Tag: faisalabad

  • لائٹ جلاتے ہی گھر جل کر راکھ ہو گیا، مکین جھلس کر زخمی

    لائٹ جلاتے ہی گھر جل کر راکھ ہو گیا، مکین جھلس کر زخمی

    فیصل آباد (10 اگست 2025): پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک گھر میں آتش زدگی کا افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں مکین جھلس کر زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ہمت پورہ میں گیس لیکج سے گھر میں آگ لگ گئی، جس میں 6 افراد جھلس کر زخمی ہو گئے ہیں، جنھیں ریسکیو نے الائیڈ اسپتال منتقل کیا۔

    ریسکیو حکام کے مطابق آتش زدگی سے گھر کا سامان اور فرنیچر جل کر راکھ ہو گیا ہے، اہل خانہ غلطی سے گیس کھول کر لاہور چلے گئے تھے، واپسی پر جب انھوں نے لائٹ جلائی تو چنگاری نکلنے سے گھر میں خوف ناک آگ بھڑک اٹھی، کیوں کہ گھر میں گیس بھر گئی تھی۔


    اجتماعی زیادتی کے ایک اور کیس میں ملزمان کا پولیس کے ہاتھوں انکاؤنٹر


    ریسکیو کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کے چہرے، بازو اور ٹانگیں آگ سے جھلس گئی ہیں، 55 سالہ زونیرہ 59 فی صد، 27 سالہ جزیم 37 فی صد جھلس گئی، 30 سالہ عثمان 16 فی صد، 31 سالہ سدرہ 30 فی صد جھلسی، جب کہ ایک سالہ زرین 17 فی صد اور 2 سالہ ارشم 10 فی صد جھلسی۔

    عوامی خدمات کے ادارے شہریوں کے لیے ہمیشہ یہ پیغام جاری کرتے ہیں کہ وہ گھر چھوڑتے وقت گیس اور بجلی کی تمام اشیا کو اچھی طرح سے چیک کر کے جائیں، بالخصوص گیس لیکج کے بارے میں مکمل اطمینان ضرور کیا جانا چاہیے تاکہ کسی بھی ناگہانی حادثے سے محفوظ رہا جا سکے۔

  • بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو قتل کردیا

    بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو قتل کردیا

    فیصل آباد(8 اگست 2025): تھانہ تاندلیانوالہ میں بھائی نے غیرت کے نام پر بہن کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر تھانہ تاندلیانوالہ میں غیرت کے نام پر ایک اور قتل کا واقعہ پیش آیا ہے جہاں بھائی نے بہن کو فائرنگ کر کے قتل کردیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ علینہ طلاق کے بعد بھائی کے گھر میں رہائش پذیر تھی، پولیس نےکارروائی کر کے ملزم مہتاب کو گرفتار کرلیا، واقعہ نواحی گاؤں چک نمبر 420 میں پیش آیا ہے۔

    دوسری جانب منڈی بہاءالدین میں بھکھی کے قریب ڈیرے سے خاتون اور مرد کی لاشیں برآمد ہوئی ہے، مقتولین کو اینٹوں کے وار کر کے قتل کیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ شوہر نے بیوی اور ڈیرے کے مالک کو قتل کر دیا، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں جبکہ ملزم قتل کے بعد فرار ہوگیا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakpattan-sister-crime/

  • بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نبیل بلی مقابلے میں ہلاک

    بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نبیل بلی مقابلے میں ہلاک

    فیصل آباد (05 اگست 2025): سی ٹی ڈی نے کہا ہے کہ فیصل آباد میں بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نبیل بلی مقابلے میں مارا گیا ہے۔

    سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ نبیل بلی مختلف اضلاع میں 100 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھا، ملزم نے 2023 میں ڈولفن کانسٹيبل آکاش کو بھی زخمی کیا تھا، اور گزشتہ روز حراست سے فرار ہو گیا تھا۔

    سی سی ڈی کے مطابق اطلاع ملی تھی کہ نبیل بلی سمیت 4 ملزمان قبرستان ماہیے شاہ میں چھپے ہیں، جس پر انسپکٹر صدیق چیمہ نے رات گئے گرفتاری کے لیے چھاپا مارا تو ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی، فائرنگ کے تبادلے میں ملزم نبیل مارا گیا جب کہ اس کے 3 ساتھی فرار ہو گئے۔

    سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزم سے پستول برآمد ہوا، اور اس سلسلے میں تھانہ جھنگ بازار میں مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔


    پنجاب میں 24 گھنٹوں کے دوران 1403 ٹریفک حادثے


    دریں اثنا، لاہور میں ایل ڈی اے سٹی کے قریب سی سی ڈی نے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم کو مار دیا ہے، مارے گئے ملزم کی شناخت عبدالمطلب کے نام سے ہوئی، سی سی ڈی پولیس کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوا۔

    سی سی ڈی نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ہلاک ملزم ممکنہ طور پر چوہنگ گینگ ریپ کا چوتھا ملزم ہو سکتا ہے، اس کا کریمنل ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔

  • کبوتر بازی کا انجام خوں ریز جھگڑا، لاشیں گر گئیں

    کبوتر بازی کا انجام خوں ریز جھگڑا، لاشیں گر گئیں

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے عبداللہ پل پر کبوتر بازی کا مقابلہ خوں ریز جھگڑے میں تبدیل ہو گیا، فریقین میں فائرنگ کے تبادلے میں 2 افراد ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں کبوتر بازی کے جھگڑے میں ایک خاتون سمیت دو افراد جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے، حملہ آور فائرنگ کر کے موٹر سائیکلوں پر فرار ہو گئے۔

    تھانہ ڈی ٹائپ کالونی کے علاقے عبداللہ پل کے رہائشی اچھو گروپ اور یونس گروپ کے مابین پیر کی صبح کبوتروں کی بازی پر جھگڑا ہو گیا تھا۔ اس رنجش پر رات کو اچھو گروپ کے موٹر سائیکل سوار مبشر، قاسم، مدثر، ٹوڈی، بھالو سمیت 8 افراد نے یونس کے گھر جا کر فائرنگ کر دی۔


    جان کی پروا کیے بغیر جلتا ٹینکر چلا کر آبادی سے دور لے جانے والا بھی دم توڑ گیا


    گولیاں لگنے سے یونس، اس کی بیوی کنیزاں، شفاقت اور ناصر زخمی ہوئے، فائرنگ کے تبادلے میں 2 حملہ آور مبشر اور قاسم بھی زخمی ہوئے۔ ریسکیو ٹیم نے زخمیوں کو جنرل اسپتال سمن آباد منتقل کیا، جہاں کنیزاں اور مبشر دم توڑ گئے۔

    فائرنگ کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، متاثرین کا کہنا ہے کہ پولیس نے بروقت کارروائی نہ کر کے نقصان کو بڑھنے دیا۔

    ادھر گوجرانوالہ میں اڑتالی ورکاں میں سابقہ رنجش پر فائرنگ سے 3 افراد قتل اور 2 زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی، اور لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔

  • فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

    فیصل آباد میں مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک

    فیصل آباد: ڈرائی پورٹ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکو ہلاک اور 2 فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ڈرائی پورٹ روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں 2 ڈاکو ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والے ملزمان خالد اور ندیم چنیوٹ کے چک 143 کے رہائشی تھے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشکوک افراد کو روکا گیا، ملزمان نے رکنے کی بجائے ڈولفن فورس پر فائرنگ کر دی۔

    پولیس کے مطابق ملزمان خالد اور ندیم اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے ہلاک ہوئے، 2 ملزمان فرار ہوگئے جبکہ ہلاک ملزمان سے برآمد ہونیوالی موٹر سائیکل چوری کی نکلی ہے۔

  • چرچ کی گھنٹی اور آذان ایک ساتھ : پاکستان میں مذہبی روا داری کی خوبصورت مثال

    چرچ کی گھنٹی اور آذان ایک ساتھ : پاکستان میں مذہبی روا داری کی خوبصورت مثال

    فیصل آباد : دنیا بھر میں مذہبی منافرت اور عدم برداشت کی صورتحال چاہے جیسی بھی ہو مگر پاکستان کے شہر فیصل آباد کے لوگوں نے چرچ اور مسجد کو ساتھ رکھ کر مذہبی رواداری کی خوبصورت مثال قائم کردی۔

    شہر کے گنجان آباد علاقے ناظم آباد کی گلی نمبر 14 میں جانا ہو تو آپ کو چرچ کی گھنٹی اور آذان کی آوازیں الگ الگ اوقات میں سنائی دیتی ہیں۔

    اس گلی میں پہلی بار آنے والے کو یہ دیکھ کر خوشگوار حیرت ہوتی ہے کہ مسجد اور گرجا گھر کی دیوار ایک ساتھ سانجھی کیسے ہوگئی۔

    دونوں مذاہب کے لوگوں کے نظریات اور عقائد میں زمین آسمان کا فرق ہے لیکن وہ بنا کسی لڑائی جھگڑے کے سالہا سال سے ایک ساتھ اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کرتے آرہے ہیں۔

    یہ بظاہر سادہ سی دو ملحقہ عمارتیں ہیں، جن میں سے ایک پر صلیب کا نشان اور دوسری پر بلند و بالا مینار بنے ہیں۔ پہلی ہی نظر میں اندازہ ہو جاتا ہے کہ ایک مسجد ہے اور دوسرا چرچ ہے۔

    masjid

    سانجھی دیوار کے ایک طرف مسلمان اور دوسری طرف عیسائی اپنی اپنی عبادات کرتے ہیں۔ گزشتہ30 برس سے فیصل آباد میں ایک مسجد اور چرچ برابر واقع ہیں۔ اس دوران یہاں ایک بھی ناخواشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔

    علاقے میں رہائش پذیر مسیحی برادری نے یہ چرچ 1970ءمیں تعمیر کیا تھا جبکہ جامع مسجد علی فضلی کے نام سے منسوب مسلمانوں کی مذہبی عبادت گاہ کا قیام 1994ءمیں عمل میں لایا گیا۔

    charch

    علاقہ مکینوں کے مطابق شروع شروع میں مسجد اور چرچ میں پانچ مرلہ کے ایک پلاٹ کا فاصلہ تھا مگر پھر مسلمانوں نے مسجد کی توسیع کے لئے وہ پلاٹ بھی خرید لیا اور یوں چرچ اور مسجد کی دیوار سانجھی ہوگئی۔

  • فیصل آباد : گھریلو ملازم نے مالک کی کمسن بیٹی اغوا کرلی

    فیصل آباد : گھریلو ملازم نے مالک کی کمسن بیٹی اغوا کرلی

    فیصل آباد میں گھریلو ملازم نے مالک کی آٹھ سالہ بیٹی اغواء کرلی، پولیس نے مقدمہ درج کرکے مغویہ اور ملزم کی تلاش شروع کردی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے پہاڑنگ میں بچی کے اغواء کا واقعہ پیش آیا ہے، جس میں ایک گھریلو ملازم اپنے مالک کی 8 سالہ بچی زریشہ کو بہلا پھسلا کر لے گیا۔

    پولیس کے مطابق کوٹلی کا رہائشی ملزم ہدایت اللہ اپنے مالک مقصود کی موٹرسائیکل بھی لے کر فرار ہوا ہے، ملزم پہاڑنگ میں گلی میں کھیلتی بچی کو موٹر سائیکل پر بٹھا کر لے گیا۔

    واردات کے بعد چک جھمرہ پولیس نے مغویہ بچی کے باپ مقصود احمد کی مدعیت میں اغواء کا مقدمہ درج کرلیا ہے، جس کے بعد مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

  • فیصل آباد : پاور لومز انڈسٹری تباہ، مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی

    فیصل آباد : پاور لومز انڈسٹری تباہ، مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی

    فیصل آباد میں پاور لومز انڈسٹری تباہ حالی کا شکار ہوگئی بجلی کے بے تحاشہ بلوں اور خام مال کی قیمتوں کے اضافے نے لومز مالکان کی کمر توڑ دی جس سے مزدور طبقہ بھی بے روزگاری کا شکار ہوگیا۔

    فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد جسے فیصل آباد کا مانچسٹر بھی کہا جاتا ہے میں پاور لومز کے بےشمار چھوٹے بڑے کارخانے موجود ہیں جو اس علاقے کی پہچان ہیں لیکن حالات کی ستم ظریفی نے اس شہر کی فیکٹریوں کو سنسان اور لومز کی آوازوں کو خاموش کردیا۔

    علاقے کی زیادہ تر فیکٹریاں بند پڑی ہیں ان پر دھول مٹی جمی ہوئی ہے دروازوں پر لگے تالے مزدوروں کی بےروزگاری اور بے بسی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام میں میزبان اقرار الحسن سے گفتگو کرتے ہوئے غلام محمد آباد کے فیکٹری مالکان اور مزدوروں نے اپنے دکھ اور پریشانیاں بیان کیں۔

    اس موقع پر پاور لوم ورکرز کی نمائندہ تنظیم لیبر قومی موومنٹ کے چیئرمین بابا لطیف نے بتایا کہ اس صنعت سے 5لاکھ کارکن وابستہ ہیں، مالکان پیدواری نقصان سے بچنے کے لیے فیکٹریاں بند کر رہے ہیں، یہاں 2100 چھوٹے یونٹ ہیں جس میں سے 1200 بالکل بند پڑے ہیں اور مزدوروں کے گھروں میں فاقہ کشی کا عالم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حکمران مزدوروں کو روزگار فراہم کرنے کی پالیسی پر کام ہی نہیں کررہے، ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ بجلی کا بل ہے اور یہ صرف لومز مالکان کا ہی نہیں ہر گھر کا مسئلہ ہے، جس لوم کا بل 3 لاکھ روپے آتا تھا اب 12 لاکھ روپے آتا ہے مالک کہاں سے پورا کرے گا۔

    ایک مزدور نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 12 سال سے لوم پر کام کررہا تھا ایک دن کام پر آیا تو جواب دے دیا گیا کہ کام ہی نہیں ہے تو ملازم کیسے رکھیں۔ ایک شخص نے کہا کہ حالات ایسے ہوچکے ہیں کہ بندہ اپنی زندگی کا خاتمہ کرلے کیوں کہ ہم سے بچوں کو بھوکا نہیں دیکھا جاتا۔

    ٹھیکے پر کام کرنے والے ایک کارکن نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میں گزشتہ کئی سال سے یہ کام کر رہا ہوں لیکن میں نے آج تک اس طرح کا بحران نہیں دیکھا، میں نے اپنے بچے کی پڑھائی چھڑوا کر اسے مزدوری پر لگوا دیا تاکہ کم از کم بچوں کا پیٹ تو بھرے۔

    اس کا کہنا تھا کہ حالات اس نہج پر پہنچ چکے ہیں کہ کرایہ دار مکان کا کرایہ نہیں دے پارہا اور پر بجلی کے بل ڈبل سے بھی زیادہ ہوگئے جنہیں بھرنے کے لیے گھر کی چیزیں بیچنا پڑتی ہیں۔

  • فیصل آباد میں 8 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل

    فیصل آباد میں 8 سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل

    فیصل آباد: چک چھ میں محنت کش مزدور کے 8 سالہ بیٹے کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے چک چھ میں محنت کش کے آٹھ سالہ بیٹے کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا، گرفتار ملزم وارث علی نے دوران تفتیش جرم کا اعتراف کرلیا۔

      ذرائع نے بتایا کہ چک چھ کے رہائشی آصف کا 8 سالہ بیٹا طیب منگل کے روز لاپتا ہو گیا تھا، تلاش کے باوجود طیب کا کہیں سراغ نہ ملا، اسی دوران علاقہ مکینوں نے بتایا کہ انہوں نے بچے کو اسی علاقے کے رہائشی وارث علی کے ساتھ گاؤں سے باہر جاتے دیکھا تھا۔

    تھانہ نشاط آباد پولیس نے وارث علی کو حراست میں لے کر تفتیش کی تو اس نے زیادتی اور قتل کا اعتراف کر لیا۔

    ملزم کی نشاندہی پر مقتول بچے کی برہنہ لاش کھیت سے برآمد کر کے پوسٹمارٹم کے لئے الائیڈ اسپتال منتقل کر دی، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش کی جا رہی ہے۔

  • ڈکیتی مزاحمت پر 26 سالہ نوجوان جاں بحق

    ڈکیتی مزاحمت پر 26 سالہ نوجوان جاں بحق

    فیصل آباد: ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر ڈاکوئوں کی فائرنگ سے 26 سالہ نوجوان جاں بحق ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے کلیم شہید کالونی میں ڈکیتی مزاحمت پر 26 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا، نوجوان کی شناخت انس کے نام سے ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول انس کے چھوٹے بھائی سے ڈاکو موٹر سائيکل چھین رہے تھے، شہری انس کے پکڑنے پر ڈاکو فائرنگ کر کے فرار ہوگئے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ انس کو زخمی حالت میں الائیڈ اسپتال پہنچایا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا۔

    اس سے قبل گزشتہ دنوں اسلام آباد شہزاد ٹاؤن کی حدود میں واقع سدرہ ٹاؤن میں ڈکیتی کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں ڈاکو رات گئے تالا توڑ کر ایک گھر میں داخل ہوئے تو شہری محمد زبیر نے مزاحمت کی۔

    ڈاکوؤں نے زبیر پر فائر کیا جس سے وہ جاں بحق ہو گیا، شہزاد ٹاؤن پولیس کے عدم تعاون پر ورثا نے ترامڑی چوک میں احتجاج کیا اور لاش کو چوک پر رکھ کر تینوں اطراف سے بند کردیا تھا۔