Tag: faryal talpur

  • فریال تالپور کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    فریال تالپور کو بیرون ملک جانے کی اجازت مل گئی

    کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ، 25لاکھ روپے زرضمانت کے عوض برطانیہ جانے کی اجازت دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کی نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت میں وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جعلی اکاونٹس ریفرنس کے باعث فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا، شاہدخاقان عباسی اور دیگر رہنماوں کے خلاف اربوں روپے کے کیسز ہیں، انہیں بھی بیرون ملک سفر کی اجازت دی جاتی ہے، فریال تالپور پر صرف تین کروڑ روپے کا الزام ہے

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل ہے، تیمار داری کیلیےایک بارضمانت جمع کراکےجانےپراعتراض نہیں، جس پر بیرسٹر عابد زبیری کا کہنا تھا کہ یہ تاثر غلط ہےکہ فریال تالپور کانام سپریم کورٹ ہدایت پر ای سی ایل میں شامل ہوا۔

    وزارت داخلہ اورایف آئی اے کی جانب سے جواب نہ آنے پرعدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تاخیری ہتھکنڈے استعمال نا کریں۔

    ڈی اے جی کی جانب سے مہلت کی درخواست کی گئی ، جس پر جسٹس کے کے آغا نے کہا کہ آپ اس بینچ میں طویل عرصےسے پیش ہورہے ہیں، جانتے ہیں تاخیر برداشت نہیں۔

    عدالت نے آج کے حکمنامے کی نقول سیکرٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اےکوذاتی طور پر بھجوانے کی ہدایت کردی۔

    فریال تالپور نے عدالت میں کہا کہ بیٹی عائشہ تالپوربرطانیہ میں زیرتعلیم ہے، بیٹی کی طبیعت ناسازہے، اس لئے برطانیہ جاناچاہتی ہوں، بیٹی کی تیمارداری کے لیےایک بار برطانیہ جانے کی اجازت دی جائے۔

    پی پی رہنما نے استدعا کی کہ چار ہفتے کے لیے برطانیہ میں قیام کی اجازت دی جائے، ای سی ایل میں نام بیرون ملک جانے میں رکاوٹ ہے۔

    جس پر سندھ ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور کو بیرون ملک سفر کی اجازت دے دی ، 25لاکھ روپے زرضمانت کے عوض بیماربیٹی سے ملنے کیلئے برطانیہ جانے کی اجازت دی گئی۔

    خیال رہے منی لانڈرنگ کیس کے باعث 27 دسمبر 2018 کو پیپلز پارٹی رہنما فریال تالپور کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا،درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ، چیئرمین نیب ،ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی امیگریشن بھی درخواست میں فریق بنایا گیا ہے۔

  • فریال تالپور نے  نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

    فریال تالپور نے نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

    کراچی : پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ، جس پر عدالت نے وفاقی وزارت داخلہ،چیئرمین نیب اور ڈی جی ایف آئی اے کو نوٹس جاری کردیئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور نے برطانیہ جانے کیلئے نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں فریال تالپور نے مؤقف اختیار کیا کہ بیٹی عائشہ تالپوربرطانیہ میں زیرتعلیم ہے، بیٹی کی طبیعت ناسازہے،برطانیہ جاناچاہتی ہوں، بیٹی کی تیمار داری کے لیے ایک باربرطانیہ جانے کی اجازت دی جائے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی کہ 4ہفتےکےلیےبرطانیہ میں قیام کی اجازت دی جائے،ای سی ایل میں نام بیرون ملک جانےمیں رکاوٹ ہے، منی لانڈرنگ کیس کے باعث نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا۔

    فریال تالپور نے درخواست میں وفاقی وزارت داخلہ، چیئرمین نیب ، ڈی جی ایف آئی اے،ڈی جی امیگریشن کو فریق بنایا ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے فریال تالپور کے برطانیہ جانے کے معاملے وفاقی وزارت داخلہ ،چیئرمین نیب، ڈی جی ایف آئی اے ، ڈی جی امیگریشن، ایڈیشنل اٹارنی جنرل کو 26 نومبر کے لیے نوٹس کردیا۔

    عدالت نے فریقین کو 26 نومبر کو تیاری کےساتھ پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔

  • کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس: فریال تالپور کی معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست

    کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس: فریال تالپور کی معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست

    کراچی : پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس میں معطلی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کتوں کاٹنے کے کیس میں معطلی کے معاملے پر پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے سندھ ہائیکورٹ میں فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کردی۔

    درخواست میں کہا گیا کہ سکھر بینچ کا فیصلہ معطل کیا جائے،عوام کا تحفظ ہم سب پر لازم ہے، ایم پی اے شہری حکومتوں کے معاملات مداخلت نہیں کرسکتی۔

    فریال تالپور نے کہا سکھربینچ نے حقائق،قانون کے برعکس ایم پی ایز کو معطل کیا، استدعا ہے کہ سکھر بینچ کے حکم نامے پر نظر ثانی کی جائے۔

    یاد رہے سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں صوبے میں کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس اہم فیصلہ دیتے ہوئے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر رابطہ نہ کرنے پر دو ارکان سندھ اسمبلی فریال تالپور اور گیان چند اسرانی کو معطل کردیا تھا۔

    بعد ازاں سندھ حکومت نے کتوں کی ویکسی نیشن کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ  اینٹی ریبیزویکسین سے کتوں سے جراثیم ختم ہوجائیں گے، کتوں کو ٹیکا لگنے سے کاٹنے کی صورت میں انسان کو بیماری نہیں لگے گی۔

    حکام کا کہنا تھا کہ  کتے مارنے سے مزید بیماریاں پھیلنے کے خطرات پیدا ہورہے ہیں، شہری اپنے علاقوں میں کتوں کی موجودگی کی اطلاع دیں، بین الاقوامی اصولوں کے تحت کتوں کی ویکسی نیشن کی جائے گی۔

  • سگ گزیدگی کے واقعات پر سندھ ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، 2 ارکان اسمبلی معطل

    سگ گزیدگی کے واقعات پر سندھ ہائی کورٹ کا بڑا فیصلہ، 2 ارکان اسمبلی معطل

    سکھر: سندھ ہائی کورٹ نے کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر رابطہ نہ کرنے پر دو ارکان سندھ اسمبلی کو معطل کردیا ہے اور الیکشن کمیشن سے بھی بڑی استدعا کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں صوبے میں کتوں کے کاٹنے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی، دوران سماعت سندھ ہائی کورٹ نے اہم فیصلہ دیا اور کتوں کے کاٹنے کے واقعات پر رابطہ نہ کرنے پر دو ارکان سندھ اسمبلی کو معطل کردیا۔

    عدالت کی جانب سے معطل کئے جانے والوں میں فریال تالپور اور  گیان چند اسرانی شامل ہیں، سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے دونوں ارکان کی معطلی کا تحریری فیصلہ بھی جاری کیا۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ صوبائی الیکشن کمیشن دونوں ایم پی ایز کی معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کرے۔

    دو روز قبل ہونے والی سماعت میں سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں سگ گزیدگی کے بڑھتے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے تھے کہ غریبوں کے بچوں کو کتے کاٹ رہے ہیں اور ایم پی ایز ووٹ لے کر کراچی میں آرام سے بیٹھے ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سگ گزیدگی واقعات: سندھ ہائی کورٹ نے ارکان اسمبلی کو خبردار کردیا

    جسٹس آفتاب احمد گورڑ نے عدالت میں پیش کی گئی رپورٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ جب عدالت نے حکم دیا تھا تو ایم پی ایز کیوں کتا مار مہم کی نگرانی نہیں کررہے ہیں ہم ایم پی ایز کو معطل کرنے کے احکامات بھی دے سکتے ہیں اور لاڑکانہ ، خیرپور، جامشورو اور رتوڈیرو کے تو ایم پی ایز کو معطل ہی کیوں نہ کردیں۔

    اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل شفیع محمد چانڈیو نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایم پی ایز کا کام کتے مارنا نہیں قانون سازی کرنا ہے جس پر عدالت نے ان سے پوچھا کہ وہ بتائیں کہ گذشتہ پندرہ سالوں میں ان ایم پی ایز نے کیا قانون سازی کی ہے ایم پی ایز کی ذمہ داری ہے کہ وہ لوگوں کی حفاظت کریں کیا ان کا کام صرف یہ ہے کہ وہ ووٹ لے کر کراچی جا کر بیٹھ جائیں یہاں غریب لوگوں کے بچوں کو کتے کا ٹ رہے ہیں مگر ان کو اس کا کوئی احساس تک نہیں ہے۔

  • ایم این اے شاہدہ رحمانی اور  فریال تالپورکے نام پر پیسے بٹورنے والا ملزم  گرفتار

    ایم این اے شاہدہ رحمانی اور فریال تالپورکے نام پر پیسے بٹورنے والا ملزم گرفتار

    کراچی : پولیس نے پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور سیلیبریٹیز کو بڑا چونا لگانے کی کوشش کرنے والے ملزم کو گرفتار کرکے فراڈ اور ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں پولیس نے پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی اور سلیبریٹیز کو چونا لگانے کی کوشش ناکام بنادی ، ایم این اے شاہدہ رحمانی اور فریال تالپورکےنام پر پیسے بٹورنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا۔

    گلشن معمارتھانےکی کارروائی کےدوران ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی ، پیپلز پارٹی وومن ونگ کراچی ڈویژن کی درخواست پر پولیس نے کارروائی کی گئی، جس کے بعد شاہدہ رحمانی کے بیٹے ہلال سعید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    مقدمے میں 420 اور ٹیلی گراف ایکٹ کی دفعات شامل کی گئیں، مدعی مقدمہ ہلال سعید کے مطابق ملزم ہائی پروفائل شخصیات، سیلیبریٹیز اور دیگر افراد سے شاہدہ رحمانی کے نام سے پیسے مانگتا تھا، ملزم نے شاہدہ رحمانی کے نام سے واٹس ایپ پروفائل بنائی اور واٹس ایپ میسج میں ایسے ظاہر کیا جاتا جیسے شاہدہ رحمانی فریال تالپور کے کہنے پر پیسے جمع کر رہی ہوں۔

    مدعی مقدمہ کے مطابق ایک پاکستانی سنگر اور کئی شخصیات کی جانب سے پیسے بھی ایزی پیسہ کیے گئے جبکہ ملزم نے ایم این اے قادر پٹیل، پلوشہ خان، امداد پتافی ، ایم این اے ناز بلوچ ، ایم این اے آغا رفیع اللہ ایم این اے شگفتہ جمانی، ایم این اے ابرار حسین شاہ اور ایم این اے شازیہ سنگھار کو واٹس ایپ میسجز کیے اور رقم مانگی۔

    مدعی ہلال سعید کے مطابق ملزم کے عمل سے میری والدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچا ، ملزم کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے جبکہ پولیس کی جانب سے ملزم سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

  • میگا منی لانڈرنگ ریفرنس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر فردِ جرم عائد

    میگا منی لانڈرنگ ریفرنس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر فردِ جرم عائد

    اسلام آباد : احتساب عدالت نے میگامنی لانڈرنگ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور پر فردِ جرم عائد کردی ، تاہم دونوں نے صحت جرم سے انکار کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹ اسکینڈل، میگا منی لانڈرنگ،پارک لین ، ٹھٹھہ واٹر سپلائی ضمنی ریفرنسزاورپنک ریزیڈنسی ریفرنس کی سماعت ہوئی، احتساب عدالت کےجج اعظم خان نے کیسز کی سماعت کی۔

    سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور عدالت میں پیش ہوئے، آصف علی زرداری کے ہمراہ آصفہ بھی موجود تھیں۔

    سماعت میں میگامنی لانڈرنگ ریفرنس میں آصف زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر پرفردجرم عائد کی گئی تاہم آصف زرداری اور فریال تالپور نے صحت جرم سے انکار کردیا، عدالت کی جانب سے آصف زرداری اور فریال تالپور کو چارج شیٹ پڑھنے کیلئے دی گئی۔

    عدالت کی جانب سے تمام ملزمان کو چارج شیٹ فراہم کردی گئی جبکہ گرفتار ملزمان کے وکلا کو چارج شیٹ کی کاپی دی گئی، جج اعظم خان نے کہا حاضری کیلئے دستخط کیساتھ الزامات کی فرد جرم بھی دے دیں۔

    پارک لین ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس : آصف زرداری پر فرد جرم مؤخر


    دوسری جانب پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر فردجرم مؤخر کردی گئی ، عدالت نے کہا جب تک سارے ملزمان حاضر نہ ہو ں فرد جرم عائدنہیں ہو سکتی ، ملزمان شیر علی کی عدم حاضری پر فرد جرم عائد نہیں ہو سکی۔

    وکیل نے بتایا کہ ملزم شیر علی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست آئی ہے ، انکے وکیل بھی ہائیکورٹ میں مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے،ایک ملزم نہیں آیا تو دیگر پر بھی فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی، جس پر سردارمظفرعباسی نے کہا جو ملزم پیش نہیں ہوا،ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیےجائیں

    بعد ازاں احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم کی کارروائی 5 اکتوبر تک ملتوی کردی۔

    یاد رہے احتساب عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری کی تین کرپشن ریفرنسز خارج کرکے بری کرنے کی درخواستیں مسترد کرتے ہوئے زرداری پر تینوں کرپشن ریفرنسز پارک لین، میگا منی لانڈرنگ اور ہریش اینڈ کمپنی ریفرنسز میں فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا تھا۔

    خیال رہے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری سمیت 25 شیئر ہولڈرز تھے، نیب نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کمپنی نے 2008 میں جعلی فرنٹ کمپنی پارتھینون کے نام پر نیشنل بینک سے ڈیڑھ، ڈیڑھ ارب روپے کے دو بار قرض لئے جسے بعد میں واپس نہیں کیا گیا اور قومی خزانے کو 3 ارب روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔

    میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے علاوہ دیگر افراد پر جعلی بینک اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں روپے بیرون ملک منتقل کرنے کا الزام ہے۔

  • آصف زرداری ، فریال تالپور سمیت دیگر اہم شخصیات کیخلاف تحقیقات کرنے والے افسر تبدیل

    آصف زرداری ، فریال تالپور سمیت دیگر اہم شخصیات کیخلاف تحقیقات کرنے والے افسر تبدیل

    اسلام آباد : سابق صدر آصف زرداری ، فریال تالپور سمیت دیگر اہم شخصیات کے خلاف تحقیقات کرنے والے افسر کو تبدیل کردیا گیا ، محمد علی ابڑو کو تحقیقات کے لیے ڈیپوٹیشن پر بلایا گیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق صدر آصف زرداری، فریال تالپور سمیت دیگر اہم شخصیات کےخلاف نیب کی تحقیقات جاری ہے ، تحقیقات کےلیےڈیپوٹیشن پر بلائے گئےتفتیشی افسرمحمد علی ابڑو کو تبدیل کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد علی ابڑو واپس ایف آئی اے چلے گئے ہیں ، محمد علی نے زرداری، فریال تالپور، عبد الغنی مجیدسمیت دیگر سےتفتیش کی جبکہ ملزمان کی منی ٹریل سے متعلق اہم تحقیقات کی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق نیب نےمنی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں محمدعلی ابڑو کی خدمات لی تھیں تاہم میگا منی لانڈرنگ، جعلی بینک اکاونٹس کیسز میں دوسرے تفتیشی افسر کو نامزد نہیں کیاگیا۔

    یاد رہے چند روز قبل جے وی اوپل کیس میں بڑی اہم پیش رفت سامنے آئی تھی، بلاول بھٹو، آصف زرداری اور فریال تالپور کے خلاف تحقیقات میں مزید تیزی لائی گئی تھی اور جے وی اوپل کیس کی انکوائری کا مرحلہ مکمل کر لیا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : بلاول، آصف زرداری، فریال کے خلاف تحقیقات میں تیزی

    نیب راولپنڈی کی جانب سے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی سفارش کی گئی تھی، جس پر چئیرمین نیب نے انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کی منظوری دی تھی۔

    خیال رہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری جے وی اوپل میں 25 فی صد شیئر ہولڈر ہیں، نیب ذرائع کے مطابق 1.224 بلین روپے نجی بینک سے جے وی اوپل کو ٹرانسفر ہوئے تھے، بعد ازاں جے وی اوپل کے اکاؤنٹ سے یہ رقم نکلوائی بھی گئی تھی۔

  • فریال تالپور منجمد بینک اکاؤنٹس کھلوانے کیلئے احتساب عدالت پہنچ گئیں

    فریال تالپور منجمد بینک اکاؤنٹس کھلوانے کیلئے احتساب عدالت پہنچ گئیں

    اسلام آباد :   پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نےمنجمد  بینک اکاؤنٹس کھلوانے کیلئے احتساب عدالت سےرجوع کر لیا، عدالت نے نیب کو 11 فروری تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے منجمد بینک اکاؤنٹس کھلوانے کیلئے احتساب عدالت میں درخواست دائر کردی ، فریال تالپور نے 3 منجمد بینک اکاؤنٹس کھلوانےکیلئےدرخواست دائر کی۔

    درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا  نیب تاحال کوئی جرم ثابت نہیں کرسکا،  عدالت منجمد اکاؤنٹس کھولنے کیلئےحکم جاری کرے۔

    احتساب عدالت نے نیب سےمنجمد اکاؤنٹس سےمتعلق رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا آئندہ سماعت پربتایاجائے کس کیس میں بینک اکاؤنٹس منجمدکئےگئے۔

    احتساب عدالت نے فریال تالپور کی درخواست پر نیب کو 11 فروری تک رپورٹ جمع کرانےکی ہدایت کردی ہے۔

    خیال رہے آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کا الزام ہے جبکہ جعلی اکاؤنٹس کا مقدمہ احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔

    جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل میں گرفتارسابق صدر  آصف زرداری اوران کی ہمشیرہ  فریال تالپور سمیت چودہ ملزمان کےخلاف عبوری ریفرنس دائر کردیا گیا ہے ، ریفرنس میں کہا گیا 8.3 ارب کی خطیررقم جعلی اکاؤنٹس سے نکلوائی گئی، رقم بیرون ملک بھی منتقل ہوتی رہی۔

  • پارک لین ریفرنس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر 22 جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    پارک لین ریفرنس، آصف زرداری اور فریال تالپور پر 22 جنوری کو فرد جرم عائد کی جائے گی

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر 22 جنوری کو فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام ملزمان کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی احتساب عدالت میں جعلی اکاؤنٹس کیس میں پارک لین اور منی لانڈرنگ ریفرنسز پر سماعت ہوئی ، :احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے سماعت کی۔

    سابق صدر آصف زرداری عدالت میں پیش نہ ہو سکے، آصف زردادی کی جانب سے آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی ، وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا آصف زرداری کا علاج کراچی میں جاری ہے، ان کو متعدد امراض لاحق ہیں۔

    فریال تالپور سمیت دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نے ریفرنس میں شامل ملزمان کو نوٹس جاری کردیا ، ملزمان میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید،عبدالغنی مجید،حسین لوائی ، نمر مجید، یونس قدوائی سمیت دیگر افراد بھی شامل ہیں۔

    تفتیشی افسر نے کہا ضمنی ریفرنس میں 9نئےملزمان بھی شامل کئے گئے ہیں، 5ملزمان کا نام فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب نے آٹھواں ریفرنس دائر کر دیا

    احتساب عدالت نےکہا  پارک لین ریفرنس میں ،آصف زرداری، فریال تالپور سمیت تمام ملزمان پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کی جائے گی اور تمام ملزمان کوآئندہ حاضری یقینی بنانےکاحکم دیتے ہوئےسماعت22 جنوری تک  ملتوی کردی۔

    یاد رہے گزشتہ سماعت پر نیب کی جانب سے تمام ملزمان پر فرد جرم کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں پہلا نیب ریفرنس باقاعدہ سماعت کے لیے 4 اپریل 2019 کو مقرر کیا گیا تھا، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سماعت کی، عدالت نے جن افراد کو طلب کیا تھا ان میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی یونس قدوائی، کے ایم سی کے چار سابق اور چار اس وقت کے موجودہ افسران شامل تھے۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین بھی کی ہے، ملزمان نے سندھ اور اسٹیل ملز کی سرکاری زمینوں میں خرد برد کی تھی۔

    خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے منی لارنڈرنگ اور پارک لین کے مقدمات میں 11 دسمبر کو آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کی تھی، آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس سے منی لانڈرنگ کاالزام ہے ۔

  • آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج  ہوگی

    آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی ، عدالت نے پمزکے میڈیکل بورڈ سے سابق صدرکی نئی طبی رپورٹ طلب کر رکھی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت آج ہوگی ، چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی اسپیشل بینچ درخواست پر سماعت کرے گا۔

    گذشتہ سماعت میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی درخواست ضمانت پر پمزکے میڈیکل بورڈ سے سابق صدرکی نئی طبی رپورٹ طلب کرلی تھی جبکہ فریال تالپورکی درخواست پر نیب کونوٹس جاری کردیا تھا۔

    فاروق ایچ نائیک نے بتایا تھا آصف زرداری دل، شوگرسمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہیں ، عدالت طبی بنیاد پردرخواست ضمانت منظور کرے ، ان کو24 گھنٹےطبی امدادکی ضرورت ہے جبکہ فریال تالپور اسپیشل بچی کی والدہ ہے۔

    ہائی کورٹ نے حکم دیا تھا کہ میڈیکل بورڈ آصف زرداری کی رپورٹ آیندہ سماعت سے پہلے عدالت میں پیش کرے۔

    مزید پڑھیں : درخواست ضمانت، آصف زرداری کی نئی میڈیکل رپورٹ طلب

    یاد رہے سابق صدر آصف علی زرداری نے طبی بنیادوں پر ضمانت کے لئے درخواست دائر کی تھی ، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ درخواست گزار مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہے اور انھیں چوبیس گھنٹے طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔

    درخواست میں استدعا کی گئی تھی عدالت طبی حالات کی سنگینی کے پیش نظر درخواست ضمانت منظور کرے۔

    خیال رہے زرداری اورفریال جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتارہیں اور قومی احتساب بیورو ( نیب) نے دونوں کے خلاف عبوری ریفرنس دائرکر دیا تھا جبکہ دونوں 17 دسمبر تک جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔