Tag: farishta mohmand case

  • معصوم فرشتہ مہمند کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، آئی ایس پی آر

    معصوم فرشتہ مہمند کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں، آئی ایس پی آر

    راولپنڈی : پاک فوج کے ترجمان نے معصوم فرشتہ کے قتل کی مذمت اور واردات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں مستقبل کی نسل کو بچانے کیلئے مل کر کوشش کرنا ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ  اسلام آباد میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی معصوم بچی فرشتہ مہمند کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج معصوم بچی کے قتل میں کسی بھی قسم کے تعاون کیلئے تیار ہے۔

    ہمیں ننھی کلیوں کو مسلنے والے درندوں کیخلاف اٹھ کھڑا ہونا ہوگا اور ہمیں مستقبل کی نسل کو بچانے کیلئے مل کر کوشش کرنا ہوگی۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم نے 10 سالہ بچی فرشتہ کے قتل کا نوٹس لے لیا

    یاد رہے کہ اس اندوہناک واقعے کا وزیر اعظم عمران خان نے بھی سختی سے نوٹس لیا ہے ، انہوں نے  آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز سے وضاحت طلب کرلی ہے۔

    مزید پڑھیں: فرشتہ زیادتی و قتل کیس ، ایس ایچ اوشہزاد ٹاؤن اور دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

    واضح رہے کہ ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ مہمند نامی دس سالہ بچی کو کچھ روز قبل اغوا کرکے مبینہ ذیادتی کے بعد سفاکانہ طریقے سے قتل کردیا گیا تھا۔

    واقعے کا مقدمہ والدین نے درج کروانے کی کوشش کی، والدین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور ہماری بچی کو تلاش نہیں کیا۔

  • پیپلزپارٹی نے ننھی فرشتہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا

    پیپلزپارٹی نے ننھی فرشتہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا

    اسلام آباد : پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ دس سال کی ننھی فرشتہ مہمند کے لواحقین کو انصاف کب ملے گا؟ بچی کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلزپارٹی نے ننھی فرشتہ کا معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھانے کا اعلان کردیا، اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ دس سال کی معصوم بچی فرشتہ مہمند کو اسلام آباد سے اغواء کیا گیا۔

    تین دن تک فرشتہ مہمند کے اہلخانہ بچی کی تلاش کیلئے تھانے کے چکر لگاتے رہے، انہوں نے کہا کہ فرشتہ کی گمشدگی کی ایف آئی آر درج کرنے میں تاخیر کیوں کی گئی؟

    صرف نوٹس لینے سے فرشتہ اور لواحقین کے ساتھ انصاف نہیں ہوگا، بتایا جائے کہ اس اندوہناک واقعے میں ملوث لوگ کون ہیں، اور ان کس کی پشت پناہی حاصل ہے؟

    شیری رحمان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت پولیس نظام میں تبدیلی کے دعوے تو کرتی ہے لیکن عملاً کچھ نہیں کرتی، اس کیس میں حکومت مجرموں پر پردہ ڈالنے سے گریز کرے، شیری رحمان نے کہا کہ بچی اور اس کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کیلئے یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد، ’’فرشتہ مہمند‘‘ کیس، 2 افغانیوں سمیت تین گرفتار، ایس ایچ او معطل

    واضح رہے کہ ضلع مہمند سے تعلق رکھنے والی فرشتہ مہمند نامی دس سالہ بچی کو تین روز قبل اغوا کیا گیا جس کا مقدمہ والدین نے درج کروانے کی کوشش کی، والدین کا دعویٰ ہے کہ پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا اور ہماری بچی کو تلاش نہیں کیا۔