Tag: fake calls

  • کسی بھی فون کال اپنی ذاتی معلومات فراہم نہ کریں، اسٹیٹ بینک کی عوام کو تنبیہہ

    کسی بھی فون کال اپنی ذاتی معلومات فراہم نہ کریں، اسٹیٹ بینک کی عوام کو تنبیہہ

    کراچی : اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے تمام شہریوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ کسی بھی جعلی یا نامعلوم فول کال یا پیغام کے ذریعے پوچھے جانے والے سوالات پر اپنی ذاتی معلومات کسی کو بھی فراہم نہ کریں۔

    اسٹیٹ بینک ترجمان کی جانب سے آج بروز ہفتہ کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ بینک دولتِ پاکستان اور پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی طرف سے صارفی آگاہی پیغامات اور پریس ریلیزوں وغیرہ کے ذریعے عوام النّاس کو مسلسل یہ ہدایات کی جارہی ہیں کہ وہ ٹیلی فون یا واٹس ایپ کالز پر خود کو اسٹیٹ بینک، بینکوں یا کسی اور ایجنسی کے نمائندے ظاہر کرنے والوں کو اپنی ذاتی یا بینکاری معلومات ہرگز فراہم نہ کریں۔

    جعل ساز عناصر اسٹیٹ بینک کا لوگو استعمال کرکے عوام کو واٹس ایپ کے ذریعے یہ پیغامات دے رہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک نے ان کے کوائف کی تصدیق نہ ہونے پر اُن کا اے ٹی ایم کارڈ یا بینک اکاؤنٹ بلاک کردیا ہے۔

    جس کی تصدیق یا اَن بلاک کرنے کے لیے صارفین کو یا تو اس نمبر پر کال کرنے کے لیے کہا جاتا ہے جہاں سے پیغام موصول ہوا یا پھر پیغام میں موجود کسی مخصوص نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا جاتا ہے۔

    عوام الناس کو مطلع کیا گیا ہے کہ یہ پیغامات اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری نہیں کیے جارہے ہیں اور نہ ہی صارفین کے ادائیگی کارڈ (اے ٹی ایم، کریڈٹ کارڈز) کو بلاک، اَن بلاک اور بینکاری صارفین کی تصدیق سے اسٹیٹ بینک کا کوئی تعلق ہے۔

    عوام ایسی کالز اور پیغامات کا جواب دینے یا غیرمصدقہ ویب سائٹس کو کلک کرنے کے حوالے سے محتاط رہیں اور ایسے افراد کو اپنے ذاتی یا مالی کوائف دینے سے گریز کریں۔

    عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی قسم کے ابہام کی صورت میں اپنے بینکوں کی مخصوص ہیلپ لائنز پر کال کرکے ایسی کالز، پیغامات اور ویب سائٹس کے لنکس کی تفصیلات متعلقہ بینکوں یا متعلقہ اتھارٹی جیسے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) اور وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کو فراہم کریں۔

  • کویت : شہری کے ساتھ ہزاروں دینار کا دھوکہ

    کویت : شہری کے ساتھ ہزاروں دینار کا دھوکہ

    کویت : نامعلوم کال کے ذریعے شہری کو لوٹ لیا گیا، کویت میں شہری کا بینک ڈیٹا حاصل کرکے اسے 5ہزار دینار سے محروم کردیا گیا۔پولی سنے مقدمہ درج کرلیا۔

    فون کے ذریعے دھوکہ دہی کے واقعات ایک بار پھر ایسے گروہوں کے ذریعہ سامنے آئے ہیں جو کچھ شہریوں  اور رہائشیوں کی سادگی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے انہیں اپنا ڈیٹا اپڈیٹ کرنے کا کہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایک کویتی شہری کو ان گروہوں نے دھوکہ دہی کا نشانہ بنایا جس سے اس کے بینک بیلنس سے 5,000 دینار چرا لئے گئے۔

    مبارک الکبیر گورنریٹ کے ایک تھانے میں درج مقدمے کے اعداد و شمار کے مطابق ایک ایسا شہری سامنے آیا جس نے بتایا کہ اسے ایک نامعلوم شخص کا فون آیا، فون کال میں بتایا گیا کہ بینک کی ضرورت کے پیش نظر اسے اپنا ڈیٹا اپڈیٹ کرنے کی ضرورت ہے ورنہ اس کا بینک کارڈ معطل کر دیا جائے گا۔

    کال کرنے والے ہیکر نے متاثرہ شخص کو اس کا فون نمبر دینے کو کہا اور بتایا کہ اس کے موبائل فون پر ایک کوڈ آئے گا جو اسے واپس اس کو دینا ہو گا تاکہ اس کے بینک کھاتے کو اپڈیٹ کیا جا سکے۔

    متاثرہ شخص نے ایسا ہی کیا لیکن جیسے ہی اس نے ایسا کیا وہ حیران رہ گیا کہ اس کے بینک بیلنس سے 5000دینار کی رقم نکلوائی جا چکی ہے، بینک ایڈیٹر میں دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا اور اسے جرم قرار دیا گیا۔

    قابل ذکر بات یہ ہے کہ وزارت داخلہ نے متعدد بار کسی نامعلوم نمبر سے کوئی بھی لنک نہ کھولنے اور کسی بھی طرح سے پاس ورڈ نہ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

    وزارت نے فرضی نمبر سے کال کرنے والوں کو جواب نہ دینے کی ضرورت پر زور دیا یہاں تک کہ اگر کال وصول کرنے والا جانتا ہو کہ وہ دھوکہ ہے یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ کال کا وقت اس کے لیے متاثرہ کے اکاؤنٹ میں داخل ہونے کا راستہ ہے۔

    یاد رہے کہ اے ٹی ایم کارڈ پر پابندی لگانے کا کہہ کر ہیکرز اپنے متاثرین کو ورغلاتے ہیں جبکہ ان میں سے کچھ کورونا وبائی بحران کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کچھ بینکوں کی نقالی کرتے ہوئے ڈیٹا کو بغیر نظرثانی کے کارڈ کو اپڈیٹ کرنے کی درخواست کرتے ہیں جس سے متاثرہ شخص اپنا بینک ڈیٹا بھیجنے کے بعد اپنے بینک اکاؤنٹ سے رقم گنوا بیٹھتے ہیں۔

  • نیب افسران اور کرپشن کیسز کے ملزمان کو جعلی فون کالز کا انکشاف

    نیب افسران اور کرپشن کیسز کے ملزمان کو جعلی فون کالز کا انکشاف

    کوئٹہ: نیب بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل کے نام پر افسران اور کرپشن کیسز کے ملزمان کو جعلی فون کالز کا انکشاف ہوا ہے، نیب کا کہنا ہے کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ جعلی کالز کا ڈیٹا شیئرکردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان کے ڈائریکٹر جنرل کے نام پر افسران اور کرپشن کیسز کے ملزمان کو جعلی فون کالز کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد نیب بلوچستان نے کارروائی کا آغاز کردیا۔

    ترجمان نیب کا کہنا ہے کہ نیب انٹیلی جنس ونگ نے گروہ کی سرکوبی کے لیے لائحہ عمل پر کام شروع کر دیا ہے، متعلقہ اداروں کے ساتھ جعلی کالز کا ڈیٹا شیئرکردیا گیا ہے۔

    نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جعلی کالز کرنے والے کو کسی بھی قسم کی معلومات نہ دی جائیں، کیسز میں کوئی بھی افسر ذاتی طور پر ملزمان یا افراد سے رابطے کا مجاز نہیں۔

    نیب کا مزید کہنا ہے کہ عوام جعلساز عناصر کی کالز سے متعلق نیب آفس کو فوری مطلع کریں، قانونی طریقہ کار کے تحت ملزمان کو فون نہیں مراسلہ بھیجا جاتا ہے۔

  • بھارت : ٹک ٹاک کا ایک اور بڑا نقصان، نوجوان تھانے پہنچ گیا

    بھارت : ٹک ٹاک کا ایک اور بڑا نقصان، نوجوان تھانے پہنچ گیا

    نئی دہلی : بھارت میں ایک نوجوان نے تھانے میں رپورٹ درج کرائی ہے کہ ہزاروں لوگ اسے لڑکی سمجھ کر کال کرتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہے۔

    جیسے جیسے سوشل سائیٹس اورایپس میں اضافہ ہوتا جارہا ہے، ویسے ویسے اس سے منسلک جرائم اور دھوکہ دہی کے واقعات بھی بڑھتے چلے جارہے ہیں۔

    بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع بارہ بنکی میں ایک نوجوان کے موبائل فون سے کسی نے لڑکی کے نام سے فیک آئی ڈی بنا کر اسے ویڈیو ٹک ٹاک پر اپلوڈ کردیا۔

    اس کے بعد سے اس کے فون پر ہزاروں آڈیو، ویڈیو کالز آنے لگیں اب حالت یہ ہوگئی کہ اس نوجوان کو اپنا موبائل نمبر ہی بند کرنا پڑا۔ نوجوان نے پریشان ہوکر پولیس سے شکایت کی ہے، یہ واقعہ شہر کوتوالی حلقہ کے لکھپیڑا باغ کے دیپک کمار شرما کے ساتھ پیش آیا۔

    دیپک کمار شرما کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی سوشل سائیٹس پر نہیں ہے۔ اس کا نمبر ٹک ٹاک پر کیسے گیا اس کے بارے میں اسے کوئی علم نہیں۔ دیپک کمار شرما نے بتایا کہ 21 جون کی رات سے اس کے موبائل پر فون آنے شروع ہوئے اور لوگ اسے لڑکی سمجھ کر بات کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    متعدد کالز آنے پر اس نے ایک کالرز سے پوچھا کہ یہ نمبر انہیں کہاں سے ملا، تو جواب ملا کہ اس کا نمبر ٹک ٹاک پر لڑکی کی آئی ڈی سے ویڈیو کی شکل میں اپلوڈ کیا گیا ہے۔ ویڈیو میں ایک لڑکی اس نمبر پر بات کرنے کے لئے کہہ رہی ہے۔

    دیپک نے پولیس کو مزید بتایا کہ 21 جون سے اب تک اس کے پاس مسلسل ہزاروں کالز، ویڈیو کالز، مسیجز آ رہے ہیں جس کی وجہ سے وہ کافی پریشان ہے اور اس لئے اس نے اپنا فون بند کر دیا ہے۔ دیپک کمار شرما کی درخواست پر پولیس نے یہ معاملہ سائبر کرائم ڈیپارٹمنٹ کے پاس بھیج دیا ہے۔

  • پاک فوج کے نام سے جعلی فون کالز کی جارہی ہیں عوام ہوشیار رہیں، آئی ایس پی آر

    پاک فوج کے نام سے جعلی فون کالز کی جارہی ہیں عوام ہوشیار رہیں، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : پاک فوج کی جانب سے عوام کو آگاہ کیا گیا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی فون کالز جس میں آپ کی ذاتی معلومات پوچھی جارہی ہوں اس کا جواب نہ دیں کیونکہ بعض دھوکہ باز  افراد مسلح افواج کے اہلکار بن کر لوگوں کو فون کررہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے عوام الناس کیلئے آگاہی پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ بعض جرائم پیشہ عناصر مسلح افواج کے اہلکار بن کر لوگوں کو فون کررہے ہیں۔

    فون کالز میں وہ آپ کے شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹس اور دیگر ذاتی معلومات کی تفصیل دریافت کرتے ہیں اس کے علاوہ لوگوں سے مردم شماری کی تصدیق کے نام پر بھی معلومات لی جارہی ہیں۔

    مزید پڑھیں: جعلی ای میل آنے پر آئی ایس پی آر نے سائبرالرٹ جاری کردیا

    ترجمان آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ مسلح افواج کی جانب سے عوام کو ایسی کوئی فون کال نہیں کی جارہی لہٰذا ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کی جائے، اور مذکورہ صورت میں عوام یو اے این 1135اور1125نمبرز پر کال کریں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ماہ آئی ایس پی آر کی جانب سے سائبر الرٹ جاری کیا گیا تھا، جس میں غیر قانونی طور پر آئی ایس پی آر کا نام استعمال کر کے عوام کو جعلی ای میلز کی جارہی تھیں، آئی ایس پی آر کے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ انوائٹ نامی اس ای میل کا آئی ایس پی آر سے کوئی تعلق نہیں ([email protected])


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔