Tag: FAKE ACCOUNTS

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: چیف جسٹس کا جے آئی ٹی بنانے کا حکم

    جعلی اکاؤنٹس کیس: چیف جسٹس کا جے آئی ٹی بنانے کا حکم

    اسلام آباد: بیرون ممالک بینکوں میں جعلی اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق بیرون ممالک بینکوں میں جعلی اکاؤنٹس سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکن بینچ نے کی۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت کو مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنانے کی ضرورت ہے، اگر جے آئی ٹی بن جائے تو ان کو کیا اعتراض ہوسکتا ہے۔ جے آئی ٹی بنی تو ان کو کلین چٹ بھی مل سکتی ہے۔

    اٹارنی جنرل نے کہا کہ بیرون ملک بینک اپنے کھاتے داروں کی تفصلات نہیں دیتے، مشکل یہ ہے کہ ہمارے پاس آئی ٹی کے ماہرین نہیں۔ آئی ٹی کے ماہرین نادرا کے پاس ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ آج ڈھائی بجے منی لانڈرنگ معاملے پر اہم میٹنگ ہے۔

    ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن نے کہا کہ ایف آئی اے کا سائبر کرائم ونگ اچھا کام کر رہا ہے، ایس ای سی پی اور ایف بی آر کی ضرورت ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ کل وزیر خزانہ اور اٹارنی جنرل کے ساتھ ایک میٹنگ ہوئی، میٹنگ میں تمام ثبوت ان کو دکھا دیے ہیں۔

    چیف جسٹس نے مجید فیملی کے وکیل شاہد حامد سے کہا کہ اگر جے آئی ٹی بنائیں تو آپ کو کوئی اعتراض ہے؟ جس پر شاہد حامد نے کہا کہ میں نے اپنے تحریری معروضات عدالت میں جمع کروا دیے۔

    چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ بندہ پکڑا جاتا ہے بیمار ہوجاتا ہے، جوان بچہ تھا کیا ہوگیا اسے؟ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ ہمارے پاس لاک اپ ہے، آرام پسند نہیں کرتا۔

    انہوں نے بتایا کہ جب چھاپہ مارا گیا تو دبئی کمپنی کی تفصیلات ملیں، دبئی کی کمپنی میں اربوں روپے کی منتقلی سامنے آئی تھی۔ فرانس میں بھی پیسہ بھیجا گیا۔ جو ہمیں ہارڈ ڈرائیو ملیں اس میں 10 ٹیرا بائٹ سے زیادہ کا ڈیٹا ہے۔

    ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ اکاؤنٹس تک پہنچنے کے لیے دیگر ممالک کے قوانین کا سہارا لینا پڑے گا، جسٹس اعجاز الاحسن نے استفسار کیا کہ اس کام کے لیے تو آپ کو ماہرین درکار ہوں گے، ایسے لوگ ہوں گے جو بین الاقوامی قوانین کے ماہر ہوں۔

    ڈائریکٹر نے کہا کہ ایسے ماہرین نہیں ہمیں ان کی خدمات لینی پڑیں گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سوموٹو آپ کی معاونت کے لیے ہی لیا، جے آئی ٹی بنائی جاسکتی ہے۔

    شاہد حامد نے کہا کہ انور مجید دل کے مریض ہیں اور بیٹے کے ٹیسٹ ہو رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی انور مجید کے ساتھ گفتگو موجود ہے، اس گفتگو میں کہا گیا کہ انور مجید وزیر اعلیٰ کے گھر پر رہ لیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم مقدمے کو پنجاب میں منتقل کر دیتے ہیں، عدالت سچ کا کھوج لگا رہی ہے۔ جعلی اکاؤنٹس کی جے آئی ٹی سے دوبارہ تحقیقات کروا لیتے ہیں۔ ہمیں اس عمل کا اختیار حاصل ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں ایف آئی اے کو کارروائی کا اختیار دیتے ہیں، 35 ارب کا فراڈ ہوا ہے، ہم سچ کو سامنے لانا چاہتے ہیں۔ ابھی کسی کو الزام نہیں دے رہے ہیں۔

    سماعت میں مجید فیملی کے وکیل نے پاناما کیس کا حوالہ بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاناما کیس میں جسٹس اعجاز افضل کے فیصلے کا حوالہ دینا چاہتا ہوں۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ آپ کہہ رہے ہیں عدالت ٹرائل نہیں کر سکتی، یہ مقدمہ پاناما کے مقدمے سے مختلف ہے۔

    چیف جسٹس نے کہا کہ کئی ایسے فیصلے ہیں جن میں عدالت نے خود انکوائری کروائی، اس مقدمے میں ایجنسیوں سے بھی مدد لی گئی تھی۔ مزید تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی قائم کر دیتے ہیں، قوم کا بنیادی حق ہے ان کا پیسہ لوٹا نہ جائے۔

    شاہد حامد نے کہا کہ یہ تو صرف الزامات ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ تحقیقات سے مزید چیزیں سامنے آرہی ہیں۔

    شاہد حامد نے کہا کہ ہر سماعت پر ایک نئی رپورٹ آتی ہے اتنے اکاؤنٹ مل گئے، جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ شفاف ٹرائل آپ کا حق ہے۔ 14 دنوں میں حتمی ٹرائل کی پابندی نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ حتمی ٹرائل کے بعد عبوری ٹرائل آسکتا ہے۔ تحقیقاتی ادارے کو عدالت صرف ہدایت دے سکتی ہے۔

    شاہد حامد نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں جے آئی ٹی کی مخالفت کردی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بتائیں عدالت کو جے آئی ٹی بنانے پر کیسے پابندی ہے؟ یہ کوئی چھوٹا موٹا مقدمہ نہیں ہے۔ کیا بینک اکاؤنٹس میں فرشتے پیسے ڈال کر چلے گئے؟ 35 ارب روپے کس کے تھے اس کا پتہ کریں گے۔

    شاہد حامد نے کہا کہ میڈیا میرے موکلوں کی پگڑیاں اچھال رہا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میڈیا کو کنٹرول کر لیتے ہیں پر بتائیں جے آئی ٹی کیوں نہ بنائیں۔ ایک خاتون نے آ کر کہا میں نے 50 ہزار ایک ساتھ نہیں دیکھے، خاتون کہتی ہیں اربوں روپے اس کے اکاؤنٹ میں کیسے گئے۔

    سماعت میں مصطفیٰ مجید اور علی کمال کے وکیل منیر بھٹی بھی عدالت میں موجود تھے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ انور مجید کے 3 بیٹے گرفتار نہیں۔ وکیل نے کہا کہ علی کمال کی 6 سال کی بچی بیرون ملک بیمار ہے وہاں نہیں جاسکتے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ علی کمال اگر کلیئر ہوئے تو چلے جائیں گے۔

    منیر بھٹی نے کہا کہ خواجہ علی کمال کا نام بھی ای سی ایل میں ڈال دیا ہے۔ جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ 15 دن میں تحقیقات کرنی ہے کوئی ملک سے باہر نہیں جائے گا۔ ہماری تسلی ہونی چاہیئے کوئی بیمار ہے یا نہیں۔

    منیر بھٹی نے کہا کہ پاناما طرز کی جے آئی ٹی نہیں بنائی جا سکتی، مجید خاندان عہدہ نہیں رکھتے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 35 ارب روپے جمع کروا دیں تمام بینک اکاؤنٹس کھول دیتے ہیں۔

    سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی بنانے کا حتمی حکم دیا۔ سابق صدر آصف علی زرداری کے وکیل اعتزاز احسن نے کہ کہ آرٹیکل 184 کے تحت سپریم کورٹ کے مختلف فیصلے موجود ہیں۔ 1977 سے 2008 تک جے آئی ٹی بنانے سے گریز کیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ تحقیقات کے لیے ایف آئی اے کافی ہے جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ہم نجف مرزا کو جے آئی ٹی میں شامل نہیں کر سکتے۔ زرداری ملک کے صدر رہے ہو سکتا ہے آگے اہم ذمہ داری مل جائے، انہیں جے آئی ٹی کی تشکیل پر اعتراض نہیں ہونا چاہیئے۔

    عدالت نے حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی ہر 2 ہفتے بعد عدالت میں رپورٹ جمع کروائے گی، ایف آئی اے کے تفتیشی افسران کو رینجرز کی سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم بھی دیا گیا۔

    ایف آئی نے کہا کہ ایس ای سی پی، ایف بی آر، اسٹیٹ بینک، آئی ایس آئی اور ایم آئی چاہیئے۔ عدالت نے ایف آئی اے کی مقدمہ اسلام آباد منتقل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

    اٹارنی جنرل نے کہا کہ پیسہ باہر لے جانے کے عمل کو مشکل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ مل بیٹھ کر کام کریں یہ اہم مسئلہ ہے۔ لوگوں کا پیسہ لوٹ کر باہر لے جایا گیا ہے۔

    اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ہم دن رات اس پر کام کر رہے ہیں، اس معاملے پر وزیراعظم کی سربراہی میں میٹنگ ہوئی ہے۔ مکمل رپورٹ جمع کروانے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا جائے۔

    عدالت نے حکومت کو رپورٹ دینے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دے دیا۔

  • فیس بک کے جعلی اکاؤنٹس پاکستان میں عام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں،  مارک زکر برگ

    فیس بک کے جعلی اکاؤنٹس پاکستان میں عام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں، مارک زکر برگ

    واشنگٹن : فیس بک کےمالک مارک زکر برگ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ نے فیس بک کے جعلی اکاؤنٹ رکھنے والے اس سال پاکستان میں ہونے والےعام انتخابات پراثر انداز ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق فیس بک کے سربراہ کو امریکی کانگریس میں پیشی پر ڈیٹا کے غیرمحفوظ ہونے پر سخت سوالات سامنا کرنا پڑا ، اس موقع پر پاکستان میں الیکشن کا تذکرہ بھی ہوا۔

    مارک زکربرگ نے کانگریس میں کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے پاکستان کے انتخابات پراثرانداز ہونے کی کوشش کی جاسکتی ہے، پوری کوشش ہے کہ پاکستان میں الیکشن پر فیس بک کے ذریعے کوئی اثراندازنہ ہو۔

    بانی فیس بک کا کہنا تھا کہ رواں سال کئی ممالک میں انتخابات کاانعقاد ہورہاہے، کوشش ہے پاکستان سمیت دیگرملکوں میں ہونے والے انتخابات کی ساکھ متاثرنہ ہو، جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے رائے عامہ پر اثرانداز ہونے کی ہرکوشش ناکام بنانے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، روس میں بیٹھے کچھ افراد ہمارے سسٹم کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔


    مزید پڑھیں : فیس بک کے غلط استعمال سے روس امریکی نظام کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے: مارک زکربرگ


    فیس بک کےمالک مارک زکر برگ نے امریکی کانگریس کو بتایا کہ فیس بک جعلی اکائونٹس پر نظر رکھے ہوئے ہے اور ایسے اکائونٹس بند کئے جا رہے ہیں، جن سے ماضی مین قبل انتخابی عمل میں ووٹ پراثرانداز ہونے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔

    مارک زکربرگ نے صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ میں ناکامی پرمعافی بھی مانگی اور اعتراف کیا کہ سماجی ویب سائٹ نے اپنے اکاؤنٹ ہولڈرز کے کوائف کا غلط استعمال روکنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات نہیں کئے تھے، جس کی وہ پوری ذمہ داری قبول کرتےہیں ۔

    انہوں نے تسلیم کیا ٹولزکےغیرقانونی استعمال روکنے میں کوتاہی ہوئی جس سے جعلی خبریں پھیلیں۔

    خیال رہے کہ فیس بک کےبانی امریکی کانگریس کی مختلف کمیٹیوں کے سامنےپیش ہوں گے۔

    اس سے قبل امریکی سینیٹر جون کینیڈی نے مارک زکر برگ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ فیس کے بانی ڈیٹا چوری کے حوالے سے سچ بولیں ورنہ ہم سچ تک خود پہنچنا جانتے ہیں۔

    یاد رہے کہ صارفین کے ڈیٹا کے غلط استعمال پر بانی فیس بک نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے کہا تھا اس صورتحال سے صارفین کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی، اگر ہم عوام کے ڈیٹا کی حفاظت نہیں کر سکتے تو کام چھوڑ دینا چاہیے۔


    مزید پڑھیں : صارفین کے ڈیٹا کاغلط استعمال، فیس بک کے بانی نے غلطی تسلیم کرلی


    بعد ازاں فیس بک نے فیصلہ کیا کہ وہ ڈیٹا چوری کے حوالے سے صارفین سے رابطہ کرکے اس بارے میں آگاہ کریں گے، کمپنی کے مطابق متاثرہ صارفین کو ان کی نیوز فیڈ پر تفصیلی پیغام کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا، ان صارفین میں سے اکثریت ان کی ہے جنہوں نے اپنی معلومات ڈیٹا انالیٹیکس فرم کے ساتھ شیئر کی تھیں، ان میں سے 70 ملین افراد کا تعلق امریکا سے بتایا جاتا ہے۔

    تمام فیس بک صارفین کو بھی پروٹیکٹنگ انفارمیشن کا ایک ایپلی کیشن کے ساتھ نوٹس دیا جائے گا، ایپلی کیشن کے ذریعے یہ معلوم کیا جائے گا کون سی معلومات آپ نے شیئر کی ہیں، یہ اقدام کیمبرج انالیٹیکا کمپنی پر عائد الزام کے باعث کیا گیا ہے۔

    خیال رہے سیاسی مشاورتی کمپنی کی جانب سے امریکی صدارتی انتخاب میں فیس بک کے کروڑوں صارفین کا ڈیٹا بغیراجازت استعمال ہونے کے انکشاف کے بعد فیس بک کوشدیدتنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

    واضح رہے انالیٹیکا کمپنی پر الزام ہے کہ انہوں نے لاکھوں امریکی شہری کی معلومات کو ایک سافٹ ویئر پروگرام کے تحت امریکی صدارتی الیکشن میں ووٹرز پر اپنا اثر و رسوخ ڈالنے کی کوشش کی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • سلمان خان کا نواز شریف اور مودی کے لئے پیغام

    سلمان خان کا نواز شریف اور مودی کے لئے پیغام

    بالی ووڈ کے دبنگ اداکار سلمان خان نے کہا ہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کے پاکستانی ہم منصب محمد نواز شریف کو فلم بجرنگی بھائی جان دیکھنی چاہیے۔

    حال ہی میں سلمان نے پاکستان سینسر بورڈ کی جانب سے عید پر فلم کی پاکستان میں نمائش کی منظوری پر شکریہ ادا کیا۔

    سلمان خان نے ٹوئیٹر کے ذریعے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم دونوں ممالک کے وزیر اعظم کو دیکھنی چاہیے کیونکہ اس فلم سے دونوں ممالک کے درمیان کا رشتہ بہتری کی جانب جاسکتا ہے۔

     

  • سلمان خان  نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو دھمکی دے دی

    سلمان خان نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کو دھمکی دے دی

    ممبئی: بالی ووڈ کے سپر ہیرو سلمان خان نے سوشل میڈیا پر مداحوں کو دھکی دی ہے کہ اگر انہوں نے عامر خان اور شاہ رخ خان سے مقابلے کو بند نہ کیا تو وہ اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ بند کردیں گے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی ٹوئٹ میں سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ ٹوئٹر پر محبت پھیلانے،اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور تفریح کی غرض سے آتے ہیں، اپنی برادری کی توہین دیکھنے نہیں، شاہ رخ خان اورعامر خان ان کے دوست ہیں، ان کے پرستار انہیں اپنے دوستوں کے سامنے شرمندہ نہ کریں۔

    مداح ہم تینوں کے درمیان درجہ بندی کرنا چھوڑ دیں، یہ بات نہ انہیں خود اچھی لگتی ہے اورنہ ہی شاہ رخ خان اورعامر خان کو پسند ہے۔

    اگر سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے نمبر ایک، دو یا تین کے حوالے سے جنگ مزید جاری رہی تو وہ ٹوئٹرکواستعمال کرنا چھوڑدیں گے۔

    واضح رہے کہ سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان رنجشیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں تاہم اس کے باوجود دونوں نے کبھی اپنے اختلافات کا سب کے سامنے اظہار نہیں کیا بلکہ دونوں ستارے ایک دوسرے کو فلموں کی کامیابی پر مبارک باد بھی دیتے ہیں۔

  • سلمان خان ساتھی اداکاروں سے نازیبا گفتگو کرنے والے مداحوں سے ناراض

    سلمان خان ساتھی اداکاروں سے نازیبا گفتگو کرنے والے مداحوں سے ناراض

    سلمان خان نے اپنے ٹویٹر پیغام میں ان کے دوستوں اور ساتھی اداکاروں کے ساتھ ناروا سلوک روا رکھنے والے جعلی اکاؤنٹس کے خلاف ناراضگی کا اظہار کردیا۔

    بالی وڈ اداکار سلمان خان کروڑوں دلوں کی دھڑکن ہیں اور حقیقی زندگی کی طرح ٹویٹراورفیس بک پربھی ان کے مداح بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ دبنگ خان کے نام سے پہچانے جانے والے بجرنگی بھائی جان اپنے مداحوں کی بے پناہ قدر کرتے ہیں اور ان کی عزت بھی کرتے ہیں لیکن وہ افراد جو کہ سوشل میڈیا پرجعلی اکاؤنٹس رکھتے ہیں اور ان کے ساتھ اداکاروں اور حریفوں کے لئے نازیبا الفاظ استعمال کرتے ہیں ان کے لئے سلمان خان کے دل میں کوئی عزت نہیں ہے۔

    سلمان خان کے میڈیا انڈسٹری میں بھی کئی دوست ہیں اور وہ ان سب کو بھی عزیز رکھتے ہیں اور اپنے اور ان کے درمیان رشتے کو انتہائی سنجیدگی سے لیتے ہیں۔

    سلمان خان کے مداحوں کو احساس کرنا چاہیئے کہ جس طرح دبنگ خان ان کی عزت کرتے ہیں ایسے ہی اپنی ساتھی فنکاروں سے بھی انہیں بے پناہ محبت ہے لہذا جب ان کا کوئی خیرخواہ ان کے کسی ساتھی اداکار کے لئے نازیبا الفاظ استعمال کرتاہے تو بحیثیت انسان انہیں تکلیف ہوتی ہے۔