Tag: FATA

  • بنوں، عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کردیا

    بنوں، عمران خان نے بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کردیا

    بنوں: چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ماضی بن چکے ہیں، فاٹا انضمام کےخلاف وہ کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا.

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بنوں میں بلین ٹری منصوبے کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ بلین ٹری منصوبہ دنیا کا ایک بڑا منصوبہ ہے، منصوبے کے لئے بیرون ممالک سے پودے درآمد کیےجا رہے ہیں، اب تک 80 کروڑ پودے لگائے جا چکے ہیں، اس پروجیکٹ سے 5 لاکھ لوگوں کو روزگار ملا ہے.

    عمران خان نے مولانا فضل الرحمان کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں کہا کہ ملک کی سیاست میں مولانا فضل الرحمان ماضی بن چکے ہیں، فاٹا انضمام کےخلاف وہ کچھ بھی کرلیں فرق نہیں پڑے گا،اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ فاٹا کے عوام کا بھی پاکستان پورا حق ہے۔

    ٍخیال رہے کہ فروری 2015 میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان سونامی ٹری مہم کا آغاز کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ کے پی کے میں جنگلات کو بچانے کے لئے مقامی لوگوں پر مشتمل نگہبان ٹاسک فورس بنائی جائے گی.

    شجرکاری مہم کے دوران حکومتی سرپرستی کے ذریعے مقامی افراد کو نرسریز بنا کر دی جائیں گی جن سے صوبے کے جنگلات میں ایک ارب درخت لگائیں جائیں گے۔

  • فاٹا کے اختیارات گورنرخیبر پختونخوا کے پاس ہونگے, پرویزخٹک

    فاٹا کے اختیارات گورنرخیبر پختونخوا کے پاس ہونگے, پرویزخٹک

    پشاور : وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں فاٹا کے انضمام کا خیر مقدم کرتے ہیں، فاٹا کے لوگ بھی تیار ہیں کہ ہمارا سسٹم وہاں رائج کیا جائے، اختیارات فاٹا سیکریٹریٹ میں نہیں بلکہ سب اختیارات گورنر کے پاس ہونگے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، پرویز خٹک نے کہا کہ فاٹا اصلاحات میں کچھ غلطیاں بھی ہیں اس حوالے سے وزیر اعظم نواز شریف کو خط لکھیں گے، مجھے نہیں معلوم فاٹا سے متعلق مسودہ دیگر جماعتوں نے پڑھا بھی ہے یا نہیں۔

    وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ پنجاب سے شکایات آئی ہیں کہ وہاں کے پختونوں سے ناانصافی ہورہی ہے، ہم کل لاہورجارہے ہیں، پنجاب میں پختونوں کے ساتھ جو سلوک روا رکھا جارہا ہے اس کا جائزہ لیں گے، پنجاب کےحاکم سمجھتے ہیں کہ ہم اس ملک کاحصہ نہیں۔

    انہوں نے سوال کیا کہ اگر پختون پاکستانی ہیں تو صرف ان کو ہی رجسٹرڈ کیوں کیا جارہاہے؟ رجسٹریشن کرنی ہے تو بلاتفریق سب کی ہونی چاہئیے، ہمارے پاس شناختی کارڈ ہے اور یہی ہماری نشانی ہے۔

    ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ کے پی کے کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ جیتنے پر پشاور زلمی کو مبارک باد دیتا ہوں، جمعرات کے روز پشاور زلمی کی ٹیم کو دعوت دی ہے، تقریب میں کھلاڑیوں کو تحائف دیئے جائیں گے۔

  • ملک بھرمیں دہشت گردوں کیخلاف گھیرا تنگ، 40 ہلاک

    ملک بھرمیں دہشت گردوں کیخلاف گھیرا تنگ، 40 ہلاک

    کراچی / خیبر ایجنسی / پشاور : سانحہ سہون شریف کے بعد کراچی سے فاٹا تک قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ا دہشت گردوں کیخلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں چالیس سے زائد دہشت گرد ہلاک کردیئے، کارروائیوں میں اسلحہ، گولہ بارود،افغانی اور عراقی کرنسی برآمد کی گئی۔

    تفصییلات کے مطابق سانحہ سہون شریف کے بعد فاٹا سے کراچی تک فورسز ایکشن میں آگئیں، اہلکاروں نے چند گھنٹوں میں درجنوں دہشت گردوں کو ان کے عبرت ناک انجام تک پہنچا دیا۔ خیبرایجنسی میں ایف سی جوانوں نے افغانستان سے حملہ کرنے والے کئی دہشت گردوں کومارڈالا۔

    آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ حملے میں چیک پوسٹ پر تعینات دواہلکار بھی زخمی ہوئے، ہنگو میں سرحد پار سے چیک پوسٹ پرحملہ کرنے والےچار دہشت گرد فورسز کی کارروائی میں مارے گئے، لوئر دیرمیں بھی فورسز نے چیک پوسٹ پر دھاوا بولنے والےدو شدت پسندوں کو مارگرایا۔

    کرم ایجنسی میں ایک سڑک پربم نصب کرتے ہوئے دو دہشت گرد فورسز کےہاتھوں انجام کو پہنچے، بنوں بکاخیل میں سیکورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے چار دہشت گردمارڈالے۔

    سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے افغانی اور عراقی کرنسی برآمد ہوئی ہے، پشاور کےعلاقے ریگی میں پولیس اور فورسزکی مشترکہ کارروائی میں تین دہشت گردوں کو ٹھکانے لگایا گیا، ڈی آئی خان میں پولیس وین پرحملہ کرکے فرارہونے والےدو دہشت گرد مارے گئے۔

    پولیس وین پر فائرنگ سےچار اہلکاروں سمیت پانچ افرادجاں بحق ہوئے، دوسری جانب سی ٹی ڈی نے سرگودھا میں فیصل آباد روڈ پردو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔

    ہلاک دہشت گردوں سے بارودی مواد اوراسلحہ برآمد ہوا ہے، کوئٹہ کےعلاقے درخشاں میں ایف سی کارروائی میں کالعدم تنظیم کے دودہشت گردہلاک ہوئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔

  • فاٹا عمائدین کا 3 ہزار ارب روپے کے پیکیج کا مطالبہ

    فاٹا عمائدین کا 3 ہزار ارب روپے کے پیکیج کا مطالبہ

    اسلام آباد: فاٹا میں قبائلی عمائدین پر مبنی جرگے نے اصلاحات کے حوالے سے حکومتی کمیٹی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ فاٹا میں مقامی گورنر کی تعیناتی اور 2 سے 3 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا جائے بصورت دیگر وہ تحریک چلائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق فاٹا اصلاحات سے متعلق قبائلی عمائدین کے جرگے کا انعقاد کیا گیا جس میں شرکا نے فاٹا میں اصلاحات سے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

    اعلامیے میں اراکین کا کہنا تھا کہ فاٹا جرگہ حکومتی فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ کو مکمل رد کرتا ہے، رپورٹ میں ہتک آمیز الفاظ پر کمیٹی فاٹا کے عوام سے معافی مانگے، فاٹا میں اصلاحات اور مستقبل کا تعین وہاں کے عوام کی رائے سے ہونا چاہیے۔

    اعلامیے میں حکومت سے پرزور مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا میں تمام اقدام عوام کی رائے سے اٹھائے جائیں، ایف سی آر کے کالے قوانین کو جلد از جلد منسوخ کیا جائے، فاٹا کو انسانی حقوق، جمہوری اصولوں پر مبنی قانون سازی کا موقع دیا جائے،فاٹا میں عوام کی حمایت و تعاون سے پائیدار امن قائم کیا جائے۔

    مطالبہ کیا گیا کہ فاٹا کے لیے فاٹا ہی سے گورنر مقرر کیا جائے، قومی اسمبلی و سینیٹ میں فاٹا خواتین اور اقلیتی نشستیں مختص کی جائیں، فاٹا میں کوئی بھی قانون اسلام کے منافی نہ بنایا جائے، آئی ڈی پیز کو جلد بحال کرکے جانی و مالی نقصانات کا ازالہ کیا جائے۔

    مزید کہا گیا کہ فاٹا کی بحالی و ترقی کے لیے 2 سے 3 ہزار ارب روپے کا پیکیج دیا جائے، سرکاری ملازمتوں میں فاٹا کا کوٹا بڑھایا جائے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مطالبات نہ مانے گئے تو پھرپور تحریک چلائیں گے۔

  • قبائلی متاثرین رواں ماہ گھروں کو چلے جائیں گے، گورنرکے پی کے

    قبائلی متاثرین رواں ماہ گھروں کو چلے جائیں گے، گورنرکے پی کے

    پشاور: خیبر پختونخواکے گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ قبائلی متاثرین کی اپنے گھروں کو واپسی کا عمل رواں سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا جبکہ پارلیمنٹ سے اصلاحاتی سفارشات کی منظوری کے بعد فاٹا کو مرحلہ وار طریقے سے خیبر پختونخوا میں ضم کرنے اور وہاں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا عمل بھی شروع کرلیا جائےگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس پشاور میں منعقدہ خیبر ایجنسی کے نمائندوں کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف فاٹا کو قبائلی عوام کی مرضی اور مشاورت سے قومی دھارے میں لانا چاہتے ہیں، اس مقصد کے لیے پارلیمنٹ کی اصلاحاتی کمیٹی نے تمام ایجنسیوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے ملاقاتیں کیں۔


    پڑھیں: ’’ قبائلی علاقوں کے عوام گھرواپسی پرمشکلات کا شکار ‘‘


    گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ فاٹا سے متعلق موصول ہونے والی آرا اور سفارشات کو پارلیمنٹ میں پیش کیا جاچکا ہے جو زیرغور ہے، انہوں نے کہا کہ بدامنی اور دہشت گردی کے باعث 4 لاکھ 4 ہزار 197 خاندان نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے تاہم آپریشن ضرب عضب کی کامیابی کے بعد متاثرین کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

    اقبال جھگڑا نے کہا کہ فاٹا میں امن و امان کی صورتحال قائم ہونے کے بعد اب تک 4 لاکھ 12 ہزار سے زائد خاندان اپنے گھروں کو واپس جاچکے ہیں جبکہ بقیہ افرادکی واپسی اس ماہ کے آخر تک مکمل کرلی جائے گی۔


    مزید پڑھیں: ’’ قبائلی عوام کی حالت کشمیریوں سے بھی بدتر ہے،مولانا فضل الرحمٰن ‘‘


    اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹا فدا وزیر‘ پرنسپل سیکرٹری برائے گورنر سکندر قیوم اور فاٹا سیکرٹریٹ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے ۔ جرگے کی قیادت سابق وفاقی وزیر مملکت ملک وارث خان آفریدی نے کی‘ جرگے کے شرکاء نے گورنر کو متعلقہ علاقے کے عوام کو درپیش بعض مسائل سے آگاہ کیا اور ان کے حل کیلئے تجاویز پیش کیں۔

  • نئے آرمی چیف کی تقرری، نوازشریف کے لیے ایک اور اعزاز

    نئے آرمی چیف کی تقرری، نوازشریف کے لیے ایک اور اعزاز

    وزیرعظم نواز شریف کو تیسری بار وزیر اعظم کا اعزاز ہونے کے ساتھ یہ اعزاز بھی حاصل ہوگیا ہے کہ وہ ملک کے واحد وزیراعظم ہیں جن کی منظوری سے چھٹے آرمی چیف کی تعیناتی عمل میں آرہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نوازشریف نے سب سے پہلے جنرل آصف نواز جنجوعہ کو 1991 میں جنرل وحید کاکڑ کو 1993، جنرل پرویز مشرف کو 1998 اور جنرل راحیل شریف کو 2013 جبکہ جنرل عاصم قمر باجوہ کو 2016 میں بطور آرمی چیف نامزد کیا ہے۔ جنرل قمر جاوید باجودہ کی بحیثیت نئے آرمی چیف کی تقرری کے بعد میاں محمد نوازشریف کو سب سے زیادہ مرتبہ آرمی چیفس کی تقرری کا اعزاز  حاصل ہوگیا۔


    پڑھیں: ’’ جنرل قمرباجوہ آرمی چیف اورجنرل زبیرحیات چیئرمین جوائنٹ چیفس مقرر ‘‘


    نوازشریف کو تیسری بار وزیر اعظم بننے کے ساتھ ساتھ ایک اور بڑا اعزاز نئے آرمی چیف کی تقرری کا حاصل ہوا اگر 1999 میں نوازشریف کی جانب سے جنرل مشرف کو ضیاء الدین بٹ سے تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کرلی جائے تو یہ چھٹا موقع ہوگا جب نوازشریف کے دستخط سے فوج کا نیا سپہ سالار مقرر کیا گیا۔

    خیال رہے جنرل ضیاء الحق کے بعد آنے والے  8 بشمول نئے آرمی چیف کے وزیر اعظم نے 6 کا انتخاب کیا ہے۔ واضح رہے آرمی چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف کی مدتِ ملازمت رواں ماہ کی 29 تاریخ کو ختم ہورہی ہے، اس ضمن میں وزارتِ دفاع کی جانب سے چار سینئر افسران کی فہرست وزیر اعظم کو ارسال کی گئی تھی۔

    وزارتِ دفاع کی جانب سے بھیجی جانے والی سینیئر  افسران کی فہرست میں چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کا شمار سب سےپہلے سینیئر افسران میں سے ہوتا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر کورکمانڈر ملتان لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم احمد ہیں۔

    سینیراٹی کے لحاظ سے کورکمانڈر بہاولپور لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے کا تیسرا اور جنرل قمر جاوید باجودہ کا چوتھا نمبر ہے۔

  • فاٹا میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا

    فاٹا میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کل سے ہوگا

    باجوڑ : فاٹا میں تین روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز کل 23 نومبر سے ہوگا جس کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات کرلیے گئے ہیں جب کہ محسود بیلٹ میں آئی ڈی پیز کے لیے مہم کا آغاز 28 نومبر سے ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق فاٹا (فیڈرل ایڈمنسٹریٹو ٹرائبل ایریاز) میں 23 نومبر سے 25 نومبر تک تین روزہ انسداد پولیو مہم پولیٹیکل ایجنٹس، کمشنرز، نیم فوجی اور فوجی دستوں کی سرپرستی اور فراہم کردہ سیکیورٹی میں جاری رہے گی جس کے بعد پولیو کے قطرے پینے سے رہ جانے والے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے اور ان کی سرویلنس کا کام جاری رکھا جاۓ گاـ

    ذرائع کے مطابق انسداد پولیو مہم میں فاٹا کے 5 سال سے کم عمر کے 10 لاکھ 22 ہزار 665 بچوں کو پولیو کے قطرے پلوائے جائیں گے جس کے لیے 4146 ٹیمیں پولیو کے قطرے پلوانے کا کام سرانجام دیں گی، جن میں 3753 موبائل، 292 فکسڈ اور 101 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیںـ

    دوسری جانب فاٹا کو دہشت گردوں سے صاف کرنے کے لیے آپریشن ضربِ عضب کے دوران جنوبی وزیرستان ایجنسی کے محسود بیلٹ میں عارضی طور پر بے گھر ہونے والے جو افراد واپس آگئے ہیں ان کے لیے علیحدہ سے انسداد پولیو مہم 28 نومبر 2016 سےشروع کی جائےگی۔

    کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹر فاٹا نے کہا ہے کے”رہ جانے والے بچوں پر توجہ دی جائے گی، کیوں کہ ہر بچے کو ہر بار پولیو قطرے پلوانے سے ہی فاٹا اور پاکستان سے پولیو کے خاتمے کا حصول ممکن ہے”۔

    انہوں نے مزید کہا کہ "مجھے یقین ہےکہ پولیٹیکل انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں، قومی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سےانسداد پولیو مہم اپنے اہداف کوحاصل کرنےمیں کامیاب ہو گی”۔

    کوآرڈی نیٹر ایمرجنسی آپریشن سینٹرفاٹا کا کہنا تھا کہ جنوبی وزیرستان ایجنسی واپس آنے والے بےگھر خاندانوں (آئی ڈی پیز) کے بچوں کو پولیو کےقطرے پلوانے پرخصوصی توجہ دی جائےگی۔

    یاد رہے کہ رواں سال فاٹا سے اب تک صرف دو پولیو کیسز جنوبی وزیرستان ایجنسی سے رپورٹ ہوئے ہیں اور دونوں پولیو کیسز ضرب عضب آپریشن کے نتیجے میں عارضی طور پر بے گھر افراد اور خاندان (ٹی ڈی پیز) کی حالیہ دنوں میں افغانستان سے واپسی کے موقع پر سامنے آئے تھے۔

    رواں سال پاکستان میں کُل پولیو کیسز کی تعداد 18 رہی جو 13 اضلاع سے سامنے آئے (2015 میں پولیو کیسز کی تعداد 49 تھی جو 22 اضلاع سے سامنے آئے)۔

    واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو پروگرام قومی ترجیحات کا حصہ ہے اور اس سال پولیو پروگرام اعلی سطح کی کارکردگی کے ذریعے اپنے ہدف کے حصول کے قریب ہے یہی وجہ ہے پولیوپروگرام سال 2016 کے آخر تک پولیو وائرس کے پھیلاو کو روکنے کی بھر پور کوشش ہو رہی ہیں۔

  • یو ایس ایڈ فاٹا متاثرین کی بحالی کے لئے سرگرم

    یو ایس ایڈ فاٹا متاثرین کی بحالی کے لئے سرگرم

    پشاور: یوایس ایڈ نے آپریشن کے بعد فاٹاکے عوام کی ان کے اپنے علاقوں میں بحالی کے لئے 30 ملین امریکی ڈالرکے دو سالہ منصوبے کا آغازکردیا ہے۔

    یو ایس ایڈ اس سلسلے میں اپنی تین ذیلی ایجنسیوں ، یو این ڈیولپمنٹ فنڈ، فوڈ این ایگری کلچر آرگنائزیشن اور ورلڈ فوڈ پروگرام کو رقوم فراہم کرے گا۔

    یو این ڈی پی کو 10 ملین یو ایس ڈالر فراہم کئے جائیں گے جن کی مدد سے 50 ہزار بچوں اوربچیوں کو بنیادی تعلیم کی سہولیات کی بحالی کی جائے گی۔

    فوڈ اینڈایگری کلچر 50 ہزارخاندانوں کو زراعت اور گلہ بانی کی بحالی میں مدد فراہم کرے گا جبکہ ورلڈ فوڈ پروگرام ڈھائی لاکھ کے لگ بھگ خاندانوں کو خوراک اور مالی امداد فراہم کرے گا۔

    اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی، اقوام متحدہ کے رابطہ کار نیل بوہنے اور یوایس ایڈ مشن ڈائریکٹر جان گرورکے موجود تھے۔

    فاٹا میں جنگ کے نتیجے میں انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے جس کے سبب وہاں کے رہنے والوں کو زندگی کی بنیادی سہولیات کے لئے بھی مدد کی ضرورت ہے۔

  • زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آئندہ تین روز تک موسم سرد اورخشک رہے گا

    زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آئندہ تین روز تک موسم سرد اورخشک رہے گا

    اسلام آباد: محمکہ موسمیات کے مطابق زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں آئندہ 72 گھنٹوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔

    پاکستان میٹرولاجیکل ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخواہ کے ضلع چترال، اپردیر، لوئر دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹ گرام اور مانسہرہ میں آئندہ تین روز تک موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

    محمکہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخواہ سے ملحقہ قبائلی علاقے بشمول باجوڑ، مہمند اورخیبرایجنسیزمیں بھی موسم سرد اور خشک رہے گا۔

    میٹ آفس نے اپنی رپورٹ میں یہ بھی کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے ضلع استور، دیامیر، گلگت، غزرِ، ہنزہ اور نگر میں بھی آئندہ تین روز تک موسم سرد اور خشک رہے گا۔

  • فاٹا کرکٹ ٹیم کو ملی تاریخ ساز کامیابی

    فاٹا کرکٹ ٹیم کو ملی تاریخ ساز کامیابی

    کراچی: پاکستان کے قبائلی علاقے فاٹا کی کرکٹ تیم نے پہلی بار ملکی سطح پر منعقد ہونے والے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قبائلی علاقہ جات سے تعلق رکھنے والی ٹیم کوالیفائنگ راوٗنڈ کے تینوں میچزمیں کامیابی حاصل کرکے اکتوبر26 کو شروع ہونے والی ٹرافی میں اپنی جگہ بنالی ہے۔

    اس موقع پر فاٹا کرکٹ کے صدر نور الحق کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقے کے عوام میں کرکٹ سے دلچسپی کئی گناہ بڑھ جانا یقیناً ملٹری آپریشن کی ایک بڑٰ کامیابی ہے۔

    واضح رہے کہ فاٹا کو محض 2013 میں ریجن کا درجہ ملا ہے اور فاٹا کی ٹیم نے ایبٹ آباد کی ٹیم کو نو وکٹوں سے شکست دی، مشرقی فیصل آباد کی ٹیم کو 10 وکٹوں سے اور کراچی سدرن کی ٹیم کو 81 رنز کی واضح برتری سے شکست دی ہے۔

    پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہریار خان نے بھی قبائلی علاقے کی ٹیم کو ملنے والی اس بڑی کامیابی کو بے پناہ سراہا ہے۔