Tag: Fafen report

  • اس بارانتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری

    اس بارانتخابات میں دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، آصف زرداری

    کراچی : سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ اس بارعام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہونے دیں گے، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹوخود انتخابی مہم چلائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہارانہوں نے بلاول ہاؤس کراچی میں فری ایند فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) کے وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    فافن کے وفد نے سابق صدر کو انتخابی عمل اور ووٹر رجسٹریشن سے متعلق رپورٹ پیش کی، آصف زرداری نے کہا کہ2013کے عام انتخابات میں ہمارے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے گئےتھے، مجھےایوان صدر سے نکلنےنہیں دیا گیا، بلاول تعلیم حاصل کر رہے تھے، یوسف رضاگیلانی کابیٹا انتخابات سے پہلے ہی اغواکر لیا گیاتھا۔

    انہوں نے بتایا کہ ہماری قیادت کو دہشت گردوں کے ذریعےانتخابی مہم سے روکا گیا، اب حالات مختلف ہیں ہم سب انتخابی میدان میں ہوں گے، بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو اس بار انتخابی مہم چلائیں گے۔

    اپنی گفتگو میں حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے آصف زرداری کا کہنا تھا کہ ن لیگی حکومت نے ملک کو کہیں کا نہیں چھوڑا۔

    نوازشریف نے ہمیشہ دھاندلی کےذریعے مینڈیٹ چوری کیا، یہ کیسےممکن ہے کہ نوازشریف ہر انتخاب میں دوتہائی اکثریت لیں۔

    آصف زرداری کا کہنا تھا کہ آئندہ انتخابات میں منشور کے ساتھ میدان میں اتریں گے، اس بارمینڈیٹ چوری نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ فافن کی رپورٹس تشویشناک ہیں، ادارےتوجہ دیں، ایک کروڑ20لاکھ خواتین ووٹرز کاا ندراج نہ ہونا ناقابل قبول ہے، بلوچستان کی کل آبادی کاصرف 30فیصد ووٹر رجسٹرڈ ہے۔

    بلوچستان کا70 فیصد ووٹرز کااندراج نہ ہونا بھی تشویشناک عمل ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن اور دیگر متعلقہ ادارے ووٹوں کا اندراج یقینی بنائیں۔

  • پولنگ کے روز متعدد انتخابی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں، فافن کی رپورٹ

    پولنگ کے روز متعدد انتخابی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں، فافن کی رپورٹ

    لاہور : فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے سے متعلق اپنی رپورٹ میں متعدد انتخابی خلاف ورزیوں کی نشاندہی کر دی۔

    فافن کے عہدیداروں نے لاہور میں پریس کانفرنس کر کے اپنی رپورٹ جاری کی۔ جس میں کہا گیا کہ پنجاب میں پولنگ ڈے تک انتخابی مہم کا ماحول دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ پرامن رہا تاہم پولنگ کے روز متعدد انتخابی خلاف ورزیاں سامنے آئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بہاولنگر، گجرات، قصور، لاہور اور لودھراں میں مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر امیدوار، سیاسی رہنماء ، بااثر شخصیات اور سکیورٹی اہلکار خاص امیدواروں یا پارٹی کے حق میں ووٹروں کو قائل کرتے نظر آئے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ صوبے کے 12 اضلاع کے مختلف پولنگ اسٹیشنز پر فیفن کے مشاہدہ کاروں کو گنتی کے عمل کا مشاہدہ کرنے سے روکا گیا۔

    الیکشن کے روز 249 پولنگ اسٹیشنز سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق 71 فیصد مقامات پر سکیورٹی اہلکار پولنگ اسٹشنوں کے اندر موجود تھے۔

    رپورٹ کے مطابق انتخابی مہم کے دوران صوبائی حکومت کی طرف سے سرکاری مشینری اور وسائل کے استعمال کے ساتھ ساتھ ووٹرز کومتاثر کرنے کیلئے ترقیاتی کاموں اور فنڈز کے استعمال کے الزامات بھی لگے۔

  • کے پی کے بلدیاتی انتخابات، 26 فیصد دھاندلی ہوئی، فافن

    کے پی کے بلدیاتی انتخابات، 26 فیصد دھاندلی ہوئی، فافن

    اسلام آباد: فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں بدانتظامی کا ذمہ دار صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن کو قرار دے دیا۔ فافن کا کہنا ہے کہ الیکشن میں چھبیس فیصد دھاندلی ہوئی۔

    فافین نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کر دی، فافین کے مطابق انتخابات میں چھبیس فیصد تک دھاندلی کی گئی، بلدیاتی الیکشن بدترین بد انتظامی کا شکار ہوئے۔ تیرہ فیصد پولنگ سٹیشنز پر بروقت پولنگ شروع نہ ہو سکی، تریسٹھ وارڈز میں خواتین کو پولنگ سے روکا گیا، الیکشن کمیشن نے ویب سائٹ پر پولنگ اسکیم بھی جاری نہیں کی۔

    فافین کی رپورٹ کے مطابق عام انتخابات کے مقابلے میں زیادہ لوگ ووٹ ڈالنے آئے، پولنگ عملہ غیر تربیت یافتہ اور پولنگ بوتھ کم تھے، خواتین کے ووٹ کم پڑے۔

    فافین نے الیکشن کے دوران ہنگامہ آرائی کے حوالے سے کہا ہے کہ سب سے زیادہ ہنگامہ آرائی پشاور میں ہوئی، پشاور میں اٹھارہ بار پولنگ روکی گئی، ہنگامہ آرائی کے اعتبار سے دوسرا بڑا شہر بنوں رہا۔

    فافین کے مطابق ہری پور میں چھبیس مرتبہ پولنگ سٹیشنوں پر قبضہ کیا گیا۔

    فافین کی رپورٹ میں کہا گہا ہے کہ بدامنی اور ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ووٹرز کا ٹرن آﺅٹ متاثر ہوا، ضلع صوابی میں پندرہ پولنگ اسٹیشنز پر خواتین کو ووٹ سے روکا گیا۔ کے پی کے بلدیاتی انتخابات میں قوانین کی خلاف ورزی کی گئی۔