Tag: farooq sattar

  • فاروق ستار نے سیاست سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا

    فاروق ستار نے سیاست سے دستبرداری کا فیصلہ واپس لے لیا

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ںے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ ایک گھنٹے سے پہلے واپس لیتے ہوئے کہا کہ میں نے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کی وجہ سے استعفیٰ کا اعلان کیا تھا تاہم والدہ کے حکم پر فیصلہ واپس لیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ سیاست اور قیادت سے دستبرداری کا اعلان کرتے ہی اپنی رہائش گاہ پر چلے گئے تھے، دستبرداری کا اعلان ہونے پر فاروق ستار کو رابطہ کمیٹی کے اراکین اور کارکنان نے منانے کی کوشش کی۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے مستعفیٰ ہونے کا فیصلہ واپس لیا اور ایک بار پھر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ہی لوگوں کے الزامات کی وجہ سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا مگر رابطہ کمیٹی کے اراکین نے میری والدہ سے بات کی جس کے بعد میں نے فیصلہ واپس لیا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ نیت پر شک کیا جائے گا تو ایسی صورتحال میں خفا ہونا جائز ہے، میں نے آرمی چیف سمیت تمام اداروں کے سربراہان کو خط لکھ کر اپنے تحفظات کا اظہار کردیا، 23 اگست کے بعد بھی ہمارے کارکنان کو لاپتہ کیا گیا اور آج بھی ہمارے وفادار کارکنان جیل میں بدترین اسیری کی زندگی گزار رہے ہیں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ ساتھیوں کو فوری طور پر بازیاب کروایا جائے اور ہمیں ہمارے 150 دفاتر واپس کیے جائیں، ریاست کا نعرہ لگانے کے بعد آج بھی ہم پر لندن سے رابطوں کا شک کیا جاتا ہے اس سلسلے کو ختم ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ والدہ کے حکم پر آپ کے سامنے آیا ورنہ میرا فیصلہ واپس لینے کا کوئی ارادہ نہیں تھا۔

    انہوں نے اعلان کیا کہ کل ہم چہلم کے جلوس میں شرکت کریں گے اور پھر ہفتے کے روز شہداء کی قبروں پر بھی جائیں گے ساتھ ہی ڈاکٹر فاروق ستار نے وضع کیا کہ پی ایس پی سے جن شرائط کی بنیاد پر بات ہوئی اُس پر ہم اب بھی قائم ہیں، انتخابات میں پتنگ اور ایم کیو ایم کے نام سے حصہ لیں گے۔

    فاروق ستار کی والدہ نے پی ایس پی کی قیادت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سیاست پیسہ کمانے کا نام نہیں بلکہ خدمت کرنے کا نام ہے، آپ سب واپس آجائیں اور بیٹے کے ساتھ مل کر عوام کی خدمت کریں۔

    قبل ازیں کراچی کے علاقے پی آئی بی میں واقع اپنی رہائش گاہ پر گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اپنے اعلان اور فیصلے سے آگاہ کرنے کے لیے سب کو زحمت دی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میں پاکستان کی چوتھی، سندھ کی دوسری اور سینیٹ کی تیسری جماعت کا سربراہ ہوں ، 38 سالہ سیاسی سفر کا خلاصہ اور فیصلے کے محرکات آپ کے سامنے رکھوں گا۔

    ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کل کراچی پریس کلب پر مہاجروں کی وہ تذلیل ہوئی جس کا کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا، ہم مہاجر بنانے والوں کی اولادیں ہیں، کل مصطفیٰ کمال نے باریک کام کرتے ہوئے مجھ پر گاڑی لینے کا الزام لگایا مگر حقیقت یہ ہے کہ میرے پاس 2007 کی لینڈ کروزر ہے جس کی قیمت خواجہ سہیل منصور اور پارٹی نے ادا کی۔

    سربراہ ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ آج میں اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کررہا ہوں اور اپیل کرتا ہوں کہ 2018 کے عام انتخابات سے قبل تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے اثاثوں کی چانچ پڑتال کی جائے۔  اُن کا کہنا تھا کہ انجینئرڈ سیاست نہیں چل سکتی اور نہ چلے گی، حکومت اُسی کی ہوگی جو عوام کے دلوں پر راج کرتا ہے، کل نیک نیتی کے ساتھ کھل کر بات کی کہ سیاسی اتحاد کی بات کی جو الیکشن الائنس کی صورت میں بھی سامنے آسکتا ہے۔

    مزید پڑھیں: یہ سیاسی اتحاد نہیں بلکہ دو جماعتوں کا انضمام ہے، مصطفیٰ کمال

    فاروق ستار نے کہا کہ بانی ایم کیو ایم سے نفرت میں اتنی آگے نہ بڑھیں کہ شہدا اور قوم کا سودا کرلیں، کل بھی تمام باتوں کا جواب دے سکتا تھا تاہم میں نے جواب دینے سے گریز کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ کل میرے سامنے کہا گیا کہ ایم کیو ایم بانی کی ہے اور رہے گی، ایم کیو ایم کسی کی نہیں پاکستان بنانے والوں کی ہے، کل کی مشترکہ پریس کانفرنس کے بعد کارکنان کی آنکھیں اشکبار ہوئیں۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے ساتھ کبھی تنہا نہیں ملا مگر تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے میری 6 ماہ میں نہ جانے کتنی ملاقاتیں ہوئیں۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے ساتھ کبھی تنہا نہیں ملا مگر تاثر دیا جارہا ہے کہ جیسے میری 6 ماہ میں نہ جانے کتنی ملاقاتیں ہوئیں، ہم کل نیک نیتی کا جذبہ لے کر گئے تھے مگر وہاں بات کی گئی کہ مہاجر سیاست کریں گے تو کراچی کا پنجابی جاگے گا مگر ہم انیس قائم خانی کو بتانا چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم میں ساری قومیتوں کے لوگ ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: ایم کیو ایم کا نام، منشور اور انتخابی نشان برقرار رہے گا، کنورنوید جمیل

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال مہاجر سیاست سے دستبردار ہوجائیں مگر ایم کیو ایم مہاجروں، مظلوموں اور مڈل کلاس طبقے کی سیاست کرے گی، پی ایس پی قومی سیاست کرتی ہے تو اُن کو چیلنج دیتا ہوں کہ لاہور، پشاور یا لاڑکانہ سے ایک نشست جیت کر دکھا دیں، جب تک مہاجر پہلے درجے کے پاکستانی نہیں بنیں گے ہم اُن کے حقوق کی سیاست کرتے رہیں گے، اگر پی ایس پی نے کسی بھی علاقے سے نشست جیت لی تو ایم کیو ایم کے جھنڈے کو خود دفن کر کے آئیں گے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ 5 نومبر جلسے سے 2 روز قبل انیس قائم خانی سے ملاقات ہوئی، جب جلسے میں عوام نے ہم پر اعتماد کا اظہار کیا تو  اتحاد کا فیصلہ کیا تاکہ سیاسی انتشار ختم ہوسکے مگر کل کی پریس کانفرنس میں کچھ اور صورتحال سامنے آئی، مجھے کہا گیا کہ مہاجروں کا نام لیں اور نہ اُن کی قربانیوں کا ذکر کریں۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم مہاجر قاتل اور مہاجر مقتول کو ختم کرنے کے لیے مفاہمت کی طرف آئے، مصطفیٰ کمال پی ایس پی میں ایم کیو ایم کے برے لوگوں کو شامل کر کے ڈرائی کلین نہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ناراضی کی وجہ سے نہیں گیا، اختلاف رائے بیان کرنے کا طریقہ ہے، اگر کسی کو اختلاف ہے تو سامنے آکر بیان کرے اور سوشل میڈیا کا سہارا نہ لے، اگر اختلاف رائے کا طریقہ یہی اپنایا گیا تو راستے جدا ہوجائیں گے، اگر کسی کو ابھی بھی تحفظات ہیں تو ناراض لوگ سامنے بیٹھ کر بات کریں۔

    فاروق ستار نے کہا کہ 23 اگست کو مجھے ڈی جی رینجرز بلال اکبر گرفتار کرنا چاہتے تھے، حراست میں لینے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے پوچھا کہ آپ کو راؤ انوار کے حوالے کریں؟ مگر میں نے اُن کو خود تفتیش کی پیش کش کی، میری رہائی میں عشرت العباد نے کوئی کردار ادا نہیں کیا مگر پی ایس پی کے دوست اس معاملے پر بے بنیاد باتیں بناتے ہیں۔

    سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ پی ایس پی جس طرح ہمیں دفنانے کی بات کرتی ہے یہ صرف جبر کے ذریعے ہی ممکن ہے، پی ایس پی کے ہاتھوں دفن ہونا پسند نہیں کریں گے اپنی دکان خود بند کر کے سوال ضرور اٹھائیں گے کہ اگر متحدہ ختم ہوئی تو کیا ہمیں زندہ رہنے کا حق ہے؟۔

    ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پی ایس پی سے اتحاد کے بعد کارکنان کی جانب سے ضمیر فروشی، قوم کو فروخت کرنے کا الزام لگایا گیا، اس طرح کی باتیں سننے کے بعد میں مزید پارٹی کی سربراہی نہیں کرسکتا اس لیے آج سیاست اور سربراہی سے دستبرداری کا اعلان کرتا ہوں، آج تک عزت سے سیاست کی کیونکہ مجھے قائد بننے کا شوق نہیں ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی رافع حسین کے مطابق ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے اراکین اور کارکنان نے فاروق ستار سے دستبرداری کا اعلان واپس لینے کا مطالبہ کیا، بعدازاں ڈپٹی کنونیر عامر خان اور فاروق ستار کی دوبدو ملاقات ہوئی جس میں تحفظات سے آگاہ کیا، گلے شکوے دور ہونے کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے مستعفیٰ ہونے کا اعلان واپس لیا۔

  • مردم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی، فاروق ستار

    مردم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ دھاندلی شدہ مردم شماری نامنظور کرتے ہیں، مردم شماری غلط ہے تو حلقہ بندیاں کیسے صحیح ہوسکتی ہیں، ایسا لگتا ہے مردم شماری کے بجائے آدم خوری کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں مردم شماری کے خلاف احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری میں صحیح شمار کیا جائے گا تو اس شرط پر حلقہ بندیوں کے بل پر ووٹ دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ آبادی کو کم گنا جائے گا تو ہماری نمائندگی کو بھی کم کیا جائے گا، ترقیاتی فنڈ مزید کم ہوں گے، وسائل مزید کم کردئیے جائیں گے، گنتی کے بعد پانی اور بنیادی سہولتیں کم کردی جائیں گی۔

    فاروق ستار نے کہا کہ مردم شماری، اختیارات کی پٹیشن سپریم کورٹ میں سننی چاہئے، یہ کراچی میں رہنے والی تمام اکائیوں کا مسئلہ ہے، دھاندلی شدہ مردم شماری نامنظور کرتے ہیں، کراچی کی آبادی کو ڈیڑھ کروڑ گنا گیا باقی ڈیڑھ کروڑ کو لاپتہ کردیا۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ 23 اگست کو تاریخ رقم کی تھی، ایم کیو ایم کو 1986ء کی ایم کیو ایم بنائیں گے، جو پہلے پتنگ سے محبت رکھتے تھے وہ آج ایم کیو ایم کے ساتھ ہیں۔

    پاناما کیس پر فاروق ستار نے کہا کہ پاناما کا اونٹ ایک کروٹ بیٹھ گیا ہے، پاناما میں دوسرے لوگ ہیں ان کی انکوائری بھی ہونی چاہئے، جو احتساب سے بچے رہے ہیں ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔

    عوام کہہ رہے ہیں مردم شماری نہیں مانتے، وسیم اختر

    میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ غلط اعداد و شمار سے آپ پاکستان کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، یہاں موجود عوام کہہ رہے ہیں کہ مردم شماری نتائج نہیں مانتے

    انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل اور بہتری کے لیے کوئی سیاسی جماعت آواز نہیں اٹھارہی، کسی کے جانے سے کوئی کمی نہیں آئے گی۔

    کراچی والے ہر سیاسی جماعت کی آواز جانچنا شروع کریں، فیصل سبزواری

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی والے ہر سیاسی جماعت کی آواز جانچنا شروع کریں، ایم کیو ایم کسی جماعت کے خلاف نہیں کراچی کے لیے موجود ہے، ایم کیو ایم نے کسی کا محل یا گھر بنانے کے لیے فنڈز نہیں مانگے۔

    انسانوں کے سمندر کی وکٹیں گر نہیں سکتیں، خواجہ اظہار الحسن

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ایک سال سے سن رہے ہیں کہ ایک وکٹ گر گئی، انسانوں کے سمندر کی وکٹیں گر نہیں سکتیں، ہم مخالفین کو اپنا اسٹیج دیتے ہیں آؤ یہاں انسانوں کی وکٹیں گرا کر دکھاؤ۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے کم نہیں، فاروق ستار کا دعویٰ

    کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے کم نہیں، فاروق ستار کا دعویٰ

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ اعدادو شمار کے حقائق لیاقت آباد جلسے میں سامنے لائیں گے، کراچی کی آبادی تین کروڑ سے کم نہیں ہے، مردم شماری کے نتائج منظور نہیں دوبارہ کرائی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری نشستیں کم کرنے کی سازش کی جارہی ہے، 1998 اور 2017 کی مردم شماری میں ہمیں کم گنا گیا، وسائل، ترقیاتی فنڈ، روزگار، تعلیمی اداروں میں حصہ کم کیا جارہا ہے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ اندرون سندھ کے ساتھ بھی یہی سلوک کیا جارہا ہے، سندھی بھائیوں کو بھی مردم شماری میں کم گنا گیا ہے، ہماری آبادی کو ایک سے ڈیڑھ کروڑ کم دکھایا گیا ہے، نئی حلقہ بندیوں سے متعلق ہمیں تحفظات ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہم سب کے بنیادی حقوق کو غصب کیا گیا ہے، کراچی کو دیوار سے لگانے کا مطلب پاکستان کو دیوار سے لگانا ہے، کراچی چلے گا تو پاکستان چلے گا، وزیر اعظم بھی یہی مانتے ہیں۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ اتوار کو کراچی کی حالیہ تاریخ کا بڑا جلسہ ہونے جارہا ہے، کراچی، حیدرآباد، سکھر کے طلبہ و نوجوان بھی شریک ہوں گے، اعداد و شمار کے حقائق لیاقت آباد جلسے میں سامنے لائیں گے، پانچ نومبر کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ہمیں جلسے کی اجازت دیر سے ملی، شہر میں کئی جگہوں پر ہمارے بینرز اور جھنڈے اتارے گئے، کراچی کے کئی علاقوں میں کیمپ لگانے نہیں دیا گیا، مردم شماری کے نتائج منظور نہیں دوبارہ کرائی جائے، مردم شماری نتائج پر ملک بھر سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے دفاتر ہمیں کیوں واپس نہیں کئے جارہے ہیں؟ ہمارے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی تیاری کی جارہی ہے، کل کی پریس کانفرنس کے لیے دیگر جماعتوں کو بھی دعوت دوں گا۔

    یہ پڑھیں: اگر صرف ایک صوبے کو دیکھنا ہے تو ایسے ملک نہیں چلے گا، فاروق ستار


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اجازت نہ ملے تو بھی 5 نومبر کو جلسہ کریں گے، فاروق ستار

    اجازت نہ ملے تو بھی 5 نومبر کو جلسہ کریں گے، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ جلسے کی اجازت نہیں ملی تو بھی 5 نومبر کو جلسہ کریں گے، جلسے کی جگہ تبدیل کرنے کے لیے تیار ہیں انتظامیہ تعاون نہیں کررہی۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری میں سندھ کے ساتھ نا انصافیوں کے خلاف احتجاجی جلسہ کرنا ہمارا حق ہے، ہماری تیاریاں ہیں جلسے کی اجازت ملنی چاہئے، جلسے کی اجازت نہ بھی ملی تو 5 نومبر کو مزار قائد، لیاقت آباد یا خالد بن ولید روڈ پر جلسہ کریں گے۔

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ صاف منع کردیا گیا ضلع ایسٹ میں ایک وقت میں دو جلسے نہیں ہوسکتے، کہا گیا کہ ایسٹ تو دور سینٹرل میں بھی جلسہ نہیں ہوسکتا، انتظامیہ تعاون نہیں کررہی ہے۔

    ہمارے سیاسی اور جمہوری حق کو غصب کیا جارہا ہے

    فاروق ستار نے کہا کہ ہمارے سیاسی اور جمہوری حق کو غصب کیا جارہا ہے، ہمارے پارٹی کے جھنڈوں کو لگانے سے بھی روکا جارہا ہے، معلوم نہیں پولیس انتظامیہ کس کے کہنے پر ہمارے جھنڈے اتار رہی ہے۔

    منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع ہوگئی ہیں

    انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی جانب سے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع ہوگئی ہیں، ایف آئی اے کی جانب سے ہمارے کچھ ساتھیوں کو لیٹر ملے ہیں، ایف آئی اے نے لیٹرز میں کچھ سوالات مانگے ہیں بعض نے جواب دئیے ہیں، سرفراز مرچنٹ نے حال ہی میں ہم پر الزام لگایا اس کی تردید کرتا ہوں، سرفراز مرچنٹ کے تحریری بیان پر یہ ساری تحقیقات ہورہی ہیں۔

    ارشد وہرہ منی لانڈرنگ میں ملوث نہیں

    فاروق ستار نے کہا کہ 22 اگست سے پہلے منی لانڈرنگ کا میرے علم میں نہیں، 22 اگست کے بعد ضمانت دیتا ہوں کسی قسم کی منی لانڈرنگ نہیں ہوئی، ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں پر لگنے والے الزامات جھوٹے ہیں، ارشد وہرہ ہمیں چھوڑ کر چلے گئے لیکن یقین سے کہتا ہوں وہ ملوث نہیں، ایم کیو ایم پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے جارہے ہیں۔

    سرفراز مرچنٹ کراچی میں ہونے والے جرائم میں کلیدی کردار رہے

    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ سرفراز مرچنٹ کراچی میں ہونے والے جرائم میں کلیدی کردار رہے، سرفراز مرچنٹ کے لگائے گئے تمام الزامات سختی سے مسترد کرتا ہوں، کسی بھارتی سے نہیں ملا، سرفراز مرچنٹ جھوٹ بول رہے ہیں، ہر قسم کے الزامات اور تحقیقات کا سامنا کریں گے۔

    یہ پڑھیں: ڈپٹی میئر شپ کو بچانے کے لیے فاروق ستار خود میدان میں اتر گئے


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • بائیس اگست کی تقریر کیس، فاروق ستار اور عامر خان سے دوبارہ تفتیش کرنے کا فیصلہ

    بائیس اگست کی تقریر کیس، فاروق ستار اور عامر خان سے دوبارہ تفتیش کرنے کا فیصلہ

    کراچی : اشتعال انگیزتقریر اور اے آر وائی نیوز پر حملہ کیس میں پولیس نے ضمنی چالان میں فاروق ستاراورعامرخان کو ملزم قراردے دیا، انسداد دہشتگردی عدالت نے فاروق ستار اور عامر خان کیخلاف جے آئی ٹی بنانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اشتعال کراچی انسداد دہشتگردی عدالت نے بائیس اگست کی تقریر کیس میں فاروق ستار اور عامر خان سے دوبارہ تفتیش کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، فاروق ستار اور عامرخان کے خلاف جے آئی ٹی بنائی جائے گی۔

    محکمہ داخلہ سندھ کو دونوں ملزمان کی جے آئی ٹی بنانے کے لئے خط ارسال کردیا گیا ہے۔

    تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ جیسے ہی محکمہ داخلہ کی جانب سے اجازت ملے گی، جے آئی ٹی بنادی جائے گی۔

    دوسری جانب اشتعال انگیزتقریر اوراےآروائی نیوزپرحملہ کیس میں پولیس نے ضمنی چالان میں فاروق ستاراورعامرخان کوملزم قراردیا، عدالت میں جمع کرائے گئے چالان میں کہا گیا کہ فاروق ستاراورعامرخان کا تقریر سے لاتعلقی کابیان جھوٹا ہے، عامرخان نے بانی ایم کیوایم کی تقریر کی مکمل تائید کی۔


    مزید پڑھیں : اےآر وائی حملہ کیس: فاروق ستار کو گرفتار کر کے پیش کرنے کا حکم


    ویڈیوشواہد کے مطابق عامرخان نے کہا بانی متحدہ کےحکم پرعمل ہوگا۔ تقریرکے فوری بعد فاروق ستاراوردیگررہنما تالیاں بجاتے رہے، فاروق ستار اور عامرخان کارکنوں کو اشتعال نہ دلاتے تو حملہ بھی نہ ہوتا، غیرقانونی حکم کی تائید نہ ہوتی تو ہنگامہ آرائی اور ایک قتل بھی نہ ہوتا۔

    چالان میں کہا گیا ہے کہ فاروق ستاراورعامرخان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

    یاد رہے کہ 22 اگست کو قائد متحدہ کی اشتعال انگیز تقریر کے بعد ایم کیو ایم کے مشتعل کارکنان نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کردیا تھا، مظاہرین نے دفتر میں شدید توڑ پھوڑ کی، سیکیورٹی عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ خواتین سمیت دفتر میں موجود ملازمین کو ہراساں کیا تھا ۔

    واقعے کے بعد ایم کیو ایم رہنماؤں نے اپنے قائد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کردیا جس کے بعد متحدہ قومی موومنٹ دو دھڑوں، ایم کیو ایم پاکستان اور ایم کیو ایم لندن میں تقسیم ہوگئی تھی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • فاروق ستار نے متحدہ لندن اور پی ایس پی کو چیلنج کردیا

    فاروق ستار نے متحدہ لندن اور پی ایس پی کو چیلنج کردیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے  سلمان مجاہد بلوچ کا یہ الزام غلط ہے کہ میں بالواسطہ طور پر الطاف حسین سے رابطے میں ہوں، اگر انہیں پتا تھا تو اسی دن ہم سے الگ کیوں نہیں ہوگئے؟ پی ایس پی اور لندن کو چیلنج دیتا ہوں کہ ہمارے استعفوں سے خالی ہونے والے نشستوں پر انتخابات میں  ہمارا مقابلہ کرلیں آئے دال کا بھاؤ پتا چل جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بہت محتاط ہوں اور میں نے ایک لائن ڈرا کر رکھی ہے احتیاط کی، جو پی ایس پی جارہا ہے میں اسے بھی فون نہیں کرتا کہیں وہ اسے دھمکی کے زمرے میں نہ لے۔

    الطاف حسین سے کوئی رابطہ نہیں، الزام غلط ہے

    سترہ ستمبر کو الطاف حسین کی سالگرہ منائی کہ نہیں؟ اس سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ ہم اپنے کام پر تھے، ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں، کوئی خفیہ یا کسی کے ذریعے مبارک باد کا پیغام نہیں دیا، سلمان مجاہد بلوچ کا یہ الزام غلط ہے کہ میں بالواسطہ طور پر الطاف حسین سے رابطے میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ الزام ایسے لوگ لگارہے ہیں جن کی سیاست ہی الزامات پر ہے ، اس ایم این اے کو چاہیے تھا کہ اسی وقت پارٹی چھوڑ دیتا جب اس کے علم میں یہ بات آئی۔

    ملک سے متعلق مہاجروں کا ریفرنڈم کرایا جائے

    انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں اور ریفرنڈم میں بڑا فرق ہے، کچھ سیٹوں کے بجائے سب کی بات کرتے ہیں ریفرنڈم کرایا جائے تو سامنے آجائے گا کتنے مہاجر ملک کے خلاف ہیں؟ کتنے ملک دشمنی پر مبنی نعروں کے حامی ہیں اور کتنے نظریہ اور آئین پاکستان کے ساتھ ہیں۔

    فاروق ستار کا پی ایس پی اور متحدہ لندن کو چیلنج

    فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے خود کو آزمائشوں میں ڈالا پی ایس پی نے نہیں، انہوں نے صرف دعوے کیے ہیں، میں پی ایس پی اور ایم کیو ایم لندن دونوں کو چیلنج دیتا ہوں کہ ہمارے استعفوں سے خالی ہونے والے نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پی ایس پی، لندن اور پاکستان آجائیں پھر ہم دیکھتے ہیں کسے ووٹ ملتے ہیں، آٹے دال کا بھاؤپتا چل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ میں چیلنج دیتا ہوں آئیں اور الیکشن لڑیں، اخلاقیات کا درس دینا اور بات ہے اور پائنچے چڑھا کر پانی میں اترنا اور بات ہے، یہ ہم نے کہا ہے کہ ہمارے استعفی قبول کیے جائیں اور انتخابات کرائے جائیں۔

    مسنگ پرسن کےگھرانے روز گھر پر آتے ہیں

    ایک سوال پر سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ مجھ پر مسنگ پرسنز کے گھرانوں کے دباؤ ہیں، روزانہ پانچ سے چھ گھرانے آتے ہیں جو مجھ سے دفتر یا گھر پر آکر ملاقات کرتے ہیں، میں اپنے بات پر قائم ہوں کہ اگر میرے سوالات کے جوابات نہ ملے یا میرا کوئی اور ایم پی اے پارٹی چھوڑتا ہے تو میں استعفی دے دوں گا، میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔

    نیب کو آج نہیں تو کل یہ گرفتاریاں کرنی تھیں

    ڈاکٹر فاروق ستار نے شرجیل میمن کے معاملے پر کہا کہ نیب کو آج نہیں تو کل یہ کرنا تھا، نیب یا تو سب کو بلا کر سوالات کرے اگر ضرورت محسوس ہو تو گرفتاری کرلے، دوسرا طریقہ یہی ہے کہ براہ راست گرفتار کرلے، شرجیل میمن پتا نہیں کیا سوچ کر باہر گئے اور کیا سوچ کر واپس آئے۔


    انہوں نے کہا کہ میں نے پی پی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا تھا وہ فہرست سپریم کورٹ نے بنائی تھی جس میں اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں، میں کسی کو بغیر ثبوت کے کرپٹ نہیں کہہ سکتا۔

  • پاکستان زندہ باد کے نعرے کے باوجودہم سے یہ سلوک ہورہا ہے ، فاروق ستار

    پاکستان زندہ باد کے نعرے کے باوجودہم سے یہ سلوک ہورہا ہے ، فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے، چھاپےاورگرفتاریوں کاسلسلہ پھرتیزہوگیا ہے ، پاکستان زندہ باد کے نعرے کے باوجودہم سے یہ سلوک ہورہا ہے،عدالت میں ہلڑبازی اورتشدد سے آئین اور عدالت کی توہین ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھاپوں اور گرفتاری کا سلسلہ تیز ہوگیا ہے ، کارکنوں پروفاداری تبدیل کرنے لیے دباؤ ڈالاجارہا ہے ، سہیل قریشی رہاہوئےتوپی ایس پی کےساتھ پریس کانفرنس کی، ہم نےجوجگہ بنائی تھی کوشش کی جارہی ہے، اسے واپس لیا جائے۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ امید ہے عدالتوں سے کیسز منطقی انجام تک پہنچیں گے ، عدالت میں ہلڑبازی اورتشددسےآئین اورعدالت کی توہین ہے، عدالت میں تشدد اورہلڑبازی کی مذمت کرتےہیں، سمجھنا چاہیے ایسا کرنے سے ہم پارلیمنٹ کو بھی بے وقار بنائیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ایساکرنااداروں میں تصادم کا تاثر دیتا ہے، مخالفت کرنی چاہیے، عدالت میں ہلڑبازی جمہوریت اورسیاسی عمل کےلیےاچھی نہیں۔


    مزید پڑھیں :  پیپلزپارٹی ایم کیوایم کیخلاف سازش کررہی ہے، ڈاکٹرفاروق ستار


    سربراہ ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کہ بہادرآبادکےعلاوہ سیکڑوں دفاترہمیں واپس نہیں کیےگئے، انسان اورانسانیت کے تقاضے پامال ہورہےہیں، پاکستان زندہ باد کے نعرے کے باوجودہم سے یہ سلوک ہورہا ہے، آج رابطہ کمیٹی کے رکن شاہد بھائی کو گرفتار کیا گیا۔

    یاد رہے اس سے قبل ڈاکٹر فاروق ستار نے کا کہنا تھا  ایم کیو ایم پاکستان کےرہنماؤں کو سیکیورٹی نہ دینا پیپلزپارٹی کی سازش ہے، اس کی کراچی کی نشستوں پررال ٹپک رہی ہے۔ ہم لوہے کےچنے ثابت ہوں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • پی ٹی آئی کا وفد آج ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کرے گا

    پی ٹی آئی کا وفد آج ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کرے گا

    کراچی : پی ٹی آئی کا وفد آج ایم کیو ایم کے مرکز کا دورہ کرے گا جس میں دونوں پارٹیوں کے رہنما اہم امور پر غور کریں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کا وفد شاہ محمودقریشی کی قیادت میں ایم کیوایم پاکستان کے عارضی مرکز کا دورہ کرے گا، وفد میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عمران اسماعیل اور فردوس شمیم نقوی شامل ہوں گی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے سربراہ فاروق ستار اور دیگر رہنما شریک ہوں گے۔

    اجلاس میں دونوں پارٹیوں کے رہنما اپوزیشن لیڈرکی تبدیلی اور سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کریں گے۔


    مزید پڑھیں :  فاروق ستار کا شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ


    یاد رہے اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور اپوزیشن لیڈر کی تبدیلی پر مشاورت سمیت ملک کی سیاسی صورتحال اور انتخابی اصلاحات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

    ایم کیو ایم پاکستان کی حمایت کے بعد تحریک انصاف کے امیدوار کا بطور اپوزیشن لیڈر پلڑا بھاری ہو نے کا قوی امکان ہے۔

     خیال رہے کہ گذشتہ روز اپوزیشن لیڈر شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ مجھے ہٹانے کے لئے ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی متحد ہورہی ہیں، پی ٹی آئی نے ایم کیوایم پاکستان کے خلاف شروع سے الگ رویہ اپنایا، تحریک انصاف نے شروع سے ایم کیوایم پاکستان کی دل آزاری کی ہے، پی ٹی آئی کم سے کم اس دل آزاری کی معافی مانگے کر ان کے پاس جائے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی وال پر شیئر کریں۔

  • بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا کی گورنر ، وزیراعلیٰ سندھ، مئیر کراچی اور فاروق ستار سے ملاقات

    بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا کی گورنر ، وزیراعلیٰ سندھ، مئیر کراچی اور فاروق ستار سے ملاقات

    کراچی: طاہری مسجد میں بوہری جماعت کے روحانی پیشوا مفضل سیف الدین سے گورنر سندھ محمد زبیر ،وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور میئر کراچی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

    تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ محمد زبیر نے داو دی بوہرہ کمیونٹی کے روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین سے طاہری مسجد صدر میں ملاقات کی اور محرم الحرام کی مجلس میں بھی شرکت کی، وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ ، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار اور میئر کراچی وسیم اختر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

    ملاقات کے دوران صوبہ کی تعمیر و ترقی میں بوہری برادری کے کردار،امن و امان کی قیام میں کمیونٹی کی بھرپور مدد اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    گورنر سندھ نے ایک طویل عرصہ کے بعد بوہری کمیونٹی کے سربراہ کی محرم الحرام میں کراچی آمد کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کرتے ہیں کہ وہ آئندہ بھی کراچی میں محرم الحرام کی مجالس منعقد کریں گے، بوہری کمیونٹی صوبہ کی نہایت پر امن برادری ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ سیدنا صاحب کی کراچی آمد شہر میں امن و امان کی بہتر صورتحال کی عکاس ہے، کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور اس کی تجارتی سرگرمیوں میں بوہری کمیونٹی کا اہم کردار ہے، ملک کی ترقی کراچی کی ترقی میں مضمر ہے جبکہ امن و امان کے قیام کے بعد صوبہ میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے لئے انتہائی سازگار ماحول میسر ہے۔

    سیدنا مفضل سیف الدین نے کہا کہ ایک طویل عرصہ کے بعد کراچی میں محرم کی مجالس سے خطاب پر وہ خوش ہیں کیونکہ ان کے دادا اور والد بھی کراچی میں مجالس سے خطاب کرچکے ہیں، پورے ملک خصوصاً کراچی میں امن کی بحالی کے لئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔


    مزید پڑھیں :  عمران خان کی داؤدی بوہری جماعت کے روحانی پیشوا سے ملاقات


    روحانی پیشوا سیدنا مفضل سیف الدین کا مزید کہنا تھا کہ شہر میں ترقیاتی منصوبوں کا آغاز خوش آئند ہے ان کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی۔

    انہوں نے محرم کے دوران سکیورٹی کی بہترین سہولیات کی فراہمی پر انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ شہر میں سکییورٹی تھریٹس ہیں، ہم نے سکیورٹی فل پروف بنانے کی پوری کوشش کی ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بوہری جماعت کے روحانی پیشوا کی پاکستان آمد سےاتحاد بین المسلمین میں مزید بہتری آئے گی۔

    دریں اثناگورنر سندھ نے اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جاسکے، امن و امان کے لئے شہریوں کا بھرپور تعاون بھی ضروری ہے کیونکہ ان کی مدد سے ہی امن کا قیام یقینی بنایا جاسکتا ہے۔

    محمد زبیر کا کہنا تھا کہ تمام مسالک کے علماء کا اس بات پر اتفاق ہے کہ ہمیں ایک دوسرے کے عقائد کا احترام کرنا چاہئیے، حسینیت کا پیغام تمام عالم کے لئے ہے کیونکہ نواسہ رسول نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے اسلام کا پرچم سربلند کیا اور اسے رہتی دنیا تک کے لئے ایک عالمگیر مذہب بنایا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • نااہل شخص پارٹی عہدہ کیسے رکھ سکتا ہے‘ فاروق ستار

    نااہل شخص پارٹی عہدہ کیسے رکھ سکتا ہے‘ فاروق ستار

    کراچی : ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اگر ایم کیوایم کے کسی رکن نے مسلم لیگ ن کی حمایت کی ہے تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ کوئی نا اہل شخص پارٹی عہدہ کیسے رکھ سکتا ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن کےانتخابات بل میں خامی تھی جبکہ انتخابات بل غیر آئینی طور پر منظور کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انتخاب بل اعتزازاحسن کی ترمیم کےساتھ پیش ہونا چاہیے تھا۔

    فاروق ستار کا کہنا تھا کہ منتخب نمائندہ نا اہل ہوجاتا ہے تووہ عملی سیاست نہیں کرسکتا جبکہ نا اہل ہونے کے باعث وہ شخص پارٹی کاعہدہ کیسے رکھ سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعتزازاحسن کی ترمیم صحیح تھی ہم نےاس کی حمایت کی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 4 انٹرویوز میں کراچی پیکیج پر بات کی اور کہا کہ کراچی چلتا ہے تو ملک چلتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پیکچ کا تعلق ہمارے ووٹ دینے سے نہیں ہے۔

    واضح رہے کہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ متحدہ پاکستان کے کسی رکن نے بل کی حمایت کی ہےتوکارروائی کریں گے۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔