Tag: family law

  • عدالت نے بچے ماں کی موجودگی میں دادا کے حوالے کردئیے

    عدالت نے بچے ماں کی موجودگی میں دادا کے حوالے کردئیے

    لاہور: ہائیکورٹ میں پانچ بچوں کی حوالگی کیس کی سماعت ہوئی جہاں عدالت نے بچے دادا کے حوالے کردئیے۔

    تفصیلات کے مطابق آج بروز جمعہ لاہور ہائیکورٹ میں بچوں کی حوالگی کیس کی سماعت جسٹس سردار احمد نعیم نے کی۔

    سیالکوٹ کی رہائشی رضوانہ بی بی نے اپنے سسرالی رشتے داروں کے خلاف زبردستی بچے رکھنے کے خلاف درخواست دائر کی تھی۔

    کیس کی سماعت میں بچوں کے دادا کا مؤقف تھا کہ رضوانہ نے اپنی مرضی سے گھر چھوڑا اور بچوں کی پرورش بھی صحیح طریقے سے نہیں کرسکتی جس پر عدالت نے بچے دادا کے حوالے کردیئے۔

    واضح رہے کہ رضوانہ بی بی کا خاوند لیاقت روزگار کی غرض سےبیرون ملک مقیم ہے۔

    بچوں کی جدائی نے ماں کو نڈھال کردیا اور وہ عدالت کے احاطے میں رو رو کرفریاد کرتی رہی جبکہ بچے بھی دادا کے ساتھ جانے پر راضی دکھائی نہیں دے رہے تھے۔

  • سعودی عرب میں شادی سے پہلے لڑکی،لڑکے کو ایک دوسرے کو جاننے کی اجازت

    سعودی عرب میں شادی سے پہلے لڑکی،لڑکے کو ایک دوسرے کو جاننے کی اجازت

    ریاض: سعودی عرب کی وزارت قانون و انصاف نے عائلی زندگی سے متعلق ایک نئے مسودہ قانون پر کام شروع کیا جس کے تحت شادی سے قبل لڑکی اور لڑکے کو ایک دوسرے کے بارے میں جاننے کی اجازت فراہم کی جائے گی۔

    فی الوقت یہ پروگرام تیاری کے مراحل میں ہے اسے قانونی شکل میں لانے میں وقت بھی لگ سکتا ہے،عرب ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے وزارت انصاف کے مشیر ڈاکٹر ناصر العودہ نے بتایا کہ حکومت جو مسودہ قانون تیار کر رہی ہے اس کے تحت میاں بیوی دونوں کو شادی سے قبل ایک دوسرے کے بارے میں معلومات کا حق دیا جائے گا۔

    شادی سے قبل خاتون اور مرد دونوں محکمہ صحت اور وزارت داخلہ سے ایک دوسرے کے سیکیورٹی سے متعلق معاملات اور صحت کی تصدیق کر سکیں گے،ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر ناصر العودہ کا کہنا تھا کہ اس قانون کی ضرورت اس لیے پیش آئی ہے کیونکہ شادی شدہ جوڑوں کی جانب سے ایسے بے شمار شکایات موصول ہو رہی ہیں کہ شادی سے قبل وہ ایک دوسرے کے بارے میں بہت سے اہم معلومات نہیں رکھتے تھے۔ اب شادی کے بعد انہیں مشکلات درپیش ہیں۔ اگر بروقت انہیں اپنے ہونے والے شریک حیات کے بارے میں پتہ چل جاتا تو ان مشکلات سے بچا جا سکتا تھا۔

    اس قانون کی منظوری کے بعد سعودی عرب پہلا خلیجی ملک ہو گا جہاں شادی سے قبل مرد وخواتین کو اپنے ہونے والے شریک حیات کے بارے میں معلومات کا حق دیا جائے گا۔

  • دو بیویاں رکھنے والے کینیڈا کی شہریت نہیں لے سکیں گے

    دو بیویاں رکھنے والے کینیڈا کی شہریت نہیں لے سکیں گے

    ٹورنٹو: کینیڈا میں نئے قانون کے تحت ایک سے زائد بیویاں رکھنے والے افراد کو شہریت نہیں دی جائے گی۔

    غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق کینیڈا کے وزیر برائے امیگریشن کرس ایلیگزینڈر کا کہنا ہے حکومت ایک قانون بنا رہی ہے جس کے تحت ان افراد کو شہریت نہیں دی جائے گی جن کی ایک سے زیادہ بیویاں ہوں گی۔

    نئے مجوزہ قانون کے تحت زبردستی کی شادیوں پر بھی پابندی ہو گی اور شادی کی کم از کم عمر سولہ سال ہوگی۔

    کینیڈا کی جانب سے نیا قانون متعارف کرانے کی وجہ گذشتہ ایک دہائی میں عزت کے نام پر قتل کے واقعات میں نمایاں اضافہ ہے۔ کینیڈا کے حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا سے آکر آباد ہونے والی برادریوں میں زیادہ ہو رہے ہیں۔