Tag: faisalabad

  • کبڈی میچ کھیلنے پر 4 کھلاڑی گرفتار، باقی فرار

    کبڈی میچ کھیلنے پر 4 کھلاڑی گرفتار، باقی فرار

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں لاک ڈاون کے دوران کبڈی میچ کھیلنے پر 4 کھلاڑیوں کو حراست میں لے لیا گیا۔

    اے آروائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کرونا کے پیش نظر فیصل آباد کے متعدد علاقوں کو سیل گیا تھا ایسے میں کبڈی کھیلنے پر 4 کھلاڑیوں کو گرفتار کرکے تھانے منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق کھلاڑیوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے، 4 کھلاڑی گرفتار کیے گئے ہیں باقی کھلاڑی اور شائقین فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    فیصل آباد پولیس کا کہنا ہے کہ بنیادی مرکز صحت کے میدان میں کبڈی ٹورنامنٹ کھیلا جارہا تھا، ضلعی انتظامیہ نے سول ڈیفنس حکام کے ساتھ میدان میں چھاپہ مارا۔

    واضح رہے کہ ملک کے متعدد علاقوں میں کرونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر ایک مرتبہ پھر لاک ڈاون کیا گیا ہے ایسے میں ایس اوپیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔

    پنجاب حکومت کی جانب سے بھی شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے وہ ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کریں اور بوقت ضرورت گھر سے باہر نکلتے وقت فیس ماسک کا استعمال یقینی بنائیں۔

  • فیصل آباد اور ملتان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن،  متعدد علاقے سیل

    فیصل آباد اور ملتان میں اسمارٹ لاک ڈاؤن، متعدد علاقے سیل

    فیصل آباد / ملتان : کورونا وائرس کے باعث ملک کے دیگر شہروں کی طرح ملتان اور فیصل آباد میں بھی دوبارہ لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا ہے، دفعہ 144 کے تحت مختلف علاقوں میں 13روز کیلئے لاک ڈاؤن کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ملتان میں گزشتہ رات 12 بجے سے اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر ملتان کے مطابق لاک ڈاؤن ملتان کے علاقوں شاہ رکنِ عالم کالونی کے ایچ اور ڈی بلاک میں نافذ کیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ نیو ملتان کالونی کے وی اور وائی بلاک اور ایم ڈی اے چوک کے نزدیکی علاقے بھی اسمارٹ لاک ڈاؤن لگا کر سیل کردیئے گئے ہیں۔

    دوسری جانب فیصل آباد میں بھی 13 دنوں کے لئے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق فیصل آباد کے25 رہائشی علاقوں اور کاروباری مراکز میں 30 جون رات 9 بجے تک لاک ڈاؤن ہوگا۔

    فیصل آباد میں لگائے گئےاسمارٹ لاک ڈاؤن میں 25علاقوں کو سیل کیا گیا، ڈی سی آفس کے مطابق سیل کیے گئے علاقوں میں کورونا کے50سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، گھنٹہ گھر کے8بازار اور اس کے نواحی علاقے لاک ڈاؤن میں شامل ہیں۔

    ڈپٹی کمشنرآفس کے مطابق جھال مارکیٹ، وارث پورہ گول، ڈی ٹائپ کالونی، علامہ اقبال کالونی کے رہائشی و کاروباری علاقوں رضا آباد، سمن آباد، منصورآباد، ٹاٹا بازار فیکٹری ایریا، رضا گارڈن، عبداللہ گارڈن، النجف کالونی ایڈن گارڈن میں لاک ڈاؤن ہوگا۔

    اس کے علاوہ صدربازار، مدینہ چوک اور ای بلاک غلام محمدآباد، مسلم ٹاؤن نمبر ایک اور بی بلاک، ڈجکوٹ میں کاروباری علاقے بند ، کارخانہ بازار،انارکلی بازار،جمیل مارکیٹ، سدھار میں مین بازار دھاندرہ اور مسجد والا بازاربند کردیا گیا۔

    ڈی سی آفس کے مطابق مین بازار پینسرہ اور بھوآنہ روڈ کو بھی بند کردیا گیا ہے، امین پور بنگلہ میں مین بازار کے کاروباری علاقے، جڑانوالا میں پاکستانی گیٹ سے عبداللہ سویٹ چوک، گردوارہ بازار نیابازار، لاہورروڈ جڑانوالا سے نیا بازار تک تمام علاقے بند رہیں گے۔

    اس کے علاوہ کھرڑیانوالا میں مین بازار، سلطان مارکیٹ ،نیو شاپنگ سینٹر، مین بازار مکوآنہ، تاندلیانوالا میں نیابازار،انارکلی بازار، مین بازار چک جھمرہ، سمندری میں کچہری بازار کے علاوہ نہربازار، چکی بازار اور مین بازار کے رہائشی اور کمرشل علاقے بھی بند ہوں گے۔

    واضح رہے کہ این سی اوسی کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق پاکستان میں اب تک کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد3093ہوگئی، جبکہ ملک میں24گھنٹے کے دوران5ہزار358کیسز رپورٹ ہوئے، ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1 لاکھ 60ہزار 118ہوگئی ہے۔

  • باپ نے دوسری بیوی کی خواہش پر 13سالہ بیٹے کو قتل کردیا

    باپ نے دوسری بیوی کی خواہش پر 13سالہ بیٹے کو قتل کردیا

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں باپ نے دوسری بیوی کی خواہش پر13 سالہ بیٹے کو قتل کردیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں مامونکانجن میں باپ نےدوسری بیوی کی خواہش پر13سالہ بیٹے کو قتل کردیا، پولیس نے مقتول بچےکی لاش کھیت سےبرآمد کرکے ملزم شوکت کو گرفتار کرلیا اور مقدمہ درج کرلیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ 2 کنال زمین نام نہ کرانے پرشوکت کی بیوی میکےچلی گئی تھی اور بیوی نےواپسی کےلئے وارث کو مارنے، زمین منتقلی کی شرط رکھی، جس پر ملزم نےبیٹےکوگلادباکرمارڈالا اور گھرآکرلاپتہ ہونےکاڈرامہ رچایا۔

    یاد رہے چند روز قبل گوجرانوالہ کے تھانہ احمد نگر کے علاقے جامکے چٹھہ میں والدہ اور بھائی نے غیرت کے نام پر 24 سالہ اقصیٰ کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ، پولیس نے ملزمان کو گرفتار کرکے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا۔

    پولیس کے مطابق 24 سالہ اقصیٰ پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی لیکن اس کی ماں اور بھائی پسند کی شادی سے انکاری تھے جس پر مقتولہ کی والدہ اور بھائی نے اقصیٰ کو قتل کرنے کے بعد ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا تھا۔

  • فیصل آباد سے براہ راست یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشن کی تیاری

    فیصل آباد سے براہ راست یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشن کی تیاری

    فیصل آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے فیصل آباد ایئرپورٹ پر مسافروں کے لیے عالمی معیار کی سہولت فراہم کرنے پر کام شروع کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد ایئرپورٹ سے براہ راست یورپ اور برطانیہ کے فضائی آپریشن کی تیاری کی جارہی ہے۔ ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کی توسیع کا منصوبہ بھی شروع کردیا گیا ہے۔

    سیکنڈری رن وے کی تعمیر 7 کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے جون تک مکمل کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، مرکزی رن وے 3 ارب 50 کروڑ روپے کی لاگت سے 2 سال میں مکمل ہوگا۔

    سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے مرکزی رن وے کی اپ گریڈنگ عالمی معیار کی ہوگی، رن وے پر جہاز کی لینڈنگ میں رہنمائی کے لیے جدید سسٹم بھی نصب کیے جائیں گے۔

    اتھارٹی کے مطابق رن وے کی تعمیر سے ہیوی اور لانگ رینج کے بوئنگ 777 طیارے لینڈ کر سکیں گے جس سے سیاحت و تجارت کو فروغ ملے گا جبکہ بھاری زرمبادلہ بھی آئے گا۔

  • فیصل آباد : اسکول کے طلباء میں منشیات استعمال  کرنے کا انکشاف

    فیصل آباد : اسکول کے طلباء میں منشیات استعمال کرنے کا انکشاف

    فیصل آباد : اسکول کے طلباء بھی منشیات استعمال کرنے لگے، فیصل آباد کے سرکاری اسکولوں میں منشیات فروشی اور اس کا استعمال زرو پکڑ گیا،6 سال میں 272 بچے منشیات کے استعمال میں ملوث پائے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد پولیس نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سرکاری اسکولوں کے طلباء میں منشیات کا استعمال بڑھتا جارہا ہے، اسپیشل برانچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ6 سال میں 272 بچے منشیات کے استعمال میں ملوث پائے گئے۔

    رپورٹ کے بعد محکمہ تعلیم حرکت میں آگیا، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم نے پنجاب کے تمام اسکولوں میں طلبہ کا ہیلتھ پروفائل مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    سی ای اوز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اسکولوں کے دوروں کا شیڈول طے کیا جائے، دوروں کے دوران طلباء کی عادات، تعلیمی قابلیت، ذہانت اور مشغلوں کا جائزہ لے ان کی سرگرمیاں چیک کی جائیں۔

    مزید پڑھیں: پشاورمیں طلباء کومنشیات فراہم کرنے والا کالج پروفیسرگرفتار

    ذرائع محکمہ تعلیم کے مطابق سی ای اوز کو ہدایت دی گئی ہے کہ یہ بھی چیک کیا جائے کہ طلبا ہتھیار تو پاس نہیں رکھتے یا سگریٹ نوشی کے عادی تو نہیں، محکمہ تعلیم نے سی ای اوز کو طلبہ کا ہیلتھ پروفائل مکمل کرکے رپورٹ31 مارچ تک دینے کی ہدایت کی ہے۔

  • فیصل اباد : نوجوان 5 کلو مٹھائی جیتنے کی شرط پر جان کی بازی ہار گیا

    فیصل اباد : نوجوان 5 کلو مٹھائی جیتنے کی شرط پر جان کی بازی ہار گیا

    فیصل آباد : بیس سالہ نوجوان پانچ کلو مٹھائی جیتنے کے لیے جان کی بازی ہار گیا، نوجوان نے وزنی درخت اٹھانے کی کوشش کی تھی جو اس پر ہی آگرا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے مامون کانجن میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں چند دوستوں نے مل کر ایک شرط لگائی کہ جو اس 70کلو وزنی درخت کو اٹھائے گا اسے پانچ کلو مٹھائی دی جائے گی جس پر 20سالہ نوجوان منیر نے ہامی بھرلی۔

    منیر نے جیسے ہی اس درخت کو اٹھانے کوشش کی اسی دوران جسم کا توازن درست نہ ہونے پر وہ درخت نوجوان کی گردن پر گر گیا۔

    انتہائی وزنی درخت کے گرنے سے اس کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی اور جائے وقوعہ پر ہی شرط جیتنے کے بجائے جان بازی ہار گیا۔

  • وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں پناہ گاہ کا افتتاح کردیا

    وزیراعظم عمران خان نے فیصل آباد میں پناہ گاہ کا افتتاح کردیا

    فیصل آباد : وزیراعظم عمران خان نےفیصل آباد میں پناہ گاہ کاافتتاح کردیا ،عمران خان نےپناہ گاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور پناہ گاہ میں موجود افراد کیساتھ کھانا کھایا ۔

    تفصیلات کے مطابق غریب اور بے گھر افراد کیلئے وزیراعظم عمران خان کی کاوشیں جاری ہے ، عمران خان نے دورہ فیصل آباد کےدوران پناہ گاہ کاافتتاح کیا ، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداربھی موجود تھے۔

    حکام نے وزیراعظم کو پناہ گاہ کادورہ کرایا اور پناہ گاہ میں فراہم کی جانیوالی سہولتوں پر بریف کیا ، عمران خان نےپناہ گاہ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور پناہ گاہ میں موجود افراد کیساتھ کھانا بھی کھایا جبکہ پناہ گاہ سے متعلق یادداشت پر دستخط بھی کیے گئے۔

    یاد رہے 3 روز قبل بھی وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایات پر بے سہارا افراد کے لیے اقدامات کرتے ہوئے پنجاب کے 36 اضلاع میں 92 عارضی پناہ گاہیں قائم کی گئیں تھیں۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم کی ہدایت پر پنجاب میں بے سہارا افراد کے لیے عارضی پناہ گاہیں قائم

    92 عارضی پناہ گاہوں میں 17 سو افراد کو منتقل کیا جا چکا ہے جنہیں کھانے پینے کی سہولت بھی دی جا رہی ہے، بہاولپور ڈویژن کے 3 اضلاع میں 8 پناہ گاہیں قائم کی گئی، جن میں 241 افراد کو منتقل کیا گیا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر مختلف شہروں میں پناہ گاہیں بنائی جارہی ہیں، انھوں نے ہدایت کی تھی کہ شدید سردی میں کوئی بھی شخص بغیر شیلٹر کے نہ رہے۔ پنجاب اور پختونخواہ کے وزرائے اعلیٰ اس بات کو یقینی بنائیں۔

    وزیر اعظم نے کہا تھا کہ جو افراد پناہ گاہوں میں نہیں انتظامیہ ان کو کھانا اور عارضی پناہ گاہیں فراہم کرے۔

  • مریم نواز کو کسی صورت بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دیں گے، فیصل واوڈا

    مریم نواز کو کسی صورت بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں دیں گے، فیصل واوڈا

    اسلام آباد : وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مریم نواز کو کسی صورت ملک سے باہر جانے کی اجازت نہیں دیں گے، ہمارے پاس کوئی سیف الرحمان نہیں، کسی ادارے کو کام سے نہیں روکا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں میزبان ارشد شریف سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ میرا مؤقف تھا مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالنے دوں گا، ایک مرتبہ انسانیت دکھا چکے ہیں دوبارہ ایسا نہیں ہونے دیں گے، کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ مریم نوازکا نام کسی صورت ای سی ایل سے نہیں نکالیں گے، نوازشریف کو طبی بنیادوں پرسہولت دی گئی گئی تھی جبکہ مریم نواز بیمار نہیں ہیں۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ یہ کیا طریقہ ہے کہ امیر قیدی انگور کھارہا ہے اورغریب جیل میں ہے، عمران خان بھی واضح کہہ چکے ہیں کہ اب ایسی سہولت نہیں دیں گے، عدالت نام نکالنے کا فیصلہ دیتی ہے تو اس کو چیلنج کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پی پی رہنما نفیسہ شاہ نے بھی اعتراف کیا ہے کہ نوازشریف کرپٹ ہیں، ثابت ہوتا ہے کہ نوازشریف ایک مرتبہ پھرملک سے بھاگ گئے ہیں، بطور حکومت جو کرسکتے ہیں وہ کررہے ہیں۔

    نوازشریف اور مریم نوازمجرمان ہیں جبکہ حسن نواز اور حسین نواز مفرور ملزمان ہیں، مفرور اشتہاریوں کو اسمبلی اور میڈیا میں آنے سے روکنے کیلئے قانون سازی ہورہی ہے۔

    فیصل واوڈا نے کہا کہ آج شاہد خاقان نے قومی اسمبلی میں کون سی حلقے کےعوام کی بات کی؟ اسمبلی میں ایک ملزم آتا ہے اوردوسرے ملزم کی بات کرتا ہے، وفاقی وزیر کا شوگر ملز سے متعلق سوال پر کہنا تھا کہ اس حوالے سے پالیسی بنائی جارہی ہے۔

    ہمارے پاس کوئی سیف الرحمان نہیں، کسی ادارے کو کام کرنے سے نہیں روکا، نیب ایک آزاد ادارہ ہے اور چیئرمین نیب تمام کیسز کو بخوبی دیکھ رہے ہیں، پی ٹی آئی کا کوئی شخص ملک سے باہر نہیں گیا۔

  • فیصل آباد، گھر میں سوئی خاتون پر چھری سے حملہ، اسپتال منتقل

    فیصل آباد، گھر میں سوئی خاتون پر چھری سے حملہ، اسپتال منتقل

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں گھر میں سوئی خاتون پر چھری سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے اعجاز ٹاؤن میں گھر میں سوئی ہوئی خاتون چھری سے حملے کے نتیجے میں زخمی ہوگئیں، خاتون کو تشویش ناک حالت میں الائیڈ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون کے شوہر فیصل نے 2 شادیاں کررکھی ہیں، تھانہ غلام محمد آباد میں بھائی شہباز کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    خاتون کے بھائی شہباز کا کہنا ہے کہ بہن پر شوہر فیصل نے قاتلانہ حملہ کیا ہے وہ پہلے بھی تشدد کرتا رہا ہے، فیصل نے جرم پر پردہ ڈالنے کے لیے ڈکیتی مزاحمت کا ڈرامہ رچایا ہے۔

    مزید پڑھیں: فیصل آباد : سفاک شوہر نے بیوی کی زبان کاٹ دی، ملزم گرفتار، مقدمہ درج

    ادھر فیصل آباد گورنمنٹ اسکول کے پرنسپل علی رضا کو سرٹیفکیٹ نہ دینے پر 6 افراد نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سرٹیفکیٹ لینے آئے تھے پرنسپل کی جانب سے پیر کو آنے کا کہنے پر دھمکیاں دیں، اسکول کے باہر کھڑے ملزمان نے پستول کے دستے اور مکے بھی مارے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق تھانہ ساہیاں والا میں درخواست جمع کرادی تاہم مقدمہ درج نہیں ہوسکا ہے، زخمی پرنسپل علی رضا ہیڈ ماسٹرز ایسوسی ایشن کے صدر بھی ہیں۔

  • فیصل آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولت دستیاب

    فیصل آباد ایئر پورٹ پر مسافروں کو عالمی معیار کی سہولت دستیاب

    فیصل آباد: سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے بڑے ایئر پورٹس پر مسافروں کی سہولت کے لیے جدید سسٹم متعارف کروا دیا، پہلے مرحلے میں فیصل آباد ایئر پورٹ پر خود کار چیک ان مشینیں نصب کردی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اسلام آباد اور کراچی سمیت 5 بڑے ایئر پورٹس پر جدید سیلف چیک ان سسٹم نصب کرنا شروع کر دیے۔

    پہلے مرحلے میں فیصل آباد ایئر پورٹ پر خود کار چیک ان مشینیں نصب کردی گئیں جس کے بعد اب مسافر اپنی مدد آپ کے تحت اپنا بورڈنگ پاس حاصل کرسکیں گے۔

    کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ سمیت بڑے ایئر پورٹس پر 15 سے زائد جدید مشینیں مسافروں کی سہولت کے لیے نصب کی جا رہی ہیں۔ یہ مشینیں فرانس سے درآمد کی گئی ہیں۔

    کراچی ایئر پورٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشل لاؤنج میں 2، 2 مشینیں نصب کی گئی ہیں۔ جدید مشینوں کے نصب ہونے سے مسافر اپنا بورڈنگ پاس خود کار طریقہ سے حاصل کر سکیں گے۔

    خود کار چیک ان سسٹم فیصل آباد ایئر پورٹ پر نصب کیے جانے کے بعد 3 مشینیں اسلام آباد ایئرپورٹ، 2 پشاور، 2 کوئٹہ اور 2 ملتان ایئر پورٹ پر نصب کی جائیں گی۔

    سول ایوی ایشن نے تمام ایئر لائنز کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ بھی خود کار چیک ان سسٹم کو استعمال کرتے ہوئے اپنے اپنے نیٹ ورکس سے فوری منسلک کریں۔