Tag: Fake Dollars

  • جعلی ڈالرز فروخت ہونے لگے، شہری ہوشیار

    جعلی ڈالرز فروخت ہونے لگے، شہری ہوشیار

    کراچی: شہر قائد میں جعلی ڈالرز بھی فروخت ہونے لگے ہیں، ایف آئی اے نے ایک کارروائی میں جعلی ڈالر کی فروخت میں ملوث ملزم عبداللہ کو گرفتار کر لیا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق کمرشل بینکنگ سرکل کراچی کی ایک بڑی کارروائی میں جعلی ڈالر کی فروخت میں ملوث ملزم عبداللہ کو گرفتار کیا گیا ہے۔

    ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون زعیم اقبال شیخ کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کریک ڈاؤن جاری ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل کراچی علی مراد کی زیر نگرانی ایک چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار ملزم عبداللہ سادہ لوح شہریوں کو کم قیمت کی آڑ میں جعلی ڈالر فروخت کرتا تھا۔

    ترجمان نے بتایا کہ ملزم ڈالر کی فروخت کے لیے شہریوں سے پبلک مقامات پر ملاقات کرتا تھا، ملزم کے قبضے سے جعلی 1600 امریکی ڈالر برآمد کیے گئے ہیں۔ ملزم کے خلاف کارروائی ایک متاثرہ شہری کی درخواست پر عمل میں لائی گئی ہے۔

    ملزم کی گرفتاری کے لیے تکنیکی وسائل کو بروئے کار لایا گیا، گرفتار ملزم سے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، ترجمان کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • جعلی ڈالر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    جعلی ڈالر فروخت کرنے والا گروہ گرفتار

    ریاض: سعودی دارالحکومت ریاض کی پولیس نے جعلی ڈالر تیار کر کے مارکیٹ میں پھیلانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ویڈیو کے مطابق سیکیورٹی اہلکاروں نے 3 افراد پر مشتمل ایک گروہ کو گرفتار کیا جن کے قبضے سے 5 لاکھ جعلی ڈالر برآمد ہوئے۔

    سعودی اخبار کے مطابق جعلی ڈالر تیار کرنے والے گروہ کی گرفتاری اپنی نوعیت کا اہم واقعہ ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق سیکیورٹی اہلکار کئی روز سے مذکورہ گروہ پر نظر رکھے ہوئے تھے۔ گروہ کے بارے میں مختلف مقامات سے شکایات و رپورٹس بھی موصول ہورہی تھیں جس کے بعد ان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔

    گروہ کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ جعلی ڈالروں کا سودا کر رہے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے ان سے ڈالروں کا سودا کیا اور سودا ہوتے ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

    گروہ میں شامل ارکان کی عمریں 40 سے 50 برس کے درمیان ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 2 لاکھ جعلی ریال بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    وزارت داخلہ کے مطابق دونوں ملزمان کو حراست میں لے کر ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کی جارہی ہے۔