Tag: faisal vawda

  • سر آپ کے حکم اور خواہش پر پنجاب، کے پی حکومت ٹوٹتی نظرنہیں آرہی، فیصل واوڈا

    سر آپ کے حکم اور خواہش پر پنجاب، کے پی حکومت ٹوٹتی نظرنہیں آرہی، فیصل واوڈا

    کراچی : تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ سر آپ کے حکم اور خواہش پر پنجاب، کے پی حکومت ٹوٹتی نظر نہیں آرہی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے اعلان پر اپنے پیغام میں کہا کہ سر آپکے حکم اور خواہش پرپنجاب،کےپی حکومت ٹوٹتی نظرنہیں آرہی،نظام چلتا رہےگا، سر بند گلی سے نکلیں ٹیبل پر بیٹھیں اورسسٹم میں رہتے ہوئے نظام بدلیں۔

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ منفی سیاست جو آپکے ارد گرد سانپ کر رہے ہیں اس کا کوئی فائدہ نہیں، یہ سانپ پہلے ہی لے ڈوبے ہیں۔

    خیال رہے عمران خان آئندہ ہفتے اسمبلیاں تحلیل کرنے سے متعلق اہم اعلان کریں گے، آج چیئرمین پی ٹی آئی کی زیر صدارت پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہورہا ہے، جس میں ارکان اسمبلی سے رائے لی جائے گی۔

    اس سے قبل پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں پنجاب اور کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کی توثیق کی گئی تھی۔

  • میں اب تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہوں، فیصل واوڈا

    میں اب تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہوں، فیصل واوڈا

    اسلام آباد : فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ میں اب تحریک انصاف کا حصہ نہیں ہوں، عمران خان سےمتعلق پہلے بات کی نہ اب تسلیم کروں گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا طلبی پر سپریم کورٹ پہنچے ، اس موقع پر صحافی نے سوال کیا سپریم کورٹ نے آپ کو 2 آپشن دیئےہیں؟ جس پر فیصل واوڈا نے جواب دیا کہ جو عدالت حکم کر ے گی وہ تسلیم کروں گا۔

    انھوں نے کہا کہ میں اب تحریک انصاف کاحصہ نہیں ہوں، عمران خان سےمتعلق پہلے بات کی نہ اب تسلیم کروں گا۔

    گذشتہ روز سپریم کورٹ میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت ہوئی ، سپریم کورٹ نے فیصل واوڈا کو 2 آپشن دیئے تھے۔

    چیف جسٹس نے کہا تھا کہ یا تو فیصل واوڈا اپنی غلطی تسلیم کریں اور 63 (1) سی کے تحت نااہل ہوجائیں، بصورت دیگر عدالت 62(1) ایف کے تحت کیس میں پیشرفت کرے گی۔

    چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدالت کے سامنے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے لیے کافی مواد موجود ہے،فیصل واوڈا کو اپنی غلطی تحریری طور پر تسلیم کرنی ہوگی۔

    چیف جسٹس نے کہا تھا کہ فیصل واوڈاپیش ہوکرکہیں کہ انہوں نے دوہری شہریت کی تاریخ بدلی، جس پر وکیل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہا الیکشن کمیشن قانون کی عدالت نہیں ہے، الیکشن کمیشن کسی کو تاحیات نااہل کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔

  • پی ٹی آئی نے فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کردی

    پی ٹی آئی نے فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کردی

    کراچی : پاکستان تحریک انصاف نے پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی پارٹی رکنیت معطل کردی، اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی سندھ کے صدر علی زیدی نے فیصل واوڈا کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے ان کی پارٹی رکنیت معطل کردی۔

    اپنے ایک بیان میں علی زیدی نے کہا کہ فیصل واوڈا کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کردیا گیا اور ان کو دو روز میں اپنی حالیہ پریس کانفرنس کے حوالے سے جواب جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے۔

    اظہار وجوہ نوٹس کے متن میں لکھا گیا ہے کہ آپ کی پارٹی رکنیت کیوں نہ منسوخ کردی جائے، اس بات جواب 2دن میں دیں۔

    قبل ازیں تحریک انصاف سندھ کے صدر علی زیدی نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہے کہ امپورٹڈ حکومت نے ان کو لانچ کیا ہے۔

    ٹوئٹر پر جاری بیان میں علی زیدی نے کہا کہ فیصل واوڈا نے ہمارے لانگ مارچ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ٹی وی سمیت تمام چینلز نے بھی پریس کانفرنس دکھائی۔

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا اپنی پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی، آنے والے چند دنوں میں نام دے دوں گا۔

    انہوں نے کہا کہ صحافی ارشد شریف کے ساتھ کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا ان کا قتل کوئی حادثہ نہیں ہے ان کا موبائل فون، لیپ ٹاپ اور کوئی شواہد نہیں ملیں گے کیونکہ شواہد مٹا دیے گئے ہیں۔

  • نااہلی کیس : ‘فیصل واوڈا کا ایک اور جھوٹ سامنے آگیا’

    نااہلی کیس : ‘فیصل واوڈا کا ایک اور جھوٹ سامنے آگیا’

    اسلام آباد : نااہلی کیس میں جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیئے کہا کہ فیصل واوڈا کا ایک اور جھوٹ سامنے آگیا ، ریٹرننگ افسر کو دکھایا گیا پاسپورٹ ایکسپائر ہوچکا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

    وکیل فیصل واوڈا نے بتایا کہ ریٹرننگ افسر نے منسوخ امریکی پاسپورٹ دیکھ کر تسلی کی، جس پر جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ جس منسوخ شدہ پاسپورٹ پر انحصار کررہےہیں وہ ایکسپائر تھا۔

    جسٹس عائشہ ملک نے ریمارکس دیئے کہ ریٹرننگ افسر کو پاسپورٹ 2018 میں دکھایا گیا تھا جبکہ آر او کو دکھایا جانیوالا پاسپورٹ 2015 میں ایکسپائر ہوچکا تھا، نیا پاسپورٹ بنوائیں تو پرانے پر منسوخی کی مہر لگتی ہے۔

    جسٹس عائشہ ملک نے استفسار کیا کہ منسوخ پاسپورٹ شہریت چھوڑنے کا ثبوت کیسے ہو سکتا ہے؟ چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ یہ معاملہ تو بہت سنجیدہ ہوگیاہے۔

    جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ فیصل واوڈا کا ایک اور جھوٹ سامنے آگیا ، جس پر وکیل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ بیان حلفی کا متن تھا کسی دوسرے ملک کا پاسپورٹ نہیں تو جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ بیان حلفی میں پاسپورٹ کامطلب دوسرے ملک کی شہریت تھا۔

    جسٹس عائشہ ملک نے مزید کہا کہ جو پاسپورٹ ریکارڈ پر ہے اس کا اور منسوخ پاسپورٹ کے نمبر مختلف ہیں، مختلف نمبرز سے واضح ہے زائد المعیاد کے بعد نیا پاسپورٹ بھی جاری ہوا۔

    جس پر وکیل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس تاحیات نااہلی کا اختیار نہیں ہے تو جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ہائی کورٹ کے پاس تاحیات نااہل کا اختیار موجود ہے۔

    فیصل واوڈا کے وکیل وسیم سجاد نے تیاری کیلئے وقت مانگ لیا، جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا ان سولات کے جواب آپ کو آئندہ ہفتے بھی نہیں ملنے۔

    بعد ازاں سپریم کورٹ نے مزید سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کر دی۔

  • وزیراعظم عمران خان نے فیصل واوڈا کو ایم کیو ایم سے بات چیت کا ٹاسک دے دیا

    وزیراعظم عمران خان نے فیصل واوڈا کو ایم کیو ایم سے بات چیت کا ٹاسک دے دیا

    اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے فیصل واوڈا کو ایم کیو ایم سے بات چیت کا ٹاسک دے دیا ، فیصل واوڈا آج حکومتی ٹیم کے ہمراہ ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فیصل واوڈا سے فون پر رابطہ کرکے ایم کیو ایم سے بات چیت کا ٹاسک دے دیا، جس کے بعد وزیراعظم کی ہدایت پر فیصل واوڈا اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

    فیصل واوڈا آج حکومتی ٹیم کے ہمراہ ایم کیو ایم وفد سے ملاقات کریں گے ، فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی سے واپس اسلام آباد پہنچاہوں ، وزیراعظم کا اعتماد اورہر قسم کے فیصلے کا بھرپور مینڈیٹ حاصل ہے۔

    پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پرویزخٹک اور عمران اسماعیل سمیت حکومتی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔

    گذشتہ رات حکومتی ٹیم نے ایم کیوایم پاکستان کے رہنماؤں سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کی تھی ، پرویز خٹک، عمران اسماعیل پر مشتمل دو رکنی حکومتی وفد نے مذاکرات کیے۔

    اس حوالے سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اہم پیغام خالد مقبول صدیقی کو پہنچادیا ہے، انشاءاللہ صبح تک فیصلہ ہوجائے گا۔

    گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ عمران اسماعیل نے کہا کہ ایم کیوایم کے ساتھ ہر قسم کے معاہدے کیلئے موجود ہیں، ہم نے ان کو ایک وزارت آفر کی تھی، اس سے آگے کچھ چاہیں گے تو دے دیں گے، ہمارے دروازے ایم کیو ایم کے لیے کھلے ہیں، جس طرح چاہیں گے ایڈجسٹ کر لیں گے۔

    خیال رہے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ اپوزیشن، ایم کیوایم پاکستان میں معاہدہ طے پا گیا ہے۔

  • فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

    فیصل واوڈا نے تاحیات نااہلی کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا

    اسلام آباد :  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما  فیصل واوڈانے تاحیات نا اہلی کافیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا، جس میں کہا اسلام آبادہائی کورٹ نےعجلت میں اپیل خارج کی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے رہنما نے الیکشن کمیشن اور ہائیکورٹ کے تاحیات نا اہلی کے فیصلوں کیخلاف اپیل دائر کردی۔

    فیصل واوڈا کی اپیل ایڈووکیٹ وسیم سجاد نے سپریم کورٹ میں دائر کی، اپیل میں الیکشن کمیشن اورمخالف شکایت کنندگان کوفریق بنایاگیا ہے۔

    اپیل میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کوتاحیات نا اہل کرنے کا اختیار نہیں تھا، الیکشن کمیشن مجاز کورٹ آف لا نہیں۔

    مزید پڑھیں : اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل واوڈا کی اپیل پر محفوظ فیصلہ سنا دیا

    فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ اسلام آبادہائی کورٹ نےعجلت میں اپیل خارج کی، استدعا ہے کہ الیکشن کمیشن کا نااہلی کافیصلہ کالعدم قرار دیکر بحال کیاجائے۔

    یاد رہے 9 فروری کو الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی دوہری شہریت کیس کا محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری مختصر فیصلے میں کہا گیا تھا کہ فیصل واوڈا نے اپنےکاغذات نامزدگی میں غلط بیانی سےکام لیا اور کاغذات نامزدگی کےوقت جعلی حلف نامہ جمع کرایا،فیصل واوڈا کو آرٹیکل 62ون ایف کےتحت نااہل قرار دیا گیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے۔

    بعد ازاں فیصل واوڈا کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل واوڈا کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کے خلاف درخواست خارج کر دی تھی اور فیصلے میں کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 9 فروری کو فیصل واوڈا کو نااہل کیا تھا، فیصل واوڈا الیکشن کمیشن کے تاحیات نااہلی کے فیصلے کے خلاف مطمئن نہ کرسکے۔

  • فیصل واوڈا کی خالی نشست پر انتخاب،  کاغذات نامزدگی آج سے جمع ہوں گے

    فیصل واوڈا کی خالی نشست پر انتخاب، کاغذات نامزدگی آج سے جمع ہوں گے

    کراچی :  تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈاکی خالی نشست پر انتخاب کیلئے کاغذات نامزدگی آج سے19فروری تک جمع ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی نا اہلی سے خالی ہونیوالی نشست پر انتخاب کے معاملے پر کاغذات نامزدگی حاصل اور جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

    کاغذات نامزدگی جمع کرانےکی آخری تاریخ 19فروری ہے ، متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے سینٹ کی نشست کیلیے کاغذات حاصل کرلیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ امیدواروں کی ابتدائی فہرست21فروری کوجاری کی جائےگی جبکہ کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی24فروری تک ہوگی۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست3 مارچ کو جاری کی جائے گی جبکہ خالی نشست پر 9مارچ کو صبح9 سے شام 4 بجے تک سندھ اسمبلی کی عمارت میں پولنگ ہوگی۔

    واضح رہے کہ 9 فروری کو 2018 کے عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کے ساتھ دہری شہریت کے معاملے پر جھوٹا حلف نامہ جمع کروانے پر الیکشن کمیشن نے حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے سینیئر رہنما فیصل واوڈا کو نااہل قرار دیا تھا۔

    الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی بطور سینیٹر کامیابی کا نوٹیفیکشن بھی واپس لینے کے احکامات جاری کیے تھے۔

    الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 63 ون سی کا بھی حوالہ دیا جو کہ دہری شہریت سے متعلق ہے اور اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اپنے فیصلے میں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کا بھی حوالہ دیا جو کہ تاحیات نااہلی سے متعلق ہے۔

  • فیصل واوڈا کا  الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

    فیصل واوڈا کا الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق ایم این اے فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے نااہلی فیصلے کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے نااہلی کے فیصلے کو چیلنج کرنے سے متعلق وکلا سے مشاورت مکمل کرلی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا نے فیصلے کی مصدقہ کاپی کیلئےالیکشن کمیشن میں درخواست دے دی، مصدقہ کاپی ملنے کے بعد فیصلےکواسلام آبادہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق فیصل واوڈا کے وکیل آئندہ چند روز میں فیصلے کیخلاف درخواست دائر کریں گے۔

    یاد رہے الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو دوہری شہریت کیس میں نااہل قرار دے دیا تھا، فیصلے میں کہا گیا تھا کہ فیصل واوڈا نے اپنےکاغذات نامزدگی میں غلط بیانی سےکام لیا اور کاغذات نامزدگی کےوقت جعلی حلف نامہ جمع کرایا۔

    الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا کو آرٹیکل 62ون ایف کےتحت نااہل قرار دیا گیا، وہ صادق اور امین نہیں رہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے دئیے جانے والے فیصلے میں کہا گیا کہ فیصل واوڈا نے بطور ایم این اے سینیٹ الیکشن میں ووٹ بھی غلط کاسٹ کیا، لہذا ان کی سینیٹ رکنیت کا نوٹی فیکیشن بھی واپس لیا جائے۔

  • ‘بہت جلد اچھی خبر کا اعلان ہونے والا ہے’

    ‘بہت جلد اچھی خبر کا اعلان ہونے والا ہے’

    اسلام آباد : سینیٹر فیصل واوڈا کا کہنا ہے کہ بہت جلد اچھی خبر کا اعلان ہونے والا ہے تاہم اس خبر کےبعدسزایافتہ نوازشریف،مریم صفدرکو بڑی مایوسی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹر فیصل واوڈا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بہت جلد اچھی خبر کا اعلان ہونے والا ہے لیکن اس خبر کےبعدسزایافتہ نوازشریف،مریم صفدرکو بڑی مایوسی ہوگی ، جب میں کہہ رہاہوں جلد تو مطلب بہت جلد۔

    یاد رہے سینیٹر فیصل واوڈا نے پنڈوراپیپرزمیں نام آنے پر خود کو احتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ درخواست کی انکوائری ٹیم 14گھنٹےروزانہ کام کر کے 5 دن میں نتیجہ دے۔

    فیصل واوڈا نے وزیراعظم کی جانب سے پینڈورا پیپرز کی انکوائری کےفیصلے کاخیر مقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ فیصلہ صرف عمران خان صاحب ہی کر سکتے ہیں۔

  • اگر میں غلط ہوں تو مجھے بے شک پھانسی چڑھا دیں،نااہلی کیس میں فیصل واوڈا جذباتی ہوگئے

    اگر میں غلط ہوں تو مجھے بے شک پھانسی چڑھا دیں،نااہلی کیس میں فیصل واوڈا جذباتی ہوگئے

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن میں نااہلی کیس میں فیصل واوڈا جذباتی ہوگئے اور کہا اگر میں غلط ہوں تو مجھے بے شک پھانسی چڑھا دیں، جس پر ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے کہا آئندہ سماعت پر کسی فیصلہ تک پہنچیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت ہوئی ، چیف الیکشن کمشنرکی سربراہی میں 4رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

    وکیل فیصل واوڈا نے بتایا کہ فیصل واوڈا کیخلاف درخواستیں مسترد کی جائیں اور وہ قومی اسمبلی کی سیٹ سےاستعفیٰ دے چکے لیکن کمیشن پہلے سے ہی مائنڈ بناکر بیٹھا ہے۔

    جس پر ممبرالطاف ابراہیم قریشی نے کہا یہ کیا بات ہے کہ ہم مائنڈ بناکر بیٹھے ہیں ، ایک سال سے معاملہ زیر سماعت ہے ، مائنڈ بناکر بیٹھے ہوتے تو کیا کیس اتناوقت لیتے؟

    فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ میری غلطی ہے تو پھانسی لگا دیں لیکن پہلے مجھے سنیں ، میرے خلاف سیاست کی گئی، بد نام کرنے کی کوشش کی گئی ، میرا پورا کیریئر ہے فیملی ہے میری ساکھ کونقصان پہنچایا گیا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے کہا واوڈا صاحب آپ کو پورا موقع دینگے ، پوائنٹ ٹوپوائنٹ بات کریں یا وکیل پہلے بولیں یا واوڈا صاحب۔

    فیصل واوڈا کے وکیل بیرسٹر معید نے دلائل میں کہا الیکشن کمیشن کورٹ آف لانہیں ہے، الیکشن کمیشن ٹربیونل بنا سکتا ہے ، انکوائری کرسکتاہے، آر او، ٹربیونل میں فیصل واوڈا کے کاغذات نامزدگی چیلنج نہیں کئے گئے۔

    وکیل کا کہنا تھا کہ فیصل واوڈا کاحلف نامہ بالکل درست ہے، ایک روپےکاجھوٹ نہیں بولا جبکہ فیصل واوڈا نے کہا اگر میں غلط ہوں تو مجھے بے شک پھانسی چڑھا دیں۔

    جس پرممبر پنجاب نے کہا آپ اپنے الفاظ واپس لیں، اس پر پھانسی کا کوئی قانون موجود نہیں ، فیصل واوڈا نے مزید کہنا تھا کہ میرے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جائے جیسے درخواستوں پرماضی میں ہوتا رہا ، تو چیف الیکشن کمشنر نے کہا فیصل واوڈا صاحب آپ جذباتی ہورہے ہیں، آپ بیٹھ جائیں۔

    وکیل درخواستگ زار نے کہا کیس کی فائل درخواست گزار قادر مندوخیل کے پاس ہے، ممبر پنجاب کا کہنا تھا کہ آپ پھر کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دے دیتے، ادر مندوخیل حلف نامہ پیش کردیں کہ یہ میرے وکیل نہیں۔

    آوکیل کا کہنا تھا کہ آئندہ سماعت پر فیصل واوڈا کیخلاف درخواستیں غیر موثر ہونے پر دلائل دیں گے، ہم  درخواستوں پر دلائل دے چکے ، آج فیصل واوڈا نے نئی درخواست دی ہے۔

    جس پرچیف الیکشن کمشنر نے کہا فیصل واوڈا کے قومی اسمبلی نشست پراستعفے کے بعد صورتحال تبدیل ہوگئی، الیکشن کمیشن نے درخواست گزاروں کو ہدایت کی کہ درخواستوں کے غیر مؤثر ہونے پر دلائل دیں۔

    ممبر پنجاب الطاف ابراہیم قریشی نے کہا آئندہ سماعت پر کسی فیصلہ تک پہنچیں گے، جس کے بعد الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی سینیٹ امیدوار کی درخواست پر جواب طلب کرتے ہوئے فیصل واوڈا نااہلی کیس کی سماعت 6 اپریل تک ملتوی کردی۔