Tag: Faisalabad unrest

  • حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے، عارف علوی

    حکومت کو گھر چلے جانا چاہئے، عارف علوی

    پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عارف علوی کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے قاتلوں کی گرفتاری تک مذاکرات نہیں ہوسکتے۔

    ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت عدم استحکام کا شکار ہے لہذا اسے گھر چلے جانا چاہئیے اور تحریک ِ انصاف اس مطالبے پر قائم رہے گی۔

    انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے گلوبٹ چار دن سے آج بد امنی پھیلانے کے لئے تیاری کررہے تھے اور آج انہوں نے طاقت کا مظاہرہ کیا لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔

    عارف علوی نے بتایا کہ جس شخص کی فائرنگ سے کارکن جاں بحق ہوئے اسے پولیس نے گھیرا لیکن رانا ثنا اللہ اسے اپنے ساتھ لے گئے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی کی کور کمیٹی میں مدعا اٹھائیں گے کہ جب تک کارکنوں کے قاتل گرفتار نہیں ہوجاتے حکومت کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات نہیں کئے جائیں۔

    عارف علوی کا کہنا تھا کہ پرویزرشید کہتے ہیں کہ تحریکِ انصاف لاشوں کی سیاست کرتی ہے لاشیں تو مسلم لیگ ن خود ہمارے کارکنوں کی گراتی ہے۔

  • کارکن کی ہلاکت، تحریک ِانصاف کا شہرشہراحتجاج

    کارکن کی ہلاکت، تحریک ِانصاف کا شہرشہراحتجاج

    کراچی: فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں پرمسلم لیگ کے کارکنوں کی جانب سے تشدد اورکارکن کی ہلاکت کے ردعمل میں شہرشہر احتجاج کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کراچی کی شاہراہِ فیصل ٹائر جلا کرآمد ورفت کے لئے بند کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کی مرکزی شاہراہ کو تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاجاً ٹائر جلا کر عوام کی آمد ورفت کے لئے بند کردیا ہے اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی جارہی ہے۔ احتجاج کے باعث صدر، طارق روڈ، شہید ملت روڈ سمیت تمام ملحقہ علاقوں میں بدترین ٹریفک جام کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔

    ملتان میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے نواں شہرچوک کو ٹائرجلا کر بند کردیا ہے اور ’گونوازگو‘ کے نعرے لگائے جارہے ہیں۔

    گجرات میں کارکنان نے جی ٹی روڈ جبکہ گجرانوالہ میں پنڈی بائی پاس کو رکاوٹیں اورٹائرجلا کربند کردیا ہے۔

    لاہور میں تحریک انصاف کی جانب سے مال روڈ پر احتجاج جاری ہے جس کے باعث گارڈن ٹاؤن، کینال روڈ اور کیمپس روڈ پر سینکڑوں گاڑیوں کی قطاریں لگ گئی ہیں۔

    دوسری جانب فیصل آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گھنٹہ گھر چوک پر کارکن کی ہلاکت کے خلاف شمعیں روشن کی ہیں جبکہ رانا ثنا اللہ کی رہائش گاہ کے باہر بھی احتجاج جاری ہے۔

    تحریک انصاف نے سانحۂ فیصل آباد کے خلاف کل ملک بھرمیں یومِ سوگ منانے کااعلان کیا ہے