Tag: Fakhar Imam

  • بھارت سے جنگ ہوئی تو میں خود مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوجاؤں گا، سید فخرامام

    بھارت سے جنگ ہوئی تو میں خود مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوجاؤں گا، سید فخرامام

    اسلام آباد : کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے کہا ہے کہ بھارت سے جنگ ہوئی تو میں خود مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوجاؤں گا، میں پیچھے ہٹنے والوں میں سے نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے سرکاری ٹی وی انٹرویو میں کیا، انہوں نے کہا کہ ہم دعوے تو بہت کرتے ہیں لیکن جب امتحان کا وقت آتا ہے تو اس وقت صحیح پتہ چلتا ہے کہ انسان کے دعوؤں کا کیا معیار ہے؟

    آج اس ملک کے مستقبل کے فیصلے کا وقت آگیا ہے، آج ہم نے وہ فیصلے کرنے ہیں جس سے ہمارا ملک مقابلہ کرسکے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر بھارت نے جنگ مسلط کی تو میں خود مقبوضہ کشمیر میں داخل ہوں گا ،میں ان لوگوں میں سے نہیں ہوں جو بات کرکے پیچھے ہٹ جاتے ہیں، میں نے جو کچھ کہا ہے وہ کرکے دکھاؤں گا، بات کہہ دینا آسان ہے مگر اسے پوری کرکے دکھانا بہت مشکل ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں سید فخر امام نے کہا کہ آج وقت آگیا ہے کہ ہم اصولوں کے تحت چلیں، اگر ہمیں خوراک نہیں بھی ملتی تو پھر بھی ہم آگے چلیں۔

    نیلسن منڈیلا نے27 سال جیل میں گزارے، جب باہر نکلا تو اپنی قوم کا قائدبن کرنکلا، او آئی سی نے وہ ادارے قائم نہیں کیے جو دنیا کو اپنی جانب راغب کرلیتے ہیں، ہمیں آج ایسے ہی ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے۔

  • ہم مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام سے کسی صورت علیحدہ نہیں ہوسکتے، فخر امام

    ہم مقبوضہ کشمیر کی مظلوم عوام سے کسی صورت علیحدہ نہیں ہوسکتے، فخر امام

    اسلام آباد : چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام نے کہا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر سے کسی صورت علیحدہ نہیں ہوسکتے، کشمیری عوام کے مشکل وقت میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، ہمیں قومی اتحاد کے ساتھ اپنی غلطیوں کا مداوا بھی کرنا ہوگا، پاکستان کا مستقبل کشمیر اور کشمیر کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہیں۔

    کشمیر کانفرنس سے خطاب میں چیئرمین کشمیر کمیٹی فخر امام کا مزید کہنا تھا کہ ہم کشمیر کی مدد کیسے کرسکتے ہیں اگر ہم اقتصادی طور پر مضبوط ہوتے تو آج ہم نہیں دنیا ہماری طرف دیکھتی ۔اگر آج بھی ہم نے اپنی ذہنیت تبدیل نہ کی تو نقصان ہمارا ہوگا۔

    فخر امام نے کہا کہ ہم کشمیر سے کسی صورت علیحدہ نہیں ہوسکتے، قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ کشمیر شہ رگ ہے تو ہم اسی مؤقف پر قائم ہیں ۔پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پاکستانی نظریہ کو دنیا کسی حد تک تسلیم کررہی ہے۔

    اقوام متحدہ کی قراردادیں شاہد ہیں کہ کشمیر متنازعہ علاقہ ہے54 سال بعد دوبارہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھا ہے بدقسمتی کی بات ہے کہ ہندوستان گجرات کا جلاد آج نریندر مودی وزیراعظم ہے۔

    انہوں نے کہا کہ افسوس کہ آج 80 لاکھ کشمیری دنیا کی سب سے بڑی جیل میں قید ہیں، اب مقبوضہ، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور پاکستانی قوم کا آج امتحان ہے ۔ترکی، ایران، ملائیشیا نے ہماری حمایت کی ہے مگر مشکل وقت کو ہم نے خود ہی کاٹنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کوئی ہمارا ساتھ دینے نہیں آئے گا یہ کام ہمیں خود کرنا ہے کوئی بھی مشکل وقت آیا ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، کشمیر ایشو پر ہم سب اکٹھے ہیں۔