Tag: father

  • فاسٹ اینڈ فیوریس 9: ون ڈیزل کا 10 سالہ بیٹا بھی کاسٹ میں شامل

    فاسٹ اینڈ فیوریس 9: ون ڈیزل کا 10 سالہ بیٹا بھی کاسٹ میں شامل

    مقبول ترین ایکشن فلم فرنچائز فاسٹ اینڈ فیوریس کے نویں حصے میں ون ڈیزل کے بیٹے بھی اداکاری کرتے دکھائی دیں گے، ون ڈیزل فلم کے مرکزی کرداروں میں سے ایک ہیں۔

    ون ڈیزل کے بیٹے والد کے ساتھ فلم میں اداکاری کرتے ہوئے اپنا ڈیبیو کریں گے۔

    10 سالہ ونسنٹ کے کنٹریکٹ میں سامنے آنے والی تفصیلات کے مطابق ونسنٹ کو ایک ہزار 5 ڈالر فی دن معاوضہ بھی دیا گیا، فلم میں انہیں کتنا ٹائم اسکرین پر دکھایا جائے گا اس کی تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

    فاسٹ اینڈ فیوریس 9 کی ریلیز کرونا وائرس کی وجہ سے کئی بار ملتوی کی جا چکی ہے اور اب اس کی ریلیز کی حتمی تاریخ 25 جون پیش کی گئی ہے۔

  • باپ نے کمسن بچیوں کو بے دردی سے ذبح کردیا

    باپ نے کمسن بچیوں کو بے دردی سے ذبح کردیا

    اردن میں سفاک باپ نے اپنی کمسن بچیوں کو چھریوں کے وار کر کے بہیمانہ طریقے سے قتل کردیا، پولیس تاحال ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔

    مقامی میڈیا کے مطابق ملزم اس سے قبل ہی منشیات اسمگلنگ کے جرم میں ملوث تھا جبکہ اس کے خلاف گھریلو تشدد کی شکایات بھی درج کروائی جاچکی تھیں۔

    واقعے کے روز وہ علیٰ الصبح اٹھا اور اپنی 2 اور 3 سالہ بیٹیوں کی گردنوں پر چھری پھیر کر انہیں ذبح کردیا۔

    اتفاقاً اسی روز ملزم کا بھائی اس سے ملنے پہنچا تو اس نے دروازے پر خون کے دھبے دیکھے، دروازہ چوپٹ کھلا ہوا تھا اور اندر جانے پر اس نے معصوم بچیوں کی لاشیں دریافت کیں۔

    چچا نے روتے ہوئے پولیس کو کہا کہ انہیں بکریوں کی طرح ذبح کیا گیا تھا۔ مقامی پولیس ملزم کی تلاش میں چھاپے مار رہی ہے۔

    اردن کے پبلک سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق اردن میں گزشتہ 5 برس میں گھریلو تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کی ایک بڑی وجہ ابتر معاشی حالات ہیں۔

    سنہ 2018 میں اردن میں گھریلو تشدد کے 24 ہزار جبکہ سنہ 2019 میں 26 ہزار واقعات رپورٹ کیے گئے تھے۔

  • گھر پر اکیلی موجود شیر خوار بچی ہلاک

    گھر پر اکیلی موجود شیر خوار بچی ہلاک

    امریکا میں ایک کم عمر بچی اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئی جسے اس کا باپ کام پر جاتے ہوئے اکیلا گھر پر چھوڑ گیا تھا۔

    امریکی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست فلوریڈا میں پیش آیا، 22 سالہ ولنر مالی مشکلات کا شکار تھا اور گھر کا کرایہ ادا کرنے کے حوالے سے سخت پریشان تھا۔

    پولیس رپورٹ کے مطابق 4 بجے اسے اپنے دفتر سے کال موصول ہوئی اور اسے آنے کے لیے کہا گیا، ولنر کو فوری طور پر بچی کو سنبھالنے کے لیے کوئی بے بی سٹر نہیں مل سکا لیکن اس نے اپنی مالی حالت کے پیش نظر بچی کو گھر پر اکیلا چھوڑ کر کام پر جانے کا فیصلہ کیا۔

    پولیس کے مطابق واپس آ کر اس نے پالنے میں دیکھا تو بچی بے حس و حرکت اور سرد تھی، جس کے بعد اس نے پولیس کو فون کیا۔

    پولیس رپورٹ میں کہا گیا کہ ولنر جب بچی کو اکیلا چھوڑ کر جارہا تھا تو وہ جانتا تھا کہ اتنی کم عمر بچی کو گھر میں اکیلا چھوڑنا غلط ہے تاہم وہ جانے پر مجبور تھا کیونکہ اس کے مالی حالات نہایت ابتر تھے۔

    پولیس نے اسے گرفتار کرلیا ہے اور اس غفلت برتنے کا الزام عائد کیا ہے، اگر الزامات ثابت ہوگئے تو اسے 15 سال قید اور 10 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

  • پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق اسامہ کے والد نے کئی سوالات اٹھا دیے

    پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق اسامہ کے والد نے کئی سوالات اٹھا دیے

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق 21 سالہ اسامہ کے والد کا کہنا ہے کہ اگر اسامہ کو روکنا تھا تو گاڑی کے ٹائر پر فائرنگ کی جاتی، 6 گولیاں گاڑی کی ونڈ اسکرین پر لگیں جس سے یوں معلوم ہوتا ہے کہ گاڑی روک کر بہت اطمینان سے فائرنگ کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے اسامہ ستی کے والد ندیم ستی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام سوال یہ ہے میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسامہ کی ہلاکت کے بعد زلفی بخاری، شہریار آفریدی، شیخ رشید، اسد عمر، آئی جی اور ڈی آئی جی ان کے گھر پہنچے۔

    ندیم ستی نے کہا کہ تمام حکومتی افراد نے انہیں شفاف تحقیقات کا یقین دلایا ہے اور وہ وقتی طور پر مطمئن ہیں، تاہم ان کے نقصان کا ازالہ کسی طور پر بھی ممکن نہیں ہے۔

    اسامہ کے والد کا کہنا تھا کہ پولیس کا یہ دعویٰ کہ اسامہ روکنے پر رکا نہیں لغو معلوم ہوتا ہے، اگر انہیں روکنا تھا تو وہ ٹائر پر گولی مارتے۔ گاڑی کی ونڈ اسکرین پر 6 گولیوں کے نشانات ہیں جس سے یوں لگتا ہے کہ گاڑی روک کر بہت اطمینان سے فائرنگ کی گئی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ اسامہ زندہ نہ رہے۔

    انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اسامہ کے خلاف ایف آئی آرز میں ایک پر بھی اس کا صحیح نام درج نہیں جو کہ اسامہ بن ندیم ہے، ایف آئی آرز پر صرف اسامہ درج ہے۔

    ندیم ستی نے مزید کہا کہ اگر ایسی کوئی ایف آئی آر اسامہ کے خلاف تھی بھی، تب بھی وہ کسی کو قتل کرنے کا جواز نہیں ہے۔

    انہوں نے اسامہ کے قتل ناحق پر آواز اٹھانے کے لیے میڈیا اور سول سوسائٹی کا بھی بے حد شکریہ ادا کیا۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل دارالحکومت اسلام آباد میں 21 سالہ کار سوار اسامہ اے ٹی ایس اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہو گیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ رات کو کال آئی کہ گاڑی سوار ڈاکو شمس کالونی میں ڈکیتی کی کوشش کر رہے ہیں، اے ٹی ایس پولیس کے اہلکاروں نے، جو گشت پر تھے، مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا، پولیس نے کالے شیشوں والی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی، روکنے کی کوشش پر ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی۔

    ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس نے متعدد بار جی 10 تک گاڑی کا تعاقب کیا اور نہ رکنے پر گاڑی کے ٹائروں پر فائر کیے گئے، 2 گولیاں گاڑی کے ڈرائیور کو لگیں جس سے ڈرائیور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

  • 48 سال قبل بچھڑے باپ بیٹے کی ملاقات

    48 سال قبل بچھڑے باپ بیٹے کی ملاقات

    واشنگٹن : فیس بک نے 48 سال سے بچھڑے باپ بیٹے کو دوبارہ ملوا دیا، باپ بیٹے کا جذباتی ملاپ دیکھ کر ایئرپورٹ پر موجود لوگوں کی آنکھوں میں بھی آنسوں آگئے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا سے تعلق رکھنے والے باپ بیٹے چار دہائیوں بعد ایک دوسرے سے ملے تو دیکھنے بھی رو پڑے۔

    باپ بیٹے کے اس ملاپ میں فیس بک اور پھپو کا اہم کردار ہے جن کی بدولت دونوں ایک مرتبہ پھر ملاقات کرپائے۔

    بزرگ پیٹرک نامی شخص اپنے بیٹے جونیئر پیٹرک سے 48 سال قبل بچھڑے تھے جب جونیئر پیٹرک کی عمر 5 برس تھی، جس کے بعد اہل خانہ نے جونیئر پیٹرک کو ڈھونڈنے کی بہت کوشش کی تاہم جونیئر پیٹرک کہیں نہ ملے۔

    دو سال قبل بزرگ پیٹرک(باپ) کی بہن کو فیس بک ایک جونیئر پیٹرک نامی شخص ملا جس میں ان کے بھتیجے کی حرکات و عادات موجود تھی، معلومات کرنے پتہ چلا کہ یہ جونیئر پیٹرک ان کا بھیتجا ہے جو 48 سال قبل کھو گیا تھا۔

    دو روز قبل باپ اور بیٹے کی امریکی ریاست پنسلوینیا ایئرپورٹ پر ملاقات ہوئی، جو ایسی جذباتی ملاقات تھی جسے دیکھنے بھی رو پڑے۔

  • امریکا: سفاک باپ نے شیر خوار بیٹی کو دوسری منزل سے نیچے پھینک دیا

    امریکا: سفاک باپ نے شیر خوار بیٹی کو دوسری منزل سے نیچے پھینک دیا

    امریکا میں ایک سفاک باپ نے اپنی شیر خوار بیٹی کو دوسری منزل کی بالکونی سے نیچے پھینک دیا جس سے شیر خوار کی موت واقع ہوگئی۔

    یہ اندوہناک واقعہ امریکی شہر لاس ویگس میں پیش آیا جہاں والد نے 2 ماہ کی بچی کو بالکونی سے نیچے پھینکا، بعد ازاں اپارٹمنٹ کو آگ لگائی اور فرار ہونے کی کوشش میں 2 گاڑیوں سے تصادم کا سبب بنا۔

    پولیس کے مطابق واقعے کی رات صبح 4 بجے کے قریب بچی کی ماں نے 911 کو فون کیا اور کہا کہ اس کی شیر خوار بیٹی کو دوسری منزل سے نیچے پھینک دیا گیا ہے۔

    پولیس موقع پر پہنچی تو ماں، بچی کو اپنی گود میں لیے ہوش میں لانے کی کوشش کر رہی تھی، اسپتال لے جائے جانے پر بچی کی موت کی تصدیق ہوگئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ جوڑے کے درمیان جھگڑا ہوا تھا جس کے دوران باپ نے بیوی کی گود سے بیٹی کو چھینا اور دوسری منزل کی بالکونی سے نیچے پھینک دیا۔

    اس کے بعد جب ماں نیچے بچی کو ہوش میں لانے کی کوشش کر رہی تھی تب ملزم نے اپارٹمنٹ کو آگ لگائی اور فرار ہونے کے لیے گاڑی میں سوار ہوا۔

    اس نے گھر کے قریب ایک گاڑی کو ٹرک ماری، بعد ازاں وہ ایئرپورٹ پہنچا اور ایئرپورٹ کے قریب ایک اور گاڑی کو ٹکر ماری، تاہم ایئر پورٹ میں داخل ہوتے ہی اسے گرفتار کرلیا گیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اپارٹمنٹ میں آتشزدگی سے خاصا نقصان ہوا ہے جبکہ پالتو کتا بھی ہلاک ہوگیا ہے۔ پولیس نے ملزم پر قتل کی دفعات عائد کی ہیں۔

  • بیٹی کے ساتھ بائیک پر کراچی سے خنجراب تک سفر کرنے والا باپ

    بیٹی کے ساتھ بائیک پر کراچی سے خنجراب تک سفر کرنے والا باپ

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے رہائشی قاضی فاروقی نے اپنی بیٹی کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور کر کے منفرد مثال قائم کردی، ان کی بیٹی خود بھی بائیک چلانا جانتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اے آر وائی ڈیجیٹل کے مارننگ شو گڈ مارننگ پاکستان میں ایسے والد اپنی بیٹی کے ساتھ شریک ہوئے جنہوں نے بیٹی کے ساتھ بائیک پر پورے پاکستان کا سفر کیا۔

    قاضی فاروقی بتاتے ہیں کہ وہ اپنے بیٹے کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور پر نکلے تھے اور جب واپس آئے تو ان کی بیٹی بھی ساتھ چلنے کی ضد کرنے لگیں۔

    انہوں نے ایک لمحے کے لیے بھی کسی قسم کی تفریق نہیں برتی اور اگلے سال بیٹی کو بائیک پر لے کر پاکستان ٹور پر نکل کھڑے ہوئے۔

    قاضی فاروقی کی بیٹی غزل فاروقی خود بھی بائیک چلانا جانتی ہیں اور یونیورسٹی کے 4 سال انہوں نے بائیک پر سفر کر کے گزارے، انہوں نے انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔

    والد کے ساتھ بائیک پر پاکستان ٹور ان کی زندگی کے یادگار لمحات تھے۔ وہ بتاتی ہیں کہ وہ گھر سے سوچ کر نکلی تھیں کہ انہیں باتھ روم وغیرہ کی مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے تاہم راستے میں انہیں پیٹرول پمپس پر صاف ستھرے باتھ رومز ملے جس سے ان کی مشکلات کافی کم ہوئیں۔

    دونوں باپ بیٹی نے کراچی سے لے کر خنجراب پاس تک سفر کیا جس میں انہیں 11 دن لگے۔

    قاضی فاروقی اگلے سال اپنی بیگم کو اسی طرح پاکستان ٹور پر لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے اور دونوں میں انہوں نے کبھی تفریق نہیں کی۔

  • بل گیٹس سینیئر چل بسے

    بل گیٹس سینیئر چل بسے

    مائیکرو سافٹ کمپنی کے مالک بل گیٹس کے والد بل گیٹس سینیئر 94 سال کی عمر میں چل بسے۔ بل گیٹس اپنی شخصیت کی تعمیر اور ترقی میں والد کے کردار کو اہم قرار دیتے رہے ہیں۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بل گیٹس نے اپنے آفیشل بلاگ میں اپنے والد کے انتقال کی خبر دی۔ بل گیٹس سینیئر یا ولیم ہنری گیٹس دوئم سابق امریکی فوجی اہلکار تھے۔

    بل گیٹس کا کہنا تھا کہ ہم بہت خوش قسمت ہیں کہ ہمیں ایسے بہترین انسان کے ساتھ زندگی کے بہت سے سال گزارنے کا موقع ملا۔

    انہوں نے لکھا کہ ان کے والد نے گیٹس فاؤنڈیشن کے فلاحی امور میں اہم کردار ادا کیا، بل اینڈ ملنڈا گیٹس فاؤنڈیشن آج جو ہے وہ ان کے بغیر ممکن نہیں تھی۔

    بل گیٹس سینیئر، گیٹس فاؤنڈیشن کے کو چیئر بھی رہ چکے ہیں۔

    بل گیٹس نے لکھا کہ لوگ میرے والد سے پوچھتے تھے کہ کیا وہ اصل بل گیٹس ہیں جس نے مائیکرو سافٹ کی داغ بیل ڈالی؟ حقیقت یہ ہے کہ وہ جو تھے میں نے وہی بننے کی کوشش کی۔

    بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق بل گیٹس سینیئر کے انتقال کی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم خاندانی ذرائع کی جانب سے کہا گیا کہ وہ کچھ عرصے سے خرابی صحت کا شکار تھے۔

    بل گیٹس کی اہلیہ ملنڈا گیٹس نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر اپنے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا۔

  • ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد نے میڈیکل بورڈ کیلئے درخواست دائرکردی

    ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد نے میڈیکل بورڈ کیلئے درخواست دائرکردی

    کراچی : ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد نےمیڈیکل بورڈ کیلئےدرخواست دائرکردی ، جس میں کہا پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر نے رپورٹ غلط دی ہے، پوسٹ مارٹم،مزیدمیڈیکل معائنے کی اجازت دی جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ میں میڈیکل بورڈ کیلئےدرخواست دائرکردی ، درخواست گزار کے وکیل عباس رشید رضوی ایڈووکیٹ نے کہا پولیس نے ڈاکٹر ماہا شاہ کےواقعےکوخودکشی قرار دیا، پولیس نے شواہد بھی خود کشی کے حساب سے جمع کیے، ہر سطح سےتحقیقات کیلئےنیا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جائے۔

    وکیل درخواست گزار نے کہا کہ رپورٹ کےمطابق سرمیں بائیں جانب گولی لگی،دائیں جانب سے خارج ہوئی، پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹر نے رپورٹ غلط دی ہے، قبرکشائی،پوسٹ مارٹم،مزیدمیڈیکل معائنےکی اجازت دی جائے۔

    درخواست میں کہا گیا کہ ڈاکٹر ماہا شاہ کو زہر یا زیادہ ڈرگس دی گئی ہے، مقدمہ ڈاکٹر ماہا شاہ کے والد آصف علی شاہ کی مدعیت میں درج ہے اور مقدمے میں ملزم جنید ،وقاص، عرفان قریشی و دیگر نامزد ہیں۔

    یاد رہے جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ڈاکٹر ماہا شاہ مبینہ خود کشی کیس میں قبرکشائی،پوسٹ مار ٹم کی درخواست منظور کرتے ہوئے کہا تھا عدالت کو قبر کشائی پر کوئی اعتراض نہیں ہے ، استغاثہ کارروائی کرے عدالت تفتیش میں مداخلت نہیں کرسکتی۔

    تحریری حکم میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹرماہاکی قبر کشائی،پوسٹ مارٹم قانون کے مطابق کی جائے۔

  • 12 فٹ لمبا مگر مچھ گھر میں داخل، باپ کی حاضر دماغی نے بچوں کو بچا لیا

    12 فٹ لمبا مگر مچھ گھر میں داخل، باپ کی حاضر دماغی نے بچوں کو بچا لیا

    امریکی ریاست ٹیکسس میں باپ کی حاضر دماغی نے اس کے بچوں اور ان کی نگران کو 12 فٹ طویل مگر مچھ سے بچا لیا، باپ کی ذرا سی بھی سستی خوفناک حادثے کا سبب بن سکتی تھی۔

    ٹیکسس کے رہائشی اینڈریو کا کہنا ہے کہ واقعے کے وقت وہ اپنے گھر میں موجود تھا جب اس نے دیکھا کہ اس کے گھر کے پیچھے موجود کنال سے ایک خطرناک مگر مچھ باہر آیا۔

    اس وقت بچے اپنی نگران کے ساتھ وہیں موجود تھے اور کھیل رہے تھے۔ کنال سے 12 فٹ طویل اور 270 کلو گرام وزنی مگر مچھ نکلا تو باپ اچھل کر باہر آیا۔

    باپ کے وہاں پہنچنے تک مگر مچھ کافی نزدیک آچکا تھا تاہم وہ بچوں اور ان کی نگران کو وہاں سے باہر نکالنے میں کامیاب رہا، اس دوران وہ مدد کے لیے آوازیں بھی لگاتا رہا۔

    اینڈریو کی مدد کی کال پر ریسکیو اہلکار وہاں پہنچے تو انہیں مگر مچھ کو پکڑنے میں کافی وقت لگا، وزنی مگر مچھ کو پانی سے نکالنے میں انہیں 3 گھنٹے کا وقت لگا۔

    پانی سے باہر نکال کر مگر مچھ کو منہ پر کپڑا باندھ کر اور رسیوں میں جکڑ کر قریبی تھیم پارک منتقل کردیا گیا۔