Tag: faisalabad

  • فیصل آباد اور سکھر ائیرپورٹس پر فل اسکیل ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد

    فیصل آباد اور سکھر ائیرپورٹس پر فل اسکیل ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد

    فیصل آباد / سکھر : سی اے اے کی جانب سے سکھر اور فیصل آباد ایئرپورٹس پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فل اسکیل ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔

    ٓتفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن اتھاررٹی فیصل آباد ائیرپورٹ پر فل سکیل ایمرجنسی مشقوں کا انعقاد کیا گیا، جس میں تمام متعلقہ اداروں کے اراکین اور عملہ نے شمولیت اختیار کی۔

    فل اسکیل ایمرجنسی مشقوں کا مقصد کسی بھی قسم کے ائیرکرافٹ کے حادثے کی صورت میں متعلقہ اداروں کی رسپانس کو جانچنا اور اس میں مزید بہتری لانا ہے۔

    ان مشقوں میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کے میڈیکل،ریسکیو اینڈ فائر فائیٹنگ، پاکستان ائیرفورس، ائیرپورٹ سیکورٹی فورس ، سول پولیس، ریسکیو 1122،ڈسٹرکٹ گورنمنٹ، سول ڈیفنس،تمام ائیرلائنز، ایدھی ایمبولینس سروس، ییلتھ ڈیپارٹمنٹ اور دیگر اداروں کے اعلی حکام اور عملہ نے بھرپور شرکت کی اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ بھی کیا۔

    ایمرجنسی مشقوں کے اختتام پر راجہ اظہر محمود چییف آپریٹنگ آفیسر نے تمام شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ خدانخواستہ حقیقی ایمرجنسی کے لئے ہم پوری طرح تیار رہیں گے۔

    دوسری جانب سی اے اے کی جانب سے سکھرایئرپورٹ پر کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فل اسکیل ایمرجنسی مشق کا انعقاد کیا گیا۔

    مشقوں میں سی اے اے کے فائر ،ریسکیو، ویجیلنس، ایمبولنس سروسز اور طبی امداد کے اداروں نے حصہ لیا، سکھرایئرپورٹ پر فرضی مشق میں اے ٹی آر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ اور طیارے میں لگنے والی آگ پر قابو پایا گیا۔

    مشق میں طیارے سے زخمیوں کو اتارنے اور فوری طبی امداد بھی دی گئی، مشقوں کا مقصد تمام اداروں کی صلاحیتوں کو جانچنا ہے۔

    ایئرپورٹ منیجر سعید عباسی کا کہنا ہے کہ سول ایوی ایشن مشقوں کا مقصد عالمی ہوابازی کی انجمن کے مطابق ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے صلاحیتوں کو جانچا گیا جس پر سی اے اے کے عملے نے مقررہ حدف پورا کیا۔

  • شوہر نے ہتھوڑے مار کر بیوی کو جان سے مار دیا، معصوم بیٹیاں زخمی

    شوہر نے ہتھوڑے مار کر بیوی کو جان سے مار دیا، معصوم بیٹیاں زخمی

    فیصل آباد: پنجاب میں ایک شقی القلب شوہر نے نہ صرف بیوی بلکہ اپنی دو معصوم بچیوں پر بھی ہتھوڑے سے حملہ کر دیا، جس میں بیوی جاں بحق ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے رسول پورہ میں شوہر نے ہتھوڑے سے حملہ کر کے بیوی کو جان سے مار دیا، جب کہ 2 معصوم بیٹیاں زخمی ہو گئیں۔

    ریسکیو ذرایع کا کہنا ہے کہ فیصل آباد میں یہ واقعہ گھریلو جھگڑے کے باعث پیش آیا، شوہر ریاض نے جھگڑے کے بعد بیوی اور بیٹیوں پر تشدد کیا اور ہتھوڑے سے حملہ کر دیا۔

    واقعے کے بعد باپ کے ہاتھوں زخمی بچیوں کو کھرڑیانوالا کے ہیلتھ سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انھیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ شوہر کی گرفتاری کے بارے میں کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

    تازہ ترین:  بجلی کا کرنٹ لگا کر شوہر کو قتل کرنے والی بیوی گرفتار

    ادھر کراچی میں حاملہ بیوی نے اپنے شوہر کو مبینہ طور پر بجلی کا کرنٹ لگا کر قتل کر دیا، پولیس نے ملزمہ کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا، جہاں جوڈیشل مجسٹریٹ نے ملزمہ کو 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔

    مقتول شوہر کے بھائی نے الزام لگایا تھا کہ ملزمہ نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اپنے شوہر کو قتل کیا۔ آلۂ قتل کے بارے میں کہا گیا کہ واردات کے لیے بجلی کے کرنٹ کا استعمال کیا گیا۔ عدالت نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ ملزمہ سے وومین ایس ایچ او کی موجودگی میں تفتیش کی جائے۔

    جوڈیشل مجسٹریٹ نے واضح کیا کہ ملزمہ چوں کہ خاتون ہے اس لیے تفتیش خاتون ایس ایچ او کی موجودگی میں ہوگی، نیز ملزمہ حاملہ ہے اس لیے انسانی حقوق کی بنیاد پر صحت کا بھی خیال رکھا جائے۔

  • نیشنل ٹی 20کپ : بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو 27 رنز سے شکست دے دی

    نیشنل ٹی 20کپ : بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو 27 رنز سے شکست دے دی

    فیصل آباد : اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے نیشنل ٹی 20 میچ میں بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو27رنز سے ہرا دیا، بہترین کارکردگی کی بنیاد پر اویس ضیا مین آف دی میچ قرار پائے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل ٹی 20کپ کے میچ میں بلوچستان کی ٹیم نے سینٹرل پنجاب کو27رنز سے شکست دے دی، 165رنز کے ہدف کے تعاقب میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم137رنز بناسکی۔

    بسم اللہ خان نے7چوکوں اور3چھکوں کی مدد سے51رنز بنائے، سینٹرل پنجاب کے فہیم اشرف نے3کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

    سینٹرل پنجاب کے کامران اکمل، عمراکمل، رضوان پر مشتمل مڈل آرڈر پھر ناکام ہوگیا، بلوچستان کےعماد بٹ نے3، یاسرشاہ اور عمرگل کی2،2وکٹیں حاصل کیں۔

    اویس ضیاء4چوکوں اور2چھکوں کی مدد سے56رنزبنا کرمین آف دی میچ قرار پائے۔

    مزید پڑھیں: نیشنل ٹی 20، سندھ نے خیبرپختونخوا کو شکست دے دی

    یاد رہے کہ اس سے قبل ہونے والے میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو ہرایا، نیشنل ٹی 20 کے گروپ میچ میں سندھ نے خیبرپختونخوا کو 8 رنز سے شکست دے دی، فاسٹ بولر انور علی نے تین اور محمد حسنین نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

  • فیصل آباد سے مزید 4 ڈینگی کیسز رپورٹ

    فیصل آباد سے مزید 4 ڈینگی کیسز رپورٹ

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ڈینگی کے مزید 4 کیسز سامنے آگئے، فیصل آباد سے رواں سال 41 ڈینگی کیسز سامنے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ڈینگی بخار میں مبتلا مزید 4 مریض الائیڈ اسپتال میں داخل کردیے گئے۔ مریضوں میں سائرہ، عبد الحق، عبد الرشید اور ولید شامل ہیں۔

    اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال ضلع بھر سے ڈینگی کے 147 کیسز رپورٹ ہوئے۔ رپورٹ ہونے والے 41 مریضوں کا تعلق فیصل آباد سے ہے۔

    فیصل آباد میں رواں سال ڈینگی وائرس سے 3 اموات ہوچکی ہیں۔

    گزشتہ روز وفاقی انسداد ڈینگی سیل کی تیار کردہ رپورٹ وزارت صحت کو روانہ کی گئی ہے جس میں بتایا گیا کہ ڈینگی کیسز کی تعداد 28 ہزار سے بڑھ چکی ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا کہ پنجاب میں 6 ہزار 269، سندھ میں 4 ہزار 858، پختونخواہ سے 5 ہزار5، قبائلی اضلاع سے 436، بلوچستان سے 2 ہزار 764 اور آزاد کشمیر سے 12 سو 95 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے۔

    ذرائع وزارت صحت کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں سے 208 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں، رواں سال گلگت بلتستان سے ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

    وزارت صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رواں سال ملک میں ڈینگی سے 45 اموات ہوئیں۔ سندھ میں 16، وفاقی دارالحکومت میں 15، پنجاب میں 10، بلوچستان میں 3، اور آزاد کشمیر میں ڈینگی کے ایک مریض کی موت واقع ہوئی۔

  • فیصل آباد: آٹھ سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گرفتار

    فیصل آباد: آٹھ سالہ بچہ زیادتی کے بعد قتل، ملزم گرفتار

    فیصل آباد: پنجاب کے شہر فیصل آباد میں آٹھ سالہ بچے کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا، پولیس نے ملزم کو گرفتار کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے نارا ڈاڈا میں پیش آنے والے اس ہول ناک واقعے کے ملزم قاسم کو گرفتار کرکے آلہ قتل بر آمد کر لیا گیا. سفاک شخص نے بچے کو درانتی سے قتل کیا تھا.

    درج مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ بھی شامل ہے، ننھے سعدا للہ کو آہوں اور سسکیوں میں  آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم قاسم اسی گاؤں کا رہائشی تھا، ملزم نے بچے کو اغوا کیا، زیادتی کے بعد قتل کیا اور بچے کی ہاتھ پاؤں بندھی لاش کھیت میں پھینک کرفرار ہوگیا.

    مزید پڑھیں: پنجاب میں 7 ماہ کے دوران 156 بچوں سے زیادتی کے واقعات

    ننھے سعد کی نمازجنازہ میں سی پی او فیصل آباد اظہراکرم سمیت پورا گاؤں شریک ہوا۔ سعد کے والد کہتے ہیں کہ انھیں ہر صورت انصاف چاہیے، یہی ان کا مطالبہ ہے۔

    اہل محلہ نے مطالبہ کیا کہ ایسا گھناؤنا جرم کرنے والوں کو سرعام سزادی جائے۔ ننھا سعد دوسرے جماعت کا طالب علم تھا، واقعے کے بعد گاؤں کی فضا سوگ وار ہے.

  • چور مسجد کے چندے کا بکس چرا کر لے گئے، خاتون سمیت 21 منشیات فروش گرفتار

    چور مسجد کے چندے کا بکس چرا کر لے گئے، خاتون سمیت 21 منشیات فروش گرفتار

    فیصل آباد / چنیوٹ : شہباز ٹاؤن میں چور مسجد کا چندے کا بکس چرا کر لے گئے، امام مسجد نے مقدمے کیلئے درخواست دے دی، چنیوٹ میں خاتون سمیت 21 منشیات فروشوں کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے شہباز ٹاؤن میں چور مسجد کا چندے کا بکس چرا کر لے گئے ہیں، اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مسجد بہار مدینہ میں چندے کا بکس توڑنے کی واردات 28ستمبر کی رات کو کی گئی تھی۔

    اے آر وائی نیوز نے چندے کے باکس توڑنے کی فوٹیج حاصل کرلی، فوٹیج میں دو افراد کو مسجد کے باہر گاڑی کھڑی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    ملزمان ایک گاڑی کی آڑ میں چندے کے باکس کا تالا توڑتے نظر آرہے ہیں، ملزمان کو واردات کے بعد بھاگتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    امام مسجد نے تھانہ جھنگ بازار میں مقدمے کیلئے درخواست دے دی ہے، پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کیلیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے ہیں، تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

    علاوہ ازیں چنیوٹ میں پولیس نے منشیات فروشوں کیخلاف کا میاب کارروائی کرتے ہوئے خاتون سمیت21ملزمان کو گرفتار کرلیا،

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضہ سے اسلحہ اور منشیات برآمد ہوئی ہے ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

  • صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے: وزیر اعلیٰ پنجاب

    فیصل آباد: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے، غریبوں کو اسپتال لانے لے جانے کے اخراجات بھی حکومت برداشت کرے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے فیصل آباد اور چنیوٹ کے لیے صحت انصاف کارڈ پروگرام کا افتتاح کیا، انہوں نے مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے۔

    اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ االلہ کا شکر ادا کرتا ہوں جس نے معاشرے کی خدمت کا موقع دیا، صحت انصاف کارڈ پاکستان کی تاریخ کا ایسا منصوبہ ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت غریب اور لاچار کے لیے کام کر رہی ہے، صحت انصاف کارڈ غریبوں کے لیے امید کی کرن ہے، غریبوں کو اسپتال لانے لے جانے کے اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ ہیلتھ کارڈ کے ذریعے ہر قسم کی سرجری اور کنسلٹینسی سمیت تمام سہولتیں مہیا ہوں گی، آج فیصل آباد اور چنیوٹ بھی اس پروگرام میں شامل ہو رہے ہیں۔ فیصل آباد کی 22 اور چنیوٹ کی 23 فیصد آبادی کو صحت انصاف کارڈ فراہم ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں تقریباً 500 منصوبے شروع کر رکھے ہیں، پنجاب کو ہم نے سب سے خوبصورت صوبہ بنانا ہے۔

    اس سے قبل وزیر اعلیٰ پنجاب نے اٹک میں مستحق افراد میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ کارڈ رکھنے والا معیاری اسپتال میں علاج کروا سکتا ہے۔

    عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے ذریعے 7 لاکھ 20 ہزار روپے کا علاج ممکن ہے، اسے بڑھایا بھی جاسکتا ہے۔ صحت انصاف کارڈ سے 3 کروڑ افراد مستفید ہوں گے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ پنجاب کے 18 اضلاح میں صحت کارڈ اسکیم شروع کی جاچکی ہے، غریب لوگ اب علاج کی سہولت سے محروم نہیں رہیں گے۔

  • ٹیکسٹائل پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا: چیئرمین ایف بی آر

    ٹیکسٹائل پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا: چیئرمین ایف بی آر

    فیصل آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل پر کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا، برآمدات کو پہلے بھی استثنیٰ تھا آج بھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زیرو ریٹنگ کی مراعات پہلی مرتبہ ختم نہیں ہوئیں۔ آج جو ٹیکسٹائل سیکٹر کی صورتحال ہے اس کے مدنظر فیصلہ کیا گیا، یہاں آنے کا مقصد ہے کہ زیرو ریٹنگ مراعات کے خاتمے پر بات کی جائے۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کے مختلف اسٹیک ہولڈرز سے بات چیت ہوئی، جو بھی بہتر حل نکلے گا اس کی طرف جائیں گے۔ آگے بڑھنا ہے اور تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ایف بی آر میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کیے گئے ہیں، نیا ایف بی آر ان ہی افراد سے بنے گا جو آج موجود ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ لوگوں کی شکایت ہے ایف بی آر کی جانب سے ہراساں کیا جاتا ہے، ایف بی آر والے کہتے ہیں ہم جائز ٹیکس کے لیے بات کرتے ہیں۔ جو بھی ہراساں کرنے میں ملوث ہوگا اسے ادارے میں نہیں رہنا چاہیئے، آہستہ آہستہ آٹو میشن پر جائیں گے، انسانی عمل دخل کم کریں گے۔ آتے ہی کہا تھا کسی کا بینک اکاؤنٹ بغیر وضاحت منجمد نہیں کیا جائے گا، سیلز ٹیکس رجسٹریشن سے متعلق بہت شکایات تھیں اسے آٹو میٹ کر دیا۔

    شبر زیدی کا کہنا تھا کہ فیصل آباد کے ابھی بھی چند کیسز زیر التوا ہیں، پہلی والی ایمنسٹی اسکیم کراچی اسلام آباد کی بنیاد پر تھی۔ موجودہ ایمنسٹی اسکیم کی پذیرائی ملک بھر میں ہوئی ہے۔ کسی قسم کا نیا ٹیکس نہیں لگایا، لگایا ہے تو بتائیں۔ یہ تاثر غلط ہے کہ کوئی نیا ٹیکس لگایا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارا کام صرف وقتی طور پر چیزوں کو ٹھیک کرنا ہے، بڑا آسان طریقہ تھا کہ سیلز ٹیکس ریٹ بڑھا دیا جاتا مگر ہم نے ایسا نہیں کیا، روپے کی قدر میں کمی کے باعث مہنگائی ہوئی۔ روپے کی قدر میں کمی کی وجوہات گورنر اسٹیٹ بینک بتا سکتے ہیں۔ پاکستان کو تاریخی جاری اور تجارتی خساروں کا سامنا ہے۔

    چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور اسمگلنگ کے مسائل کو سنجیدگی سے حل کر رہے ہیں، اس مسئلے کو حل نہ کیا گیا تو نقصان ہوگا۔ مہنگائی کنٹرول کرنے کے لیے صنعتی اور روزگار میں اضافہ ضروری ہے۔

  • فیصل آباد: وین اور ٹرک میں تصادم، 8 افراد جاں بحق

    فیصل آباد: وین اور ٹرک میں تصادم، 8 افراد جاں بحق

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں وین اور ٹرک کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ساہیانوالہ انٹرچینج موٹروے پروین اور ٹرک میں تصادم ہوا، حادثے میں 2 بچوں سمیت 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔

    حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچے اور لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں میں 2 بچے اور 3 خواتین سمیت 8 افراد شامل ہیں۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے، وین میں سوار فیملی لاہورسے آ رہی تھی۔

    بھکرمیں ٹریلراورمسافروین کی ٹکر، 8 افراد جاں بحق

    اس سے قبل 30 جون کو صوبہ پنجاب کے شہر بھکر میں مسافر وین اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 8 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

    بھکر میں ٹریفک حادثہ، 5 افراد جاں بحق

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 8 جون کو بھکر میں ایم ایم روڈ پر فاضل اڈا کے قریب بس اور ٹریک میں تصادم ہوا تھا جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 18 زخمی ہوگئے تھے۔

  • فیصل آباد : گیس لیکج سے زوردار دھماکہ، مکان زمیں بوس، دو افراد زخمی

    فیصل آباد : گیس لیکج سے زوردار دھماکہ، مکان زمیں بوس، دو افراد زخمی

     فیصل آباد : گیس لیکج سے زوردار دھماکہ کے بعد مکان ملبے کا ڈھیربن گیا، حادثے میں جھلس کر خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں گیس لیکیج کے باعث دھماکہ سے پورامکان منہدم ہو گیا جس کےملبہ تلے دب کرخاتون سمیت دوافراد زخمی ہوگئے۔

    فیصل آباد کی گلستان کالونی میں گیس لیکج سےدھماکہ کے بعد مکان ملبے کا ڈھیربن گیا۔ اعوان چوک میں واقع گھر کے کچن میں لیکیج کے باعث گیس جمع ہوگئی تھی، اس دوران ملازم کے موبائل فون سننے پر اسپارکنگ کے بعد زوردار دھماکہ ہوگیا۔

    ملبے تلے دب کراور آگ سے جھلس کرخاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔ امدادی ٹیموں نے زخمی رضیہ اور علی حسین کواسپتال منتقل کیا۔ دھماکے میں قریبی مکان، گاڑی اورموٹرسائیکل کوبھی نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق مکان مالک خاندان سمیت بیرون ملک مقیم ہے۔