Tag: father

  • ہوشربا مہنگائی میں غریب باپ چار بچے کیسے پال رہا ہے؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو رپورٹ

    ہوشربا مہنگائی میں غریب باپ چار بچے کیسے پال رہا ہے؟ دل دہلا دینے والی ویڈیو رپورٹ

    مہنگائی کے اس پُرفتن دور میں غریب باپ اپنے بچوں کی تعلیم کے اخراجات اور گھر کا خرچ پورا کرنے کیلیے سر  توڑ کوششیں کرتا ہے تب بھی اس کا گزارا مشکل سے ہو پاتا ہے۔

    ایسی بہت سی مثالیں ہمارے درمیان موجود ہوتی ہیں جن کا مشاہدہ ہمیں اکثر ہوتا رہتا ہے، ایسے ہی کراچی کے ایک غریب محنت کش صداقت بھی ہیں جو ہاتھ کی کڑھائی کا کام کرتے ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز  نے اس محنتی کاریگر سے اس کی روز مرہ کی زندگی اور محدود آمدنی میں گزارا کرنے کے حوالے سے خصوصی گفتگو کی جسے سننے والے افسوس کیے بغیر نہ رہ سکے۔

    صداقت نے بتایا کہ میرے چار بچے ہیں جو سرکاری اسکول میں تعلیم حاصل کررہے ہیں، جبکہ میری ماہانہ آمدنی 35 ہزار تک ہے اس دوران کبھی کام نہیں بھی ہوتا تو وہ بھی متاثر ہوتی ہے۔

    اس کاریگر کا کہنا تھا کہ 20 ہزار روپے میرے گھر کا بنیادی خرچ ہے اور 15 ہزار روپے گھر کا کرایہ ادا کرتا ہوں باقی اخراجات پورے کرنے کیلیے مجھے اوور ٹائم کرنا پڑتا ہے تب کہیں جاکر بڑی مشکل سے مہینہ گزرتا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ایسے اقدامات کرے کہ جس سے مہنگائی کنٹرول میں آئے اور ہم جیسے لوگوں کا محدود آمدنی میں مناسب طریقے سے گزارا ہوسکے۔

  • افطاری خرید کر گھر لوٹنے والے باپ بیٹا حادثے میں جاں بحق

    افطاری خرید کر گھر لوٹنے والے باپ بیٹا حادثے میں جاں بحق

    بھارت کے تلنگا نہ کریم نگر میں ایک انتہائی دلخراش واقعہ رونما ہوا، افطاری کی خریداری کے بعد گھر واپس لوٹنے والے باپ بیٹا ٹریفک حادثے میں اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے باپ اور بیٹے کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔

    رپورٹس کے مطابق شنکراپٹنم منڈل کے مکتا گاؤں کے رہنے والے 37 سالہ شیخ عظیم اور ان کا بیٹا 12 سالہ رحمان جمعہ کے روز افطاری کے لیے ضروری سامان خریدنے کے لئے گئے تھے۔

    خریداری کے بعد جب وہ گھر کے لئے واپس جانے لگے تو راستے میں ایک تیز رفتار ٹرک نے ان کی موٹر سائیکل کو زوردار ٹکر ماردی۔ حادثے میں دونوں باپ بیٹا موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

    ریسکیو حکام نے دونوں کی لاشوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا، جبکہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حادثے کے حوالے سے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    اس سے قبل بولیویا میں 2مسافر بسوں میں ہونے والے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 37 افراد ہلاک ہوگئے، حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بولیویا میں مسافر بسوں میں خوفناک تصادم کا واقعہ پیش آیا ہے، حادثے میں 37 افراد ہلاک اور 30زخمی ہوگئے۔

    یہ حادثہ ہفتے کی صبح جنوب مغربی شہر اویونی سے تقریباً 5 کلومیٹر کے فاصلے پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق ایک بس ڈرائیور کو تشویشناک حالت کے باعث انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے جبکہ دوسرے کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔

    مقامی حکام نے بتایا کہ اویونی اورکولچانی شہروں کے درمیان تیز رفتاری کے باعث بسیں آپس میں ٹکرا گئیں۔ حادثے کی شکار ایک بس کے مسافر پوٹوسی شہر میں کارنیول میں شرکت کے لیے جارہے تھے۔

    چنیوٹ : بس اور مسافر ویگن میں ہولناک تصادم ، 7 افراد جاں بحق ،10 شدید زخمی

    ایک رپورٹ کے مطابق بولیویا میں ٹریفک حادثات میں سالانہ تقریباً 1400 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں اور ہزاروں کی تعداد میں افراد زخمی بھی ہوجاتے ہیں۔

  • اذان خان کی اپنے والد کو شادی کی سالگرہ پر مبارکباد، خصوصی اسٹوری وائرل

    اذان خان کی اپنے والد کو شادی کی سالگرہ پر مبارکباد، خصوصی اسٹوری وائرل

    پاکستان کے معروف اداکار و گلوکار اذان سمیع خان نے اپنے والد، عدنان سمیع خان کو شادی کی سالگرہ پر مبارکباد دی ہے۔

    اداکار و گلوکار اذان سمیع خان نے فوٹو اینڈ شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے والد، بھارت کے نامور گلوکار و موسیقار عدنان سمیع خان کے لیے ایک خصوصی اسٹوری شیئر کی ہے۔

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Galaxy Lollywood (@galaxylollywood)

    اذان خان نے والد اور ان کی تیسری اہلیہ رویا فریابی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں شادی کی سالگرہ کی مبارک باد دی ہے۔

    اداکار نے اسٹوری میں والد اور ان کی اہلیہ کو ٹیگ کرتے ہوئے پیغام میں لکھا ہے کہ ’ہیپی اینی ورسَری، آپ کو محبتوں اور برکتوں سے بھرے بہت سے ناقابلِ یقین سال ملیں، ان شاء اللّٰہ، بہت ساری محبتیں۔‘

     

    View this post on Instagram

     

    A post shared by Azaan Sami Khan (@azaanskhn)

    واضح رہے کہ اداکار اذان سمیع خان عدنان سمیع اور پاکستانی سینئر اداکارہ زیبا بختیار کے بیٹے ہیں، عدنان سمیع اور زیبا بختیار کی شادی 1993 میں ہوئی تھی تاہم 1997 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔

    عدنان سمیع نے اس کے بعد دوسری شادی کی جو کہ وہ بھی کچھ عرصے چلنے کے بعد ختم ہوگئی بعد ازاں عدنان سمیع خان نے تیسری شادی رویا فریابی سے 2010 میں کی تھی، ان کی ایک بیٹی بھی ہے۔

  • معین اختر کو 35 سال کی عمر میں والد سے مار کیوں پڑی تھی؟

    معین اختر کو 35 سال کی عمر میں والد سے مار کیوں پڑی تھی؟

    پاکستانی فلم انڈسٹری سے وابستہ اور رائٹر ناصر ادیب نے بتایا کہ معین اختر کو 35 سال کی عمر میں ان کے والد سے مار پڑی تھی۔

    پاکستانی لیجنڈری اداکار معین اختر کے مداح صرف پاکستان میں ہی نہیں ہیں بلکہ بھارت میں بھی انہیں بے حد پسند کیا جاتا ہے، حال ہی میں اسکرین رائٹر ناصر ادیب نے نجی چینل کی پوڈ کاسٹ میں شرکت کی اور مختلف امور پر بات چیت کی۔

    ناصر ادیب نے دورانِ انٹرویو ماضی کی یادیں تازہ کیں اور معین اختر کا دلچسپ قصہ سنایا کہ کس طرح انہیں اپنے کام کی وجہ سے اپنے والد سے مار پڑی تھی۔

    انہوں نے بتایا کہ معین اختر کا تعلق بھی ایک معمولی سی فیملی سے تھا، کسی بڑے گھرانے سے ان کا تعلق نہیں تھا لیکن ان کے والد پڑھے لکھے تھے، ان کے 3 بیٹے اور 2 بیٹیاں ہیں۔

    ناصر ادیب نے بتایا کہ میں نے معین اختر کو پہلی بار تھیٹر میں دیکھا، انہوں نے تھری پیس سوٹ اور ٹائی لگا رکھی تھی، اس دن ایک بات سمجھ آئی کہ اس سوٹ کی وجہ یہ تھی کہ لوگ یہ نہ سمجھیں کہ یہ ہسانے والا آوارہ ہے۔

    ناصر ادیب نے کہا کہ جب وہ مشہور ہوئے تو ایک دن ان کے والد نے بلا کر ان کی پٹائی کردی اور کہا کہ میں نے تمھیں اس  لیے پڑھایا لکھایا کہ تم لوگوں کو ہسانے کا کام کرو۔

    انہوں نے مزید بتایا کہ معین اختر خان نے اس دن خاموشی سے مار کھا لی، کیوں کہ جو بڑے آدمی ہوتے ہیں ان میں برداشت بہت ہوتی ہے، انہوں نے بھی آرام سے مار کھالیا۔

    رائٹر ناصر ادیب نے معین اختر کا ایک اور دلچسپ قصہ سنایا کہ کس طرح انہوں نے 2 بھارتی لیجنڈری اداکاروں دلیپ کمار اور راج کمار کے درمیان صلح کروائی، انہوں نے بتایا ہے کہ معین اختر نبض شناس انسان تھے، بھارت میں دلیپ کمار اور راج کمار کی صلح کروانے کے لیے معین کو بلایا گیا۔

  • ملائکہ اروڑا کے والد کی بیٹیوں سے آخری فون کال پر ہونے والی گفتگو سامنے آ گئی

    ملائکہ اروڑا کے والد کی بیٹیوں سے آخری فون کال پر ہونے والی گفتگو سامنے آ گئی

    بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ملائکہ اروڑا کے والد انیل کلدیپ مہتا کی مبینہ خودکشی کے بعد ان کی اپنی دونوں بیٹیوں سے آخری فون کال پر ہونے والی گفتگو سامنے آ گئی۔

    گزشتہ روز صبح ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپارٹمنٹ کی چھٹی منزل پر رہائش پزیر ملائکہ اروڑا کے والد انیل کلدیپ مہتا نے مبینہ طور پر چھٹی منزل سے چھلانگ لگا کر خودکشی کر لی۔

    65 سالہ انیل کلدیپ مہتا کی موت کے بعد سے مسلسل تفصیلات سامنے آرہی ہیں، پولیس کے مطابق اس واقعے کی اصل وجہ کا ابتک پتہ نہیں چلا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں۔

    دوسری جانب بھارتی میڈیا کے مطابق انکے والد نے خودکشی نہیں کی یہ ایک حادثہ تھا، انھیں کوئی بیماری بھی نہیں تھی۔

    تاہم اب بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق انیل مہتا نے آخری مرتبہ چھلانگ لگانے سے قبل اپنی دونوں بیٹیوں کو فون کال کی تھی، انہوں نے بیٹیوں کو فون کال کر کے واپس بلایا اور کہا کہ میں بیمار ہوں اور بہت تھک گیا ہوں۔

    دوسری جانب ملائکہ اروڑا کی والدہ اور اینل کی اہلیہ جوائس پولی کا بیان پولیس نے ریکارڈ کرلیا ہے، انہوں نے کہا کہ جب یہ واقعہ پیش آیا تو میں گھر میں تھیں، بدھ کی صبح 9 بجے کے قریب غیر متوقع طور پر کمرے میں اپنے شوہر کی چپل دیکھی تو انہیں گھر میں ہی ڈھونڈنا شروع کر دیا۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ جب شوہر گھر میں نہیں ملے تو انہوں نے بالکونی سے باہر دیکھا تو اپارٹمنٹ میں ہنگامہ آرائی اور شور شرابا ہوتا دکھائی دیا، ایک سیکیورٹی گارڈ مدد کے لیے چیخ رہا تھا تو احساس ہوا کہ کچھ گڑبڑ ہے۔

    واضح رہے کہ جس وقت انیل مہتا کی موت واقع ہوئی اس وقت ملائکہ اڑورا شہر میں نہیں تھیں، بلکہ وہ کام کے سلسلے میں پونے میں تھیں۔

  • اداکار اسد صدیقی کے والد انتقال کرگئے

    اداکار اسد صدیقی کے والد انتقال کرگئے

    پاکستانی اداکار اسد صدیقی کے والد کے انتقال کرگئے، انہوں نے یہ افسوس ناک خبر شیئر کرتے ہوئے اپنے والد کے نام جذباتی پیغام جاری کیا ہے۔

    اداکار اسد صدیقی نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  اپنا غم بتاتے ہوئے اپنے والد کے دنیائے فانی سے کوچ کرجانے کی اطلاع دی ہے۔

     اسد نے انسٹاگرام پر اسٹوری پر لکھا کہ گزشتہ رات میں نے اپنی چھت، طاقت، ہمت اور ہر وہ چیز جو میری تھی کھودی، میں نے اس خاندان کی سب سے مضبوط شخصیت، خاندان کے ستون، اپنے ابّو کو کھودیا۔

    اسد صدیقی نے لکھا کہ ’ یہ بات گہرے صدمے اور غم میں ڈوبے ہوئے دل کے ساتھ بتا رہا ہوں کہ میرے پیارے والد دنیائے فانی سے کوچ کر گئے ہیں، ان کی دنیا سے رخصتی ہماری زندگیوں میں کبھی نہ پُر ہونے والی خلا چھوڑ گئی ہے‘۔

    اداکارہ نے کہا کہ ابو ہمارے لیے حوصلے، سمجھداری اور بے انتہا محبت کا گھر تھے، ان کی موجودگی سے ہم سب کی زندگیوں میں روشنی تھی اور ان کے جانے سے سب کچھ بے رونق ہوگیا ہے۔

    اداکار نے اپنے والد کے لیے مزید لکھا کہ ’وہ 85 سال کی عمر میں وراثت میں ایک ایسی شخصیت کا نمونہ ہم سب کے لیے چھوڑ کر گئے ہیں جس سے ہم ہمیشہ متاثر ہوتے رہیں گے، میری فیملی کو اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں‘۔

    واضح رہے کہ اسد صدیقی اداکار عدنان صدیقی کے بھانجے ہیں جبکہ انہوں نے اداکارہ زارا نور عباس سے دوسری شادی کی ہے۔

  • والد 7 سال سے لاپتہ ہیں: معروف ماڈل کا انکشاف

    والد 7 سال سے لاپتہ ہیں: معروف ماڈل کا انکشاف

    معروف پاکستانی ماڈل مشک کلیم نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کو 2013 میں اغوا کرلیا گیا تھا اور وہ تاحال لاپتہ ہیں، مشک نے یہ انکشاف 2 سال قبل ایک انٹرویو میں کیا تھا۔

    معروف ماڈل مشک کلیم کا سنہ 2020 میں عفت عمر کو دیا گیا ایک انٹرویو وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے والد کو 2013 میں اغوا کیا گیا تھا اور 7 سال گزر جانے کے باوجود وہ تاحال لاپتہ ہیں، ان کا کوئی سراغ نہیں مل رہا۔

    ماڈل نے بتایا کہ ان کے والد کو افریقی ملک نائیجیریا سے 2013 میں اغوا کیا گیا تھا اور 2020 تک ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا تھا۔

    انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کے والد کو کس نے اغوا کیا اور ان کے اہل خانہ وہاں کیا کرنے گئے تھے یا ان کا نائیجیریا سے کیا تعلق ہے؟

    تاہم انہوں نے بتایا کہ جب والد کو اغوا کیا گیا تو وہ 18 برس جبکہ ان کے بڑے بھائی 19 برس کے تھے اور ان کی والدہ نے تن تنہا 4 بچوں کی پرورش کی اور انہیں اچھی تعلیم دلوائی۔

    انہوں نے بتایا کہ 7 سال گزر جانے کے باوجود ان کے والد سے متعلق کوئی سراغ نہیں لگ سکا۔

    ماڈل نے مزید بتایا کہ انہوں نے ہی میلان فیشن شو میں کیٹ واک کر کے عالمی سطح پر پہلی بار پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

    مشک کلیم کے مطابق ان سے قبل کسی بھی پاکستانی ماڈل کو کسی بھی عالمی فیشن شو میں شرکت کے لیے نہیں بلایا گیا تھا اور انہوں نے میلان فیشن شو میں کیٹ واک کرکے پہلی پاکستانی ماڈل کے طور پر ڈیبیو کیا تھا۔

  • باپ نے کمسن بیٹیوں کو ڈنڈوں کے وار سے قتل کردیا، لاشیں گھر میں دفنا دیں

    باپ نے کمسن بیٹیوں کو ڈنڈوں کے وار سے قتل کردیا، لاشیں گھر میں دفنا دیں

    اومان: اردن میں ایک شخص نے اپنی 2 بچیوں کو ڈنڈے برسا کر ہلاک کر دیا اور لاشیں گھر میں ہی دفن کردیں، دلخراش واقعے نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اردنی حکام کا کہنا ہے کہ عرب خاتون نے اردنی محکمہ امن عامہ میں شکایت درج کروائی تھی کہ اسے شمالی اردن کے صوبے اربد میں اپنے باپ کے ساتھ رہنے والے چار بچوں کی زندگی خطرے میں نظر آرہی ہے، باپ ذہنی مریض بھی ہے۔

    محکمہ امن عامہ کے ترجمان کرنل عامر السرطاوی کا کہنا ہے کہ شکایت ملنے پر اردنی شہری کو حراست میں لے کر بچوں کو تلاش کیا گیا، پتہ چلا کہ 4 بچوں میں سے صرف 2 گھر میں موجود ہیں، دونوں کا بیان ریکارڈ کیا گیا جس میں انہوں نے ہولناک انکشاف کیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ان کے والد انہیں مسلسل مار پیٹ کا نشانہ بناتے رہے، گزشتہ دنوں ان کے والد نے 2 بہنوں جن کی عمریں 9 اور 12 سال تھیں، انہیں ڈنڈے سے مار مار کر ہلاک کر دیا اور گھر کے صحن میں دفنا دیا تھا۔

    بعد ازاں اردنی شہری نے پوچھ گچھ کے دوران اقرار کیا کہ اس نے 10 روز پہلے ایک بچی کو ڈنڈے سے مار کر ہلاک کر کے گھر کے صحن میں دفن کیا کردیا، اس کے چند روز بعد دوسری بیٹی کو ڈنڈے مار کر ہلاک کیا اور لاش گھر کے قریب ایک گڑھے میں پھینک دی تھی۔

    محکمہ امن عامہ کے ترجمان نے بتایا کہ دونوں بچیوں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دی گئی ہیں جبکہ زندہ بچنے والے 2 بچوں کو طبی معائنے کے لیے اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے، ان کی ذہنی حالت بہت زیادہ خراب تھی۔

    بچیوں کے لرزہ خیز قتل کے بعد پورا ملک غم و غصے کی کیفیت میں ہے۔

  • سدھو موسے والا پر 8 بار حملہ کیا گیا: والد کا انکشاف

    سدھو موسے والا پر 8 بار حملہ کیا گیا: والد کا انکشاف

    آنجہانی بھارتی گلوکار سدھو موسے والا کے والد نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے بیٹے پر 8 بار قاتلانہ حملوں کی کوشش کی گئی جس میں موسے والا بال بال بچے۔

    بھارتی میڈیا کے مطابق سدھو موسے والا کے والد بلکور سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ سدھو پر اس سے قبل 8 بار حملے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ اپریل میں پنجاب اسمبلی کے الیکشن کے دوران بھی 60 سے 80 افراد کی جانب سے حملے کی کوشش کی گئی۔

    بلکور سنگھ نے عام آدمی پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے ہر ممکن کوشش کی گئی کہ سدھو سے سیکیورٹی واپس لے لی جائے۔

    یاد رہے کہ سدھو کے قتل میں لارنس بشنوئی گینگ بھی شامل ہے جس نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

    گلوکار سدھو موسے والا کو 29 مئی کی شام نامعلوم افراد نے ان کے آبائی علاقہ ضلع مانسہ میں فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، گلوکار کو 30 گولیاں ماری گئی تھی اور ان کے جسم سے 2 درجن سے زائد گولیاں نکالی گئیں۔

    جون میں پونے پولیس نے موسے والا قتل کیس میں نامزد شوٹر 23 سالہ سنتوش جادھو کو گرفتار کیا تھا۔

    2 روز قبل پولیس نے لارنس بشنوئی ۔ گولڈی برار گینگ سے تعلق رکھنے والے 2 انتہائی مطلوب ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا ہے، جن کی شناخت انکت سرسا اور سچن بھیوانی کے نام سے ہوئی ہے۔

  • 2 سالہ بچے کا بندوق سے کھیل، والد کو گولی مار دی

    2 سالہ بچے کا بندوق سے کھیل، والد کو گولی مار دی

    امریکا میں ایک 2 سالہ بچے نے بندوق سے کھیلتے ہوئے اپنے والد کو گولی مار دی، پولیس نے والدہ کو گرفتار کرلیا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق ریاست فلوریڈا میں 2 سالہ بچے نے غلطی سے اپنے والد کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، بچے کے والدین نے بندوق محفوظ جگہ پر رکھنے کے بجائے لاپرواہی سے گھر میں رکھی ہوئی تھی۔

    26 مئی کو جب پولیس حکام 911 پر کال موصول ہونے کے بعد آرلینڈو کے قریب واقع گھر میں داخل ہوئے تو انہوں نے دیکھا کہ بچے کی والدہ میری آیالا اپنے شوہر ریگی میبری کو سی پی آر دے رہی تھیں۔

    اورنج کاؤنٹی کے شیرف جان مینا نے نیوز کانفرنس میں بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ابتدائی طور پر خیال تھا کہ 26 سالہ نوجوان جو اسپتال پہنچتے ہی کچھ دیر بعد دم توڑ گیا، نے خود کو گولی مار لی تھی۔

    انہوں نے کہا کہ اس کے بڑے بیٹے نے تفتیش کاروں کو بعد میں بتایا کہ اس کے دو سالہ بھائی سے غلطی سے بندوق چل گئی تھی۔

    عدالتی دستاویزات میں کہا گیا کہ بندوق ایک بیگ میں تھی جسے ریگی میبری نے زمین پر چھوڑ دیا تھا، بچہ اس بیگ کے پاس آیا اور اس نے اپنے والد کو اس وقت پیٹھ میں گولی مار دی جب وہ کمپیوٹر پر ویڈیو گیم کھیل رہے تھے۔

    شیرف نے بتایا کہ دونوں والدین بچوں کو نظرانداز کرنے اور منشیات کے استعمال کے متعدد جرائم کے بعد پے رول پر تھے۔

    جان مینا کا کہنا ہے کہ بندوق کے مالک جو اپنے آتشیں اسلحے کو صحیح طریقے سے محفوظ نہیں رکھتے، وہ اپنے گھروں میں ہونے والے ان واقعات سے صرف ایک سیکنڈ کے فاصلے پر ہیں۔

    شیرف نے مزید کہا کہ اب ان چھوٹے بچوں نے اپنے والدین کو کھو دیا ہے، ان کے والد ہلاک ہو چکے ہیں، والدہ جیل میں ہیں۔ ایک چھوٹے بچے کو اپنی زندگی اس صدمے کے ساتھ
    گزارنی ہے کہ اس نے اپنے والد کو گولی ماری۔

    امریکا میں ایسے واقعات کوئی غیر معمولی بات نہیں، اگست 2021 میں ایک اور 2 سالہ بچے کو بیگ میں ایک بندوق ملی تھی اور اس نے اپنی والدہ کے سر میں اس وقت گولی ماری جب وہ ایک ویڈیو کانفرنس میں مصروف تھیں۔