Tag: faisalabad

  • فیصل آباد: اسپتال سے دو نومولود جڑواں بچیوں کا اغوا

    فیصل آباد: اسپتال سے دو نومولود جڑواں بچیوں کا اغوا

    فیصل آباد: جنرل اسپتال غلام محمد آباد سے دو نومولود جڑواں بچیاں اغوا کرلی گئیں، اے آر وائی نیوز نے اغوا کار خاتون کی بچیاں لے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی۔

    اسپتال ذرائع کے مطابق لیہ کی رہائشی کرن شہزادی نے فیصل آباد کے گورنمنٹ جنرل اسپتال میں دو جڑواں بچیوں کو جنم دیا، پیدائش کے بعد ایک خاتون خود کو بچیوں کی پھوپھی ظاہر کرتی رہیں اور انہیں ڈاکٹر کو چیک کروانے کا بہانے بناکر کمرے سے باہر لے کر فرار ہوگئی۔

    واقعے کے بعد ایس ایچ او تھانہ غلام محمد آباد رائے آفتاب نے ایکشن لیا اور فوری طور پر نومولود بچیوں کی بازیابی کے لئے ٹیم تشکیل دی، چند گھنٹوں کی تحقیقات اور ویڈیو شواہد کے نتیجے میں پولیس نے بچیوں کو بازیاب کرالیا۔

    پولیس کے مطابق بچیوں کو سدھوپورہ میں چھاپےکےدوران بازیاب کرایا گیا، اس دوران کرائے کےگھر میں مقیم اغوا کار دوخواتین سمیت چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، بازیاب کرائی گئی دونوں بچیاں والدین کے حوالے کر دی گئیں۔

    یہ بھی پڑھیں: دلخراش واقعہ: چھ سالہ بچی مبینہ زیادتی کے بعد قتل

    اے آر وائی نیوز نے نومولود بچیوں کے مبینہ اغوا کی فوٹیج حاصل تھی، فوٹیج میں ملزمہ دونوں بچیوں کو گود میں اٹھا کر لے جاتی نظر آرہی ہے، اغواکار خاتون نے بچیوں کو اپنی چادر میں چھپا رکھا ہے اور اپنا چہرہ بھی چادر سے چھپانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    اس سے قبل گذشتہ ماہ کراچی میں بھی نجی اسپتال سے نومولود بچے کو اغوا کرنے کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا۔

  • فیصل آباد میں گزشتہ 40 گھنٹے سے بجلی بند

    فیصل آباد میں گزشتہ 40 گھنٹے سے بجلی بند

    لاہور: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں گزشتہ 20 سے 40 گھنٹے سے بجلی بند رہی جس پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے فیسکو کے متعدد افسران کو معطل کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں 20 سے 40 گھنٹے کی بجلی بندش پر وفاقی وزیر برائے توانائی حماد اظہر نے نوٹس لے لیا۔

    وزیر توانائی حماد اظہر نے چیف ایگزیکٹو فیسکو ارشد منیر پر سخت برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے ایس ڈی او مدینہ ٹاؤن فرخ پرویز، ایکسین آپریشن عبد اللہ پور امجد اور ایس ای فرسٹ مبشر حسین کو معطل کر دیا۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ عید پر فیسکو افسران کی کارکردگی مایوس کن رہی، سستی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی معطلی کی ہدایات کردی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ فیسکو بورڈ آف گورنرز کو بھی انکوائری کی ہدایات کی ہیں۔

  • فیصل آباد:  لاہور کی رہائشی خاتون کی ہوٹل میں پُراسرار موت

    فیصل آباد: لاہور کی رہائشی خاتون کی ہوٹل میں پُراسرار موت

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے ضلع فیصل آباد کے ہوٹل میں خاتون کی پر اسرار موت واقع ہوئی ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق مدینہ ٹاؤن میں واقع ہوٹل سے لاہور کی رہائشی خاتون کی لاش ملی ہے، جس کی شناخت علیشا ارشد کے نام سے کی گئی ہے۔

    واقعے سے متعلق پولیس نے بتایا کہ تیس سالہ علیشا ارشد گذشتہ رات ہوٹل کے کمرہ نمبر ایک سو چودہ میں ٹہری تھی، جہاں رات گئے نثار کالونی کے رہائشی شاہد نامی شخص نے متقولہ سے ملاقات کی تھی، پولیس کے مطابق شاہد مقتولہ کا کزن ہے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق صبح ہوٹل کا عملہ ناشتہ دینے گیا تو کمرے سے لاش ملی، مقتولہ کےجسم پر تشدد یا زخم کا نشان نہیں پایاگیا، کمرے سے مقتولہ کا موبائل فون اور پرس غائب ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: ماڈل نایاب کیس : قتل کو زیادتی کا رنگ دینے کی کوشش کا انکشاف

    پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے دوران ہوٹل مینجر کو حراست میں لیتے ہوئے کیس کی تفتیش کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ جو بھی اس واقعے میں ملوث ہوا، اسے گرفتار کرلیں گے۔

    پنجاب میں دو روز کے دوران خاتون کے قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے، گذشتہ روز لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس فیز فائیو میں نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خاتون کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد قتل کردیا،خاتون کی شناخت نایاب کے نام سے کی گئی تھی، مقتولہ نایاب کا تعلق شوبز سے تھا جو کہ چند عرصے قبل شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرچکی تھی۔

  • فیصل آباد کے بادشاہ اور وائٹ گولڈ جوڑی کی دھوم

    فیصل آباد کے بادشاہ اور وائٹ گولڈ جوڑی کی دھوم

    عید قربان کی آمد آمد ہے اور پورے ملک میں مویشی منڈیاں آباد ہوچکی ہیں، جہاں نہایت خوبصورت جانور فروخت کے لئے پیش کئے جارہے ہیں۔

    فیصل آباد کے سمندری روڈ پر واقع نیا موانہ مویشی منڈی میں پورے ملک سے ہزاروں کی تعداد میں قربانی کے جانور فروخت کے لئے لائے گئے ہیں، تاہم جھنگ سے لائے گئے بیلوں کی جوڑی توجہ کا مرکزبنی ہوئی ہے۔

    بیلوں کی اس جوڑی کو بادشاہ اور وائٹ گولڈ کا نام دیا گیا ہے، سفید رنگت کے بیلوں کی جوڑی کو دیکھنے کے لیے دور دراز سے لوگ آ رہے ہیں اور اسے اللہ کا کرشمہ قرار دے رہے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: کراچی : 6 ٹانگوں اور 2 زبانوں والا بیل لوگوں کی توجہ کا مرکز

    بیلوں کے مالک نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ ان دونوں بیلوں کو ناز ونخرے سے پالا ہے، دونوں بیلوں کو روزانہ چار کلو دودھ دیا جاتا ہے جبکہ ایک بیل تقریبا چھ کلو "ونڈہ” کھاتا ہے، ان کی روزمرہ خوراک میں پستے، بادام اور دیسی گھی بھی شامل ہے۔

    بیلوں کے مالک کا کہنا ہے کہ ایک بیل کا وزن کم وبیش 28 من ہے، جوڑی کی قیمت 20 لاکھ روپے ہے۔

    ونڈہ کون سے خوراک ہے؟

    جانوروں کو فربہ کرنے کے لئے وٹامنز اور منرلز پر مشتمل خوراک دی جاتی ہے، جس کے نتیجے میں جانور کا وزن تیزی سے بڑھتا ہے، ان وٹامنز اور منرلز میں
    پروٹین، میگنیشیم، پوٹاشیم، کیلشیم، کاربن ، آئرن، سوڈیم، شوگر،فائبر، وٹامن اے، بی اور سی، شامل ہے۔

    پنجاب میں اکثر بیوپاری اپنے جانوروں کا ونڈہ خود بناتے ہیں۔

  • ڈیڑھ سال قبل لاپتا شہری کی لاش گھر سے برآمد

    ڈیڑھ سال قبل لاپتا شہری کی لاش گھر سے برآمد

    فیصل آباد : پولیس نے ڈیڑھ سال قبل لاپتا شہری کی لاش گھر سے برآمد کرلی ، سجاد کو اس کی بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر قتل کردیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ڈیڑھ سال قبل لاپتا شہری کی لاش گھر سے برآمد ہوئی ، پولیس کا کہنا ہے کہ سجاد کو اس کی بیوی نے آشنا کے ساتھ مل کر قتل کیا اور سجادکی لاش گھرکےصحن میں دبا دی تھی۔

    پولیس نے بتایا کہ مقتول سجاد کے 9 سالہ بیٹے کی نشاندہی پر گھر سے لاش ملی ، مقتول سجادکی بیوی اوربیٹی کوبھی ملزم نے9ماہ قبل قتل کیاتھا تاہم قتل کرنےوالاملزم ابھی تک مفرورہے۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ کراچی کے علاقے کورنگی کے علاقے محمد علی کالونی 51 بی کی رہائشی خاتون نے اپنے آشنا کے ساتھ مل کر شوہر محمد شاہد کو چھری کے وار سے قتل کیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق خاتون نے شوہر کو قتل کرنے کے بعد لاش پلنگ کے نیچے چھپا دی تھی جبکہ واردات میں استعمال ہونے والی چھری بھی صاف کر کے رکھ دی تھی۔

    بعد ازاں پولیس نے ملزمہ کو حراست میں لیا، جس نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کیا اور اپنے آشنا کے حوالے سے بھی بتایا۔

  • فیصل آباد:  مالکن کے مبینہ تشدد سے گھریلو ملازمہ کی موت

    فیصل آباد: مالکن کے مبینہ تشدد سے گھریلو ملازمہ کی موت

    فیصل آباد: تمام ترحکومتی اقدامات کے باوجود پنجاب میں گھریلو ملازمین پر تشدد کے واقعات نہ تھم سکے، فیصل آباد میں پیش آنے واقعے میں ایک اور گھریلو ملازمہ مبینہ تشدد کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

    تفصیلات کے مطابق واقعہ فیصل آباد کے علاقے ایوب کالونی میں پیش آیا ہے، جہاں جڑانوالہ سے تعلق رکھنے والی گھریلو ملازمہ سائرہ کی پر اسرار موت ہوئی ہے۔

    پندرہ سالہ سائرہ کی والدہ شمیم نے الزام عائد کیا ہے کہ میری بیٹی گذشتہ سات ماہ سے یہاں کام کررہی تھی، اسے ماہانہ ساڑھے آٹھ ہزار روپے ملتے تھے، کام کے دوران مالکن علیزہ بیٹی پر تشدد کرتی تھی، مالکن کے تشدد سے میری بیٹی جاں بحق ہوئی۔

    مقتول کی والدہ نے میڈیا کو بتایا کہ مالکن علیزہ نے بخار سے سائرہ کی موت کا ڈرامہ رچایا، ہم گھر پہنچے تو سائرہ کی پھندا لگی لاش ملی، میری وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپیل ہے کہ ہمیں انصاف دلایا جائے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد میں دو ہزار سولہ کے دوران طیبہ تشدد کیس سامنے آیا تھا، جہاں ایک جج کہ گھر سے زخمی حالت میں ملازمہ بچی کو کو برآمد کیا گیا تھا۔

    گھریلو کام کاج کے لیے رکھئی گئی بچی کا جسم تشدد سے نیلا پڑ چکا تھا، تاہم سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہوئی تو چار دن شور و غوغا ہوا، جج کو کرسی سے اتار دیا گیا اور اس کی بیوی کو ایک سال قید ہوئی۔

    ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ

    یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے دوہزار تیرہ میں گھریلو ملازمین پر قانون سازی کی اور دوہزار انیس میں پنجاب حکومت نے ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ نافذ کیا تھا، اس ایکٹ کے سیکشن 3 کے مطابق کوئی بھی بچہ جس کی عمر پندرہ سال سے کم ہے اس کو گھر کے کام کاج کے لیے نہیں رکھا جاسکتا۔

    ڈومیسٹک ورکرز ایکٹ کا سیکشن چار گھریلو کارکن کہ حقوق کا تعین کرتا ہے ،اس سیکشن کی کل 6 شقیں ہیں۔ اس سیکشن کی شق نمبر دو کے مطابق آپ کسی بھی گھریلو کارکن کو کام پر رکھتے ہوئے، اس کی ملازمت کی تجدید کرتے ہوئے یا اس کی اجرت کا فیصلہ کرتے ہوئے اس کے ساتھ رنگ، نسل، مذہب، ذات پات اور جنس کی بنیاد پر امتیازی سلوک نہیں برتیں گے۔

  • فیصل آباد :   زمیندار کی جانب سے کاشتکار  پر بہیمانہ  تشدد ،ویڈیو وائرل

    فیصل آباد : زمیندار کی جانب سے کاشتکار پر بہیمانہ تشدد ،ویڈیو وائرل

    فیصل آباد : نواحی علاقے میں زمیندار کی جانب سے کاشتکار پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہوگئی ،کاشتکار پر زمیندار کی ملازمت چھوڑنے کی وجہ تشدد کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے نواحی علاقے میں کاشتکار پر تشدد کا واقعہ پیش آیا ، جہاں ایک زمیندار فضل چدھڑ کا ملازم بغیر بتائے نوکری چھوڑ گیا، جس کی رنجش پر زمیندار نے ملازمت چھوڑنے والے ملازم کے رشتے دار کسان منور کو ڈیرے پر بلا کر گارڈز کےحوالے کر دیا۔

    فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سکیورٹی گارڈز نے چمڑے کے چھتر سے کسان کو تشدد کانشانہ بنایا جبکہ کسان منور ہاتھ جوڑ کر معافیاں مانگتا رہا ، اس باوجود سکیورٹی گارڈز منور پر تشدد کرتے رہے۔

  • فیصل آباد: لیڈی کانسٹیبل کے شوہر کو چالاکی مہنگی پڑ گئی

    فیصل آباد: لیڈی کانسٹیبل کے شوہر کو چالاکی مہنگی پڑ گئی

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد کے علاقے مدینہ پارک میں ایک شخص کو اس کی چالاکی اس وقت مہنگی پڑ گئی جب اس کی کانسٹیبل بیوی نے اس کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کروا دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مدینہ پارک فیصل آباد میں ایک لیڈی کانسٹیبل شاہدہ نے اپنے سابق شوہر کے خلاف ایف آئی آر کٹوائی ہے کہ وہ چوری چھپے طلاق مؤثر کروانے کے بعد بھی اس کے ساتھ رہتا رہا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مدینہ پارک کی رہائشی لیڈی کانسٹیبل شاہدہ نے الزام لگایا ہے کہ ملزم قمر نے 5 ماہ قبل چوری چھپے طلاق مؤثر کروائی، لیکن طلاق کے باوجود وہ حقوق زوجیت ادا کرتا رہا۔

    لیڈی کانسٹیبل شاہدہ کی مدعیت میں تھانہ بٹالہ کالونی میں ملزم قمر کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    فیصل آباد: تاجر کا اغوا

    فیصل آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سابق ایم پی اے کے بیٹے ارشد اور اے ایس آئی وقاص نے ایک تاجر عمیر کو اغوا کر لیا، ملزم ارشد اور وقاص نے عمیر پر تشدد کر کے اس سے 6 لاکھ روپے سے زائد رقم چھینی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان عمیر کوگاڑی میں لے کر گھومتے رہے، اور قتل کی دھمکیاں دیں، اے ایس آئی وقاص نے تھانہ سرگودھا روڈ میں جھوٹی رپورٹ بھی درج کی۔

    پولیس کے مطابق تھانہ غلام محمد آباد میں اے ایس آئی سمیت 16 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    متاثرہ تاجر عمیر نے اپنے بیان میں کہا کہ مجسٹریٹ نے میرے خلاف جھوٹی رپورٹ خارج کر کے رہا کیا، پولیس نے مقدمے میں اغوا اور ڈکیتی کی دفعات شامل نہیں کیں۔

  • جائیداد نام نہ کرنے کا انجام، شوہر نے بیوی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کر ڈالے

    جائیداد نام نہ کرنے کا انجام، شوہر نے بیوی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کر ڈالے

    فیصل آباد: شوہر نے جائیداد نام منتقل نہ کرنے پر بیوی کو قتل کرکے لاش کے ٹکڑے کردیئے، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فيصل آباد کے علاقے چک61 میں شوہر نے بیوی کوقتل کرکےلاش کے ٹکڑے کردیئے، پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد نے جائیداد اپنے نام منتقل نہ کرنے پر بیوی کوقتل کیا اور فوزیہ کی لاش کے ٹکڑے کرکے سیم نالےمیں پھینک دیئے۔

    پولیس کے مطابق ملزم شاہد اور ساتھی قتل کے بعد فرار ہوگئے ، جس کے بعد تھانہ بلوچنی میں شاہد،آصف اور2نامعلوم ملزمان کےخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، مقتولہ کےباپ عبدالرزاق کی مدعیت میں درج مقدمےمیں 2دفعات شامل کی گئی۔

    بعد ازاں پولیس نے چک 61میں بیوی کےقتل کے ملزم شاہد کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ، ملزم نےاعتراف جرم کرلیا ہے۔

  • فیصل آباد : گھریلو ملازمہ تشدد کیس میں اہم پیشرفت، ملزم بچے کے وارنٹ گرفتاری

    فیصل آباد : گھریلو ملازمہ تشدد کیس میں اہم پیشرفت، ملزم بچے کے وارنٹ گرفتاری

    فیصل آباد : کم عمر گھریلو ملازمہ پر تشدد کیس میں متاثرہ ملازمہ صدف کو عدالت میں پیش کردیا گیا، پانچ دن بعد بھی پولیس بچی کی میڈیکل رپورٹ پیش نہ کرسکی۔

    عدالت نے بچی کو ایک ہفتے کے لیے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کےحوالے کردیا، ساتھ ہی تشدد کرنے والے بچے حمزہ کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے گئے۔

    کمسن ملازمہ صدف کو پولیس نے عدالت میں پیش کردیا اس موقع پر میڈیکل اور دیگر قانونی کارروائی مکمل کرنے کے لیے بچی کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کردیا گیا۔

    اس کے علاوہ عدالت نے تشدد کرنے والے بچے حمزہ کے بھی وارنٹ جاری کردیئے، کیس کی سماعت کے موقع پر چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے عہدیدار نے کہا کہ حمزہ کے والدین اسے تشدد پر اکساتے ہیں، بہتر ہے کہ اس کی اچھی پرورش کی ذمہ داری ہمیں دی جائے۔

    مزید پڑھیں : گھریلو ملازمہ پر تشدد کرنیوالی ثمینہ منیر دھمکیوں پر اتر آئی

    تھانہ مدینہ ٹاؤن میں تشدد میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری کی درخواست دی گئی ہے، ملازمہ تشدد کیس میں اس وقت صرف ثمینہ منیر زیر حراست ہیں جبکہ دوبارہ گرفتاری کے خوف سے رانا منیر اور اس کی بیٹی اور داماد نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کرلی ہے۔