Tag: Father and son arrested

  • مہندی کی تقریب میں بیل کا ڈانس : دولہا اور اس کا باپ گرفتار

    مہندی کی تقریب میں بیل کا ڈانس : دولہا اور اس کا باپ گرفتار

    ممبئی : بھارت میں نوجوان کی مہندی کی تقریب میں بیل کو نچانا مہنگا پڑگیا، پولیس نے دولہا اور اس کے اہل خانہ کو پکڑ کر بند کردیا۔

    بھارت میں کورونا وائرس کی صورتحال بدتر سے بدترین ہوتی جارہی ہے لیکن عوام احتیاطی تدابیر کو خاطر میں نہیں لارہے، تقریبات میں لوگوں کا ہلا گلا اور موج مستیاں رکنے کا نام نہیں لے رہیں۔

    مہاراشٹر کے شہروں ممبئی ، کلیان ، تھانے اور ڈومبیولی میں کورونا وائرس نے اتنی تباہی مچا رکھی ہے کہ مریضوں کو بیڈ یا آکسیجن دستیاب نہیں ہوپا رہا ہے اس کے باوجود لوگ موج مستی کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

    کلیان شہر کے قریب چیچا پاڑا نامی ایک گاؤں میں پرکاش مہاترے کا خاندان مقیم ہے گزشتہ روز ان کے بیٹے ویبھو مہاترے کی شادی کے سلسلے میں مہندی کا پروگرام جاری تھا جس میں خوب ہلا گلا کیا گیا۔

    اس موقع پر عزیز و اقارب اور محلہ دار کافی تعداد میں شریک تھے، کچھ لوگ اس خوشی کے موقع پر ایک بیل کو لے آئے اور مہمانوں کو بیل کا ڈانس دکھایا۔

    اس پورے پروگرام میں30 سے35 افراد موجود تھے لیکن حکومتی احکامات کے باوجود کسی نے بھی ماسک نہیں پہنا تھا اور نہ ہی سماجی فاصلہ پر عمل کیا گیا تھا۔

    کسی شخص نے اس پروگرام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی، جب ویڈیو وائرل ہوئی تو سارا معاملہ منظر عام پر آگیا۔ پولیس حکام نے اس کا فوری نوٹس لے لیا۔

    مقامی پولیس نے اس پورے معاملہ میں شکایت درج کی اور مختلف دفعات کے تحت دولہا ویبھو مہاترے اور اس کے والد پرکاش مہاترے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔

  • کراچی : 8 سال کا موٹر سائیکل چور بچہ باپ کے ساتھ گرفتار

    کراچی : 8 سال کا موٹر سائیکل چور بچہ باپ کے ساتھ گرفتار

    کراچی : پولیس نے موٹر سائیکل چوری کرنے کے جرم میں ملوث8سالہ کمسن بچے اور اس کے باپ کو گرفتار کرلیا، ملزم واردات کیلئے بچے کو ساتھ لے کر جاتا تھا۔

    کراچی کے علاقے سعید آباد میں علاقہ مکینوں نے موٹرسائیکل چوری کرنے والے باپ بیٹے کو پکڑلیا اور تشدد کے بعد پولیس کے حوالے کردیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام نے اے آر وائی نیوز کو بتایا کہ8سال کا کمسن بچہ باپ کے ساتھ بائیک چوری کی متعدد وارداتیں کرچکا ہے، ملزم اس سے قبل بھی بائیک چوری کرنے کیلئے اپنے بیٹے کو ساتھ لے کر جاتا تھا۔

    بچے نے پولیس کو بیان دیا کہ یہاں سے ایک بائیک چوری کرکے لے جارہے تھے کہ لوگوں نے پکڑ لیا، بچے کے باپ نے اپنے بیان میں کہا کہ بیٹے کو موٹرسائیکل پر بیٹھا دیکھ کر پولیس اہلکار روکتے نہیں تھے۔

    پولیس کے مطابق ملزم اب تک 30سے زائد موٹرسائیکلیں چوری کرچکا ہے، ملزم چوری کرنے سے پہلے بیٹے کو موٹرسائیکل پربٹھا دیتا تھا، ملزم نعیم کے قبضے سے30موٹرسائیکلوں کے پرزے برآمد کرلئے گئے۔