Tag: Faisalabad Airport

  • فیصل آباد ایئرپورٹ کے حکام ایف آئی اے کے ریڈار پر آ گئے

    فیصل آباد ایئرپورٹ کے حکام ایف آئی اے کے ریڈار پر آ گئے

    کراچی: فیصل آباد ایئرپورٹ کے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن پر نیب نے ایئرپورٹ حکام کے خلاف تحقیقات کے احکامات جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ کے حکام ایف آئی اے کے ریڈار پر آ گئے، نیب نے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے معاملہ ایف آئی اے کے حوالے کر دیا۔

    ضمیر الحسن نامی شہری نے فیصل آباد ایئرپورٹ کے ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی تحقیقات کے لیے نیب کو انکوائری کی درخواست دی تھی، جس پر نیب نے ڈی جی ایف آئی اے کو مراسلہ لکھ کر کہا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ انتظامیہ کے خلاف ٹھیکوں میں مبینہ کرپشن کی شکایت ملی ہے، اس کی تحقیقات کی جائیں۔

    پی آئی اے ایئرہوسٹس کا کارنامہ، بغیر پاسپورٹ کینیڈا پہنچ گئیں

    واضح رہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ انتظامیہ کے خلاف تمام چھوٹے بڑے ٹھیکے من پسند کمپنیوں کو دے کر مبینہ کرپشن کا الزام لگایا گیا ہے۔

  • پاکستان سے شارجہ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش  ناکام

    پاکستان سے شارجہ منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    فیصل آباد : اے ایس ایف نے منشیات اسمگلنگ کی کوششں ناکام بناتے ہوئے مسافر سے 1048 گرام آئس ہیروئن اور 192 گرام براؤن ہیروئن برآمد کر لی۔

    تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹس سیکورٹی فورس نے فیصل آباد ایئر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے شارجہ جانے والے مسافر سے 1048 گرام آئس ہیروئن اور 192 گرام براؤن ہیروئن برآمد کر لی۔

    مسافر حافظ محمد اختر نے ہیروئن بیگ کی تہہ میں مہارت سے چھپا رکھی تھی تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کی تلاشی کے دوران منشیات برآمد کر کے اسمگلنگ کی کوششں ناکام بنا دی-

    ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعدبرآمد شدہ منشیات سمیت مزید قانونی کارروائی کے لئے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

    یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں اسلام آباد اے این ایف کے عملے نے اسلام آباد ائیرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تین بین الاقوامی اسمگلروں کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا تھا۔

    ترجمان اےاین ایف کا کہنا تھا کہ ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر دوران تلاشی جارج نامی ملزم سے2 کلو600گرام ہیروئن برآمد ہوئی تھی۔

  • فیصل آباد ایئرپورٹ رن وے کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے، سعد رفیق

    فیصل آباد ایئرپورٹ رن وے کی تعمیر کا کام جلد مکمل کیا جائے، سعد رفیق

    کراچی : وفاقی وزیر ریلوے وہوا بازی خواجہ سعد رفیق کے فیصل آباد ایئر پورٹ پر اجلاس کی اندورنی کہانی سامنے آگئی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی وزیر سعد رفیق کو فیصل آباد ایئر پورٹ کے دورے کے موقع پر مستقبل کے حوالے سے اہم پروجیکٹس پر بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر وفاقی وزیر نے فیصل آباد ائیرپورٹ کے مرکزی رن وے کی تعمیرنو کی تاخیر پر سی اے اے افسران سے باز پرس کی۔

    انہوں نے ائیرپورٹ کے مرکزی رن وے کی تعمیر نو کو رواں سال اکتوبر تک ہر صورت مکمل کر نے کی ہدایت جاری کردی۔

    ائیر پورٹ مینجر نے بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساڑھے تین ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہو نے والے مرکزی رن وے کا61 فیصد مکمل ہوچکا ہے۔

    خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ فیصل آباد ائیرپورٹ کو موٹر وے سے لنک کرنے کے لئے پلاننگ شروع کردی گئی ہے جتنا عرصہ ہم اس حکومت کا حصہ ہیں اتنی ہی تیزی سے کام کی تکمیل چاہتے ہیں۔

    وفاقی وزیر نے سول ایوی ایشن کو ہدایت دی کہ فیصل آباد کے لئے مزید پروازوں میں اضافہ کیا جائے, اے ایس ایف حکام کی جانب سے بھی وفاقی وزیر کو بریفنگ دی گئی۔

     

  • 210 تولے سونا  دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    210 تولے سونا دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

    فیصل آباد: فیصل آباد ائیرپورٹ سے 210تولے سونا دبئی اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی اور مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ملک سونا اسمگلنگ کی کوششیں ناکام بنادی گئی ، فیصل آباد ائیرپورٹ ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والے مسافر کو گرفتار کرکے 210تولے سونا برآمد کرلیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برآمد سونے کی مالیت 2کروڑ 80لاکھ روپے بتائی جارہی ہے جبکہ فیصل آباد ائیرپورٹ کینٹین کے ملازم سمیت مزید 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

    یاد رہے رواں سال جنوری میں اے ایس ایف کے عملے نے باچا خان ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے مالیت کا سونا اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنائی تھی دو افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا تھا۔

    ترجمان اے ایس ایف نے بتایا تھا کہ افغان نیشنل مسافر مسمات سہیلہ الکوزے اور مسافر حواد خالدی سونا دو بیگوں میں لے جا رہے تھے تاہم اے ایس ایف کے عملے نے سامان کو مشکوک قرار دیتے ہوئے تلاشی کے دوران مذکورہ سونا برآمد کیا۔.

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سونے کی مالیت لگ بھگ 10کروڑ76لاکھ پاکستانی روپےبنتی ہے

  • فیصل آباد ایئر پورٹ پر کریش لینڈنگ کی صورت حال سے نمٹنے کی مشق

    فیصل آباد ایئر پورٹ پر کریش لینڈنگ کی صورت حال سے نمٹنے کی مشق

    کراچی: فیصل آباد ایئر پورٹ پر کریش لینڈنگ کی صورت حال سے نمٹنے کی مشق کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سی اے اے کی جانب سے فیصل آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے فل اسکیل مشق کا انعقاد کیا گیا۔

    مشق میں ایئر پورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) سمیت ریسکیو ادارے 1122 نے بھی حصہ لیا۔

    مشق کے دوران کریش لینڈنگ کی صورت میں طیارے میں پھنسے ہوئے مسافروں کو باہر نکالنے، فوری طبی امداد دینے اور اسپتال منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔

    ایئر پورٹ منیجر انور ضیا کا کہنا تھا کہ عالمی ہوا بازی کے قوانین کے مطابق فیصل آباد ایئر پورٹ پر ہنگامی مشقوں سے سی اے اے اور متعلقہ اداروں کے معیار کو مؤثر بنانا ہے۔

  • فیصل آباد ائیر پورٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    فیصل آباد ائیر پورٹ نے ایک اور سنگ میل عبور کرلیا

    کراچی : سال2021کے پہلے دن یکم جنوری کو شہری ہوابازی کے ادارے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصل آباد ایئر پورٹ کو بڑا تحفہ دے دیا۔

    اس حوالے سے ایئرپورٹ کے سیکنڈری رن وے کو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے تمام فلائٹ سیفٹی چیکس کرنے کے بعد کمرشل فلائٹس کے لئے کھول دیا گیا۔

    غیر ملکی ایرلائن کے طیارے نے سیکنڈری رن وے پر کامیاب لینڈنگ کی ہے۔ سول ایوی ایشن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیکنڈری رن وے بنانے کا مقصد مین رن وے اپ گریڈیشن اور اس دوران فیصل آباد سے فلائٹ آپریشن کو جاری رکھنا شامل ہے۔

    مین رن وے کی اپ گریڈیشن کا کام پہلے ہی شروع کردیا گیا ہے جس کا دورانیہ 18 ماہ پر محیط ہوگا اور کام مکمل ہونے کے بعد بوئنگ777 اور بڑے جہازوں کی لینڈنگ بھی یقینی ہوگی اور مزید غیر ملکی ایرلائنز فیصل آباد سے اپنا آپریشن شروع کرسکیں گی۔

  • فیصل آباد سے براہ راست یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشن کی تیاری

    فیصل آباد سے براہ راست یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشن کی تیاری

    فیصل آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے عالمی معیار کی سہولت فراہم کرنے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ سے براہ راست یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے۔ ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کی توسیع کا منصوبہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

    سیکنڈری رن وے کی تعمیر 7 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے جون تک مکمل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، مرکزی رن وے 3 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 2 سال میں مکمل ہوگا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کی اپ گریڈنگ عالمی معیار کی ہوگی، رن وے پر جہاز کی لینڈنگ میں رہنمائی کے لیے جدید سسٹم بھی نصب کیے جائیں گے۔

    اتھارٹی کے مطابق رن وے کی تعمیر سے ہیوی اور لانگ رینج کے بوئنگ 777 طیارے لینڈ کر سکیں گے جس سے سیاحت و تجارت کو فروغ ملے گا جبکہ بھاری زرمبادلہ بھی آئے گا۔

  • فیصل آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولت دستیاب

    فیصل آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولت دستیاب

    فیصل آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بڑے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے جدید سسٹم متعارف کروا دیا، پہلے مرحلے میں فیصل آباد ایئر پورٹ پر خود کار چیک ان مشینیں نصب کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد اور کراچی سمیت 5 بڑے ایئر پورٹس پر جدید سیلف چیک ان سسٹم نصب کرنا شروع کر دیے۔

    پہلے مرحلے میں فیصل آباد ایئر پورٹ پر خود کار چیک ان مشینیں نصب کردی گئیں جس کے بعد اب مسافر اپنی مدد آپ کے تحت اپنا بورڈنگ پاس حاصل کرسکیں گے۔

    کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت بڑے ایئر پورٹس پر 15 سے زائد جدید مشینیں مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کی جا رہی ہیں۔ یہ مشینیں فرانس سے درآمد کی گئی ہیں۔

    کراچی ایئر پورٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشل لاؤنج میں 2، 2 مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ جدید مشینوں کے نصب ہونے سے مسافر اپنا بورڈنگ پاس خود کار طریقہ سے حاصل کر سکیں گے۔

    خود کار چیک ان سسٹم فیصل آباد ایئر پورٹ پر نصب کیے جانے کے بعد 3 مشینیں اسلام آباد ایئرپورٹ، 2 پشاور، 2 کوئٹہ اور 2 ملتان ایئر پورٹ پر نصب کی جائیں گی۔

    سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ بھی خود کار چیک ان سسٹم کو استعمال کرتے ہوئے اپنے اپنے نیٹ ورکس سے فوری منسلک کریں۔

  • وزیر اعظم نے فیصل آباد ایئر پورٹ توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا

    وزیر اعظم نے فیصل آباد ایئر پورٹ توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فیصل آباد ایئر پورٹ توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے منصوبوں کی فہرست نہ ختم ہونے والی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے فیصل آباد ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا افتتاح کردیا۔ وزیر اعظم نے بین الاقوامی ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فیصل آباد کے ہوائی اڈے پر ہفتے میں 118 پروازیں آتی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فیصل آباد ہوائی اڈے کے توسیعی منصوبے کی تکمیل پر خوشی ہے۔ منصوبہ مقررہ مدت اور کم لاگت میں تعمیر ہوا۔ ’حکومت سنبھالی تو فیصل آباد ہوائی اڈے کی سہولت نہ ہونے کے برابر تھی۔

    وزیر اعظم نے کہا کہ فیصل آباد ہوائی اڈے میں پروازوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوگا۔ نواز شریف کے وژن کے مطابق ملک میں ترقی کا عمل جاری ہے۔ ہوائی اڈوں میں توسیع کا کام شروع کر رہے ہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ ہوا بازی کا شعبہ جدید معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ فیصل آباد میں نجی شعبے میں ہوائی اڈہ ایک بہترین منصوبہ ہوگا۔ یقین ہے سول ایوی ایشن انڈسٹری کا لیڈر بنے گا۔