Tag: fahmida mirza

  • ٹوکیو اولمپکس: فلسطین کے کوچ پاکستانی ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے: فہمیدہ مرزا

    ٹوکیو اولمپکس: فلسطین کے کوچ پاکستانی ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے: فہمیدہ مرزا

    کراچی: وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے انکشاف کیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس میں کھلاڑی طلحہ طالب کے کوچ کی جگہ ٹوکیو فیڈریشن کے خاص آدمی کو بھیجا گیا، ایونٹ کے دوران فلسطین کے کوچ ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا نے ٹوکیو اولمپکس سے متعلق اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ میں انکشافات سے آگاہ کر دیا۔

    فہمیدہ مرزا کا کہنا تھا کہ اولمپک کے معاملات پر اسٹینڈنگ کمیٹی اور قومی اسمبلی میں تشویش ہے، کھلاڑی طلحہ طالب کے والد کوچ ہیں، لسٹ کے مطابق ان کی ایکریڈیشن نہیں کروائی گئی۔ طلحہ طالب کے والد کی جگہ ٹوکیو فیڈریشن کے خاص آدمی کو بھیجا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ بیڈ منٹن میں کوئی بچی جاتی ہے تو سیکریٹری جنرل کو ساتھ بھیجا جاتا ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ایتھلیٹس نے ایس او پیز پر عمل نہیں کیا، ماسک بھی نہ پہنے، یہ بھی سننے کو ملا کہ فلسطین کے کوچ ایتھلیٹس کو گائیڈ کرتے رہے۔

    انہوں نے کہا کہ آئندہ کسی کو بھی پاکستان کا نام بدنام نہیں کرنے دیا جائے گا، معلوم ہونا چاہیئے کوئی کہیں جاتا ہے تو پاکستان کا جھنڈا کس کے ہاتھ میں ہے، میٹنگ میں طے ہوا ہے کہ معاملات اولمپک کمیٹی کے حوالے نہیں کیے جا سکتے۔ آئندہ کوئی بھی پاکستان کا نام استعمال کرے گا تو حکومت آن بورڈ ہوگی۔

  • ملک میں انتخابی اصلاحات کی طرف توجہ نہیں دی گئی، فہمیدہ مرزا

    ملک میں انتخابی اصلاحات کی طرف توجہ نہیں دی گئی، فہمیدہ مرزا

    کراچی: گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی رہنما اور سابق قومی اسمبلی اسپیکر فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کی طرف کبھی توجہ نہیں دی گئی۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، ان کا کہنا تھا کہ ملک میں انتخابی اصلاحات کی طرف نہ تو توجہ دی گئی نہ ہی کبھی ان پر عمل کیا گیا۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ سندھ کو دس سال تک من مانی کر کے چلایا گیا، خیال رہے کہ گزشتہ دس برسوں میں پانچ سال وہ خود بھی پیپلز پارٹی کی طرف سے قومی اسمبلی کی اسپیکر کے عہدے پر فائز رہیں۔

    ماضی میں صوبۂ سندھ میں حکومت کا حصہ ہوتے ہوئے بھی سابق اسپیکر کا کہنا تھا کہ ملک میں اداروں کی بہ جائے شخصیات مضبوط ہوئیں، اداروں کو مستحکم بنانے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

    انتخابات 2018 کے لیے انتخابی تیاریوں کے حوالے سے فہمیدہ مرزا نے کہا کہ انھیں اس دوران جلسوں اور ریلیوں کی اجازت نہیں دی گئی، الیکشن کی تیاریوں سے روکا گیا۔

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کا حصہ بننے کا اعلان

    انھوں نے مزید کہا کہ انھیں پہلے ہی سے معلوم تھا کہ وہ اور ان کا خاندان نشانے پر ہے کیوں کہ ان کا انتخابی حلقہ سندھ میں بہت اہمیت رکھتا ہے۔

    واضح رہے کہ فہمیدہ مرزا 2008 کے انتخابات میں حلقہ این اے 225 بدین سے پی پی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر قومی اسپیکر کی اٹھارویں اسپیکر منتخب ہوئیں، وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

    فہمیدہ مرزا کو پیپلز پارٹی پر الزام تراشی زیب نہیں دیتی: نفیسہ شاہ

    پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر چار بار رکن قومی اسمبلی بننے والی فہمیدہ مرزا نے اپنے شوہر ذوالفقار مرزا کے پی پی سے اختلافات کی وجہ سے، رواں برس جی ڈی اے میں شمولیت اختیار کی اور انتخابات 2018 میں ایک بار پھر اپنی سیٹ جیت لی تاہم الیکشن کمیشن نے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے سلسلے میں اس کا نتیجہ روکا ہوا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن 2018: جنرل نشست سے مسلسل 5 بار جیتنے والی پہلی خاتون

    الیکشن 2018: جنرل نشست سے مسلسل 5 بار جیتنے والی پہلی خاتون

    کراچی: ملک بھر میں عام انتخابات 2018 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے جس میں نئے نئے ریکارڈز بھی بن رہے ہیں۔

    ایسا ہی ایک ریکارڈ سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہیدہ مرزا نے بھی بنا دیا ہے جو ایک ہی حلقے کی جنرل نشست سے مسلسل 5 بار الیکشن جیتنے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔

    گزشتہ طویل عرصے سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والی فہمیدہ مرزا اس بار گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے پلیٹ فارم سے اپنے آبائی حلقے این اے 230 بدین کی نشست پر کھڑی ہوئیں اور اس بار بھی فتحیاب ہوئیں۔

    انہوں نے پیپلز پارٹی کے امیدوار حاجی رسول بخش چانڈیو کو معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست دی۔

    فہمیدہ مرزا نے سنہ 1997 سے اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا۔

    سنہ 2008 کے انتخابات کے بعد وہ قومی اسمبلی کی 18 ویں اسپیکر بھی رہ چکی ہیں اور وہ اس عہدے پر منتخب ہونے والی پہلی خاتون تھیں۔

    ان کے شوہر ذوالفقار مرزا بھی اہم حکومتی عہدوں پر فائز رہے جبکہ وہ سابق صدر آصف علی زرداری کے قریبی دوست بھی سمجھے جاتے ہیں تاہم اختلافات کے باعث دونوں نے اس بار پیپلز پارٹی کے خلاف قائم اتحاد کے پلیٹ فارم سے الیکشن میں حصہ لیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا بلاول بھٹو کے استقبال سے انکار

    ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کا بلاول بھٹو کے استقبال سے انکار

    کراچی : سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کا کہنا ہے کہ بلاول کے دورہ بدین کی اطلاع نہیں دی گئی اس لیے وہ استقبال نہیں کریں گی جبکہ پیپلزپارٹی کے رہنما نثار کھوڑو کا کہنا ہے کہ فہمیدہ مرزا پارٹی کی ایم این اے ہوکر پارٹی کے خلاف ووٹ مانگ رہی ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ میں گفتگو کرتے ہوئے فہمیدہ مرزا کا بلاول بھٹو کے استقبال کے حوالے سے سوال پر کہنا تھا کہ انھیں آمد کی اطلاع نہیں دی گئی تو پھر استقبال کیسا؟

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت پری پول ریگنگ میں ملوث ہے، فہمیدہ مرزا نے بتایا کہ ان کو اور ذوالفقار مرزا کی جان کو خطرہ ہے۔

    دوسری جانب پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر نثار کھوڑو نے کہا کہ فہمیدہ مرزا پارٹی کی ایم این اے ہوکر پارٹی کے خلاف ووٹ کیسے مانگ رہی ہیں۔

  • شوہرکی زندگی کے تحفظ کے حوالے سے سندھ حکومت پر بھروسہ نہیں، فہمیدہ مرزا

    شوہرکی زندگی کے تحفظ کے حوالے سے سندھ حکومت پر بھروسہ نہیں، فہمیدہ مرزا

    کراچی:  سابق اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ شوہر کی زندگی کے تحفظ کے حوالے سے انہیں سندھ حکومت پر بھروسہ نہیں اور وہ اس سلسلے میں وفاق کی طرف دیکھ رہی ہیں۔

    سابق وزیرداخلہ ذوالفقار مرزا کی اہلیہ فہمیدہ مرزا شوہر کی زندگی سے متعلق تحفظات پر پھٹ پڑیں، انکا کہنا ہے کہ ریاستی دہشتگردی کا بدترین واقعہ دنیا دیکھ رہی ہے۔

    سابق اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ شوہر کی زندگی کو لاحق خطرات سے خوفزدہ ہوں۔

    پیپلزپارٹی کی رہنماء نے کہا کہ وفاق کی طرف دیکھ رہی ہوں، سندھ پولیس پر بھروسہ نہیں کرسکتی۔

    اے آروائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں فہمیداہ مرزا نے اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کوئی مسئلہ حل کرنا ہی نہیں چاہتا۔