Tag: faisalabad

  • خوفناک ٹریفک حادثہ : ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

    خوفناک ٹریفک حادثہ : ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

    فیصل آباد میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے رکشہ میں سوار ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے ، مرنے والوں میں چار خواتین شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں جھمرہ فلائی اوور کے قریب تیز رفتار گاڑی نے لوڈر رکشے کو ٹکر ماردی۔

    خوفناک حادثے کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد جاں بحق اورتین شدید زخمی ہوگئے مرنے والوں کی لاشیں اور زخمیوں کو طبی امداد کیلئے مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

    مرنے والوں میں ماں، دو کمسن بیٹیاں، ایک بیٹا اور ساس شامل ہیں، ڈرائیور جائے حادثہ پر گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

    پولیس کے مطابق سکندرپور کا رہائشی محنت کش امجد اپنے گھر والوں کے ہمراہ رکشے میں گھر جارہا تھا کہ اچانک ایکسپریس وے پر گاڑی نے ٹکر مار دی۔

    امجد اور اس کے دو بیٹے حادثے میں زخمی ہوگئے جنہیں الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، پولیس نے مقدمے کے اندراج کے بعد مفرور ڈرائیور کی تلاش شروع کردی۔

  • حملہ آور خاتون نے بیوٹیشن کو اٹھا کر صوفے پر پٹخ دیا، فوٹیج سامنے آ گئی

    حملہ آور خاتون نے بیوٹیشن کو اٹھا کر صوفے پر پٹخ دیا، فوٹیج سامنے آ گئی

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک بیوٹی پارلر کے اندر خواتین حملہ آوروں نے بیوٹیشن کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے بٹالہ کالونی میں 2 خواتین سمیت 3 افراد نے بیوٹی پارلر پر حملہ کیا، حملہ آوروں نے بیوٹی پارلر میں خاتون بیوٹیشن پر تشدد کیا۔

    ویڈیو میں خاتون پر تشدد ہوتے دیکھا جا سکتا ہے، بھاری بھرکم خاتون نے بیوٹیشن کو پکڑ کر صوفے پر گرایا اور اس کے اوپر بیٹھ کر مکے مارنے لگی، حملہ آور خواتین نے متاثرہ بیوٹیشن سے سونے کا لاکٹ بھی چھینا اور فرار ہو گئیں۔

    تشدد کی شکار ہونے والی بیوٹیشن شبانہ نے تھانہ بٹالہ کالونی میں حملہ آوروں کے خلاف درخواست دے دی ہے، جس میں انھوں نے کہا کہ ثوبیہ اور آمنہ نے اپنے ایک ساتھی کے ساتھ مل کر ان پر حملہ کیا۔

  • فیصل آباد : گھر میں  لگنے والی آگ نے 3 کمسن بچوں کو جلا ڈالا

    فیصل آباد : گھر میں لگنے والی آگ نے 3 کمسن بچوں کو جلا ڈالا

    پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ایک گھر میں آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں 3 بچے جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے عامر ٹاؤن کے ایک گھر میں آگ لگنے سے3کمسن بہن بھائی بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔

    ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے سے2افراد زخمی بھی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا، جاں بحق بچوں میں 6ماہ کی عنبر،6 سالہ ایمان اور 8سالہ ارسلان شامل ہے۔

    جاں بحق بچوں کا باپ جعفر اور 3سالہ بہن نورفاطمہ شدید زخمی ہوگئے، زمیندار سلیم کے مطابق جعفر اپنی بیوی اور4بچوں کے ساتھ ایک کمرے کے مکان میں مقیم تھا، جعفر کام پرجاتے وقت کمرے کو تالا لگا کر جاتا تھا۔

    زمیندار سلیم نے بتایا کہ جعفر کی بیوی اور بچے اسی کمرے ہی میں بند رہتے تھے، اس نے اندیشہ ظاہر کیا کہ شاید کمرے میں بچوں کے ماچس جلانے سے آگ لگی ہوگی۔

    علاوہ ازیں عامر ٹاؤن میں آتشزدگی سے3 بچوں کی موت کے معاملہ پر آر پی او فیصل آباد ڈاکٹرعابد خان نے آتشزدگی کی انکوائری کیلئے کمیٹی تشکیل دیدی۔

    ان کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے، مذکورہ کمیٹی میں ایس پی مدینہ ڈویژن، اےایس پی پیپلز کالونی سرکل، ایس ایچ او تھانہ مدینہ ٹاؤن شامل ہیں

     

  • ریٹائرڈ استاد کے بیٹے کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا

    ریٹائرڈ استاد کے بیٹے کو کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا

    فیصل آباد کے علاقے کھچیاں برنالہ کے رہائشی ریٹائرڈ استاد کے بیٹے کو مبینہ طور پر کچے کے ڈاکوؤں نے اغوا کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے ایک ریٹائرڈ استاد کا بیٹا بھی مبینہ طور پر کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں اغوا ہو گیا ہے، اغواکاروں نے رہائی کے لیے پہلے دو کروڑ اور پھر 50 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا ہے، جب کہ عدم ادائیگی پر مغوی کے قتل کی دھمکی دی ہے۔

    اس واقعے کو ایک ماہ کا عرصہ ہو گیا ہے، تھانہ ملت ٹاؤن میں مقدمہ بھی درج ہو چکا ہے تاہم پولیس تاحال مغوی کو بازیاب نہیں کروا سکی ہے۔

    اہل خانہ کے مطابق عبدالولی کا 30 سالہ بیٹا سجاد 4 مارچ کو دھنولہ سے واپس گھر جاتے ہوئے لاپتا ہو گیا تھا، تھانہ ملت ٹاؤن پولیس نے عبدالولی کی درخواست پر نامعلوم ملزمان کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کیا، بعد ازاں نامعلوم افراد نے مغوی کے اہلخانہ سے رابطہ کر کے خود کو کچے کے ڈاکو ظاہر کیا اور پہلے اس کی رہائی کے لیے دو کروڑ روپے تاوان مانگا اور پھر پچاس لاکھ روپے ادا کرنے کو کہا۔

    کچے کے ڈاکوؤں نے 2 ماہ بعد لوئر دیر کے دو رہائشیوں کو رہا کر دیا

    پولیس ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی مغوی سجاد کو بازیاب کروانے میں ناکام ہے، والد عبدالولی نے کہا ہے کہ اغواکار تاوان نہ ملنے پر اس کے بیٹے کو قتل کرنے کی دھمکی دے رہے ہیں اور اسے تشدد کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

    عبدالولی کا کہنا ہے انھوں نے اسکول سے ریٹائرمنٹ کے بعد پنکچر لگانے کی دکان بنا رکھی ہے، وہ اتنی رقم کہاں سے لائے گا، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ان کے بیٹے کو بازیاب کروائيں۔

  • پتنگ ڈور سے آصف کی موت کے ذمہ داروں کی نشان دہی، پولیس نے حیران کن طریقے سے ملزمان پکڑ لیے

    پتنگ ڈور سے آصف کی موت کے ذمہ داروں کی نشان دہی، پولیس نے حیران کن طریقے سے ملزمان پکڑ لیے

    فیصل آباد: محکمہ پولیس کا کہنا ہے کہ پتنگ ڈور سے نوجوان آصف اشفاق کی موت کے ذمہ داروں کی نشان دہی کر لی گئی ہے۔

    سی پی او محمد علی ضیا نے آج پیر کو پولیس لائن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کے ذمہ داروں کو ٹریس کرنے کے لیے 48 گھنٹے دیے تھے، ہمارے پاس صرف ایک ڈور اور سی سی ٹی وی فوٹیج تھی، جس پر ہم نے 12 ٹیمیں بنا کر تکنیکی طریقے سے تفتیش کی۔

    سی پی او کے مطابق جائے وقوعہ پر بینک کے قریب عمارت پر پتنگ بازی ہو رہی تھی، تفتیش کے دوران ٹیم کو عمارت پر ڈور اور پتنگیں جلائے جانے کا سراغ ملا، جس پر عابد نامی مشکوک شخص کو حراست میں لیا گیا، عابد نے اعتراف کیا کہ اس کی غلطی سے آصف کی موت ہوئی۔

    مریم نواز والد نواز شریف کے ساتھ تعزیت کے لیے آصف کے گھر پہنچ گئیں

    سی پی او کا کہنا تھا کہ عابد وقوعہ کے روز سے متوفی آصف کے نام پر خیرات کر رہا تھا، ملزم نے بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ڈیلیٹ کرا دی تھی، عابد کی نشان دہی پر بلال نامی دکان دار کو بھی پکڑ لیا گیا ہے، اور بلال کی نشان دہی پر ڈور سپلائر مراد خان کو گرفتار کیا گیا، مراد خان خیبر پختونخوا سے پانڈا نام کی ڈور لا کر فروخت کرتا ہے۔

    سی پی او نے پریس کانفرنس میں اپیل بھی کہ پتنگ بازی روکنے کے لیے والدین اور میڈیا کردار ادا کرے۔

  • بجلی بل: 50 سے زائد سرکاری ادارے ایک ارب 52 کروڑ 8 لاکھ کے نادہندہ نکلے

    بجلی بل: 50 سے زائد سرکاری ادارے ایک ارب 52 کروڑ 8 لاکھ کے نادہندہ نکلے

    فیصل آباد: 50 سے زائد سرکاری ادارے بجلی بلوں کی ادائیگی میں ایک ارب 52 کروڑ 8 لاکھ کے نادہندہ نکلے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی نیوز نے فیسکو کے نادہندہ اداروں کی فہرست حاصل کر لی ہے، جس میں انکشاف ہوا ہے کہ پچاس سے زائد ایسے سرکاری ادارے ہیں جنھوں نے بجلی بل ادا نہیں کیے، اور واجبات ایک ارب 52 کروڑ 8 لاکھ تک پہنچ گئے۔

    واسا فیسکو کا ایک ارب 39 کروڑ 58 لاکھ 55 ہزار روپے کا نادہندہ ہے، پنجاب پولیس 2 کروڑ 10 لاکھ ، جیل خانہ جات ایک کروڑ 85 لاکھ روپے اور خود فیسکو دفاتر نے 14 لاکھ 11 ہزار روپے کے واجبات ادا نہیں کیے۔

    ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے ایک کروڑ سے زائد، ٹی ایم اے چنیوٹ نے ایک کروڑ 59 لاکھ روپے، ریلوے نے 68 لاکھ 43 ہزار، ریونیو ڈیپارٹمنٹ نے 68 لاکھ 22 ہزار روپے کے بل نہیں دیے، ایف آئی اے 19 لاکھ 41 ہزار روپے کی نادہندہ ہے۔

    پاسپورٹ آفس نے 11 لاکھ 66 ہزار روپے ادا کرنے ہیں، ضلعی حکومت جھنگ نے ایک کروڑ 35 لاکھ روپے کے بجلی بلز ادا نہیں کیے، ضلعی محکمہ تعلیم 19 لاکھ 25 ہزار، اور محکمہ صحت 7 لاکھ 92 ہزار روپے کا نادہندہ ہے۔

  • ڈاکٹروں نے ہم نام خواتین کے غلط آپریشن کر دیے، گھٹنے کی بجائے پتے کا آپریشن

    ڈاکٹروں نے ہم نام خواتین کے غلط آپریشن کر دیے، گھٹنے کی بجائے پتے کا آپریشن

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد کے ایک نجی اسپتال میں ڈاکٹروں نے ہم نام خواتین کے غلط آپریشن کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت کا شرمناک واقعہ پیش آیا ہے، جہاں دو خواتین کے ایک جیسے نام ہونے پر غلط آپریشن کر دیے گئے۔

    فیصل آباد کے علاقے غلام محمد آباد کے نجی اسپتال میں ڈاکٹروں نے زیر علاج مقامی خاتون مریضہ پروین کوثر کا گھٹنے کی بجائے پتے کا جب کہ چک 58 کی رہائشی کوثر پروین کے پتے کی بجائے گھٹنے کا آپریشن کر دیا۔

    پتے کے غلط آپریشن کے باعث مریضہ پروین کوثر کی حالت تشویش ناک ہو گئی ہے، متاثرہ خواتین مریضوں کے اہل خانہ نے غفلت برتنے والے ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی کے لیے پولیس سے رابطہ کر لیا ہے۔

  • عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہی کا سبق پڑھایا، رانا ثنااللہ

    عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہی کا سبق پڑھایا، رانا ثنااللہ

    فیصل آباد : وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ عمران خان نے نوجوانوں کو گمراہی کا سبق پڑھایا، وہ لوگوں کو تشدد کی تربیت دے رہا ہے۔

    فیصل آباد میں نادرا آفس کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان جب وزیر اعظم تھا تو کہتا تھا کہ میں خود چیک کروں گا کہ جیل میں ان کو کوئی سہولت تو نہیں مل رہی۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جیل کا اتنا خوف ہے کہ لوگوں کو تشدد کی ٹریننگ دے رہا ہے۔ عمران خان نے لوگوں کو ورغلایا کہ مجھے گرفتار کیا جائے تو تم لوگ جلاؤ گھیراؤ کرنا، عمران خان کہتے تھے کہ میری گرفتاری ریڈ لائن ہے بھرپور احتجاج کرو۔

    وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ مختلف شہروں میں چند لوگوں نے جلاؤ گھیراؤ اور پرتشدد مظاہرے کیے، عمران خان نے جن کو ٹریننگ دی انہوں نے دفاعی تنصیبات پر حملے کیے۔

    اپنے خطاب میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ فتنہ عمران خان نیازی نے2014سے دھرنے اور لانگ مارچ سے اپنی سیاست کا آغاز کیا اور 2018 تک لانگ اور شارٹ مارچ کرتے رہے، انہوں نے مخالفین کو گالیاں دینے کے علاوہ کوئی کام نہیں کیا۔

  • آئی ایس آئی دفتر پر حملے کے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع

    آئی ایس آئی دفتر پر حملے کے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع

    اسلام آباد: آئی ایس آئی دفتر پر حملے کے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کر دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں آئی ایس آئی دفتر پر حملے کے ملزمان کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ آرمی ایکٹ کے تحت مقدمے کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، علی افضل ساہی، فیض اللہ کموکا، صاحبزادہ حامد رضا، بلال اشرف بسرا مرکزی ملزمان قرار دیے گئے ہیں۔

    ملزمان کی فہرست میں ڈاکٹر اسد معظم، جنید افضل ساہی، حسن ذکا نیازی، اور ایاز ترین خان بھی شامل ہیں۔

  • یوم مزدور پر کم سن گھریلو ملازمہ بہنوں پر بہیمانہ تشدد

    یوم مزدور پر کم سن گھریلو ملازمہ بہنوں پر بہیمانہ تشدد

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں شقی القلب مالکان نے یوم مزدور پر بھی کم سن ملازماؤں پر رحم نہ کھایا، اور تشدد کا نشانہ بنا کر ملازمہ بہنوں کو زخمی کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں یوم مزدور پر کم سن گھریلو ملازمہ بہنوں پر بہیمانہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، بہنیں خیابان کالونی کے رہائشی وقار کے گھر پر گزشتہ 2 ماہ سے ملازمت کر رہی تھیں۔

    واقعے پر تھانہ مدینہ ٹاؤن میں 3 خواتین سمیت 6 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ وقار اور اہل خانہ کی جانب سے بچیوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔

    پولیس نے مقدمے کے بعد خواتین سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، چائلڈ پروٹیکشن افسر روبینہ اقبال کی مدعیت میں مقدمے میں 4 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق 8 سال کی زہرا اور 11 سال کی ایمان فاطمہ گوجرانوالہ کی رہائشی ہیں، چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے دونوں کم سن بہنوں کو تحویل میں لے لیا۔