Tag: Fake license

  • جعلی لائسنس اسکینڈل : ایف آئی اے نے دوسرا پائلٹ گرفتار کرلیا

    جعلی لائسنس اسکینڈل : ایف آئی اے نے دوسرا پائلٹ گرفتار کرلیا

    کراچی : پائلٹس کے مشتبہ جعلی لائسنس اسکینڈل کے حوالے سے ایف آئی اے نے کارروائیاں تیز کردیں، برطانیہ فرار ہونے کی کوشش کرنے والے پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔

    ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل رؤف شیخ نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ کپتان فہد سلطان برطانوی پاسپورٹ پر غیرملکی ائیر لائن کے ذریعے برطانیہ جانا چاہتا تھا۔

    ملزم فہد سلطان کے فرار ہونے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے اس کو اسلام آباد ائیرپورٹ سے گرفتار کیا گیا ہے، فہد سلطان پر مقدمہ نمبر 07/21 کے درج ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق کپتان نے جعلی لائسنس بنا رکھا تھا اور وہ کہیں بھی فلائنگ نہیں کرتا تھا۔ سول ایوی اتھارٹی کے ڈپٹی ڈی جی ریگولیٹری کی مدعیت میں ایف آئی اے نے مقدمہ درج کیا تھا جس کے تحت گزشتہ دنوں ایک پائلٹ اور 5سی اے اے کے افسران کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    ایف آئی اے ذرائع کے مطابق لائسنس تحقیقات میں دو اہم سی اے اے کے ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    تحقیقات میں پائلٹس سمیت سی اے اے کے مزید ملزمان کا نیٹ ورک بھی سامنے آیا ہے اس کے علاوہ سی اے اے کے افسران کا فرنٹ مین کے ذریعے مبینہ طور پر پائلٹس سے رقم لینے کا انکشاف بھی ہوا ہے۔

    ذرائع کے مطابق سی اے اے لائسنس برانچ کے حکام پائلٹس کو پاس کرنے کے لیے فی پرچے کے مبینہ طور پر لاکھوں روپے وصول کیا کرتے تھے

    پائلٹس کی جگہ کسی اور کو بٹھا کر امتحان پاس کروا کر سی اے اے کے ملوث افسران مبینہ طور پر کمیشن لینے کا بھی الزام ہے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے گرفتار سی اے اے کے لائسنس برانچ کے افسران اور پائلٹس کا ریمانڈ بھی حاصل کیا ہوا ہے مزید تفتیش کی جارہی ہے، تحقیقات کا دائرہ مزید پھیلا دیا گیا ہے اور مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

  • پی آئی اے کے پائلٹس کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ

    پی آئی اے کے پائلٹس کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ

    کراچی : بغیر کام تنخواہ لینے والے پی آئی اے پائلٹس کے گرد گھیرا تنگ ہوگیا، 400 میں سے 150 پائلٹس کے مبینہ جعلی لائسنس کا انکشاف ہوا ہے، چار پائلٹس کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے 400 میں سے 150 پائلٹس کے مبینہ جعلی لائسنس کا انکشاف ہوا ہے، ان تمام پائلٹس کو سیفٹی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے فہرستیں طلب کر لی گئی ہیں۔

    اس کے علاوہ پی آئی اے کے ایسے پائلٹس کے گرد گھیراتنگ ہوگیا ہے جو گھر بیٹھے تنخواہیں لے رہے تھے ،حکومت نے قومی ایئرلائن کے 4 پائلٹس کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیڑھ سال میں کوئی بھی فلائٹ آپریٹ نہ کرنے والے پائلٹ تنخواہیں لیتے رہے ہیں، پائلٹس کی شیڈولنگ کرنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔

    دوسری جانب حکومت نے ایسے تمام پائلٹوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر جعلی لائسنس پر طیارے اڑا رہے ہیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایسے تمام پائلٹس کو انکوائری مکمل ہونے تک فوری طور پر گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔