Tag: fake police encounter

  • کراچی: مبینہ جعلی مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ، پولیس اہلکار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج

    کراچی: مبینہ جعلی مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کا واقعہ، پولیس اہلکار کے خلاف قتل کا مقدمہ درج

    کراچی کے علاقے قائد آباد میں جھگڑے کے بعد نوجوان عاطف کو جعلی مقابلے میں قتل کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے قائد آباد میں 2 پولیس اہلکاروں نے 8 جولائی کو جھگڑے کے بعد نوجوان عاطف کو جعلی مقابلے میں قتل کردیا تھا، عدالتی احکامات پر پولیس اہلکار اقبال اور بابر کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

      مقدمے کے مطابق عدالت میں پیش کئے گئے شواہد سے نوجوان کا قتل ثابت ہوگیا، 8 جولائی کو اہلکار اقبال اور بابر نے عاطف کو گھر جاتے ہوئے روکا تھا، تلاشی کے دوران عاطف سے تلخ کلامی اور مارپیٹ کی گئی۔

    مقدمے کے متن کے مطابق عوام کے سامنے عاطف خان کو موٹر سائیکل پر قبرستان لے جایا گیا، دونوں اہلکاروں نے عاطف کو جعلی مقابلے میں گولیاں ماری، عاطف دو گھنٹے تک تڑپتا رہا لیکن اسے اسپتال نہیں لے جایا گیا۔

    مقدمے کے مطابق نوجوان کو گولیاں مارنے کی ویڈیو سامنے آنے پر مقابلہ مشکوک بن گیا جبکہ زخموں کی تاب نا لاتے ہوئے خون بہنے سے عاطف وہیں دم توڑ گیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق جعلی مقابلے میں نامزد دونوں ملزمان گرفتار ہیں ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

  • مجھے جلسوں سے پہلے تھریٹ لیٹر ملتے تھے، عمران خان

    مجھے جلسوں سے پہلے تھریٹ لیٹر ملتے تھے، عمران خان

    لاہور : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جلسوں سے پہلے تھریٹ لیٹر ملتے تھے،  مجھے کہا گیا کہ جلسے نہ کریں آپ کی جان کو خطرہ ہے، میں سیاست کے لیے نہیں قوم کی حقیقی آزادی کے لیے نکلا ہوں، غلامی کی زندگی سے بہتر مرجانا ہے۔

    یہ بات انہوں نے حقیقی آزادی مارچ کے شرکاء سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ اس مارچ میں قوم کو بدلتے دیکھا ہے، تاریخی لانگ مارچ کرنے پر عوام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کبھی پہلے کسی پارٹی نے اس طرح کا مارچ نہیں نکالا۔

    چیئرمین عمران خان نے کہا  کہ شہباز شریف نے سینکڑوں لوگ پولیس مقابلوں میں مروائے، میرے نوکروں کو خریدنے کی کوشش کی گئی۔ہماری حکومت کوسازش کے ذریعے گرایا گیا، جب سازش ہوئی تب سے میں میدان میں ہوں، میں نے جو یہ چند ماہ میں دیکھا 26سال کی سیاست میں نہیں دیکھا۔

    عمران خان  نے کہا کہ بلاول زرداری ڈھونڈتا پھرے گا کہ اس کے باپ نے چوری کا پیسہ کہاں کہاں چھپا رکھا ہے، جب تک ملک کو حقیقی آزادی نہیں دلاتے ہم رکیں گے نہیں، ہماری قوم کے فیصلے کوئی اور نہ کرے۔

    انہوں نے کہا کہ میں پنڈی جانے کی تاریخ کا اعلان کروں گا مجھے معلوم ہے میری زندگی کو وہاں بھی خطرہ ہے لیکن جب تک ہم ملک کوحقیقی آزادی نہیں دلاتے ہم رکیں گے نہیں۔

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اپنا پیغام پورے ملک میں پہنچایا،7ماہ پہلے حقیقی آزادی کی تحریک شروع ہوئی، مارچ میں خواتین اور بچوں نے شرکت کی، ایک جاگی ہوئی اورباشعور قوم جہدوجہد کررہی ہے،

    عمران خان نے کہا کہ تحریک کے دوران ہمارے لوگوں پر ظلم کیے گئے، ہمارے لوگوں نے تحریک کے دوران قربانیاں دیں، شہبازشریف نے کئی سو لگ مقابلوں میں مروائے، عابد باکسر نے ٹی وی پر کہا کہ میرے ذریعے لوگوں کو مروایا گیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان لوگوں نے25مئی کو جو کچھ کیا وہ کبھی نہیں بھولوں گا، کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے گئے، لوگوں کو جیلوں میں ڈالا، ایف آئی آر کی بارش ہوگئی، ہمارے لوگوں پر تشد دہوا، مقدمے بنائے گئے، ہمیں ڈرانے کے لیے خوف کا ماحول بنایا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ میرے نوکروں کو خریدنے کی کوشش کی گئی، شہبازگل کو صرف ایک جملہ کہنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کو بند کردیا گیا، اعظم سواتی کو تشدد کا نشانہ بناتے ہوئے میرے لیے پیغام دیا گیا کہ ایسا بھی ہوگا۔

    عمران خان نے کہا کہ مجھ پرقاتلانہ حملہ کیا گیا جس کا مجھے پہلے سے ہی پتا تھا کہ تیاری ہورہی ہے، میں نے جلسوں میں بتایا کہ ان کا پلان کیا ہے۔

  • جعلی پولیس مقابلہ : تولیہ فیکٹری کا ملازم بے گناہ مارا گیا

    جعلی پولیس مقابلہ : تولیہ فیکٹری کا ملازم بے گناہ مارا گیا

    کراچی : شفیق کالونی لیاری ندی کے قریب ہونے والا پولیس مقابلہ جعلی نکلا جس کے بعد دو پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا، مقابلے میں بے گناہ فیکٹری ملازم جاں بحق ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے شفیق کالونی میں گزشتہ روز دو پولیس اہلکاروں نے نوجوان کو گولیاں مار کر ہلاک کردیا، بے گناہ شہری کی ہلاکت پر تھانہ گبول ٹاؤن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    پولیس فائرنگ سے جاں بحق ہوانے والا اسماعیل تولیہ فیکٹری میں کام کرتا تھا اور کھانا کھانے کیلئے لنچ ٹائم میں گھر آیا تھا۔

    پولیس حکام نے غفلت برتنے پر دواہلکاروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقتول کے چچا کی مدعیت میں درج مقدمے میں قتل کی دفعہ شامل کی گئی ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے ڈاکو قرار دیکر معاملہ دبانے کی کوشش کی تو لواحقین نے احتجاج کیا۔

    پولیس حکام کے مطابق مقدمے میں نامزد2پولیس اہلکار توصیف اور عبدالعلی کو حراست میں لے لیا گیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اور تصاویر اے آر وائی نیوز کو موصول ہوگئیں۔

    ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ اسماعیل فیکٹری سے نکل کر کھانا کھانے اپنے گھر جارہا تھا، توصیف اور عبدالعلی نامی اہلکاروں نے شہری کو گولی ماریں، زخمی اسماعیل اسپتال منتقلی کے دوران جاں بحق ہوگیا۔

  • کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں 3 افراد کی ہلاکت، ایس ایچ او گرفتار

    کراچی: جعلی پولیس مقابلے میں 3 افراد کی ہلاکت، ایس ایچ او گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رات گئے ہونے والا مبینہ پولیس مقابلہ جعلی نکلا جس کے بعد ایس ایچ او کو گرفتار کرلیا گیا، مقابلے میں 3 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بنارس ٹاؤن میں رات گئے ہونے والا مبینہ مقابلہ جس میں 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے، جعلی نکلا۔

    ایس ایچ او جوہر آباد غیور سمیت پوری پولیس پارٹی گرفتار کرلی گئی، ایس ایچ او جوہر آباد کا نام نہاد انفارمر بھی پولیس کی گرفت میں آگیا۔

    ایس ایچ او بالا افسران کے علم میں لائے بغیر ویسٹ میں داخل ہوا، ایس ایچ او نے ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کو بھی آگاہ نہ کیا۔ ایس ایچ او مبینہ طور پر ایک زمین کے تنازعہ پر جوہر آباد گیا تھا۔

    ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے پوچھا گیا تو ایس ایچ او نے کہا کہ وہ ڈاکو کا پیچھا کر رہا تھا۔

    پولیس حکام کی جانب سے واقعے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔

    واقعے کا پس منظر

    تھانہ پیر آباد کی جانب سے کہا گیا کہ بنارس میں جوہر آباد پولیس نے مکان پر مبینہ چھاپہ مارا تھا، فائرنگ کے تبادلے میں 3 افراد جاں بحق اور پولیس اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوئے تھے۔

    پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مکان کے تنازعے پر پیش آیا، زخمیوں اور عینی شاہدین کے بیانات لے لیے گئے ہیں۔ ہلاک افراد کی شناخت شبیر، یار گل اور عبد اللہ کے ناموں سے ہوئی۔

    واقعے میں زخمی افتخار شاہ کے بھائی سلمان شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ درجن سے زائد مسلح افراد نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی، مسلح افراد اسلحے کے زور پر مکان خالی کروانا چاہتے تھے۔

    سلمان شاہ کا کہنا تھا کہ مسلح افراد میں 2 پولیس اہلکار بھی شامل تھے، تصادم میں فائرنگ سے میرا بھائی زخمی ہوا جبکہ باہر سے آنے والے 3 افراد بھی فائرنگ میں ہلاک ہوئے۔

  • کراچی : جعلی پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج

    کراچی : جعلی پولیس مقابلے میں نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ درج

    کراچی : پولیس نے اورنگی میں پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان کی موت کا مقدمہ گرفتاراہلکار توحید اور اہلکار دوست عمیر کے خلاف درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے اورنگی میں پولیس اہلکار کی مبینہ فائرنگ سے نوجوان کی موت کا مقدمہ درج کرلیا گیا ، مقدمہ اورنگی تھانے میں درج کیا گیا ، جس میں قتل، اقدام قتل اور دہشت گردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

    مقدمہ گرفتاراہلکار توحید اور اہلکار دوست عمیر کے خلاف درج کیا گیا ہے جبکہ مقدمےمیں سابق ایس ایچ او اورنگی ٹاؤن اعظم گوپانگ کو بھی نامزد کیا ہے۔

    کراچی:مقدمہ جاں بحق نوجوان ارسلان کے چچا کی مدعیت میں درج کیا گیا ، جس میں مدعی کا کہنا ہے کہ میرا بھتیجا ارسلان اور اس کا دوست ٹیوشن پڑھنے گئے تھے، پولیس نے جعلی مقابلے میں ایک کو قتل ایک کو زخمی کیا۔

    مقتول کی میت سہراب گوٹھ ایدھی سر خانہ میں رکھی گئی ہے تاہم نماز جنازہ اور تدفین کا ابھی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

    گذشتہ روز کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیر کی شب ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک قرار دیا گیا تھا ، مبینہ ملزم کی ہلاکت پر فائرنگ کرنے والے ‏اہلکار کو گرفتار کر لیا تھا۔

    مبینہ ہلاک ملزم ڈمپر ایسوسی ایشن کے عہدیدار کا بیٹاہے جس کی عمر 20 سال ہے ۔ اہلخانہ کے مطابق بیٹا ‏کوچنگ سینٹر سے واپس جا رہا تھا کہ اسے نشانہ بنایا گیا۔

  • اسلام آباد : مبینہ پولیس مقابلہ، ایک شخص ہلاک، اہلکاروں سے تفتیش

    اسلام آباد : مبینہ پولیس مقابلہ، ایک شخص ہلاک، اہلکاروں سے تفتیش

    اسلام آباد : مبینہ پولیس مقابلے میں کار سوار جاں بحق ہوگیا، اہلکاروں کے بدلتے بیانات نے معاملہ الجھا دیا، چار پولیس اہلکاروں سے تھانہ شہزادٹاؤن میں تفتیش کی جارہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے راول ٹاﺅن میں مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

    پولیس کے ہاتھوں پراسرار قتل پر اہلکاروں نے پہلے کہا کہ ناکے پر نہ رکنے پر کارسواروں پر فائرنگ کی۔ بعد ازاں بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ کارسواروں نے پہلے فائرنگ کی تھی، جس کے جواب میں فائرنگ کرنا پڑی۔

    فائرنگ کرنے والے اہلکاروں نے کہا کہ جوابی فائرنگ سے عنایت نامی شخص مارا گیا، اس کا تعلق راولپنڈی کے علاقے ٹینچ بھاٹہ سے بتایا جاتا ہے۔

    پولیس اہلکاروں کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے اعجاز حسین شاہ زخمی ہوا جسے پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیاہے، واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ گاڑی ناکے پر رکی تھی لیکن پھر بھی پولیس نےفائرنگ کی، گاڑی پر گولیوں کے نشانات بھی موجود ہیں۔

    بعد ازاں پولیس نے ڈیوٹی پر موجود چار اہلکاروں کو شامل تفتیش کر لیا گیا ہے جس میں جاوید،جمیل ولی قیوم ستی اور موبائل وین کا ڈرائیورشامل ہیں، قائم مقام ایس ایس پی ملک مطلوب اہلکاروں کے بیانات ریکارڈ کررہےہیں۔