Tag: Fake

  • 60 سالہ شخص نے اپنی موت کی جھوٹی اطلاع کیوں پھیلائی؟

    برازیل میں ایک شخص نے اپنے دوستوں اور رشتے داروں کو اپنی موت کی جھوٹی اطلاع دلوائی تاکہ دیکھ سکے کے اس کے جنازے میں کون کون شریک ہوگا۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق 60 سالہ بلٹازار لیموز نے اپنی موت کے حوالے سے جھوٹی اطلاع دلوائی تاکہ وہ یہ دیکھ سکے کہ اس کی آخری رسومات اور جنازے میں کون کون شریک ہوا۔

    بلٹازار لیموز ایونٹ اور رسومات منعقد کرنے کے شعبے سے وابستہ ہیں اور انہیں ایسی تقریبات کے انعقاد میں مہارت حاصل ہے، وہ اب تک جنازوں کی سینکڑوں رسومات کا انعقاد کرچکے ہیں۔

    ان کے مطابق ان میں سے بعض جنازوں میں صرف دو افراد شریک ہوئے جبکہ کچھ میں 500 تک بھی شامل ہوئے۔

    اس کے بعد ان کے ذہن میں یہ خیال آیا کہ کیوں نہ وہ جائزہ لیں کہ اگر وہ مرجائیں تو ان کی آخری رسومات میں خاندان اور دوستوں میں سے کتنے لوگ شریک ہوں گے۔

    انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ اپنی موت کی جھوٹی اطلاع دلوائیں گے تاکہ آخری رسومات میں شریک لوگوں کو دیکھ سکیں۔

    جس کے بعد 10 جنوری کو کسی نے سوشل میڈیا پر یہ پوسٹ شیئر کی کہ نہایت افسوس کے ساتھ یہ اعلان کیا جاتا ہے کہ بلٹازار لیموز اب ہم میں نہیں رہے۔

    اس کے بعد مزید اطلاعات آنا شروع ہوئیں جس میں ایک تصویر کے ساتھ یہ تحریر بھی شامل تھی کہ وہ ساؤ پاؤلو کے ایک اسپتال میں ایڈمٹ رہے، ان کا خاندان تو سخت حیران و پریشان ہوگیا۔

    ان کا ایک بھتیجا مذکورہ اسپتال گیا لیکن وہاں کے اسٹاف کے پاس ان کا کوئی ریکارڈ موجود نہ تھا۔

    جب تعزیت کا سلسلہ شروع ہوا اور لوگوں نے موت کی وجہ معلوم کرنا شروع کی تو کسی کے پاس کوئی معلومات نہ تھیں۔

    18 جنوری کو جب ان کے خاندان والے اور دوست ایک چرچ میں جمع ہوئے تو جنازہ رکھنے کی جگہ سے ان کی آواز آنے لگی جس پر دوست احباب یہ سمجھے کہ یہ آواز کی ریکارڈنگ ہے۔

    لیکن پھر وہ اچانک سامنے آگئے جس پر وہاں موجود لوگ حیران و پریشان ہوگئے، جس پر بلٹازار لیموز نے خود ساری بات بتائی۔ تاہم وہاں موجود لوگوں نے انہیں خوب برا بھلا کہا اور ان کے اس عمل پر ناراضی کا اظہار کیا۔

  • غیر ملکی افراد بھی سندھ سے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے لگے

    غیر ملکی افراد بھی سندھ سے جعلی تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے لگے

    کراچی: صوبہ سندھ سے غیر ملکی افراد بھی تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے لگے، صوبائی وزیر اسماعیل راہو نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکریٹری جامعات و بورڈ کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ سے غیر ملکی افراد کے تعلیمی سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کا انکشاف ہوا ہے، صوبائی وزیر تعلیمی بورڈ اسماعیل راہو نے معاملے کا سخت نوٹس لے لیا۔

    اسماعیل راہو نے سیکریٹری جامعات و بورڈ کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

    اسماعیل راہو کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیقات کر کے ایک ہفتے میں رپورٹ دی جائے، حقائق پر مبنی مفصل رپورٹ پیش کی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ امتحانات میں بٹھانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کر کے ان کو معطل کیا جائے گا۔

  • کیا واقعی چاند اتنا قریب ہے؟ وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی

    کیا واقعی چاند اتنا قریب ہے؟ وائرل ویڈیو کی حقیقت سامنے آگئی

    گزشتہ چند روز سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں قطب شمالی میں چاند کو ابھرتا اور پھر ڈوبتا ہوا دکھایا گیا ہے، متعدد فیکٹ چیکنگ ویب سائٹس نے اسے جعلی ثابت کردیا۔

    فیس بک اور دیگر سوشل میڈیا سائٹس پر وائرل ہونے والی 30 سیکنڈز کی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چاند طلوع ہورہا ہے اور اس کا حجم بہت بڑا ہے، ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ روس اور کینیڈا کے درمیان قطب شمالی کی ویڈیو ہے جہاں سے چاند اتنا ہی بڑا دکھائی دیتا ہے۔

    اسے پوسٹ کرنے والے ایک صارف نے دعویٰ کیا ہے کہ قطب شمالی میں 30 سیکنڈز کے لیے چاند اتنا بڑا دکھائی دیتا ہے، اس کے بعد 5 سیکنڈز کے لیے سورج کے سامنے آ کر اسے گرہن لگا دیتا ہے اور پھر غروب ہوجاتا ہے۔

    تاہم جلد ہی فیکٹ چیکنگ ویب سائٹس کے ذریعے معلوم ہوگیا کہ یہ ویڈیو اینی میشن کا کمال ہے، اسے ایک ٹاک ٹاکر نے بنایا تھا جو اس سے پہلے بھی اسی نوعیت کی اینی میٹڈ ویڈیوز بناتا رہا ہے۔

    البتہ اس سے پہلے ہی اس ویڈیو کی حقیقت کسی فیکٹ چیک کے بغیر کامن سینس کے ذریعے پہچانی جاسکتی ہے۔

    سب سے پہلی بات یہ ہے کہ چاند اور زمین ایک دوسرے سے اس قدر فاصلے پر یعنی 3 لاکھ 84 ہزار 400 کلومیٹر دور واقع ہیں کہ زمین کے کسی بھی حصے سے چاند کا اتنا بڑا دیکھا جانا ممکن نہیں۔ ویڈیو میں چاند اتنا قریب دکھائی دے رہا ہے جیسے ایک جست لگا کر اس تک پہنچا جاسکے۔

    ماہرین نے اس ویڈیو میں دکھائی دینے والی چند مزید غیر معمولی چیزوں کی طرف بھی اشارہ کیا ہے جو اس ویڈیو کو جعلی ثابت کرتی ہیں۔ جیسے کہ زمین پر گھاس کا ہونا، جبکہ قطب شمالی برفانی علاقہ ہے جہاں سال کے 12 ماہ زمین پر برف رہتی ہے۔

    علاوہ ازیں ویڈیو میں دکھائی دینے والی جھیل میں چاند کا سایہ بھی نہیں پڑ رہا جبکہ چاند بھی بہت تیزی سے حرکت کر رہا ہے۔

    ماہرین کے مطابق زمین کے گرد گھومنے والا چاند کا مدار اس قدر مکمل دائرے میں نہیں جیسے کہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چاند پرفیکٹ دائرے کی صورت میں حرکت کر رہا ہے جبکہ حقیقت میں اس کا مدار کسی حد تک بیضوی ہے۔

    اس جعلی ویڈیو کو گزشتہ چند روز میں لاکھوں صارفین نے شیئر کیا –

  • نوجوان کی ہلاکت : کراچی پولیس کا ایک اور مقابلہ جعلی نکلا

    نوجوان کی ہلاکت : کراچی پولیس کا ایک اور مقابلہ جعلی نکلا

    کراچی : سائٹ ایریا  میں ہونے والا پولیس مقابلہ بھی جعلی نکلا،ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے رپورٹ تیار کر لی ہے،  پولیس مقابلے کے دوران نوجوان سلطان نذیر ہلاک ہوگیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کا ایک اور مقابلہ جعلی نکلا ، سائٹ اے میں ہونیوالے مقابلے کی فائنل رپورٹ تیار کرلی گئی ، جس میں ہنزہ کے مقتول جوان سلطان نذیر بےقصور قرار دیا گیا ہے۔

    ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے رپورٹ تیار کی ہے ، 2روزمیں تحقیقاتی رپورٹ ایڈیشنل آئی جی کوجمع کرائی جائے گی، رپورٹ میں کہا گیا 3 جنوری کو سائٹ اے تھانے کی حدود میں مقابلہ ہوا، اس دوران سلطان نذیر آن لائن موٹرسائیکل سروس کےذریعےگھرجا رہا تھا ، رائیڈر نے پیٹرول ڈلوانے کے لیے پمپ پر موٹرسائیکل روکی۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ دوسری جانب سے پولیس اہلکار 2ملزمان کا پیچھا کرتے آرہے تھے ، پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کی تو موٹرسائیکل رائیڈر بھاگا ، سلطان نذیر موٹرسائیکل رائیڈر کے پیچھے بھاگا ، پولیس اہلکاروں نے سلطان نذیر کو بھاگتے دیکھ کر گولیاں ماریں۔

    14جنوری کویس ایس پی عرفان بہادرکو تحقیقات منتقل کی گئیں ، ایس ایس پی عرفان بہادر کی اہلکاروں کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی سفارش کی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق جعلی مقابلے میں ملوث دونوں اہلکار مفرور ہیں ، اہلکار شبیر اور جہانگیر صورتحال خراب دیکھ کر دوسرے صوبے فرار ہوگئے تھے ، دونوں اہلکاروں کیخلاف دہشت گردی اور قتل ودیگردفعات کے تحت مقدمہ درج ہے۔

  • جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنا مسافر کو مہنگا پڑگیا

    جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنا مسافر کو مہنگا پڑگیا

    اسلام آباد: جعلی ویزے پر بیرون ملک جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو ایف آئی اے نے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلاات کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ پر جعلی ویزے پر لیبیا جانے کی کوشش کرنے والے مسافر کو گرفتار کیا گیا۔ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ دستاویزات چیکنگ کے دوران مسافر کا ویز اجعلی نکلا جس کے بعد ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی۔

    ایف آئی اے نے مسافر کو انسدادانسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا۔ واضح رہے کہ جعلی دستاویزات پر سفر کرنے والے درجنوں ملکی اور غیرملکی گرفتار ہوچکے ہیں۔

    حال ہی میں اسلام آباد ایئرپورٹ پر پی آئی اے ویجلینس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی دستاویز پر کینیڈا جانے والے افغانی باشندے کو حراست میں لیا تھا۔

    جعلی دستاویزات پر افغان باشندہ گرفتار، لاہور ایئرپورٹ پر مسافر سے چرس برآمد

    خیال رہے جعلی دستاویزات پر گرفتار ہونے والا مذکورہ افغان مسافر پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے ٹورنٹو جا رہا تھا، پی آئی اے کے ویجلینس افسر نے مسافر میر زادہ سے سفری دستاویزات طلب کیے جس کے بعد افسر کو شک ہوا کہ دستاویز جعلی ہیں۔ بعد ازاں ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔

  • عازمین حج فرضی اور جعلی حج کمپنیوں کے جھانسے میں نہ آئیں، سعودی عرب

    عازمین حج فرضی اور جعلی حج کمپنیوں کے جھانسے میں نہ آئیں، سعودی عرب

    ریاض : سعودی وزارت حج نے جاری بیان میں کہا ہے کہ حج کی رجسٹریشن کے لیے صرف حکومت سعودی عرب کی فراہم کردہ سرکارہ آن لائن سروس استعمال کریں۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی وزارت حج وعمرہ نےاندرون ملک مقیم غیرملکی مسلمان شہریوں اور مقامی عازمین حج پر زور دیا ہے کہ وہ حج کی رجسٹریشن کرتے ہوئے احتیاط سے کام لیں، جعلی حج کمپنیوں کے جھانسے میں نہ آئیں بلکہ حج کی رجسٹریشن کے لیے فراہم کردہ سرکارہ آن لائن سروس استعمال کریں اور مجاز حج ٹور آپریٹرز کے ذریعے حج کے لیے رجسٹریشن کرائیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے سعودی وزارت حج کی طرف سے مقامی عازمین حج کی رجسٹریشن کے لیے آن لائن رجسٹریشن سروس فراہم کی گئی ہے، اس کے علاوہ شہری قابل بھروسہ اور مجاز حج فرموں کے ذریعے بھی اپنی رجسٹریشن کراس کر اسکتے ہیں۔

    وزارتِ حج نے ایک بیان میں کہا کہ بہت سے دھوکہ باز عناصر جعلی حج کمپنیوں کے ذریعے شہریوں سے حج کی آڑ میں رقوم اینٹھ کر انہیں نقصان پہنچا سکتے ہیں،ایسے افراد جو جنہوں نے فرضی اور جعلی حج کمپنیوں کے ذریعے رجسٹریشن کرائی ہو وہ سرکاری سطح پر حج کے لیے اہل انہیں ہوں گے۔

    سعودی عرب کے نائب وزیر حج وعمرہ ڈاکٹر عبدالفتاح بن سلیمان مشاط نے کہا کہ عازمین حج کی رجسٹریشن کی نگرانی کمیٹیاں غیرمجاز حج کی مہمات، سوشل میڈیا پران کی سرگرمیوں اور جعلی حج ٹور آپریٹرکے نام پر لوگوں کو دھوکہ دینے والوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے سعودی شہریوں اور غیرملکی باشندوں کو کسی فرضی اور جعلی نیٹ ورک کی فوری متعلقہ حکام کو اطلاع دینا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ حج درخواستوں کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے صرف ایک رابط لنک بنایا گیا ہے، تمام مجاز کمپنیاں اپنے ہاں آنے والے عازمین حج کی اسی لنک پر رجسٹریشن کرا رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مقامی سطحپر عازمین حج کی رجسٹریشن حج کے عمل کو شفاف بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے تاکہ حج کے موقع پر غیرمتعلقہ لوگوں کو حجاج میں شامل ہونے سے روکا جاسکے۔

  • جعلی فیس بک اکاﺅنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے سینکڑوں اکاﺅنٹس بند

    جعلی فیس بک اکاﺅنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے سینکڑوں اکاﺅنٹس بند

    غزہ/نیویارک : فیس بُک انتظامیہ کی جانب سے جعلی اکاؤنٹس کی آڑ میں فلسطینیوں کے اکاؤنٹ بند کردئیے گئے، اکاﺅنٹس بلاک کر کے صہیونی ریاست کے فلسطینیوں پر مظالم کی حمایت کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کے بین الاقوامی ویب سائیٹ فیس بک جعلی اکاﺅنٹ بلاک کرنے کی آڑ میں اسرائیل کے خلاف مواد پر مشتمل فلسطینی کارکنوں کے سیکڑوں اکائنٹس بھی بلاک کر دیئے۔

    مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق فلسطین میڈیا سوسائٹی کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ فیس بک کی انتظامیہ نے جعلی اکاﺅنٹس کی بندش کی مہم کی آڑ میں فلسطینی شہریوں کے سیکڑوں اصلی صفحات اور اسرائیلی مظالم پر مشتمل مواد نشر کرنے والے اکاﺅنٹس بلاک کیے ہیں۔

    بیان میں فیس بک کی طرف سے فلسطینی سماجی کارکنوں کے سیکڑں صفحات کو بلاک کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اسے بلا جواز قرار دیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ فیس بک نے فلسطینی کارکنوں کے صفحات بلاک کر کے صہیونی ریاست کی طرف داری اور فلسطینیوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی حمایت کا ثبوت پیش کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : فیس بک کا رواں سال دو ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ حذف کرنے کا دعویٰ

    یاد رہے کہ سماجی رابطے کی مقبول عام ویب سائٹ فیس بک نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2 ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ ڈیلیٹ کرنے کا دعوی کیا تھا۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک نے اپنی تازہ ترین نافذ العمل رپورٹ شائع کر دی ہے جس میں اکتوبر 2018 سے مارچ 2019 کے دوران مختلف اکاؤنٹس اور پوسٹس کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق ان چھ ماہ کے دوران فیس بک نے پہلی مرتبہ تین ارب جعلی اکاؤنٹس کو بند کیا ہے۔

  • فیس بک کا رواں سال دو ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ حذف کرنے کا دعویٰ

    فیس بک کا رواں سال دو ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ حذف کرنے کا دعویٰ

    واشنگٹن : سماجی رابطے کی مقبول عام ویب سائٹ فیس بک نے رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران 2 ارب 19 کروڑ جعلی اکاﺅنٹ ڈیلیٹ کرنے کا دعوی کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بک نے اپنی تازہ ترین نافذ العمل رپورٹ شائع کر دی ہے جس میں اکتوبر 2018 سے مارچ 2019 کے دوران مختلف اکاؤنٹس اور پوسٹس کے خلاف کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق ان چھ ماہ کے دوران فیس بک نے پہلی مرتبہ تین ارب جعلی اکاو¿نٹس کو بند کیا ہے۔

    اس کے علاوہ 70 لاکھ سے زائد نفرت انگیز پوسٹس کو بھی ہٹایا گیا ہے جو کہ ایک بہت بڑا ریکارڈ ہے، پہلی مرتبہ فیس بک نے حذف شدہ پوسٹس پر آنے والی نظرثانی کی درخواستوں کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں اور یہ بھی بتایا ہے کہ ان میں سے کتنی پوسٹس کا جائزہ لینے کے بعد انھیں دوبارہ بحال کر دیا گیا۔

    فیس بک کے مطابق ہٹائے گئے جعلی اکاؤنٹس کی تعداد میں اضافہ اس لیے ہوا ہے کیونکہ کچھ ’برے عناصر‘ خود کار طریقوں کے استعمال سے انھیں تخلیق کر رہے تھے۔

    فیس بک کے مطابق اس سے پہلے کے یہ جعلی اکاؤنٹس کسی نقصان کا سبب بنتے، ان میں سے زیادہ تر کو چند ہی منٹوں میں شناخت کر کے ہٹا دیا گیا ہے۔فیس بک اب ایسے تمام پوسٹس کی تفصیلات بھی جاری کرے گی جن کو منشیات اور اسلحہ فروخت کرنے کی وجہ سے ہٹایا گیا ہے۔

    فیس بک کی حالیہ رپورٹ کے مطابق چھ ماہ کے دوران اسلحہ فروخت کرنے والے دس لاکھ پوسٹس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ جنوری 2019 سے مارچ 2019 کے دوران فیس بک کو نفرت انگیز پوسٹس ہٹانے پر دس لاکھ درخواستیں موصول ہوئیں۔

    جن میں سے تقریبا ایک لاکھ پچاس ہزار پوسٹس کو نظر ثانی کے بعد دوبارہ بحال کر دیا گیا۔فیس بک کے مطابق رپورٹ میں ان پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی ہے جن کے ذریعے ہمارا پلیٹ فارم استعمال کرنے والے لوگوں کے لیے زیادہ احتساب اور ذمہ داری پیدا کی جا سکے۔

  • مودی کا دوبارہ اقتدار کیلئے نیا ڈرامہ، جعلی ابھی نندن کا بھانڈہ پھوٹ گیا

    مودی کا دوبارہ اقتدار کیلئے نیا ڈرامہ، جعلی ابھی نندن کا بھانڈہ پھوٹ گیا

    نئی دہلی : مودی سرکار کا دوبارہ اقتدار کے حصول کے لیے نیا ڈرامہ، بی جے پی کی حمایت کرتا جعلی ابھی نندن سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر ان دنوں پاکستانی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی ایک تصویر بھی وائرل ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ پائلٹ ابھی نندن نے نہ صرف بی جے پی کی بھرپور حمایت کی ہے بلکہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کو ووٹ بھی دیا ہے۔

    مقامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ کچھ بھارتی شہری سوشل میڈیا پر اس جھوٹ کا پول کھولتے بھی نظرآئے۔

    بھارتی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصویر میں جعلی ابھی نندن نے پاکستانی فورسز کے ہاتھوں گرفتار ہونے والے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کی طرح موچیں رکھی ہوئیں ہیں اور ریبن عینک بھی پہنی ہوئی ہے جبکہ لگے میں بی جے پی کے انتخابی نشان (کنول کا پھول) والا رومال بھی گلے میں ڈالا ہوا ہے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق تصویر کے نیچے جعلی ابھی نندن نے لوگوں پر بھارتیہ جتنا پارٹی کو ووٹ دینے کی گزارش کی ہے۔

    صارفین کا کہنا تھا کہ یہ تصویر گجرات کی ہے جہاں ابھی ووٹنگ ہوئی ہی نہیں، دوسری جانب بھارتی ائیر فورس نے بھی تصویر کو جعلی قرار دے دیا۔

    رپورٹس کے مطابق بھارتی آئین آرمی خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کو سیاسی مہم میں حصّہ لینے کی اجازت نہیں دیتا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت پائلٹ ابھی نندن کو بھارت کے حوالے کر دیا

    یاد رہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کا طیارہ 27 فروری کو پاکستان ایئرفورس کے بہادر سپوتوں نے لڑائی کے دوران نشانہ بنا تھا جس کے بعد ابھی نندن لڑاکا طیارے سے زندہ نکلنے میں کامیاب ہوگیا تھا تاہم وہ بدقسمتی سے پاکستانی سرزمین پر گرا اور شہریوں کے ہاتھ آگیا جسے انہوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا بعد ازاں پاک فوج کے جوان اسے گرفتار کرکے لے گئے۔

    خیال رہے کہ بھارتی پائلٹ کو وزیر اعظم عمران خان نے 28 فروری کو جذبہ خیر سگالی کے تحت رہا کرنے کا حکم دیا تھا جسے یکم مارچ کو واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت کے حوالے کردیا گیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں : بھارت جانے سے قبل ابھی نندن کا آخری پیغام

    بھارتی پائلٹ نے بھارت جانے سے قبل بیان دیا تھا جس میں اُس نے پاک فوج کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا اعتراف کیا تھا جبکہ بھارتی میڈیا پر شدید تنقید بھی کی تھی۔

  • بارہ برس تک معذوری کا ڈرامہ رچانے والا اطالوی باشندہ

    بارہ برس تک معذوری کا ڈرامہ رچانے والا اطالوی باشندہ

    روم: اطالوی پولیس نے برسوں معذور بن کر حکومت سے وظیفہ لینے والے جعل ساز کو گرفتار کرلیا، جعل ساز گزشتہ 12 برس میں 118.000 پونڈ کا فائدہ حاصل کر چکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اطالوی عدالت میں اپنی نوعیت کا انوکھا مقدمے پیش ہوا، پراسیکیورٹر نے بتایا کہ55 سالہ رابرٹو گولییلمی نے حکومت کو دھوکہ دیا، خود کو معذور ظاہر کرکے برسوں سے فوائدحاصل کر تا رہا، اس نے 2007 میں کا رحادثے کے بعد ویل چیئر پر آنے کا دعوی کیا تاہم حقیقت یہ تھی کہ کار حادثہ اور اس کے نتیجے میں ہونے والی معذوری جعلی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ رابرٹو گولییلمی کو جعل سازی کا خیال اپنے معذور پڑوسی کو دیکھ کر آیا جسے حکومت ماہانہ وظفیہ دیتی تھی، بے روزگار رابرٹو نے متعلقہ ادارے میں خود کو معذور ظاہر کیا، اس نے جعلی میڈیکل رپورٹ بھی حاصل کر لی جس میں کہا گیا تھا کہ رابرٹو ٹریفک حادثے میں معذور ہوگیا۔

    رابرٹو مخصوص ویل چیئر پر برسوں گھومتا رہا اس دوران اسکے پڑوسیوں اور عزیزوں کو بھی یہ شک نہ ہوسکا کہ وہ معذور نہیں، اس قدر فنکاری سے خود کو معاشرے میں پیش کرتا رہا جیسے وہ حقیقی طور پر معذور ہے، اس نے اپنے پیروں کے مسلز کمزور کرنے کے لیے انجکشن کا سہارا لیا اور ڈاکٹروں کو بھی بے وقوف بناتا رہا۔

    گولییلمی رابرٹواس دوران فزیکل فٹنس کلب اور میڈیکل سینٹر کے ذمہ داروں کو بھی چکمہ دینے میں کامیاب رہا جہاں اسے فریوتھراپی کرائی جاتی تھی، بالاخر اسکی جعل سازی پولیس پر عیاں اس وقت عیاں ہو گئی جب رابرٹو سالانہ تعطیلات پر ٹوگو گیا جہاں سے واپسی پر وہ یہ بھول گیا کہ وہ معذوری کا ڈرامہ رچائے ہوئے ہے۔

    رابرٹو چھٹیاں گزار کر فلورنس پہنچا تو بے خیالی میں چلتے ہوئے جہاز کی سیڑھیوں سے اتر گیا، فضائی کمپنی کے قانون کے مطابق معذور افراد کے لیے ویل چیئر جہاز کے دروازے تک پہنچائی جاتی ہے، اسے چلتے ہوئے دیکھ کر جہاز کا عملہ حیران رہا گیا کیونکہ انہیں ہدایات ملی تھی کہ رابرٹو معذور ہے اور وہ ایک قدم بھی چل نہیں سکتا۔

    پولیس نے رابرٹو کو جعل سازی کے الزام میں گرفتار کر کے عدالت میں چالان پیش کردیا جہاں اسے حکومت کو دھوکا دینے کے الزام کا سامنا ہے، مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔