Tag: Fake Company

  • جعلی ادارے اور آن لائن فراڈ میں ملوث گروہ کا کارندہ گرفتار

    جعلی ادارے اور آن لائن فراڈ میں ملوث گروہ کا کارندہ گرفتار

    اسلام آباد : ایف آئی اے اسلام آباد زون نے ٹیکنیکل بورڈ، ٹریننگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے گروہ کے اہم رکن کو گرفتار کرلیا۔

    اس حوالے سے ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان رشید ٹیکنیکل بورڈ، ٹریننگ کونسل کے نام سے جعلی ادارہ چلانے میں ملوث ہے، ملزم کو ای الیون اسلام آباد سے خفیہ اطلاع پر گرفتار کیا گیا۔

    ملزم نے ساتھی کی مدد سےعام شہریوں سے بھاری رقم اینٹھی، ملزمان نے جعلی نرسنگ، انجینئرنگ ڈپلومہ، ڈگریاں اور اسلحہ رسیدیں جاری کیں، دھوکہ باز گروہ نے ٹیکنیکل انسٹیٹیوٹ کے نام سے جعلی ویب سائٹس بھی بنا رکھی تھیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم اسلحہ ڈیلرز سے مل کر بغیر خریداری رسیدیں بنانے میں بھی ملوث تھا، ملزم مختلف پرنٹنگ پریس سے جعلی ڈگریاں بھی بنواتا تھا، دوران تلاشی دفتر سے جعلی ڈگریاں، نرسنگ سرٹیفکیٹ، جعلی لائسنس اور اسلحہ رسیدیں برآمد ہوئی ہیں۔

    ملزم سے سرکاری اداروں، مختلف ایمبیسی، تعلیمی بورڈز، فارن آفس کی جعلی مہریں بھی برآمد ہوئی ہیں، ملزم نے آن لائن داخلے کے نام پر بھاری فیسیں وصول کی ہوئی تھیں۔

    ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم عدنان رشید سمیت 5 ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں، جعلی،غیرقانونی تعلیمی اداروں کیخلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

  • عوام ریلائبل اسٹیٹ کے نام سے قائم جعلی کمپنی سے ہوشیار رہیں، ایس ای سی پی

    عوام ریلائبل اسٹیٹ کے نام سے قائم جعلی کمپنی سے ہوشیار رہیں، ایس ای سی پی

    اسلام آباد : سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن ( ایس ای سی پی ) نے عوام الناس کو انتباہ کیا ہے کہ ریلائبل اسٹیٹ کے نام سے قائم جعلی کمپنی میں کسی بھی قسم کی سرمایہ کاری نہ کریں۔

    یہ جعلی کمپنی سوشل میڈیا پر اشتہارات کے ذریعے عوام کو مختلف ملٹی لیول مارکیٹنگ اور غیر حقیقی منافع کے وعدوں پر مبنی فراڈ اسکیموں میں سرمایہ کاری کے لئے ترغیب دے رہی ہے اور عوام سے رقم بٹورنے کی کوشش کر رہی ہے۔

    جعلی کمپنی کی ویب سائٹ پر، ریلائبل اسٹیٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام سے ایس ای سی پی سے رجسٹریشن کا جعلی سرٹیفیکیٹ بھی آویزاں کر رکھا ہے۔ یاد رہے کہ اس کمپنی کی ویب سائٹ http://reliablestate.co ہے۔ عوام الناس کو انتباہ کیا جاتا ہے کہ ریلائبل اسٹیٹ کے نام سے کوئی کمپنی ایس ای سی پی سے رجسٹرڈ نہیں ہے۔

    واضح رہے کی کمپنیز ایکٹ2017کے تحت پاکستان میں ملٹی لیول مارکیٹنگ، منافع کے حصول کی پا نزی یا پیرامڈ اسکیموں کی اجازت نہیں اور اس طرح کا کوئی بھی کاروبار ممنوع ہے اور قانون کی خلاف ورزی تصور کیا جاتا ہے۔