Tag: FATF

  • فیٹف: امریکا نے بھی پاکستان کی کوششیں تسلیم کر لیں

    فیٹف: امریکا نے بھی پاکستان کی کوششیں تسلیم کر لیں

    واشنگٹن: امریکا نے بھی فیٹف کے سلسلے میں پاکستان کی کوششیں تسلیم کر لی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے باہر آنے پر امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کی کوششوں اور پیش رفت کو تسلیم کرتا ہے۔

    امریکی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ اینٹی منی لانڈرنگ اور کاؤنٹر فنانس ٹیررازم کے خلاف اقدامات جاری رکھنے کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔

    وزارت خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایف اے ٹی ایف اہداف میں کمی کو پورا کیا، اور اس کے بعد ہی وہ گرے لسٹ سے باہر نکلا ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا ہے، یہ پاکستان کے لیے بہت بڑی کامیابی ہے، فیٹف نے کہا پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ اور اینٹی ٹیرر فنانسنگ میں کامیاب اقدامات کیے۔

    فیٹف نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکال دیا

    صدر فیٹف ٹی راجا کمار کا کہنا تھا کہ پاکستان اب مزید گرے لسٹ میں نہیں رہے گا، دہشت گرد تنظیموں تک کرپٹو کرنسی کی رسائی روکنا ہوگی اور اس کی اصلاحات کو مزید مؤثر بنانا ہوگا۔

    واضح رہے کہ فروری 2018 میں پاکستان کو فیٹف کی گرے لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔

  • فیٹف میں پاکستان کے لیے مثبت اعلان، وزیر خارجہ کا خیر مقدم

    فیٹف میں پاکستان کے لیے مثبت اعلان، وزیر خارجہ کا خیر مقدم

    اسلام آباد: وزیر خارجہ بلاول زرداری کا کہنا ہے کہ پاکستان نے 21-2019 کا فیٹف ایکشن پلان بخوبی مکمل کیا، فیٹف ٹاسک فورس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول زرداری نے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) میں پاکستان کے لیے مثبت اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فیٹف میں پاکستان کے اقدامات کو تسلیم کرنا خوش آئند ہے۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 21-2019 کا فیٹف ایکشن پلان بخوبی مکمل کیا، فیٹف ٹاسک فورس کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ فیٹف اقدام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید بڑھے گا، امید ہے ٹاسک فورس کی آمد کے بعد پاکستان گرے لسٹ سے نکل جائے گا۔

    وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ فیٹف کے اہداف پورے کرنے پر تمام ٹیم تعریف کی مستحق ہیں۔

  • پاکستان کا نام گرے لسٹ میں رہے گا یا نہیں ؟ فیصلہ 4 مارچ کو ہوگا

    پاکستان کا نام گرے لسٹ میں رہے گا یا نہیں ؟ فیصلہ 4 مارچ کو ہوگا

    پیرس : فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں برقراررکھنے یا نکالنے سے متعلق فیصلہ 4 مارچ کو کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا اجلاس آج سے پیرس میں شروع ہو گا، اجلاس میں پاکستان سمیت دیگر ممالک کے منی لانڈرنگ اور ٹیررز فنانسنگ سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    اجلاس کے اختتام پر چار مارچ کو میڈیا بریفنگ ہوگی، جس میں پاکستان کو گرے لسٹ میں برقراررکھنے یا نکالنے سے متعلق فیصلے کا اعلان کیا جائے گا۔

    منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان نے ستائیس میں سے چھبیس ایکشن پلان پہلے ہی مکمل کر نے کے ساتھ ساتھ آئی ایم ایف کی اسٹیٹ بینک کی خود مختاری کی شرط بھی پوری کر دی ہے۔

    وزیر خزانہ شوکت ترین پہلے ہی بول چکے ہیں کہ عالمی واچ ڈاگ کے کچھ ارکان ممالک کی طرف سے سیاسی رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں جبکہ ہم نے تمام شرائط پوری کردی ہیں۔

    یاد رہے گذشتہ سال اکتوبر میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو فروری 2022 تک گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

    ایف اے ٹی ایف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے 34 میں سے 30 شرائط پوری کرلیں، پاکستان نے منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اچھے اقدامات کیے ہیں۔

  • ایف اے ٹی ایف، پاکستان کی قسمت کا فیصلہ آئندہ سال ہوگا

    ایف اے ٹی ایف، پاکستان کی قسمت کا فیصلہ آئندہ سال ہوگا

    ایف اے ٹی ایف کا تین روزہ اجلاس آج سے 31 اکتوبر تک پیرس میں ہوگا جس میں پاکستان کی جانب سے ٹیرر فنانسنگ سمیت کارکردگی کا جائزہ پیش کیا جائے گا۔

    پاکستانی اسٹیٹس میں تبدیلی سے متعلق فنانسل ایکشن ٹاسک (ایف اے ٹی ایف) فورس فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں منعقد ہونے والے تین روزہ اجلاس میں اپنی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ پیش کرے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان اسٹیٹس میں تبدیلی کا فیصلہ اپریل 2022 تک کئے جانے کا امکان ہے لیکن اس سے قبل فیٹف پاکستان کے زمینی حقائق اور قانون سازی پر عمل درآمد کا جائزہ لے گا اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنا ہے یا نہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فیٹف کے 27 نکاتی ایکشن پلان پر اب تک 26 پر نکات پر عمل کیا ہے جب کہ اے پی جی کی چالیس میں سے پینتس سفارشات پر بھی عمل کیا ہے۔

  • بھارتی وزیر کا ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کا اعتراف، پاکستان کا سخت ردعمل

    بھارتی وزیر کا ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کا اعتراف، پاکستان کا سخت ردعمل

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر کے ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کا اعتراف نے بھارت کی اصلیت عیاں کردی ہے، ہمیں اپنے عالمی شراکت داروں کی حمایت اور تعاون حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ نے ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کرنے کا اعتراف کرلیا جس پر پاکستان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بھارتی وزیر کے بیان نے بھارت کی اصلیت عیاں کردی ہے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ بیان نے بھارتی منفی کردار پر پاکستان کے مؤقف کو درست ثابت کیا، پاکستان واضح کرتا آیا ہے کہ بھارت ایف اے ٹی ایف کو سیاست کا شکار کر رہا ہے، بھارت سیاست کا شکار کر کے ایف اے ٹی ایف کے کردار کو گھٹا رہا ہے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حالیہ بھارتی بیان بھی ٹیکنیکل فورم کا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ثابت کرتا ہے، پاکستان مخلصانہ اور تعمیری انداز میں ایف اے ٹی ایف سے رابطے میں ہے، بھارت بھونڈے ذرائع سے شک ظاہر کرنے کا طریقہ اختیار کرتا ہے۔

    ترجمان کی جانب سے کہا گیا کہ ماضی میں پاکستان بار بار بھارت کے نقلی کردار کو سامنے لاتا رہا ہے، بھارت کے حالیہ اعتراف کو ایف اے ٹی ایف کے نوٹس میں لایا جائے گا۔

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان صدر ایف اے ٹی ایف کو اپروچ کرنے پر غور کر رہا ہے، بطور شریک چیئرمین جوائنٹ گروپ بھارت کا کردارمشکوک ہوگیا ہے، ہم ایف اے ٹی ایف پر زور دیتے ہیں کہ اس معاملہ کو دیکھے۔ اینٹی منی لانڈرنگ اور سی ایف ٹی پر پیش رفت کو ایف اے ٹی ایف نے تسلیم کیا، ہم اس مومینٹم کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ہمیں اپنے عالمی شراکت داروں کی حمایت اور تعاون حاصل ہے، دھوکے بازی سے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی بھارتی کوشش ناکام رہی ہے، بھارت کی کوشش کو کبھی کامیابی نہیں ملے گی۔

  • فیٹف میں بھارتی چالاکیاں: حماد اظہر کا انڈیا کو کرارا جواب

    فیٹف میں بھارتی چالاکیاں: حماد اظہر کا انڈیا کو کرارا جواب

    اسلام آباد: بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف فیٹف کے سیاسی استعمال کے اعتراف پر وفاقی وزیر پٹرولیم حماد اظہر نے اہم بیان دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر پٹرولیم حماد اظہر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کی وزارت خارجہ نےپاکستان کےمؤقف کی تصدیق کردی ہے، بھارت ایف اے ٹی ایف کا تیکنیکی معاملہ سیاسی بناکر خراب کررہا ہے۔

    حماد اظہر کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف کےحوالےسے ہماری پیشرفت سےانکار نہیں کیاجاسکتا،جلد ہی ہم اپنےدونوں ایکشن پلان مکمل کرلیں گے۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیر خارجہ جے شنکر نے بی جی پی رہنماؤں کے سامنے اعتراف کیا کہ بھارت کی کوشش سے پاکستان فیٹف کی گرے لسٹ میں رہا، ہماری ہی کوششوں سے پاکستان فیٹف کے ریڈار پر آیا۔

    یاد رہے کہ پاکستان نے گرےلسٹ میں برقرار رکھنے پر فیٹف کے سیاسی استعمال کا سوال اٹھایا تھا، وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نےگرے لسٹ میں برقرار رکھنے کے فیٹف کے فیصلے پر سوال اٹھایا تھا کہ یہ سیاسی ہے یا پھر تکنیکی۔

    انہوں نے کہا تھا کہ گرے لسٹ میں رکھنا پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش ہے، فیٹف کو مذ موم مقاصد کے لیے سیاست زدہ کیا جا رہا ہے، ریکارڈ پر ہے فیٹف سے متعلق یہ کئی بار کہہ چکا ہوں۔

    یہ بھی پڑھیں: ‏’’آخری ہدف کے حصول تک پاکستان گرے لسٹ میں رہے گا‘‘

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت فیٹف پلیٹ فارم کو سیاسی طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے، ہم نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، بلاشبہ ان اقدامات میں ہمارا ہی مفاد ہے، لیکن ٹھوس اقدامات کے باوجود ہم پر گرے لسٹ کی تلوار لٹکائے رکھنا درست نہیں ہے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت کی روک تھام کے عالمی ادارے فائنینشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) نے پاکستان کو گرے لسٹ میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

    خیال رہے کہ2018 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل کیا تھا۔

  • فیٹف کی گرے لسٹ پاکستان کو دباؤ میں رکھنے کا ذریعہ ہے، وزیر خارجہ پاکستان کا ردِ عمل

    فیٹف کی گرے لسٹ پاکستان کو دباؤ میں رکھنے کا ذریعہ ہے، وزیر خارجہ پاکستان کا ردِ عمل

    اسلام آباد: پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ گرے لسٹ میں رکھنا پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیٹف کی گرے لسٹ پاکستان کو دباؤ میں رکھنے کا ذریعہ ہے، فیٹف کو سیاسی مقاصد کے لیے سیاست زدہ کیا جا رہا ہے، ریکارڈ پر ہے فیٹف سے متعلق یہ کئی بار کہہ چکا ہوں۔

    شاہ محمود کا کہنا تھا بھارت فیٹف پلیٹ فارم کو سیاسی طور پر استعمال کرنا چاہتا ہے، ہم نے ٹھوس اقدامات اٹھائے ہیں، بلاشبہ ان اقدامات میں ہمارا ہی مفاد ہے، لیکن ٹھوس اقدامات کے باوجود ہم پر گرے لسٹ کی تلوار لٹکائے رکھنا درست نہیں۔

    یاد رہے کہ 23 مئی کو وزیر خزانہ شوکت ترین نے اس امید کا اظہار کیا تھا کہ جون تک پاکستان ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکل جائے گا، زیادہ تر شرائط پوری کر دی ہیں اور اب معاملہ زیادہ تر سیاسی رہ گیا ہے۔

    تاہم گزشتہ روز فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے صدر ڈاکٹر مارکوس پلیئر نے واضح کیا کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ میں برقرار رہے گا، آخری ہدف کے حصول تک پاکستان گرے لسٹ میں رہے گا، انہوں نے کہا پاکستان دہشت گرد تنظیموں کے سینئر کمانڈرز کو سزائیں دینے کے ہدف کو پورا کرے، پاکستان کو فیٹف کے نئے ایکشن پلان پر مکمل عمل کرنا ہوگا اور اپنی انویسٹی گیشن کے طریقہ کار کو بہتر بنانا ہوگا۔

    ’’آخری ہدف کے حصول تک پاکستان گرے لسٹ میں رہے گا‘‘

    وزیر خارجہ نے پروگرام میں کہا کہ ہم نے 14 بل ایسے منظور کیے جو ہمارے ہی مفاد میں تھے، ہم مفادات کو سامنے رکھتے ہوئے فیٹف نکات پر عمل کر رہے ہیں، فیٹف نے ہمارے 26 نکات پر عمل درآمد کی تعریف بھی کی ہے، تاہم اب گرے لسٹ کے ذریعے پاکستان کو دباؤ میں رکھا جا رہا ہے، جو درست نہیں ہے۔

  • پاکستان ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پُر امید

    پاکستان ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پُر امید

    اسلام آباد : پاکستان نےایف اے ٹی ایف کے 26پوائنٹس پر پیش رفت مکمل کرلی ہے ، ایک نکات پر عملدرآمد کےبعد پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پُر امید ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان ایف اے ٹی ایف گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پر امید ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نےایف اے ٹی ایف کے 26پوائنٹس پر پیش رفت مکمل کرلی ہے ، فیٹف ایکشن پلان کےتحت 27پوائنٹس پرعملدرآمدکیلئے کہا گیا تھا۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ پاکستان کوگرے لسٹ سے نکالنے یا برقرار رکھنے کا فیصلہ سیاسی نوعیت کاہو گا، انٹرنیشنل کوآپریشن ریویوگروپ کا ورچوئل اجلاس آج ہو گا، گروپ میں چائنا،یوایس اے،یوکے،فرانس،انڈیاشامل ہیں۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان کی جانب سےعملدرآمدنکات پررپورٹ تیارکی جائے گی اور گروپ کی رپورٹ فیٹف پلینری اجلاس میں پیش کی جائےگی، فیٹف پلینری میٹنگ 21سے 25 جولائی تک ہوگی۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ میٹنگ میں پاکستان سے متعلق سب گروپ کی رپورٹ پیش کی جائے گی ، پاکستان کی جانب سے ایک نکات پر عمل درآمد باقی رہ گیا، عملدرآمد کےبعد پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے پر امید ہے ۔

    خیال رہے گزشتہ میٹنگ تک پاکستان نے 24 نکات پر عملدرآمدکیا تھا ، جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو اپنی گرے لسٹ میں شامل کیا ، اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پاکستان کو اکتوبر 2019 تک وقت دیا گیا، جس میں بعد میں مزید توسیع کر دی گئی تھی۔

  • ایف اے ٹی ایف : پاکستان کے رواں ماہ گرے لسٹ سے نکلنے کی راہیں ہموار

    ایف اے ٹی ایف : پاکستان کے رواں ماہ گرے لسٹ سے نکلنے کی راہیں ہموار

    اسلام آباد: پاکستان کے رواں ماہ گرے لسٹ سے نکلنے کی راہیں ہموار ہونے لگی ، پاکستان نے فیٹف کے تمام 27نکات پر واضح پیش رفت کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان کے نکات پر نمایاں پیش رفت سامنے آئی ، پاکستان کے رواں ماہ گرےلسٹ سے نکلنے کی راہیں ہموار ہوگئی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے فیٹف کے تمام 27نکات پر واضح پیش رفت کرلی، تمام نکات پرپیش رفت سےمتعلق رپورٹ بھجوا دی گئی ہے۔

    اینٹی منی لانڈرنگ اور اینٹی ٹیرر فنانسنگ میں بڑی پیش رفت کی گئی، پاکستان نے ان شعبوں میں قانون سازی مکمل کرلی ہے جبکہ کالعدم تنظیموں کے خلاف قانونی چارہ جوئی بھی کی جا چکی ہے۔

    خیال رہے ایف اے ٹی ایف کاورچوئل پلینری اجلاس22فروری سےشروع ہوگا ، جو 24فروری تک جاری رہے گا۔

    یاد رہے جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو اپنی گرے لسٹ میں شامل کیا ، اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پاکستان کو اکتوبر 2019 تک وقت دیا گیا، جس میں بعد میں مزید چار ماہ توسیع کر دی گئی تھی۔

    واضح رہے ایف اے ٹی ایف کے گرے لسٹ میں جانے کے بعد پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت سے متعلق موجودہ قوانین میں ترامیم کے ساتھ ساتھ بیشتر نمایاں اقدامات اٹھائے ، جن میں کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن اور گرفتاریاں بھی شامل ہیں۔

  • رحمان ملک نے فیٹف صدر کو دوبارہ خط لکھ دیا

    رحمان ملک نے فیٹف صدر کو دوبارہ خط لکھ دیا

    اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ ملک کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے فیٹف کو دوبارہ خط لکھا ہے، پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے فیصلے کے لیے غیر جانب دارانہ جائزے کی ضرورت ہے۔

    آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ فیٹف کے حوالے سے پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر لابنگ کی گئی، جس کی وجہ سے فیٹف تاحال پاکستان سے ڈو مور کا تقاضا کر رہا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے فیصلے کے لیے غیر جانب دارانہ جائزے کی ضرورت ہے، پاکستان کو بغیر ثبوت منی لانڈرنگ کے لیے مورد الزام ٹھہرایا گیا، آج ایک بار پھر صدر ایف اے ٹی ایف کو خط لکھا ہے کہ پاکستان کا نام گرے لسٹ سے نکال دیا جائے۔

    سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا فیٹف کو پاکستان کے خلاف امریکی شکایت نامناسب تھی، پاکستان نے امریکا کی خاطر دہشت گردی کے خلاف طویل جنگ لڑی، جس میں پاکستان کو بھاری نقصان اٹھانا پڑا، امریکا کو چاہیے کہ اب پاکستان کے خلاف ایف اے ٹی ایف میں درج کردہ اپنی شکایت واپس لے۔

    انھوں نے کہا ڈس انفو لیب نے واضح کیا کہ بھارت نے جعلی، بے بنیاد اور زہریلی پروپیگنڈے کے ذریعے پاکستان کو بدنام کیا، ڈس انفولیب کی انکشافات کے بعد ایف اے ٹی ایف پاکستان کے خلاف کارروائی برخاست کرے، اب گرے لسٹ میں نام رکھنے کا کوئی جواز نہیں، ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں ہونے کی وجہ سے پاکستانیوں کی زندگیوں پر منفی اثر پڑ رہا ہے، اور ہماری معیشت مستقل خطرے میں پڑی ہوئی ہے۔

    رحمان ملک نے پریس کانفرنس میں کہا دہشت گردی کے خلاف جنگ کا سب سے زیادہ فائدہ بھارت نے اٹھایا، بھارت اور داعش خطے اور چین کے خلاف کام کر رہے ہیں، عالمی رپورٹس کے مطابق داعش کو بھارت معاونت فراہم کر رہا ہے، داعش کے ذریعے پاکستان میں بھی دہشت گردی کرائی جا رہی ہے۔

    چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے مزید کہا کہ بھارت کے خلاف ٹھوس ثبوت کے باوجود ایف اے ٹی ایف کوئی ایکشن نہیں لے رہا۔