Tag: faisalabad

  • فیصل آباد ایئرپورٹ کا رن وے بس اڈے میں تبدیل

    فیصل آباد ایئرپورٹ کا رن وے بس اڈے میں تبدیل

    فیصل آباد : فیصل آباد ایئرپورٹ پربین الاقوامی سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے، مسافروں کو طیاروں کے قریب اتارا جانے لگا۔ مسافروں کو اپنی مدد آپ کے تحت رن وے سے ایئر پورٹ جانے پر مجبور کردیا گیا، سول ایوی ایشن افسران خاموش تماشائی بن گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ کا رن وے بس ٹرمینل کا منظر پیش کرنے لگا، ایک وقت میں تین پروازیں آنے سے مسافروں کا رش لگ گیا، فیصل آباد کے رن وے پر پروازیں پسنجر کوچ کی طرح چلائی جانے لگیں۔

    ایئرپورٹ کا رن وے بس ٹرمینل بنا دیا گیا۔ کسی مسافر نے اپنا سامان اٹھا رکھا ہے تو کوئی بریف کیس کو گھسیٹتے ہوئے چلاجارہا ہے۔ ایئرپورٹ پر لاری اڈے یا ریلوے اسٹیشن کا گمان ہونے لگا۔

    فیصل آباد ایئرپورٹ پر کئی ماہ سے سیفٹی طریقہ کار نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ اس حوالے سے سول ایوی ایشن انتظامیہ خاموش تماشا کا کردار ادا کررہی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمائندے صلاح الدین نے بتایا کہ بین الاقوامی سیفٹی قوانین کے مطابق دو پروازیں بھی ایک ساتھ نہیں اتاری جاسکتیں جبکہ یہاں تین پروازوں کو بیک وقت اتار لیا گیا، مسافروں کو طیارے سے اتار کر بس کے ذریعے لاؤنچ منتقل کیا جاتا ہے۔

    انتظامیہ نے اس کا بھی کوئی بندوبست نہیں کیا، مسافر پیدل ہی لاؤنچ کی جانب رواں دواں ہیں، یہ سول ایوی ایشن کی جانب سے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

  • فیصل آباد: بھکاری عورت ایلیٹ فورس کی وردی میں

    فیصل آباد: بھکاری عورت ایلیٹ فورس کی وردی میں

    فیصل آباد: سڑکوں پر ایلیٹ فورس کی وردی پہنے ایک معذور خاتون کو بھیک مانگتے ہوئے دیکھا گیا ہے، ویڈیو سامنے آگئی۔

    تفصیلا ت کے مطابق فیصل آباد کے علاقے کنال روڈ پر پولیس ایلیٹ فورس کی وردی پہنے ہوئے ایک خاتون دکھائی اکثر دیتی ہے جو لوگوں سے بھیک مانگتی ہے۔

    اے آر وائی نیوز نے اس کی فوٹیج حاصل کرلی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک معذور خاتون دو بے ساکھیوں کے ذریعے تیزی سے کہیں جارہی ہے اس نے ایلیٹ فورس کی وردی پہن رکھی ہے اورکمر پر پولیس بھی واضح طور پر لکھا ہوا ہے۔

    اس ضمن میں اے آر وائی نیوز کے نمائندے قمر زمان نے بتایا کہ یہ خاتون فیصل آباد کے مصروف روڈ کنال روڈ سے گزرتی ہے، عینی شاہدین کے مطابق یہ وہاں اکثر بھیک مانگتی ہے، آج بھی یہ وہاں سے گزری جس کی ویڈیو بنالی گئی، پولیس کی وردی میں بھیک مانگنے کے باوجود پولیس نے اسے کبھی پکڑںے کی کوشش نہیں کی۔

    رپورٹر کے مطابق جیسے ہی اس کی فوٹیج بنائی گئی وہ تیزی سے وہاں سے فرار ہوگئی اس کے بارے میں مزید معلومات کی کوشش کی جارہی ہیں۔

  • فیصل آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    فیصل آباد: نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق

    فیصل آباد : نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو موٹر سائیکل سوارافراد جاں بحق ہوگئے۔ مقتولین آپس میں کزن تھے اور ڈیرے پر جا رہے تھے، پولیس نے واردات کو خاندانی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے بنڈالہ میں دہرے قتل کی واردات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے، مقتولین موٹر سائیکل پر ڈیرے پر جا رہے تھے کہ نامعلوم افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بن گئے۔

    تھانہ ڈجکوٹ کے گاؤں میانی کا رہائشی محمد ناصر اور اس کا چچا زاد اٹھارہ سالہ بہاول شیر جمعے کی رات موٹر سائیکل پر ڈیرے پر جا رہے تھے۔

    راستے میں نامعلوم افراد نے انہیں روک کر فائرنگ کر دی جس سے ناصر موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ جبکہ شدید زخمی ہونے والا بہاول شیر الائیڈ اسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گیا۔

    نامعلوم ملزمان دہرے قتل کی واردات کے بعد با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔ پولیس نے واردات کو خاندانی رنجش کا شاخسانہ قراردے دیا۔

  • پاناما کا پاجامہ شیخ رشید اورعمران خان کو پہنایا جائیگا، رانا ثناء اللہ

    پاناما کا پاجامہ شیخ رشید اورعمران خان کو پہنایا جائیگا، رانا ثناء اللہ

    فیصل آباد : صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پاناما کا شکنجہ اب پاجامہ بن رہا ہے جو شیخ رشید اورعمران خان کو جلد پہنا دیا جائے گا، پی ٹی آئی کے چیئرمین پیش گوئیوں پر سال تبدیل کرتے ہوئے گزارا کرتے رہیں گے اورالیکشن اپنے وقت پر ہی ہوں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، رانا ثناء اللہ نے عمران خان اور شیخ رشید کے بہاولپور جلسے سے کئے گئے خطابات کا بھرپور جواب دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید نے نوازشریف سے متعلق انتہائی گھٹیا بات کی۔

    شیخ رشید کے ڈھیٹ پن اور بے شرمی کی مثال پورے پاکستان میں نہیں ملتی۔ عمران خان ابھی گزارا کریں 2017 انتخابات کا سال نہیں ہے۔ عمران خان صرف پیش گوئیوں پرگزارا کرتے رہیں گے۔ انتخابات 2018 میں ہوں گے، سڑکوں اور تھرڈ امپائر کی سیاست کرنے والوں کی نفی ہوگی اور نوازشریف 2018 تک ملک کے وزیراعظم رہیں گے۔

    رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سی پیک کا کریڈٹ کوئی نواز شریف سے نہیں چھین سکتا، 2017 میں جاری ترقیاتی منصوبے مکمل ہوں گے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے آنے سے پارلیمنٹ مضبوط ہوگی۔

  • جعلی وفاقی وزیربن کرسرکاری اداروں کو چکمہ دینے والا ملزم گرفتار

    جعلی وفاقی وزیربن کرسرکاری اداروں کو چکمہ دینے والا ملزم گرفتار

    فیصل آباد : ایف آئی اے نے جعلی وفاقی وزیر بن کر فراڈ کرنے والے ملزم کو حراست میں لے لیا، ملزم سلامت علی چوہان نے وزیراعظم اورجج سمیت تمام وفاقی اورصوبائی اداروں کو جعلی وفاقی وزیر بن کر چکمہ دیا اور بے شمار فوائد حاصل کیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے چند روز قبل لاہور سے ایک ملزم سلامت علی چوہان کو گرفتار کیا ہے جو گزشتہ چھ سال سے خود کو وفاقی وزیر ظاہر کرکے سرکاری اداروں سے مختلف مراعات حاصل کر رہا تھا، ملزم کیخلاف کارروائی ایک شہری کی درخواست پر کی گئی۔

    ملزم سلامت علی سے جعلی لیٹر پیڈ، مہریں، جعلی تقرر نامے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ ایف آئی اے کی تفتیش کے دوران جعلی وفاقی وزیر سلامت علی نے اہم انکشافات کیے ہیں، ملزم نے وزیر اعظم سمیت صوبائی حکومتوں سے سیکیورٹی اور دفاتر بھی لے لیے، کسی ادارے نے بھی جعلی وزیر کےخطوط کی تصدیق نہ کی۔

    پی ٹی سی ایل نے جعلی وزیر کے خط پر سرکاری فون کا کنکشن بھی دے ڈالا، اس کے علاوہ ڈٰ ی سی او لاہور نے ملزم کو گاڑی اورسیکیورٹی اہلکار فراہم کرنے کیلئے پولیس کو حکم بھی دے دیا۔

    جعلی وزیر نے وزیر اعظم نوازشریف کو ملاقات کا وقت دینے کا خط بھی لکھا تھا، جعلی وزیر سلامت علی چوہان نے وزارت خزانہ کو سرکاری ملازمین کی اپنے ادارے سے رجسٹریشن کیلئے خط لکھا۔

    ملزم سلامت علی نے بیت المال کو سرکاری فنڈ اپنے ادارے میں منتقل کرنے کیلئے خط لکھے، جعلی وزیر نے بلاسود قرضے دلانے کا جھانسہ دے کرسینکڑوں لوگوں سے لاکھوں روپے بھی بٹورے۔

  • فیصل آباد کی سیاسی شخصیت پربہو کے قتل کا الزام

    فیصل آباد کی سیاسی شخصیت پربہو کے قتل کا الزام

    فیصل آباد : ذوالفقار آباد کی سیاسی شخصیت پر اپنی بہو کو زہر دینے کا الزام سامنے آیا ہے۔ مقتولہ ثمینہ کی والدہ نے الزام لگایا ہے کہ ن لیگ کے سٹی کونسل چیئرمین ملک مختار اوراس کے بیٹوں نے ہی میری بیٹی کوقتل کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے ذوالفقار آباد میں ایک خاتون کے قتل میں مقامی سیاسی شخصیت سٹی کونسل   کے وائس چئیرمین ملک مختار پر اس کی بہو مقتولہ ثمینہ کی والدہ نے قتل کا الزام عائد کیا ہے، ملک مختار کا تعلق نون لیگ سےہے۔

    ثمینہ کی والدہ نے کہا ہے کہ ثمینہ کو اس کے شوہر رضوان اورجیٹھ بلال نے زہر دے کر مارا ہے۔ قتل میں ان کا والد بھی ملوث ہے۔

     ثمینہ کی والدہ کا رو رو کر برا حال ہے، ان کا کہنا ہے کہ بیٹی کو جس گھر بیاہ کر بھیجا تھا وہاں سے اس کی لاش آگئی، ثمینہ کو اس کے شوہر رضوان اور جیٹھ بلال نے زہر دے کر مارا ہے۔

    ثمینہ اوراس کی بہن کی شادی دوسال قبل اپنے تایا سٹی کونسل کے وائس چئیرمین ملک مختار کے بیٹوں سے ہوئی تھی۔ دونوں بہنوں پر تشدد کیا جاتا تھا، ثمینہ کی بڑی بہن کو چند روز پہلے ہی خاوند نے گھر سے نکال دیا تھا۔

    ثمینہ کابھائی کہتا ہے کہ سیاسی اثررسوخ کی وجہ سے ہمیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ ثمینہ کے بھائی مزید نے بتایا کہ ثمینہ کو سسرال والے اولاد نہ ہونے کا طعنہ دیتے تھے، ملک مختار بھی میری بہن پر تشدد کرتا تھا، سسر سیاسی اثر و رسوخ رکھتا ہے اورہمیں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دے رہا ہے۔

    انہوں نے اپیل کی کہ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف ہمیں انصاف دلائیں، پولیس ذرائع کے مطابق مقدمے میں مقتولہ ثمینہ کے شوہر رضوان، جیٹھ بلال اور جیٹھانی صدف کا نام شامل کیا گیا ہے۔

    واقعے کے بعد مقتولہ کے سسرال والے گھرکو تالے لگا کرفرار ہوگئے، پولیس کو کسی ملزم کی گرفتاری میں تاحال کوئی کامیابی نہیں ملی ہے۔

  • بلاول بھٹو بات کرنے کی تمیز سیکھیں، عابد شیرعلی

    بلاول بھٹو بات کرنے کی تمیز سیکھیں، عابد شیرعلی

    فیصل آباد : وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیرعلی نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو بات کرنے کی تمیز سیکھنی چاہیئے، پیپلز پارٹی انکل اور آنٹی سے ملک کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائے،” بچہ تو بچہ ہے بچوں سے کیا بات کرنی “۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد کے ایک چرچ میں کرسمس کیک کاٹنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    عابد شیرعلی نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ احتساب کا وقت آ گیا، بلاول بھٹو کے انکل اور آنٹیوں سے لوٹی ہوئی دولت واپس لیں گے، بلاول  پہلے ملک کی لوٹی ہوئی  دولت واپس لائیں پھر ہم سے احتساب کی بات کریں۔

    عابد شیرعلی نے طنزیہ انداز میں کہا کہ بچہ تو بچہ ہے، دل بھی بچہ ہے اور آگے بھی بچہ ہے۔

     انہوں نے سندھ حکومت کی کارکردگی پر صوبائی وزراء کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے کراچی کو کوڑستان بنا دیا، صوبائی وزرا نے مزار قائد کا فانوس تک اتار کر بیچ دیا، سانحہ بلدیہ سندھ میں جاری گینگ وار کا شاخسانہ ہے۔

    انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز لیگ آئندہ عام انتخابات میں سندھ میں کلین سوئپ کرے گی۔ وزیر مملکت عابد شیر علی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلز پارٹی  27 دسمبر کو اپنی قبر کھودنے جا رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فیصل آباد شہر کو قبضہ گروپ نے گھیرے میں لیا ہوا ہے، بلدیاتی انتخابات میں ٹکٹ ملنے کے دعوے داروں کے دعوے دھرے رہ گئے، جو لوگ ٹکٹ کے دعوے کرتے تھے ان کو منہ کی کھانی پڑے گی۔

    انہوں نے مزید کہا کہ میئر کا الیکشن ایک میچ ہے، تبدیلی ووٹ سے آئے گی، ڈنڈے اور دھرنے سے نہیں، فیصلہ 22 دسمبر کو ہو گا۔

  • گورنر پنجاب نے علامہ اقبال ؒ کے شعرکا حلیہ ہی بگاڑدیا

    گورنر پنجاب نے علامہ اقبال ؒ کے شعرکا حلیہ ہی بگاڑدیا

    فیصل آباد : گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے بھی شعر کی ٹانگ توڑ دی۔ ایک تقریب میں وہ علامہ اقبالؒ کا مشہورشعر ہی بھول گئے، شہبازشریف اور قائم علی شاہ بھی اس فن میں ماہرہیں، اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعلیٰ سندھ بھی شاعری کے ساتھ دو دو ہاتھ کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے کنووکیشن کی تقریب میں گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کو شعر کہنے کی سوجھی لیکن وہ اس میں کامیاب نہ ہو سکے۔

    گورنر پنجاب اپنی تقریر کے دوران علامہ اقبالؒ کا بہت مشہور شعر ہی بھول گئے کہ اصل شعر تھا کیا؟ کبھی زمین تو کبھی مٹی کو ذرخیز کہتے رہے۔

    یاد رہے کہ چند ماہ قبل اسی شعر کے ساتھ یہی سلوک وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے بھی ماڈل ٹاؤن میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران کیا تھا۔

    اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی شعر کے معاملے پر خاصے بھلکڑ واقع ہوئے ہیں، سیاستدانوں کی شعر و شاعری سے یہ چھیڑخانی اکثر سننے والوں کے چہروں پر مسکراہٹیں بھی بکھیردیتی ہے۔

  • عمران خان کا سونامی پشاور کے بعد راولپنڈی میں دفن ہوگیا، عابد شیرعلی

    عمران خان کا سونامی پشاور کے بعد راولپنڈی میں دفن ہوگیا، عابد شیرعلی

    فیصل آباد : وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عمران خان کا سونامی پہلے پشاور اور بعد میں راولپنڈی میں دفن ہوگیا، ملک کو دہشت گردی کے خطرات لاحق ہیں لیکن عمران خان کو دھرنے کی پڑی ہوئی ہے، عمران خان اور دھرنے والوں کو شرم آنی چاہئیے۔عمران خان رائیونڈ نہیں بلکہ تبلیغی اجتماع گاہ جائیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، عابد شیرعلی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی سی پیک اور پاکستان کے دشمن ہیں، عمران خان بھارت کی زبان بول رہےہیں اور یہ ان ہی کے ایجنٹ ہیں۔

    انہوں نے وزیر اعظم کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کی جانے والی تقریر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف نے جرات کیساتھ عالمی سطح پر کشمیر کا مؤقف پیش کیا اور کشمیریوں کی آواز عالمی برادری تک پہنچائی۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت دنیا کا سب سے بڑا دہشت گرد ملک ہے، پی ٹی آئی کے رائے ونڈ مارچ کے حوالے سے ایک سوال کےجواب میں ان کا کہنا تھا کہ اپنے قائد کی رہائش گاہ کا دفاع کرنا ہمیں بہت اچھے طریقے سے آتا ہے، پاکستان کی ترقی کچھ لوگوں کو ہضم نہیں ہوتی۔

    شیخ رشید نے نوازشریف سے پارٹی میں شامل ہونے کیلئے منت سماجت کی تھی، انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے زیادہ ٹیکس میں ادا کرتا ہوں۔

     

  • اپنے قائد کے گھرکی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، عابد شیرعلی

    اپنے قائد کے گھرکی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں، عابد شیرعلی

    فیصل آباد : وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ جاتی امرا کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ہمارے گھروں پر حملہ ہوا تو خاموش نہیں رہیں گے ہم اپنے اوراپنے قائد کے گھرکی حفاظت کرنا اچھی طرح جانتے ہیں ہمارے گھر کی طرف اگر کوئی گیا تو وہ واپس نہیں آسکے گا۔

    انہوں نے کہا عمران خان کو سیاست میں رہنے کیلئے چند لاشیں چاہئیں جو ہم نہیں گرنے دیں گے۔ پی ٹی آئی کی سیاست رائے ونڈ کی نہر میں غرق ہوجائے گی ۔ کوئی نقصان ہوا توعمران خان کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرکے جیل میں ڈالیں گے۔

    وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان کی جھوٹی سیاست کو الیکشن کمیشن اورسپریم کورٹ نے بھی رد کردیا ہے، اس لیے وہ مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے پی ٹی وی اور پارلیمنٹ پر حملہ کیا۔

    عمران خان رات کو سوتے وقت وزیراعظم ہوتے ہیں، صبح اصل حالت میں آجاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ رائیونڈ مارچ کے بعد پی ٹی آئی کی سیاست رائے ونڈ میں ہی غرق ہوجائے گی۔