Tag: Fans

  • آرنلڈ شوازینگر نے پاکستان مداحوں کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

    آرنلڈ شوازینگر نے پاکستان مداحوں کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

    معروف ہالی ووڈ اداکار آرنلڈ شوازینگر نے اپنی نئی سیریز فوبر کو پسند کرنے پر اپنے پاکستانی مداحوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔

    آرنلڈ شوازینگر کی نئی سیریز فوبر امریکی اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر دو دن قبل ہی ریلیز کی گئی ہے جو تیزی سے مقبول ہورہی ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک یوکرینی مداح نے نیٹ فلکس کی مقبول سیریز اور فلموں (پاپولر آن نیٹ فلکس) کا اسکرین شاٹ شیئر کیا اور کہا کہ یوکرین میں یہ سیریز اس وقت صف اول پر ہے۔

    اداکار نے اس ٹویٹ پر جواب دیتے ہوئے کہا، شکریہ یوکرین۔

    اسی ٹویٹ کے رپلائی میں ایک پاکستانی مداح نے بھی نیٹ فلکس کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان میں بھی اس وقت یہ سیریز سب سے زیادہ دیکھی جارہی ہے اور پہلے نمبر پر ہے۔

    شوازینگر نے اس ٹویٹ کا بھی جواب دیا اور لکھا، میرے پاکستانی مداحوں کا شکریہ۔

    8 اقساط پر مشتمل یہ سیریز فوبر اداکار کی اسٹریمنگ ویب سائٹ کے لیے پہلی سیریز ہے جو ایکشن اور تھرل سے بھرپور ہے۔

    آرنلڈ شوازینگر اس میں امریکی خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

  • سلمان خان کی جھلک دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے مداحوں پر پولیس نے لاٹھیاں برسا دیں

    نئی دہلی: بالی ووڈ کے سپر اسٹار سلمان خان کی 57 ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں دیکھنے کے لیے جمع ہونے والے مداحوں کے ہجوم پر پولیس نے لاٹھیاں برسا دیں۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سلمان خان کی سالگرہ پر ہر سال کی طرح اس سال بھی ہزاروں افراد ممبئی میں ان کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہوگئے جو اپنے پسندیدہ اداکار کو دیکھنا چاہتے تھے۔

    لوگ مختلف انداز سے سلمان خان کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد دینے آئے تھے۔

    اس موقع پر سلمان اور ان کے والد سلیم خان بالکونی میں آئے اور مداحوں کا شکریہ ادا کیا، سلمان نے اپنے فینز کی طرف دیکھ کر ہاتھ بھی ہلایا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    انہیں دیکھ کر لوگ پرجوش ہوگئے اور نعرے لگانے شروع کردیے، اس موقع پر بدنظمی اور دھکم پیل بھی شروع ہوگئی جسے سنبھالنے میں پولیس کی بھاری نفری بھی ناکام رہی۔

    سلمان خان کے منظر سے ہٹتے ہی پولیس نے ہجوم پر لاٹھیاں برسانا شروع کردیں۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Viral Bhayani (@viralbhayani)

    ان مناظر کی ویڈیو کچھ سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے بھی پوسٹ کی۔

    دوسری جانب زندگی کی 57 بہاریں دیکھنے والے اور بالی ووڈ انڈسٹری میں بے حد اثر و رسوخ رکھنے والے سلمان خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر مداحوں کی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Salman Khan (@beingsalmankhan)

  • مہوش حیات اگلی ونڈر وومن؟

    مہوش حیات اگلی ونڈر وومن؟

    معروف پاکستانی اداکارہ مہوش حیات مس مارول میں اپنی شاندار اداکاری کے جوہر دکھانے کے بعد مداحوں کے دل میں گھر کر گئیں، مداحوں کا کہنا ہے کہ اب انہیں ونڈر وومن فلم کے مرکزی کردار میں کاسٹ کیا جانا چاہیئے۔

    حال ہی میں اختتام پذیر ہونے والی ویب سیریز مس مارول میں شاندار اداکاری دکھانے کے بعد مداحوں کو امید ہے کہ مہوش حیات کو اب ہولی وڈ سپر ہیرو وومن فلم ونڈر وومن میں بھی کاسٹ کیا جائے گا۔

    ونڈر وومن بھی مارول اسٹوڈیو کی ہی فلم ہے، جس میں اسرائیلی نژاد امریکی اداکارہ گال گدوت مرکزی کردار ادا کرتی آئی ہیں۔

    اب تک مذکورہ سیریز کی دو فلمیں سامنے آچکی ہیں، جس میں گال گدوت کے کام کو سراہا گیا، تاہم مس مارول میں مہوش حیات کی اداکاری دیکھنے کے بعد کئی مداحوں نے خواہش ظاہر کی کہ اب پاکستانی اداکارہ کو اسرائیلی اداکارہ کی جگہ کاسٹ کیا جائے۔

    ٹویٹر پر متعدد مداحوں نے مہوش حیات کو گال گدوت کا بہتر نعم البدل قرار دیتے ہوئے خواہش ظاہر کی کہ انہیں ونڈر وومن میں کاسٹ کیا جانا چاہیئے۔

    مداحوں کی خواہش کے بعد حال ہی میں مہوش حیات اپنی پاکستانی فلم لندن نہیں جاؤں گا کے پریمیئر میں شریک ہوئیں تو وہاں ان سے ونڈر وومن سے متعلق بھی سوال کیا گیا۔

    مہوش حیات نے مداحوں کی خواہش پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مسکراکر جواب دیا اور امید کا اظہار کیا کہ مارول اسٹوڈیو مداحوں کی خواہش کا احترام کرے گا۔

    ابھی تک مارول اسٹوڈیو نے ونڈر وومن کی تیسری فلم بنانے کا واضح اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ 2025 تک سیریز کی تیسری فلم ریلیز ہوگی۔

  • عازمین حج کو گرمی سے بچانے کے لیے پھوار والے دیوہیکل پنکھے نصب

    عازمین حج کو گرمی سے بچانے کے لیے پھوار والے دیوہیکل پنکھے نصب

    ریاض: حج 2022 کے دوران موسم گرما کی شدت کو مدنظر رکھتے ہوئے جدید انتظامات کیے گئے ہیں، مسجد الحرام اور اس کے صحنوں میں ڈھائی سو دیو ہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے گئے ہیں۔

    سعودی ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین کی انتظامیہ نے حج پر آنے والوں کی خاطر مسجد الحرام اور اس کے صحنوں کی آب و ہوا خوشگوار بنانے کے لیے 250 دیو ہیکل پھوار والے پنکھے نصب کردیے ہیں، ان سے پانی کی پھوار چھوڑی جاتی ہے تاکہ گرمی کی شدت کم ہو۔

    پھوار چھوڑنے والے دیو ہیکل پنکھوں کی بدولت حرم شریف اور اس کے صحنوں کا درجہ حرارت کم ہو جاتا ہے جبکہ سورج کی تپش بھی کم ہو جاتی ہے۔

    پھوار والے پنکھے حرم شریف میں مختلف مقامات پر نصب کیے گئے ہیں جس کے ذریعے پریشر کے ساتھ پانی چھوڑا جاتا ہے، ہر پنکھے کا دہانہ 2 سے 1 مائیکرو تک حجم کا ہے، اس سے پانی پھوار کی شکل میں نکلتا ہے۔

    پنکھے مسجد الحرام کے صحنوں میں لگائے گئے ہیں جو فرش سے 4 میٹر اونچائی پر اور 38 انچ قطر کے ہیں، ہوا کے ساتھ پانی چھوڑنے کی رفتار سی ایم ایف 11 سو تک پہنچ جاتی ہے۔

    ہر پنکھا 10 میٹر کے رقبے میں پھوار پھینکتا ہے، یہ پنکھے پانچوں فرض نمازوں، صحن حرم میں اژدہام اور درجہ حرارت بڑھ جانے پر کھولے جاتے ہیں۔

  • عامر خان کے پرستاروں کے لیے بری خبر!

    عامر خان کے پرستاروں کے لیے بری خبر!

    عامر خان نے اپنی نئی آنے والی فلم لال سنگھ چڈھا کی تاریخ نمائش ایک بار پھر آگے بڑھا دی ہے اب یہ فلم 11 اگست کو ریلیز ہوگی۔

     بالی ووڈ کے نامور اداکار عامر کی ایک دنیا پرستار ہے اور جب بات ہو ان کی نئی فلم کی تو ان کے فینز اس کا بڑی شدت سے انتظار کرتے ہیں، کیونکہ عامر خان فلموں کے انتخاب کے حوالے سے کافی محتاط رہتے ہیں  اور  ان کے پرستاروں کو  ان کی نئی فلم کا کافی وقت تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔

    عامر خان ان دنوں فلم لال سنگھ چڈھا میں جلوہ گر ہونے جارہے ہیں لیکن ان کے پرستاروں کو یہ جان کر مایوسی ہوگی کہ اس فلم کی ریلیز میں ایک بار پھر تاخیر ہورہی ہے۔

    عامر خان، کرینہ کپور خان اور مونا سنگھ جیسے ستاروں سے سجی فلم لال سنگھ چڈھا کو پہلے 2021 کی کرسمس کے موقع پر دسمبر میں ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم اس کو آگے بڑھا کر یہ تاریخ 14 اپریل کردی گئی۔

    تاہم اب اس فلم کی نمائش کی تاریخ کو ایک بار پھر آگے بڑھا دیا گیا ہے اور اس کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ یہ فلم ابھی بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔

    انسٹاگرام پر عامر خان پروڈکشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ فلم لال سنگھ چڈھا کو اب 14 اپریل کو ریلیز نہیں کیا جارہا کیونکہ ہم اس تاریخ تک فلم مکمل نہیں کرپائیں گے۔

    اعلامیہ میں فلم کی ریلیز کی ایک بار پھر نئی تاریخ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اب فلم لال سنگھ چڈھا کو گیارہ اگست کو دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔

    بالی ووڈ فلم لال سنگھ چڈھا ہالی ووڈ فلم فوریسٹ گمپ کا ریمیک ہے جس میں عامر خان کے ساتھ ساتھ کرینہ کپور خان اور مونا سنگھ بھی جلوہ گر ہورہی ہیں جب کہ فلم میں جنوبی بھارت کے اداکار ناگر جونا کے بیٹے ناگا چیتنیا بھی اپنا بالی ووڈ ڈیبیو کرنے جارہے ہیں۔

    واضح رہے کہ اداکاروں کا یہ ٹرائیکا 13 سال بعد کسی ایک فلم میں اکھٹا ہورہا ہے اس سے قبل فلم 2009 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم تھری ایڈیٹس میں تینوں اداکاروں نے اپنی اداکاری کے رنگ بکھیرے تھے۔

  • سخت گرمیوں میں اے سی کے بغیر گھر کو کیسے ٹھنڈا رکھا جائے؟

    سخت گرمیوں میں اے سی کے بغیر گھر کو کیسے ٹھنڈا رکھا جائے؟

    سخت موسم گرما کی تپتی دوپہروں اور گرم راتوں میں ایئر کنڈیشنر ایک ضرورت معلوم ہونے لگتا ہے، لیکن ہر شخص اسے افورڈ نہیں کرسکتا۔

    علاوہ ازیں ایئر کنڈیشنر کے استعمال کی صورت میں بجلی کا بل آسمان تک جا پہنچتا ہے جسے دیکھ کر بہت سے لوگ اے سی نہ چلانے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں۔

    امریکا کے محکمہ توانائی کے مطابق امریکی شہری ہر سال صرف اے سی کی مد میں 29 ارب ڈالر کا بجلی کا بل بھرتے ہیں۔

    اگر موسم قیامت خیز حد تک گرم نہ ہو تو مختلف پنکھوں سے گھر کو ٹھنڈا رکھا جاسکتا ہے، لیکن ان پنکھوں کو درست طریقے سے استعمال کرنا ضروری ہے جس سے بجلی کی بچت بھی ہو اور گھر بھی ٹھنڈا رہے۔

    آج ہم ایسے ہی کچھ پنکھوں کو درست طریقے سے استعمال کرنے کے طریقے بتا رہے ہیں جنہیں اپنا کر ان پنکھوں کی کارکردگی بڑھائی جاسکتی ہے۔

    ونڈو فین

    ونڈو فین کھڑکی میں لگائے جانے والے پنکھے ہیں، یہ پنکھے باہر سے ٹھنڈی ہوا کھینچ کر اندر اور اندر کی گرم ہوا کھینچ کر باہر پھینکتے ہیں۔ مندرجہ ذیل طریقوں سے ان پنکھوں کی افادیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

    ونڈو فین صرف اسی صورت میں کھولیں جب باہر کا موسم اندر کے موسم سے ٹھنڈا ہو تاکہ باہر کی ٹھنڈی ہوا اندر آسکے۔

    ایک سے زائد پنکھے استعمال کریں تاکہ ہوا آر پار ہوتی رہے، اس کے لیے گھر کے تمام پنکھے کھلے رکھے جاسکتے ہیں اور لمحوں میں پورے گھر کو ٹھنڈا کیا جاسکتا ہے۔

    سیلنگ فین

    سیلنگ فین یا چھت کا پنکھا آس پاس موجود ہوا کو کھینچ کر نیچے کی طرف پھینکتا ہے، یہ ونڈو فین یا اے سی کی طرح کمرے کو ٹھنڈا نہیں کر سکتا تاہم ان کی افادیت کو مندرجہ ذیل طریقے سے بڑھایا جاسکتا ہے۔

    پنکھے کے پروں کا کاؤنٹر کلاک وائز یعنی گھڑی کی سوئیوں کی مخالف سمت حرکت کرنا ضروری ہے۔

    کمرے سے نکلتے ہوئے پنکھا بند کردیں، اس سے پنکھے کو وقفہ ملے گا۔

    انرجی ایفیشنٹ ماڈل یعنی بجلی کی بچت کرنے والا پنکھا خریدیں۔

    سیلنگ فین کو اے سی کے ساتھ چلائیں، پنکھا اے سی کی ٹھنڈک کو پورے کمرے میں تیزی سے پھیلا دے گا۔ ایسی صورت میں اے سی کا درجہ حرارت 4 ڈگری بڑھا دیں، اس طرح سے بجلی کی بچت بھی ہوگی جبکہ کمرہ بھی جلد ٹھنڈا ہوگا۔

    ٹاور فین

    ٹاور فین پتلے، لمبے اور پورٹیبل ہوتے ہیں اور انہیں کمروں کے کونے میں باآسانی رکھا جاسکتا ہے، یہ ہوا کو دائیں سے بائیں حرکت دیتے ہیں۔

    ٹاور فین کے سامنے اگر برف رکھی جائے تو ان کی کارکردگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

    اس کے لیے فین کے سامنے برف سے بھری بالٹی رکھ دیں۔

    ایک اور طریقہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ پلاسٹک کی بوتل میں پانی بھر کر اسے فریزر میں جما دیں۔ جب وہ پوری طرح جم جائے تو اسے ایک ٹرے میں رکھیں، بوتل کو ایک سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیں اور ٹرے کو ٹاور فین کے سامنے رکھ دیں۔

    اس طرح سے ٹاور فین اے سی کی طرح کام کرتا ہے۔

  • صدر ٹرمپ نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں، جوبائیڈن

    صدر ٹرمپ نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں، جوبائیڈن

    واشنگٹن :امریکا میں ڈیموکریٹ پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار بننے کے خواہش مند جوبائیڈن نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سفید فام نسل پرستی کے شعلوں کو ہوا دے رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے کہا کہ سفیدفام نسل پرستوں کیخلاف بولتے ہوئے ان کے الفاظ معنی سے خالی ہوتے ہیں جو امریکا یا دیگر ممالک میں کسی کو بھی بے وقوف نہیں بناسکتے۔

    جوبائیڈن نے کہا کہ ٹرمپ بڑے شوق سے اسلامی دہشت گردی پر تو حملے کرتے ہیں مگر سفیدفام نسل پرستی کا لفظ ان کی زبان پر کبھی نہیں آتا۔

    انہو ں نے کہا کہ صدرٹرمپ نے خود کو تاریک ترین قوتوں کے ساتھ جوڑا ہوا ہے، ٹرمپ کی سیاسی حکمت عملی ہی یہی ہے کہ نفرت،نسل پرستی اور تفریق کو بڑھایا جائے، اب امریکی قوم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کیسا مستقبل چاہتے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بائیڈن نے ماضی کے نسل پرست صدارتی امیدوار جارج والس سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ جارج واشنگٹن سے زیادہ جارج والس سے مشابہہ نظر آتے ہیں۔

  • اٹلی میں برقی سیڑھیاں بے قابو، 20 سے زائد افراد زخمی

    اٹلی میں برقی سیڑھیاں بے قابو، 20 سے زائد افراد زخمی

    روم : اٹلی کے دارالحکومت کے وسط میں واقع میٹرو اسٹیشن پر برقی سیڑھیاں بے قابو ہونے کے باعث خوفناک حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اٹلی کے میٹرو اسٹیشن میں برقی سیڑھیاں بے قابو ہونے کے باعث زخمی ہونے والے افراد میں اکثریت روسی فٹبال ٹیم کے مداحوں کی ہے جو کھیل دیکھنے اٹلی پہنچے تھے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں دکھا جاسکتا ہے کہ برقی سیڑھیوں کا نیچلا حصّہ توٹا تھا جس کے بعد سیڑھیوں کی رفتار بے قابو ہوگئی۔

    اطالوی خبر رساں اداروں کا کہنا تھا کہ ہنگامی خدمات انجام دینے والی ٹیمیں جائے ھادثہ پر پہنچ گئی تھی جس کے بعد میٹرو اسٹیشن کو بند کردیا گیا ہے۔

    اطالوی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ حادثے میں 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمیوں کو ٹانگوں میں چوٹیں آئی ہیں جبکہ فٹبال ٹیم کے مداح زیادہ ہیں۔

    واقعے کے عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثے سے قبل روسی فٹبال ٹیم کے مداحوں کا ایک گروپ گانا گاتے اور جمپ کرتے ہوئے برقی سیڑھیوں پر سوار ہوا تھا۔

    اٹلی میں موجود روسی سفارت خانے کا کہنا تھا کہ فٹبال کے کم از کم 30 مداح زخمی ہوئے ہیں جو سی ایس کے اے ماسکو کا میچ دیکھنے روم گئے تھے۔

  • فٹبال ورلڈ کپ 2018: انگلینڈ کے مداحوں کی یہودی مخالف گانے کی ویڈیو وائرل

    فٹبال ورلڈ کپ 2018: انگلینڈ کے مداحوں کی یہودی مخالف گانے کی ویڈیو وائرل

    ماسکو : روس میں جاری عالمی فٹبال کپ 2018 کے دوران انگلینڈ کے حامیوں کی جانب سے مذہبی منافرت پر مبنی گانا گانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ 2018 کے دوران انگلینڈ کے مداحوں کی جانب سے نسل پرستی پر مبنی گیت کی بنائی گئی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انگلینڈ فٹبال ٹیم کے مداح مبینہ طور پر یہودیت مخالف اور جرمنی کے سابق ڈیکٹیٹر ایڈ ولف ہٹلر کی حمایت میں کھڑے ہوکر گانے گا رہے ہیں۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ روس میں جاری فٹبال ورلڈ کپ کے دوران یہودی مخالف گیت گانے کا مقصد ٹوٹنہیم فٹبال کلب کے یہودی مداحوں کی توہین کرنا تھا، جنہیں اکثر نسل پرستوں کی جانب سے بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق پیر کے روز انگلینڈ کی جانب سے تیونس کو 2، 1 سے شکست دینے کے بعد سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نفرت انگیزی پر مبنی ویڈیو سامنے آئی تھی۔

    خیال رہے کہ گروپ جی میں تیونس کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سابق عالمی چیمپین انگلینڈ کو موجودہ کپتان ہیری کین کی جانب سے داغے گئے گولوں نے فتح سے ہمکنار کیا تھا۔

    یہودی مخالف افکار پر مبنی ویڈیو کو روس کے علاقے ولگوگریڈ میں واقع’گیلریریا پب‘ میں فلمایا گیا ہے جہاں فٹبال ورلڈ کپ کے میچز کھیلے جارہے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ انگلینڈ فٹبال ٹیم کے مداحوں کی جانب سے ٹورنامنٹ کے دوران تاحال اچھی اخلاقیات کا مظاہرہ کیا جارہا ہے اور انہوں نے دیگر ٹیموں کے حامیوں کے ساتھ بھی اچھا رویہ اختیار کیا ہوا ہے۔

    گروپ جی کے شیڈول کے مطابق انگلینڈ کی ٹیم اتوار کے روز پانامہ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ انگلینڈ اور پانامہ کی ٹیموں کا میچ سہ پہر 3 بجے نیزنے نوگروڈ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • دبئی: شاہ رخ خان کا انوکھا اندازدیکھنے کے لیے پورا شہر اُمڈ آیا

    دبئی: شاہ رخ خان کا انوکھا اندازدیکھنے کے لیے پورا شہر اُمڈ آیا

    دبئی: متحدہ عرب امارات میں بالی ووڈ کے کنگ خان نے ایسا انوکھا انداز اپنایا کہ جسے دیکھنے کے لیے پورا شہر امڈ آیا، شاہ رخ خان نے مداحوں کے ساتھ سیلفیاں بنائیں اور رقص بھی کیا۔

    تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان کے مداحوں کو ناصرف ان کی اداکاری پسند ہے بلکہ ان کی شخصیت سے بھی وہ متاثر ہیں، ایسا ہی ایک منظر دبئی میں دیکھنے کو ملا جہاں جیولری شوروم کی افتتاحی تقریب کے دوران شاہ رخ کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے شہریوں کی ایک بہت بڑی تعداد امڈ آئی، جہاں اداکار نے انوکھا انداز اپنایا اور فلمی ڈائیلاگ سنائے۔

    اس موقع پر شاہ رخ خان نے اپنے مداحوں کو محظوظ کرنے کے لیے اپنی فلم دل سے کا مشہور زمانہ گیت ’چھیاں چھیاں‘ پر ایک اور مرتبہ رقص پیش کیا اور مداحوں کے دل جیت لئے۔

    شاہ رخ خان نے میری زندگی برباد کردی، خاتون کا الزام

    واضح رہے کہ بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہ رخ خان کو انڈسٹری میں رومانس کا بادشاہ مانا جاتا ہے ، فلمی دنیا کے بے تاج بادشاہ کے دنیا بھر میں لاکھوں مداح موجود ہیں جو اُن کے فلمی مناظر اور جذبوں کو اپنی زندگیوں میں شامل کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔

    شاہ رخ خان کا فارم ہاؤس ضبط کر لیا گیا

    یاد رہے کہ شاہ رخ خان نے متحدہ عرب امارات کے دیگر شہروں کا بھی دورہ کیا، جہاں ان کا شان دار استقبال ہوا اور انہیں دیکھنے کے لیے پورا شہر امڈ آیا، وہاں انھوں نے فلم انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات بھی کی، خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات میں شاہ رخ بے حد مقبول ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔