Tag: Farooq awan

  • کراچی: گرفتارافراد کی رہائی،پنجاب چورنگی پرجاری احتجاج ختم

    کراچی: گرفتارافراد کی رہائی،پنجاب چورنگی پرجاری احتجاج ختم

    کراچی :گذری میں ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان پر حملے کی تحقیقات کے سلسلے میں حراست میں لئے گئے بارہ افراد کی رہائی کے بعد پنجاب چورنگی کراچی پر جاری علاقہ مکینوں کا احتجاج ختم کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گذری کے علاقے بخش ولیج اور چانڈیو ولیج میں پولیس کی جانب سے ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان پر حملے کے بعد چھاپوں اور متعدد افراد کو حراست میں لینے کے خلاف علاقہ مکینوں نے پنچاب چورنگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    مظاہرے کے باعث پنجاب چورنگی کےاطراف شدید ٹریفک جام ہوگیا، علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ پولیس علاقے سے معذور افراد کو حراست میں لے رہی ہے اور زیر حراست افراد سے متعلق کوئی معلومات نہیں دی جارہیں۔

    جبکہ پولیس کا مؤقف ہے کہ سی سی ٹی وی سمیت دیگر شواہد کی بنیاد پر کارروائی کررہے ہیں، احتجاج کی اطلاع ملنے پر پیپلزپارٹی کراچی کے جنرل سیکریٹری نجمی عالم سی آئی ڈی گارڈن پہنچے جہاں پولیس سے مذاکرات کے بعد زیرحراست افراد میں سے بارہ افراد کو چھوڑدیا گیا ۔

    مذکورہ افراد کی رہائی  کے بعد پنجاب چورنگی پر جاری احتجاج ختم کردیا گیا اور مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔

  • ایس ایس پی سی آئی ڈی فاروق اعوان پرحملے کی تحقیقات کا آغاز

    ایس ایس پی سی آئی ڈی فاروق اعوان پرحملے کی تحقیقات کا آغاز

    کراچی :ایس ایس پی سی آئی ڈی فاروق اعوان پر حملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں اور پولیس ملزمان کا سراغ لگانے کی کوشش کررہی ہے تاہم اب تک کوئی خاص کامیابی نہیں ملی ہے۔

    گزشتہ رات کراچی کے علاقے گزری میں ایس ایس پی سی آئی ڈی فاروق اعوان کی گاڑی پرحملے کی ذمہ داری کالعدم عسکری تنظیم جنداللہ نے قبول کرلی ہے، پولیس کے مطابق تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم کوئی خاص کامیابی نہیں ہوئی ہے۔

    پولیس نے جائے وقوعہ سے اہم شواہد اکھٹے کرکے فورنسک ٹیسٹ کے لئے بھجوادیئے ہیں جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے بھی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

    پولیس کے مطابق شواہد کی روشنی میں ملزمان تک پہنچنے کے لیے چھاپے مارے جائیں گے، حملے میں دوافراد جاں بحق جبکہ دو پولیس اہلکاروں اورخواتین سمیت سات افراد زخمی ہوئے تھے تاہم فاروق اعوان اس حملے میں محفوظ رہے اورانہیں معمولی خراشیں آئیں تھیں۔