Tag: fake message

  • کیا یہ جعلی میسج واٹس ایپ پر آپ کو بھی موصول ہوا ہے؟

    کیا یہ جعلی میسج واٹس ایپ پر آپ کو بھی موصول ہوا ہے؟

    واٹس ایپ پر اکثر اوقات جعلی پیغامات گردش کرتے رہتے ہیں جن میں انعام یا تحائف کا لالچ دیا جاتا ہے، اب ایسا ہی ایک اور ان دنوں پیغام گردش کر رہا ہے جس میں ای کامرس کمپنی امیزون کا نام استعمال کیا جارہا ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ان دنوں ایک جعلی واٹس ایپ میسج اکثر صارفین کو موصول ہورہا ہے جس میں بتایا جارہا ہے کہ امیزون اپنی 30 ویں سالگرہ کے موقع پر مفت تحفے تقسیم کررہا ہے۔

    تحفے کے طور پر کمپنی اسمارٹ فون دے رہی ہے۔

    جب صارفین اس میسج کو کلک کرتے ہیں تو لکھا آتا ہے کہ مبارک ہو آپ کو ہمارے سروے میں حصہ لینے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہواوے کا ایک مہنگا اسمارٹ فون جیتنے کا بتایا جاتا ہے۔

    میسج میں کہا جاتا ہے کہ ہر بدھ کو ہم رینڈم طریقہ سے 100 صارفین کا انتخاب کرکے انہیں یہ تحفہ جیتنے کا موقع دیتے ہیں، اس سروے کا مقصد ہمارے صارفین کے لیے سروس کی کوالٹی میں بہتری اور آپ کی شراکت داری کو 100 فیصد ریوارڈ دینا ہے۔

    ساتھ ہی کہا جاتا ہے کہ اس سروے کا جواب دینے کے لیے آپ کے پاس اتنے منٹ موجود ہیں، جلدی کیجیئے، دستیاب انعام کی تعداد محدود ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے میسیج کے لنک پر کلک کرنے سے گریز کریں، یہ ایک جعلی میسج ہے جہاں سائبر کرمنلز آپ کی ذاتی تفصیلات کی تلاش میں ہیں۔

    ماہرین کے مطابق آپ کے دستیاب کردہ ڈیٹا کا استعمال وہ آپ کو کال کرنے، دھوکہ دینے یا شناخت کی چوری کے لیے بھی کر سکتے ہیں۔

    ٹیکنالوجی ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے میسج موصول ہونے پر انہیں فوری طور پر رپورٹ اور بلاک کریں۔

  • جیتو پاکستان کے نام پرخاتون رکن اسمبلی کونوسربازوں کا جھوٹا میسج

    جیتو پاکستان کے نام پرخاتون رکن اسمبلی کونوسربازوں کا جھوٹا میسج

    پشاور : اے آر وائی ڈیجیٹل کے مقبول ترین گیم شو جیتو پاکستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے نو سربازوں نے عوام کو موبائل فون پر جھوٹے پیغامات بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، جس میں انعامات اور پروگرام میں شرکت کی نوید سنائی جاتی ہے۔

    اے آروائی نیوز کے نمائندے ظفر اقبال کے مطابق نو سر بازوں نے خیبرپختونخوا کی خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی کو بھی ایک ٹیکسٹ میسج بھیج دیا، جس میں ان کو گیم شو جیتو پاکستان کی طرف سے ایک نئی ہنڈا کار اور دس تولے سونا نکلنے پر مبارکباد دی گئی تھی اور نیچے لکھے گئے نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا گیا تھا۔

    جعل سازوں کی طرف سے ملنے والے اس برقی پیغام کے بعد خیبرپختونخوا کی خاتون رکن اسمبلی نگہت اورکزئی نے کیا کیا خواب دیکھے وہ ان کی زبانی سنیے۔

    اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نگہت اورکزئی کا کہنا تھا کہ ایک سیاسی کارکن اور رکن اسمبلی ہونے کی وجہ سے موبائل فون پر آنے والے ٹیکسٹ میسجز اکثر ناگوار ہی گزرتے ہیں۔

    مگر اس دن جب موبائل فون پر میسج کی ٹون بجی اور نہ چاہتے ہوئے بھی میسج پڑھنا شروع کیا تو پہلی لائن پڑھتے ہی دل کی دھڑکن تیز ہونا شروع ہوگئی کیونکہ میسج ہی ایسا تھا کہ تجسس اور خوشی کے ملے جلے تاثرات میں دل تیزی کے ساتھ دھڑک رہا تھا۔

    وہ پیغام سے زیادہ ایک خوشخبری تھی جس میں پاکستان کے مقبول ترین گیم شو جیتو پاکستان کی طرف سے ایک نئی ہنڈا کار اور دس تولے سونا نکلنے پر مجھے مبارک باد دی گئی تھی اور نیچے لکھے گئے نمبر پر رابطہ کرنے کا کہا گیا تھا۔

    میسج دیکھ کر بہت خوش تھی کہ دس تولہ سونا ملے گا تو کڑے بنا کر بیٹی کیلئے رکھ لوں گی اور کار اپنے استعمال میں آجائے گی لیکن حقیقت جان کر بہت افسوس ہوا کہ یہ لوگ تیس ہزار لے کر لوگوں کو لوٹتے ہیں، لہٰذا اے آر وائی اس کا بھی نوٹس لے کر کارروائی کرے۔

    انتباہ

    واضح رہے کہ اے آر وائی نیٹ ورک کے مقبول ترین گیم شو جیتو پاکستان کے نام پر جعل ساز گروپس کس طرح سرگرم ہیں اس کا اندازہ پڑھنے اور دیکھنے والے تمام قارئین اور ناظرین کو اچھی طرح معلوم ہوگیا ہوگا۔

    کیونکہ اے آر وائی نیٹ ورک کے فیملی ممبرز سمیت ملک بھر میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جس کے پاس موبائل فون ہو اور اسے جعل سازوں کی طرف سے یہ پیغام نہ آیا ہو۔

    اے آر وائی نیٹ ورک اور جیتو پاکستان کے نام کو استعمال کرتے ہوئے یہ جعل ساز گروہ کئی سادہ لوح پاکستانیوں کو ہزاروں روپے کا نقصان پہنچا چکے ہیں، کیونکہ اے آر وائی اور جیتو پاکستان تو ملک بھر میں نام ہی اعتماد کا ہے۔

    لیکن اس تحریر کے ذریعے ایک بار پھر عوام الناس کو باخبر کیا جا رہا ہے کہ نہ تو ان میسجز میں کوئی حقیقت ہے اور نہ ہی ان میسجز کا اے آر وائی نیٹ ورک یا جیتو پاکستان سے کوئی تعلق ہے۔

  • بی آئی ایس پی کی عوام سے جعلی پیغام نظراندازکرنے کی اپیل

    بی آئی ایس پی کی عوام سے جعلی پیغام نظراندازکرنے کی اپیل

    کراچی: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے اعلان کیا ہے کہ مختلف نمبروں سے آنے والے انعامی پیغامات کا ان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

    جاری کردہ بیان میں ادارے کا کہنا تھا کہ اس قسم کے پیغامات کہ جن میں پیغام وصول کرنے والے کو 25000 روپے جیتنے کی خوشخبری سنائی جاتی ہے ان سے بی آئی ایس پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

    اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اس قسم کے پیغامات جعل ساز ذہن عوام کو دھوکہ دینے کے لئے پھیلاتت ہیں اور اس کے لئے وہ بی آئی ایس پی کا نام استعمال کررہے ہیں۔

    ادارے نے عوام کو متنبہ کیا کہ اس قسم کے جعلی پیغام بھجنے والوں کو کسی قسم کی کوئی بھی ادائیگی نہ کریں۔

    ادارے نے عوامی مفاد میں دو نمبر بھی عوام کو دئے ہیں کہ اگر انہیں کسی نمبر سے ایسے پیغامات موصول ہوں تو جعلسازوں کے نمبر مندرجہ ذیل موبائل نمبروں پر بھیج کر انہیں مطلع کیا جائے تاکہ ملزمان کے خلاف کاروائی کی جاسکے۔

    مندرجہ ذیل نمبروں پر جعلسازوں کے نمبر فراہم کیے جاسکتے ہیں۔

    0335-1058050

    0335-1058051