فیصل آباد : ن لیگ کے سو سے زائد چیئرمینوں نے استعفوں کی دھمکی دے دی۔
تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں یوسی چیئرمین اپنی ہی جماعت مسلم لیگ ن کے خلاف پھٹ پڑے۔ حکومت کو ایک ہفتے کا الٹی میٹم دےدیا۔
پولیس پر نیشنل ایکشن پلان ناکام بنانے کا الزام بھی لگادیا.فیصل آباد میں نواز لیگ کے بلدیاتی نمائندوں نے پولیس کارروائیوں کےخلاف سات دن کا الٹی میٹم دے دیا۔
سوسےزائد چیئرمینوں نےاستعفوں کی دھمکی دےڈالی۔ یو سی چیئرمینز نے پریس کانفرنس میں الزام لگایا کہ بااثر شخصیات کی ایماء پر ہراساں کی جارہاہے۔
منتخب عوامی نمائندوں نے کہا کہ اگر کارروائی کرنے والے پولیس افسران کو معطل نہ کیا گیا تو مستعفی ہوجائیں گے۔
ن لیگی چیئرمینز نے کہا کہ پولیس نیشنل ایکشن پلان کوناکام بنارہی ہے۔ یاد رہے کہ فیصل آباد میں بلدیاتی انتخابات کےدوران لیگی رہنما عابد شیرعلی اوررانا ثناءاللہ گروپ آمنے سامنے آگئے تھے۔
کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فیصل سبزواری کراچی پہنچ گئے ہیں۔ وہ چھ ماہ سے امریکا میں مقیم تھے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ کے سابق وزیر برائے امورِنوجوانان اور ایم کیو ایم کے سینئر رہنما فیصل سبزواری جو کہ کراچی میں ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر چھاپے کے بعد سے منظرِ عام سے غائب تھے۔
آج چھ ماہ امریکا میں قیام کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں، کراچی ائیر پورٹ پر ان کا استقبال خواجہ اظہار الحسن اوردیگرمتحدہ رہنماؤں نے کیا،
ذرائع کے مطابق فیصل سبزواری پہلے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کی رہائش گاہ پرجا کر ان سے ملاقات کریں گے۔
کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل سبزواری نے کہا کہ ایم کیو پر برا وقت ہے اسی لئے واپس آیا ہوں، متحدہ قومی موومنٹ اپنے ارتقا کے عمل سے گزر رہی ہے،
انہوں نے کہا کہ اپنے مسائل حل کرکے پہلی فرصت میں وطن واپس آیا ہوں، ہمارا کام ہے کہ اپنی پارٹی کو مضبوط بنا کر شہر کے مسائل حل کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ کڑے وقت میں کارکنان کا ساتھ دینے آیا ہوں، ایک صحافی نے ان سوال کیا کہ آپ کو منزل چاہیئے یا رہنما جس پر انہوں نے برجستہ کہا کہ فی الحال گاڑی اورکھانا چاہیئے۔
ایک سوال کے جواب میں فیصل سبزواری نے کہا کہ سیاست کرنا سب کا حق ہے، مصطفیٰ کمال سے میرا کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔ ایم کیو ایم میں تھا اور ایم کیو ایم میں ہی رہوں گا، کیونکہ شہر کراچی کی نمائندگی ایم کیو ایم کو ہی کرنی ہے۔ ایم کیو ایم کا مستقبل روشن ہے۔
یاد رہے کہ فیصل سبزواری کے متعلق میڈیا میں افواہات گردش کررہی تھیں کہ انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے اختلافات کی بنا پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی تھی تاہم فیصل سبزواری کی جانب سے ایساکوئی اعلان نہیں کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بانی ایم کیو ایم نے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے فروغ نسیم، فیصل سبزواری اور رؤف صدیقی کو دھوکے باز قرار دیا تھا۔
بعد ازاں ایم پی اے فیصل سبزواری نے صوبائی اسمبلی کی نششت سے مستعفی ہوتے ہوئے اپنا استعفیٰ پارٹی قیادت کو بھجوا دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی کی جانب سے فیصل سبزواری کا استعفیٰ منظور نہیں کیا گیا تھا اور یہ امکان بھی ظاہرکیا گیا کہ ان کا استعفیٰ منظورنہ کرتے ہوئے معافی دے دی جائے گی۔
فیصل آباد: وفاقی وزیر مملکت عابد شیرعلی نے فیصل آباد میں اسکول کادورہ کیا اورطالبات سے سبق سنا،طالبات نے تو سبق سنادیا لیکن وزیرصاحب ان کے سوال کا جواب نہ دے سکے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت عابد شیرعلی فیصل آباد میں گرلزاسکول ناظم آباد پہنچے تو طالبات نے ان کا بھرپور استقبال کیا، اس موقع پر بچیاں پھول لیے کھڑی تھیں، وزیرمملکت وہ ہی پھول بچیوں پرہی نچھاورکر دیئے۔
عابدشیرعلی خاصے خوشگوارموڈ میں تھے، وزیرمملکت نےاسکول میں مختلف کلاسوں کا معائنہ کیا اور طالبات سے سبق بھی سنا جو انہوں نے فرفر سنادیا۔
اسکول کی طالبات کی جانب سے جب وزیرمملکت سےسوال کیا گیا تو موصوف کی سٹی گم ہوگئی، بچیوں کا کہنا تھا کہ ’’آپ جب بھی اسکول آتےہیں، بجلی نہیں ہوتی‘‘ عابد شیرعلی طالبات کےسوال کا جواب نہ دے سکے اور صرف اتنا کہنے پراکتفا کیا کہ بجلی اپنے وقت پر آجائے گی۔
اسکول کی میڈم نے جلتی پر تیل کا کام کرتے ہوئے کہا کہ بچیوں کو خبر ہے کہ بجلی کے وزیرآئے ہیں۔ یاد رہے کہ عابد شیرعلی نے اسکول میں تو بچیوں کا سبق سنا لیکن کچھ عرصہ قبل وہ قومی اسمبلی میں بھی اپنا سبق نہیں سنا سکے تھے۔
فیصل آباد : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے بنگلہ دیش میں کھڑے ہو کر پاکستان توڑنے کا اعتراف کیا اور نواز شریف اس سے پگڑیاں تبدیل کرتا ہے، نواز شریف اور پاکستان اکٹھے نہیں چل سکتے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے فیصل آباد میں قصاص تحریک ریلی سے خطا ب کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید احمد نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں میں پانچ سو ارب کا فراڈ کیا گیا ہے۔
حکمران عوام کو بے وقوف سمجھتے ہیں، قوم کو کمیشن خوروں اور لٹیروں سے جان چھڑانا ہوگی۔ حکمران ہمیں گلی سڑی سبزیاں سمجھتے ہیں،گھی سیدھی انگلی سے نہیں نکلے گا ٹیڑھی کرنی پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، قوم وزیر اعظم نواز شریف کو پہچان چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں محمود خان اچکزئی نے نواز شریف کے کہنے پر بیان دیا۔
فیصل آباد:شہر میں ٹاٹا بازار سے پیر کی شام لاپتا ہونے والی10 سالہ بچی خدیجہ تھانہ بٹالہ کالونی کے قریب فٹ پاتھ سے مل گئی,بچی نے بیان دیا ہے کہ دکان دار نے سر پر کوئی چیز مار کر بے ہوش کیا۔
ٹاٹا بازار گنیش ملز کے رہائشی محنت کش رفیق کی چوتھی جماعت کی طالبہ بیٹی خدیجہ پیر کی شام ٹیوشن پڑھ کر گھر واپس جاتے ہوئے لاپتا ہو گئی تھی ۔ خدیجہ پراسرار گمشدگی کے بعد چار گھنٹے بعد ستیانہ روڈ پر پہنچ گئی جہاں تاجروں نے اس کے اسکول بیگ میں موجود کاپی سے فون نمبر لے کر اس کے والدین کو بلا کر خدیجہ کو ان کے حوالے کر دیا۔
اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے خوف زدہ بچی خدیجہ کا کہنا تھا ٹیوشن سے واپسی پر گھر کے قریب اکبر کی دکان میں چیز لینے گئی تو دکان دار نے اس کے سر پر کسی سخت چیز کا وار کر کے اسے بے ہوش کر دیا ۔ جب اسے ہوش آیا تو وہ فوارہ چوک کے قریب فٹ پاتھ پر پڑی تھی ۔ تھانہ بٹالہ کالونی پولیس نے خدیجہ اور اس کے والدین کے بیان قلم بند کرنے کے بعد رات گئے تک مبینہ ملزم دکان دار کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی تھی۔
فیصل آباد : سمندری میں ایک نوجوان نے گھریلو جھگڑے پر فائرنگ کر کے ماں اور بھائی کو قتل کردیا۔ دہرے قتل کی واردات کے بعد ملزم با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق بیوی کی محبت میں شوہر ماں اور بھائی کا قاتل بن گیا۔ فیصل آباد کے علاقے سمندری کے رہائشی اکبر نے اپنی بیوی کو ناراض کرنے پر ماں اور چھوٹے بھائی کی جان لے لی۔
پینتیس سالہ اکبر کی بیوی کچھ عرصہ قبل گھریلو جھگڑے پر روٹھ کر اپنے میکے چلی گئی تھی۔ جس کا اس کو بہت رنج تھا،اسی بات پر والدہ کے ساتھ تلخ کلامی کے بعد اکبر نے مشتعل ہوکر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
فائرنگ سے اس کی والدہ پچاس سالہ رفیقہ بی بی اور پچیس سالہ بھائی عبدالسلام موقع پر جاں بحق ہو گئے۔ فائرنگ کے بعد ملزم اکبر موقع سے فرار ہو گیا۔ پولیس نے لاشوں کو اپنے قبضے میں لے کر قانونی کارروائی کیلئے اسپتال منتقل کردیا۔
فیصل آباد : نواحی علاقے چک جھمرہ میں نوجوان نے باپ اور بہن کو غیرت کے نام پر قتل کردیا جبکہ ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق فیصل آباد چک جھمرہ کے گاؤں تلونڈی میں رضوان نامی نوجوان نے غیرت کے نام پر اپنی دو بہنوں اور باپ پر چھریاں چلادیں۔
جس کے نتیجے میں پچاس سالہ محمد اقبال اوراس کی تیس سالہ بیٹی سمیرا موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ دوسری بہن سائرہ کو تشویشناک حالت میں الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا جس کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔
پولیس نے ملزم رضوان کو آلہ قتل سمیت گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا ہے، جس سے واقعے سے متعلق مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
فیصل آباد : غیرت کے نام پر قتل کو غیر اسلامی فعل اور گناہ کبیرہ قرار دے دیا گیا، غیرت کے نام پر خواتین کے قتل پر سنی اتحاد کونسل نے شرعی اعلامیہ جاری کردیا۔
اسلام بالغ عورتوں کو پسند کی شادی کا حق دیتا ہے۔ چالیس مفتیوں کا اجتماعی فتویٰ میں حکومت سے ایسے واقعات روکنے کے لئے سخت قوانین بنانے اور ملزمان کو پھانسی کے پھندے پر لٹکانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنی اتحاد کونسل کے چالیس مفتیان کرام نے اپنے اجتماعی فتویٰ میں غیرت کے نام پر خواتین کے قتل کو غیر اسلامی فعل اور بدترین گناہ قرار دے دیا ہے۔
فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ غیرت کے نام پر قتل کو جائز سمجھنا کفر ہے ۔ خواتین کو پسند کی شادی کرنے پر زندہ جلانا اسلامی احکامات کے منافی ہے۔
عورتوں کو زندہ جلانا کفر ہے ۔ فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ اسلام نے بالغ عورتوں کو پسند کی شادی کرنے کا حق دیا ہے ۔ معاشرے میں مروج عزت اور غیرت کے خود ساختہ معیارات جہالت ، گمراہی اور کفر پر مبنی ہیں ۔
اسلام حکمرانوں پر عورتوں کے حقوق کا تحفظ فرض قرار دیتا ہے اس لئے حکومت عورتوں کے قتل کے واقعات کو روکنے کے لئے موثر قانون سازی کرے ۔
خواتین کو قتل کرنے اور زندہ جلانے کے قبیح فعل کو ناقابل معافی، ناقابل مصالحت اور نا قابل ضمانت جرم قرار دیا جائے اور ملزمان کو پھانسی دی جائے ۔
اجتماعی فتویٰ میں کہا گیا ہے کہ ایبٹ آباد ، مری اور لاہور میں خواتین کو زندہ جلانے کے واقعات نے معاشرے کو لرزہ دیا ہے ۔
سنی اتحاد کونسل کے جن مفتیوں نے شرعی اعلامیہ جاری کیا ہے ان میں مفتی حسیب قادری ، ڈاکٹر مفتی کریم خان ، علامہ نعیم جاوید نوری ، مفتی اکبر رضوی ، مفتی رمضان جامی ، علامہ حامد سرفراز ، مفتی محمد بخش رضوی ، مولانا اکبر نقشبندی ، مفتی محمد حسین صدیقی بھی شامل ہیں۔
فیصل آباد : وزیر مملکت عابد شیرعلی کا کہنا ہے ٹریکٹر ٹرالی بے حد مفید چیز ہے، کسان باربرداری کے ساتھ ساتھ سفر کے لئے بھی استعمال کرتے ہیں، دھوپ لگنے سے عمران خان کا دماغی توازن مزید خراب ہو چکا ہے۔
فیصل آباد کے تھانہ کوتوالی میں قائم فرنٹ ڈیسک کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عابد شیرعلی کا کہنا تھا میں صرف مفید چیزوں کی بات کرتا ہوں اور صرف کسان ہی جانتا ہے کہ ٹریکٹر ٹرالی کتنی مفید چیز ہے، انہوں نے کہا کہ عمران خان انتشار کی سیاست کرتے ہیں ۔
انہوں نے پہلے بھی کنٹینر اپنا شوق پورا کیا تھا لیکن اب عوام نے دھرنے کی کال مسترد کردی ہے،خیبر پختونخوا میں چوہوں کے بعد خواجہ سراؤں کی بھی شامت آگئی ہے ۔
عابد شیرعلی کا کہنا تھا کے پی کے میں چوہے مارنے کا بل لایا جا رہا ہے جو اللہ کا عذاب ہے، وزیر مملکت نے کہا کہ ٹی او آرز کے ذریعے الزامات کی سیاست ختم ہونی چاہئے ۔
فیصل آباد : پانی و بجلی کے وزیر مملکت عا بد شیرعلی کا کہنا ہے وزیراعظم نواز شریف عیدالفطر پاکستان میں منائیں گے، ٹریکٹر ٹریکٹر ہوتا ہے ، ٹرالی ٹرالی ہوتی ہے،خواجہ آصف نے شیریں مزاری کا نام نہیں لیا تھا۔
فیصل آباد میں فیسکو ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عابد شیر علی کا کہنا تھا وزیراعظم نواز شریف تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور وہ عید تک وطن واپس آ جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا نام پا نا مہ لیکس میں شامل نہیں ہے لیکن اس کے باوجود وہ صفا ئی دینے کے لئے تیار ہیں، اسی طرح ٹی او آرز پر بھی ہماری نیت صاف ہے ۔
انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف نے شیریں مزاری کا نا م لئے بغیر ٹر یکٹر ٹرالی کہا اور پھر بھی معا فی ما نگی حالانکہ ٹریکٹر ٹریکٹر ہو تا ہے اور ٹرا لی ٹرالی ہو تی ہے ۔
عابد شیرعلی کا کہنا تھا پاکستان نے ثا بت کیا ہے کہ پٹھان کوٹ حملوں میں اس کا کوئی ہاتھ نہیں اور پا کستان اپنے تمام ہمسایہ ممالک سے دوستی کا خواہاں ہے ۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا لوڈ شیڈنگ پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے، ماہ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف پر بیٹھنے والوں کے لئے خصوصی پیکج دیا جائے گا ۔