Tag: falls

  • شادی کے دوران عجیب واقعہ، دلہا دلہن حیران

    شادی کے دوران عجیب واقعہ، دلہا دلہن حیران

    بھارتی شادیاں نہایت بڑے پیمانے پر منعقد کی جاتی ہیں جن میں تمام انتظامات بہترین طریقے سے کیے جاتے ہیں، ایسی ہی ایک شادی میں نہایت دلچسپ واقعہ پیش آیا جس نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران اور پھر ہنسنے پر مجبور کردیا۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی کچھ ویڈیوز میں ایک شادی کا منظر ہے جہاں دلہا دلہن اور ان کے رشتے دار عمارت سے باہر آرہے ہیں۔ دلہا دلہن سے کچھ فاصلے پر فوٹوگرافر بھی موجود ہے جو تمام لمحات کو عکس بند کر رہا ہے۔

    اچانک فوٹو گرافر کا پاؤں پھسلتا ہے اور وہ پیچھے موجود سوئمنگ پول میں جا گرتا ہے جس کے ساتھ ہی دلہا دلہن سمیت وہاں موجود تمام افراد کی چیخیں نکل جاتی ہیں۔

    تاہم فوٹوگرافر جلدی سے خود کو سنبھالتا ہے اور پانی سے باہر نکل آتا ہے۔

    اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہوئی، کچھ صارفین نے فوٹوگرافر کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا تو کچھ اس پر ہنسے بھی، دلہا دلہن کے تاثرات بھی سوشل میڈیا صارفین کی توجہ کا مرکز بنے۔

  • حاضر دماغی نے دوست کو مرنے سے کیسے بچایا؟ حیرت انگیز ویڈیو

    حاضر دماغی نے دوست کو مرنے سے کیسے بچایا؟ حیرت انگیز ویڈیو

    وڈارکا : بھارت میں ایک عمارت کی بالکونی میں کھڑا شخص اچانک موت کے منہ میں جانے سے بچ گیا، قریب کھڑے دوست نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس کی جان بچالی۔

    جنوبی بھارت کے شہر وڈاکارا میں مقامی بینک کی پہلی منزل کی بالکونی میں اپنی تنخواہ لینے کیلئے آنے والے افراد کھڑے تھے کہ ایک شخص جو دیوار کے ساتھ ہاتھ باندھے کھڑا تھا اچانک غنودگی کے عالم میں گرنے لگا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق مذکورہ شخص جو تقریباً گر چکا تھا اس پاس کھڑے اس کے دوست نے بجلی کی تیزی کے ساتھ اس کا پاؤں پکڑ کر اسے سہارا دیا۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ شخص بے ہوش ہو کر گر  پڑا تھا، ساتھ کھڑے شخص نے بیہوش ہونے والے شخص کو فوری طور پر  پکڑا اور دیگر لوگوں کو مدد کے لیے پکارا۔

    سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گرنے والا آدمی موت کے منہ سے کیسے واپس آیا، مذکورہ شخص کو فوری طور پر قریبی اسپتال لے جایا گیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

  • سیلفی کے شوق میں‌ یونیورسٹی طالبہ 10ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی

    سیلفی کے شوق میں‌ یونیورسٹی طالبہ 10ویں منزل سے گر کر ہلاک ہوگئی

    ولنیئس : پُر خطر جہگوں پر سیلفی لینے کے شوق نے 19 سالہ طالبہ کو موت کے منہ میں پہنچا دیا, وکٹوریہ سیلفی کے دوران دسویں منزل سے گر کر ہلاک ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق یورپی ملک بیلاروسین شہری وکٹوریہ گرنکیوچ پڑوسی ملک لتھوینیا میں زیر تعلیم تھی جو پُر خطر جہگوں پر سیلفی لینے کی شوقین تھی اور حادثے کے وقت بھی دسویں منزل پر سیلفی کے دوران رات کی تاریخی کو عکس کے پس منظر میں شامل کرنا چاہتی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 19 سالہ طالبہ لتھوینیا میں تعلیم کے دوران ہاسٹل میں مقیم تھی، متاثرہ لڑکی کے دوستوں کے مطابق وکٹوریہ ولنیئس کی سیاہ رات کو اپنی تصویر کے پس منظر میں اس طرح شامل کرنا چاہتی تھی کہ پیچھے رات کی تاریخی اور آگے اس کا چہرہ دکھائی دے۔

    بیلاروس کی شہری متاثرہ لڑکی کے ایک دوست نے ہولیس کو بیان دیا کہ ’وکٹوریہ حادثے کے وقت ایک اسٹول پر چڑھ پر دسویں منزل کی بالکونی کی ریلنگ کے دوسری جانب کھڑی ہوئی تاکہ سیلفی لے سکے لیکن تواشن برقرار نہ رکھنے کے باعث 90 فٹ کی بلندی سے نیچے جاگری۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ ایمبولینس اور امدادی ٹیم نے وقت پر جائے حادثہ پر پہنچ کر ڈیڑھ گھنٹے تک لڑکی کی جان بچانے کی کوشش کی تاہم وہ کامیاب نہ ہوسکے اور وکٹوریہ ہلاک ہوگئی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ 19 سالہ طالبہ وکٹوریہ سیکنڈ ایئر کی طالبہ تھی جس کی المناک موت پر اس کی یونیورسٹی جامعہ ولنیئس نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

  • 32 ویں منزل سے گرنے والی بلی زندہ کیسے بچ گئی؟

    32 ویں منزل سے گرنے والی بلی زندہ کیسے بچ گئی؟

    امریکی شہر نیویارک میں ایک بلی 32 منزلہ عمارت سے نیچے گر پڑی، لوگوں کا خیال تھا کہ بلی زندہ نہیں ہوگی مگر وہ سانس لے رہی تھی البتہ زخمی تھی۔ موقع پر موجود لوگوں نے اسے جانوروں کے اسپتال پہنچایا۔

    ڈاکٹر کے مطابق بلی کے پھیپھڑوں کو نقصان پہنچا تھا اور اس کے پنجوں کے ناخن ٹوٹ گئے تھے۔ صرف 2 دن بعد بلی بھلی چنگی ہو کر اپنے مالک کے ساتھ گھر چلی گئی۔

    یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اتنی بلندی سے گرنے کے باوجود بلی کیسے محفوظ رہی؟ آج ہم بلی کی اسی قدرتی صلاحیت کے بارے میں آپ کو بتائیں گے جو کئی مواقعوں پر اس کی جان بچاتی ہے۔

    شرارتیں اور بھاگ دوڑ کرتے ہوئے معصوم بلیوں کا گرنا روزمرہ کا معمول ہے، ہر بار گرتے ہوئے وہ اپنی ٹانگوں کا رخ زمین کی طرف کر لیتی ہے یعنی گرنے کے بعد پہلے اس کے پاؤں زمین سے ٹکراتے ہیں۔ بہت کم کہیں سے گرنے کے بعد کسی بلی کی موت واقع ہوتی ہے۔

    اگر وہ کسی جگہ سے الٹی یعنی پشت کے بل گرے تب بھی زمین پر وہ سیدھی یعنی ٹانگوں کے بل پر ہی پہنچتی ہے۔ بلیوں میں یہ صلاحیت ہوتی ہے کہ وہ گرنے کے دوران ہوا میں ہی اپنے جسم کا رخ بدل کر ٹانگوں کا رخ زمین کی طرف کر لیتی ہیں۔

    لیکن ٹانگوں کے بل زمین پر گرنا ہر دفعہ کارآمد نہیں ہوتا خصوصاً اس وقت جب بلی بہت زیادہ بلندی سے نیچے گر رہی ہو۔

    اس بارے میں جاننے کے لیے ماہرین نے 100 ایسی بلیوں کے گرنے کا جائزہ لیا جو 2 سے لے 32 منزلوں تک ہر قسم کی اونچائی سے گر چکی تھیں۔

    ماہرین نے ایک اور انوکھی تکنیک دریافت کی۔ انہوں نے دیکھا کہ اگر بلی 7 منزلوں تک کی اونچائی سے گرے تب تو وہ ٹانگوں کے بل ہی گرتی ہے، لیکن اگر وہ اس سے زیادہ بلندی سے گر پڑے تو وہ اپنی ٹانگوں کو پھیلا لیتی ہے اور پیٹ کے بل زمین پر گرتی ہے۔

    پیٹ کے بل گرنے سے پسلی کی ہڈی ٹوٹنے یا پھیپھڑوں کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہوتا ہے تاہم ٹانگ ٹوٹنے سے محفوظ رہتی ہے اور معصوم بلی کی جان بھی بچ جاتی ہے۔

    ماہرین نے یہ بھی دیکھا کہ بلی چاہے 32 ویں منزل سے گرے یا ساتویں منزل سے، اسے لگنے والے زخم ایک جیسے ہوتے ہیں یعنی انتہائی اونچائی سے گرنے کے بعد بھی بلی کو زیادہ چوٹیں نہیں آتیں۔

    لیکن خیال رہے کہ اگر آپ اس مضمون کو پڑھ کر اپنی پالتو بلی کو اونچائی سے گرانے کا تجربہ کرنا چاہتے ہیں تو یہ نہایت احمقانہ اور بے رحمانہ خیال ہے، پالتو بلیاں دیگر بلیوں کی نسبت ذرا زیادہ نازک مزاج ہوتی ہیں اور ہوسکتا ہے آپ کا کھیل کھیل میں کیا جانے والا تجربہ انہیں بہت زیادہ نقصان پہنچا جائے۔

  • روس:‌ تھکاوٹ کا شکار چور پولیس کے ہاتھوں‌ گرفتار

    روس:‌ تھکاوٹ کا شکار چور پولیس کے ہاتھوں‌ گرفتار

    ماسکو : روس میں دفتر سے رقم چوری کرنے والا شخص جائے واردات پر نیند کے مزے لینے کے باعث پولیس نے گرفتار کرلیا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 36 سالہ چور روسی شہر اورنبرگ میں 20 نومبر کی رات تالا کاٹنے کے آلات (کٹر، ہتھوری، چابیاں اور اسکرو) لے کر دفتری عمارت میں داخل ہوا اور متعدد دفاتر کے تالے توڑ دئیے۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ 36 سالہ شخص نے کئی دفاتر کی تلاشی کے دوران بیش قیمتی سامان اور دفتروں میں رکھی ہوئی نقد رقوم اٹھالی۔

    مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ 21 سو ڈالرز رقم اور دیگر سامان چوری کرنے والا شخص واردات میں استعمال ہونے والا سامان ایک میز پر رکھ کر کچھ دیر آرام کی غرض سے کرسی پر بیٹھ کر سوگیا۔

    بین الااقوامی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ مذکورہ چور کو اس کی غفلت لے ڈوبی اور صبح ہوئی تو پولیس نے چور کو جگایا اور ہتھکڑیاں لگا کر گرفتار کرلیا۔

    اورنبرگ پولیس ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ گرفتار شخص ایک پیشہ ور چور ہے جو پولیس کو چوری کے کئی مقدمات میں مطلوب تھا، گرفتار ملزم کو شہر میں ہونے والی کئی چوریوں کی سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے۔

    روسی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ 36 سالہ چور کو اس کے ماضی کے باعث سخت ہونے کا امکان ہے۔

  • کراچی: اندھی گولی نے کم سن بچی کی جان لے لی

    کراچی: اندھی گولی نے کم سن بچی کی جان لے لی

    کراچی : شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں اندھی گولی کا نشانہ بننے 7 سالہ اقصیٰ دو روز تک زندگی و موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد اسپتال میں دوران علاج زندگی کی بازی ہار گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں دو روز قبل اندھی گولی سے زخمی ہونے والی کمسن بچی اقصیٰ آج صبح زخموں کی تاب نہ لاتے اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔

    تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ پہلی جماعت کی طالبہ 7 سالہ اقصیٰ کو چھوٹے ہتھیار کی گولی لگی تھی، گولی دل کے قریب لگنے کے باعث موت واقع ہوئی ہے، واقعے کی تحقیقات جاری ہے۔

    تفتیشی افسر نے میڈیا کو بتایا کہ کمسن مقتولہ کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ تیار کرلی گئی ہے جبکہ جناح اسپتال کے مردہ خانے میں اقصیٰ کا پورسٹ مارٹم جاری ہے، جس کی رپورٹ آنے بعد تفتیش کا دائرہ کار وسیع کریں گے۔

    تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ بچی اقصیٰ کے قتل کیس کے مقدمے میں قتل کی دفعات شامل کی جائیں گی جبکہ مقدمے دہشت گردی کی دفعہ شال کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

    تفتیشی افسر کے مطابق مقتولہ کو 100 گز کے فاصلے سے گولی لگی تھی، بچی کے جسم سے نکلنے والے سکے کا فرانزک ٹیسٹ کرائیں گے۔

    مقتول بچی کے والد محمد سلیم نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بچی کے علاج میں این آئی سی ایچ کے ڈاکٹرز نے کسر نہیں چھوڑی، ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اقصیٰ کو لگایا جانے والا خون منہ اور ناک سے خارج ہو رہا تھا۔

    اقصیٰ کے والد کے مطابق ڈاکٹر نے کہا تھا کہ خون کا خراج رکنا ضروری ہے جس کے بعد آپریشن کیا جائے گا۔

    محمد سلیم کا کہنا ہے کہ سفاک ملزم کو پکڑ کر سخت سزا دی جائے اور واقعے کے مقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعات شامل کی جائیں، اگر ملزم پولیس کی گرفت میں نہ آیا اور سزا نہیں ہوئی تو وہ دوبارہ ایسی حرکت کرے گا۔

    یاد رہے کہ دو روز قبل شہر قائد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں پہلی جماعت کی طالبہ اقصیٰ کو اندھی گولی کا نشانہ بنی تھی، جس کے بعد اہل خانہ نے متاثرہ بچی کو اسپتال منتقل کیا تھا۔

    ڈاکٹرز نے اقصیٰ کو انتہائی نگہداشت وارڈ میں منتقل کردیا تھا مگر اُس کی طبیعت سنبھالے میں ہی نہیں آرہی تھی جس کے بعد اُسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔

  • بھارت: یونیورسٹی ملازمین کی بس کھائی جاگری، 33 افراد ہلاک

    بھارت: یونیورسٹی ملازمین کی بس کھائی جاگری، 33 افراد ہلاک

    نئی دہلی : بھارتی ریاست مہارشترا کی یونیورسٹی آف ایگریکلچر کے ملازمین کو لانے والی بس 500 فٹ گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست مہارشترا کے ضلع رائیگاڈ میں مسافر  بس گہری کھائی میں جاگری، حادثے کے نتیجے میں مہارشترا کی یونیورسٹی آف داپولی ایگریکلچر کے 33 ملازمین ہلاک ہوگئے۔

    بھارتی خبر رساں اداروں کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار بس ممبئی سے گوا جانے والے ہائی وے پر سفر کررہی کے اچانک 500 فٹ گہری کھائی میں جاگری، متاثرہ بس میں 34 افراد سوار تھے جو پکنک سے واپس آرہے تھے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق حادثے کی وجہ بارش کو بتایا جارہا ہے، بھارت میں گذشتہ کچھ دنوں شدید بارشیں جاری ہیں جس کے باعث گاڑی کھائی میں جاگری۔

    بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ بس حادثے میں زندہ بچ جانے والے ایک شخص کی شناخت پرکاش ساونٹ کے نام سے ہوئی ہے، جو کھائی سے زخمی حالت میں اوپر آیا اور مقامی پولیس کو حادثے کی اطلاع دی۔

    بھارتی میڈیا کہنا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی سرگرمیاں انجام دینے والے رضاکار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں تاہم شدید بارش کے باعث حادثے کا شکار بس کو ریسکیو کرنے میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں۔

    بھارت کی کانگریس پارٹی کے سربراہ راہول گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پارٹی کارکنان کو پیغام دیا ہے کہ ’حادثے کا شکار افراد کو اور واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے‘۔

    راہول گاندھی نے ٹویٹر پر ٹویٹ کیا کہ ’مجھے بس حادثے کا سن کر بہت افسوس ہوا، جس میں درجنوں افراد ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے‘۔

    ان کا کہنا تھا کہ ’میں کانگریس کے کارکنوں سے گزارش کرتا ہوں جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو ہر ممکن امداد فراہم کریں‘۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • کینیڈین کوہ پیما ’کے ٹو‘ کی چوٹی سر کرنے کے دوران ہلاک

    کینیڈین کوہ پیما ’کے ٹو‘ کی چوٹی سر کرنے کے دوران ہلاک

    کراچی : کینیڈین کوہ پیما دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ سر کرنے کے دوران اونچائی سے گر کر جان کی بازی ہار گیا۔

    تفصیلات کے مطابق براعظم امریکا کے ملک کینیڈا کا 53 سالہ کوہ پیما ’سرگ ڈیشرلوٹ‘ دنیا کی 8 ہزار 611 میٹر(28 ہزار 251 فٹ) اونچی دوسری بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ کو سر کرنے کی کوشش کے دوران جان کی بازی ہار گیا۔

    گلگت بلتستان کے محکمہ سیاحت کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ کینیڈین کوہ پیما کے ساتھ چوٹی پر کیمپ نمبر 2 اور 3 کے درمیان یہ افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے۔

    کینیڈین کوہ کی چوٹی سر کرنے کے دوران ہلاکت کی تصدیق سیاحوں کے ٹرپ کا انتظار کرنے والی کمپنی ’سمٹ قراقرم‘ ترجمان سخاوت حسین نے کردی ہے۔

    سیاحوں کے لیے ٹرپ کا انتظام کرنے والی کمپنی سمٹ قراقرم کے ترجمان سخاوت حسین نے بھی کینیڈین کوہ پیما کے ہلاک ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

    سمٹ قراقرم کمپنی کے ترجمان سخاوت حسین کا کہنا ہے کہ ’مجھے کینیڈین سیاح کے بلندی سے گر ہلاک ہونے کی خبر بیس کیمپ نے دی اور بتایا کہ کوہ پیما کے جسد خاکی کو جدید بیس کیمپ پہنچا دیا گیا ہے‘۔

    سخاوت حسین نے خبر رساں اداروں کو بتایا کہ ’اونچائی سے گر کر ہلاک ہونے والا کوہ پیما اپنے اہل خانہ سے رابطے میں تھا‘۔

    خیال رہے کہ ماؤنٹ ایورسٹ کے بعد پاکستان اور چین کی سرحد پر واقع دنیا کی بلند ترین چوٹی ’کے ٹو‘ ہے۔

    یاد رہے کہ پہلی بار 1954 میں کے ٹو کو سر کیا گیا تھا، تاہم اب تک کے ٹو کو سر کرنے کی کوشش کرنے والے 80 کوہ پیما جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ صرف 306 کوہ پیما ہی کے ٹو سر کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں