لاہور : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے داتا دربار دھماکا کیس کے سہولت کار ملزم کو 22 بار سزائے موت اور ایک بار عمر قید کی سزا سنادی، چار لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کا بھی حکم دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ داتا دربار کیس پر لاہور کی خصوصی عدالت نے فیصلہ سنا دیا، دھماکا کیس کے سہولت کار ملزم محسن خان کو مجموعی طور پر22 بار سزائے موت اور ایک بار عمر قید کی سزا دے دی گئی۔

    انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 اے ٹی اے کے تحت 11بار اور دفعہ 302 کے تحت بھی 11مرتبہ موت کی سزا کا حکم سنا دیا گیا۔

    اس کے علاوہ عدالتی فیصلے میں ملزم کو 4 لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا یہ رقم مقتولین لواحقین کو ادا کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ8مئی 2019 کو داتا گنج بخشؒ لاہور کے مزار کے باہر ایلیٹ فورس کی گاڑی پر دہشت گردوں کے خود کش حملے میں5اہلکاروں سمیت 13 افراد شہید جبکہ 30 زخمی ہوئے تھے۔ دھماکےمیں 7کلو دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا تھا۔ شہداء میں ایک 10 سالہ بچہ بھی شامل تھا۔

    استغاثہ کے مطابق محسن کا تعلق چارسدہ کے علاقے شبقدر سے ہے اور اس نے خود کش حملہ آور کو سہولت کاری فراہم کی تھی۔

    خود کش حملہ آور صدیق اللہ اور محسن خان6 مئی کو طور خم کے راستے افغانستان سے پاکستان میں داخل ہوئے تھے اور دونوں 8 مئی کو لاہور آئے تھے جہاں اُنہوں نے داتا دربار کے قریب ایک مکان میں رہائش اختیار کی۔

    مزید پڑھیں : داتا دربار خود کش حملہ آور کی شناخت ، سہولت کارگرفتار

    گرفتاری کے وقت خود کش حملہ آور کے سہولت کار سے بارودی مواد بھی برآمد ہوا تھا جب کہ ملزم کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

  • چینی قونصلیٹ پر حملے کا مرکزی سہولت کار شارجہ سے گرفتار

    چینی قونصلیٹ پر حملے کا مرکزی سہولت کار شارجہ سے گرفتار

    کراچی: چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث اہم سہولت کار کو شارجہ سے گرفتار کرلیا گیا، ملزم کو چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو اس نے دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں چینی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے میں ملوث اہم سہولت کار نے سنسنی انکشافات کر ڈالے۔

    راشد بلوچ نامی ملزم کو شارجہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کی گرفتاری کا انکشاف گزشتہ روز پریس کانفرنس میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے ڈی آئی جی عبداللہ شیخ نے کیا۔

    عبداللہ شیخ کے مطابق سہولت کار نے گرفتاری کے بعد بتایا ہے کہ شارجہ میں را اور دیگر تنظیمیں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرتی ہیں، چینی قونصلیٹ پر حملے کے لیے 9 لاکھ ملے جو دہشت گردوں میں تقسیم کیے۔

    ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ شارجہ پولیس پہلے ملزم کو محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے حوالے کرنا چاہتی تھی، ملزم کے انکشافات کے بعد اب باقاعدہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنا دی گئی ہے۔ تفتیشی ٹیم ملزم سے دیگر ساتھیوں کی معلومات بھی حاصل کر رہی ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی راشد بلوچ کی حوالگی کے لیے کوششیں کر رہی ہے، حملے کے وقت ملزم کراچی میں ہی موجود تھا، چینی قونصل خانے پر حملے کے فوری بعد ملزم شارجہ فرار ہوگیا تھا۔

    ڈی آئی جی کا کہنا ہے کہ راشد بلوچ چینی قونصل خانے پر حملے کا مرکزی سہولت کار ہے، ملزم سے تفتیش مکمل ہونے کے بعد مزید اہم گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

    واضح رہے کہ 23 نومبر کو کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی تھی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار اور 2 شہری شہید ہوئے جبکہ 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کی اس کارروائی میں چینی قونصل جنرل اور تمام عملہ محفوظ رہا تھا۔ حملے کے پانچوں گرفتار دہشت گردوں کی جے آئی ٹی مکمل ہوگئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ 2 دہشت گرد لطیف اور عارف کی جے آئی ٹی سینٹرل جیل میں مکمل ہوگئی، جے آئی ٹی رپورٹ میں پانچوں دہشت گردوں کو خطرناک قرار دیا گیا ہے۔ چینی قونصل خانے پر حملے کے لیے 15 لاکھ کی رقم خرچ کی گئی۔