Tag: fake doctor

  • لاہور : دُھند کے نام پر دھندہ کرنے والے عطائی ڈاکٹروں کی شامت آگئی

    لاہور : دُھند کے نام پر دھندہ کرنے والے عطائی ڈاکٹروں کی شامت آگئی

    پنجاب میں عطائی ڈاکٹروں نے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلنے کا سلسلہ بدستور جاری رکھا ہوا ہے، آج کل اسموگ سے ہونے والی بیماریوں کے علاج کے نام پر ان کی کمائی کا دھندہ عروج پر ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سرعام کی ٹیم نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملے کے ساتھ عطائی ڈاکٹروں کے اڈوں پر چھاپے مارے اور علاج کے نام پر لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے والے جعلی معالجین کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا۔

    ان جعلی ڈاکٹروں نے پنجاب کے مختلف شہروں میں اپنے پنجے گاڑ کر صحت کے نام پر کاروبار چمکایا ہوا ہے۔ مبینہ طور پر محکمہ ہیلتھ کی کالی بھیڑوں کی سرپرستی کے باعث عطائی ڈاکٹر بلاخوف خطر سادہ لوح لوگوں کو اپنے جھانسے میں پھنسا کر ان کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

    موسم کی موجودہ صورتحال کے باعث پنجاب میں دھند کا راج ہے جس کی وجہ سے خصوصی طور پر لاہور میں فضائی آلودگی کے باعث وبائی امراض میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے۔

    مذکورہ حالات کچھ لوگوں کیلیے کمائی کا بڑا ذریعہ بن چکے ہیں اور مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے غیر قانونی کلینکس کے وارے نیارے کردیے، گلی محلوں میں یہ کلینکس ایسے کھل گئے ہیں جیسے پرچون کی دکانیں، ان کلینکس کو مذبح خانہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا کیونکہ یہاں جن طریقوں سے علاج کیا جاتا ہے وہ بجائے شفا دینے کے موت کے منہ میں دھکیلنے کے مترادف ہیں۔

    اس حوالے سے ٹیم سر عام نے ہیلتھ کیئر کمیشن کے عملے کے ہمراہ ایسے ہی ایک مدینہ ڈینٹل کلینک پر چھاپہ مارا جو گزشتہ 20 سال سے قائم ہے،جس کے بعد انکشاف ہوا کہ یہ کلینک ہیلتھ کیئر کمیشن سے رجسٹرڈ ہی نہیں تھا، اس کلینک میں موجود ڈاکٹر نے بورڈ پر ان تمام ڈگریوں کے نام لکھے ہوئے تھے جو اس کے پاس تھی ہی نہیں۔ بعد ازاں ہیلتھ کیئر کمیشن افسران نے کلینک کو سیل کردیا۔

    اس کے بعد ٹیم سرعام موسیٰ کلینک پہنچی اور وہاں جاکر انکشاف ہوا کہ مریضوں کو استعمال شدہ سرنجوں سے انجکشن لگائے جارہے تھے، اس کے علاوہ زائد المیعاد ادویات بھی برآمد ہوئیں جو مریضوں کو دی جارہی تھیں۔ بعد ازاں ہیلتھ کیئر کمیشن افسران نے کلینک رجسٹرڈ نہ ہونے اور دیگر قوانین کی خلاف ورزیوں کی وجہ سے اسے بھی سربمہر کردیا۔

    اگلی کارروائی الفلاح کلینک اینڈ میٹرنٹی ہوم میں کی گئی یہ وہی کلینک ہے جسے 6 سال پہلے بھی سیل کیا گیا تھا لیکن جن وجوہات کی بنا پر اسے بند کیا گیا وہ صورتحال آج بھی ویسی کی ویسی تھی۔ پوچھ گچھ کرنے پر کلینک میں بہت سے قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا اور ہیلتھ کیئر کمیشن افسران نے اس کلینک کو بھی سیل کردیا۔

  • سعودی عرب: پلاسٹک سرجری کرنے والی جعلی ڈاکٹر گرفتار

    سعودی عرب: پلاسٹک سرجری کرنے والی جعلی ڈاکٹر گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں ایک جعلی خاتون ڈاکٹر خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے جو بغیر کسی ڈگری کے پلاسٹک سرجری آپریشنز کر رہی تھیں، طویل عرصے تک یہ کام کرنے کے دوران خاتون نے لاکھوں ریال کمائے۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کے شہر حائل کے محکمہ صحت نے کہا ہے کہ پرائیویٹ میڈیکل سینٹر سے ایک جعلی عرب خاتون ڈاکٹر کو گرفتار کیا گیا ہے جو بغیر کسی ڈگری کے پلاسٹک سرجری آپریشنز کر رہی تھیں۔

    مذکورہ عرب خاتون طویل عرصے یہ کام کر رہی تھی اور اس کے ذریعے لاکھوں ریال کما رہی تھیں۔

    مقامی محکمہ صحت نے ٹویٹر پر جاری بیان میں عرب خاتون کی شہریت نہیں بتائی البتہ کہا ہے کہ وہ پلاسٹک سرجری کا کام کسی مستند ڈگری کے بغیر انجام دے رہی تھی۔

    محکمہ صحت نے عرب خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے اس کی فائل متعلقہ ادارے کے حوالے کر دی ہے جو پوچھ گچھ مکمل کر کے اس کے خلاف مقررہ سزا کا فیصلہ کرے گا۔

  • سعودی عرب: کرونا وائرس کا ’علاج‘ کرنے والا جعلی ڈاکٹر گرفتار

    سعودی عرب: کرونا وائرس کا ’علاج‘ کرنے والا جعلی ڈاکٹر گرفتار

    ریاض: سعودی عرب میں حکام نے کرونا کے علاج کا دعویٰ کرنے والے جعلی ڈاکٹر کو گرفتار کرلیا، مذکورہ شخص غیر ملکی تھا جس نے ایک رہائشی کمپاؤنڈ میں کمرے کو کلینک میں تبدیل کیا تھا۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کےعلاقے وادی الدواسر کمشنری میں جرائم کا سراغ لگانے والے ادارے نے کرونا وائرس کے جعلی معالج کو گرفتار کرلیا ہے۔

    وزارت داخلہ کے اہلکار نے بتایا کہ سراغرساں ادارے کو رپورٹ ملی تھی کہ اقامہ و محنت قوانین کی خلاف ورزی کرنے والا ایک غیر ملکی کارکن وادی الدواسر میں کرونا کا معالج بنا ہوا ہے۔

    مذکورہ شخص نے ایک رہائشی کمپاؤنڈ میں کمرے کو کلینک میں تبدیل کیا ہے جہاں اس کے 5 معاون اس کے ہم وطنوں کو یہ جھانسہ دے کر لا رہے ہیں کہ وہ کرونا وائرس کا معالج ہے۔

    اطلاع ملتے ہی وادی الدواسر پولیس کے ڈائریکٹر کرنل فہد العتیبی نے ایک کمیٹی تشکیل دے کر جعلی معالج کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرنے کی مہم سونپی۔

    وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بتایا کہ منصوبے کے مطابق غیر ملکی کارکن کے کلینک پر چھاپہ مارا گیا۔

    چھاپے کے دوران کلینک سے مختلف قسم کی دواؤں کا اسٹاک برآمد ہوا، پوچھ گچھ سے پتہ چلا کہ دوائیں نامعلوم ذرائع سے حاصل کی گئی تھیں جبکہ بھاری رقم بھی برآمد ہوئی۔

    سیکیورٹی اہلکاروں نے جعلی غیر ملکی معالج اور اس کے 5 معاونین کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر کے قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ اداروں کی تحویل میں دے دیا۔

  • سعودی پولیس اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائی، غیرملکی اتائی گرفتار

    سعودی پولیس اور محکمہ صحت کی مشترکہ کارروائی، غیرملکی اتائی گرفتار

    ریاض : محکمہ صحت نے انکشاف کیا ہے کہ ملزم الزاہر کالونی میں رہائش پذیر تھا اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے لوگوں کو بے وقوف بنا رہا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق مکہ معظمہ میں سعودی پولیس نے غیر قانونی طور پر ادویہ فروخت کرنے والے ایک غیرملکی اتائی کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔

    عرب خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ معظمہ کے محکمہ صحت نے ایک بیان میں کہا کہ شہریوں نے ایک شخص کے غیر مجاز طریقے سے لوگوں میں ادویہ فروخت کرنے کی اطلاع دی تھی۔ اس پر حکام نے سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے ساتھ مل کر ایک مشترکہ کارروائی میں اس شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔

    یہ اتائی غیر ملکی ہے اور سعودی عرب میں بہ سلسلہ روزگار مقیم تھا۔محکمہ صحت کا کہنا تھا کہ ملزم الزاہر کالونی میں رہائش پذیر تھا اور خود کو ڈاکٹر ظاہر کر کے لوگوں کو بے وقوف بنا رہا تھا۔

    محکمے کے ترجمان حمد العتیبی نے بتایا کہ ملزم نے اپنے اقامتی مکان میں بڑی تعداد میں غیر قانونی طور پر ادویہ بھی ذخیرہ کر رکھی تھیں، ایک عرب ملک سے تعلق رکھنے والے اس اتائی کو مزید تفتیش کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔