Tag: fawad chaudary

  • ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، فواد چوہدری اور غلام سرور کو نوٹس جاری

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی، فواد چوہدری اور غلام سرور کو نوٹس جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے وزیراطلاعات فواد چوہدری اوروزیر پٹرولیم غلام سرور کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کردیا ۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات میں انتخابی ضابطہ اخلا ق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری اور وفاقی وزیر پٹرولیم غلام سرور خان کو نوٹس جاری کر دئیے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے نوٹس انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرجاری کیا، فوادچوہدری اورغلام سرورکو پی پی ستائیس کا دورہ کرنے پرنوٹس دیاگیا۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری اور غلام سرور نے حلقہ پی پی 27 میں ترقیاتی کاموں کا اعلان اور افتتاح کیا اور الیکشن پر اثرانداز ہونے کی کوشش کی گئی۔ضمنی انتخابات کے دوران کوئی وزیر،  سرکاری عہدہ دار یا منتخب نمائندہ انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا۔

    وفاقی وزراء کوذاتی یا بذریعہ وکیل نو اکتوبر کو الیکشن کمیشن کے دفتر میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

    یاد ریے  ملک بھر میں ضمنی انتخابات چودہ اکتوبر  کو ہونے جارہے ہیں ۔

  • یہ تو پہلی گرفتاری ہوئی ہے،ابھی مزید بڑی گرفتاریاں ہونےوالی ہیں، وزیراطلاعات فوادچوہدری

    یہ تو پہلی گرفتاری ہوئی ہے،ابھی مزید بڑی گرفتاریاں ہونےوالی ہیں، وزیراطلاعات فوادچوہدری

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فوادچوہدری نے شہباز شریف کی گرفتاری پر کہا کہ یہ تو پہلی گرفتاری ہوئی ہے،ابھی مزید بڑی گرفتاریاں ہونے والی ہیں جبکہ نعیم الحق کا کہنا ہے کہ شہبازشریف کی گرفتاری قانون کے مطابق کارروائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فوادچوہدری نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ تو پہلی گرفتاری ہوئی ہے، ابھی مزیدبڑی گرفتاریاں ہونے والی ہیں، احتساب کاعمل ابھی مزید آگے بڑھے گا۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ حکومت مکمل طورپرغیرجانبدارہے، یہ وہ مقدمات ہیں جونیب نےان کے دور میں قائم کیے، نیب قانون کےمطابق پہلےانکوائری پھرریفرنس فائل کیا جاتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ  آشیانہ ہاؤسنگ میں56ارب کی کرپشن کےالزامات ہیں ، پاکستان کوجن لوگوں نےلوٹاہےان کااحتساب ہوناچاہیے، بڑےمقدمات میں ملوث لوگوں کوبھی گرفتار ہونا چاہیے۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت نیب کو ہر طرح کی مدد اور تعاون دینے کو تیار ہے ، نیب حکومت کے کنٹرول میں نہیں لیکن انتظامی مدد کریں گے۔

    فوادچوہدری نے کہا کہ جنہوں نےگاجرکھائی ہےدردبھی ان ہی کےپیٹ میں ہوگا، پہلے بھی کہا تھا ابھی اور بھی قدم اٹھائےجائیں گے، کرپٹ لوگوں کو اور بھی گرفتار کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کی گرفتاری کاحکومت سے کوئی تعلق نہیں ہے، یہ تمام کیسزحکومت آنے سے پہلے کے ہیں۔

    شہبازشریف کی گرفتاری قانون کے مطابق کارروائی ہے،  نعیم الحق

    وزیر اعظم کے خصوصی مشیرو سابق انفارمیشن سیکرٹری نعیم الحق نے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی گرفتاری پر کہا کہ پوری کوشش ہےکوئی سیاسی انتقامی کارروائی نہ کی جائے۔

    نعیم الحق کا کہنا تھا کہ نیب کے پاس ثبوت ہوں گے اسی لیے گرفتار کیا ہوگا، قانون کےخلاف جانے والوں کو گرفتارکیا جائے گا، شہبازشریف کی گرفتاری قانون کے مطابق کارروائی ہے، قانون کی گرفت سے کوئی بھی شخص نہیں بچ سکتا۔

    مزید پڑھیں :کرپشن کیس: نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا

    یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو( نیب) نے آشیانہ کمپنی کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کو گرفتار کرلیا ہے۔

    رجمان نیب کا کہنا ہے کہ شہبازشریف پرغیرقانونی ٹھیکےدینےکےالزامات ہیں،  انھیںکل احتساب عدالت میں پیش کیاجائےگا جبکہ شہبازشریف کی گرفتاری سےمتعلق اسپیکرقومی اسمبلی کوآگاہ کردیاگیا۔

  • مسلم لیگ ن حکومت نے قرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا،وزیراطلاعات

    مسلم لیگ ن حکومت نے قرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا،وزیراطلاعات

    اسلام آباد : وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا گزشتہ حکومت نےقرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا، مسلم لیگ ن حکومت نے ایسٹ انڈیا جیسا کردار ادا کیا، دو حکومتوں نے جو کیا اس کے بعد چندوں کے سوا راستہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ کی حکومت میں بےشمارارسطو شامل تھے، گزشتہ حکومت نےقرض لے لے کر آئندہ نسلوں کو بھی مقروض کردیا، مسلم لیگ ن حکومت نے ایسٹ انڈیا جیسا کردار ادا کیا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نوید قمرکہہ رہےہیں چندوں پرحکومت نہ چلائیں، دو حکومتوں نے جو کیا اس کے بعد چندوں کے سوا راستہ کیا ہے، 5 سال میں ڈیٹ 28ارب پر چلا گیا ہے، موجودہ معاشی صورتحال کے ذمہ دار اسحاق ڈار اینڈ کمپنی ہے،اسحاق ڈار کو حکومت کے خصوصی طیارے سے باہر بھجوایا گیا

    وزیراطلاعات نے کہا گزشتہ حکومت نے مہنگے ترین قرض لے کر کھلونے بنائے، شہبازشریف نے 11ٹریلین روپے خرچ کردیے، حکومت پنجاب کو ہر سال میٹرو چلانے کے لیے 8ارب چاہیے، اورنج ٹرین لائن 300 ارب لے کر خرچ کردیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت نے جو کچھ کیا وہ ایک جرم تھا، ریڈیو پاکستان کے پاس 20کروڑ پنشن دینے کے لیے نہیں، کیا ہم ملک ویسے ہی چلائیں جیسے تجربہ کار چلاتے رہے، چندوں پر تنقید کرنے والے آگے کا راستہ بھی تو بتائیں۔

    فواد چوہدری نے کہا اپوزیشن کی چارٹرآف اکانومی کی تجویزکی حمایت کرتےہیں، پاکستان کی خراب معاشی حالت کے ذمے داروں کا تعین ہوناچاہیے۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ کہا جارہا ہے، گاڑیاں بیچنےسےحکومت نہیں چلتی، 58 کروڑ روپے کی 35 گاڑیاں خریدی گئی، 98 کروڑ روپے کی 35گاڑیاں خریدی گئی، گزشتہ حکومت کے سمجھ داروں نے 35کروڑ دیکھ بھال پر لگا دیے۔

    انھوں نے مزید کہا کوئی وزیراعظم یہ نہیں کرتا، جو وزیراعظم نے کیا، 1100 کنال کا وزیراعظم ہاؤس چھوڑ کر 3کمروں کے گھر میں رہ رہے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ اور موٹر وے کے ایسے اعلان کیے، جیسےگولیاں بانٹ رہےہیں، جس محکمے کو ہاتھ لگائیں، اس میں ایک ایک صاحب کے 60 ، 60لوگ بھرتی ہوئے، ریگستان میں بھی ن لیگ کے وزیراعظم نے ایئرپورٹ کا اعلان کیا۔

    وزیراطلاعات نے کہا کہ ہم عمران خان کے وژن کےمطابق ملک چلائیں گے، چیلنج ہے گزشتہ حکومت کی ایک سال کی کارکردگی ہماری ایک ماہ کی کارکردگی کے برابر ہے۔

  • رافیل ڈیل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیلئے پاناما ہے،  وزیراطلاعات فوادچوہدری

    رافیل ڈیل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیلئے پاناما ہے، وزیراطلاعات فوادچوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے کہا کہ رافیل ڈیل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیلئے پاناما ہے، بی جے پی کے اندرونی دباؤ پر وزیراعظم مودی نے مذاکرات منسوخ کئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فوادچوہدری نے بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا رافیل ڈیل بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کیلئے پاناما ہے، پاناما کیس میں مودی کے دوست نوازشریف گئے ، رافیل ڈیل مودی کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوگا۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ رافیل ڈیل کی وجہ سے مودی شدید مشکل میں ہیں، مودی پاکستان کانام استعمال کرکےبھارتی عوام کی توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔

    فوادچوہدری نے کہا مودی کے لئے سیاست عوام سے زیادہ اہم ہے، مودی،بی جے پی اپنی جنگ بھارت میں لڑیں توہمیں مسئلہ نہیں، بیرونی مسائل پرتوجہ کے بجائے اپنی جنگ خود لڑو۔

    ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، بی جے پی کے اندرونی دباؤ پر وزیراعظم مودی نے مذاکرات منسوخ کئے۔

    مزید پڑھیں : بھارت رافیل اسکینڈل کو دبانے کے لیے ایشو کھڑا کر رہا ہے، فواد چوہدری

    گزشتہ روز وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سب سے بڑا مسئلہ کشمیر کو قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت کی اندرونی سیاست سے ہم متاثر نہیں ہوں گے، پاکستان امن کے لیے کھڑا ہے۔

    فواد چوہدری نے بھارتی آرمی چیف کی جانب سے جاری شر انگیزی کے جواب میں کہا کہ پاکستان بھارت کی کسی دھمکی میں آنے والا نہیں ہے، بھارت اپنے گریبان میں جھانکے، بھارت رافیل اسکینڈل کو دبانے کے لیے ایشو کھڑا کر رہا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی جارحانہ کارروائی کا جواب دینا جانتے ہیں، بھارت اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دے، وہ سیاسی عدم استحکام کا شکار ہے۔

  • پہلے فیصلوں کی طرح آج کے فیصلے کا احترام واجب سمجھتےہیں، وزیراطلاعات فواد چوہدری

    پہلے فیصلوں کی طرح آج کے فیصلے کا احترام واجب سمجھتےہیں، وزیراطلاعات فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں، پہلے فیصلوں کی طرح آج کے فیصلے کا احترام واجب سمجھتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے شریف خاندان کی سزا معطلی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہم عدالتوں کامکمل احترام کرتےہیں، پاکستان میں عدالتیں آزاد ہیں، پہلے فیصلوں کی طرح آج کے فیصلے کا احترام واجب سمجھتے ہیں‌۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیوروایک آزاد اور خود مختارادارہ ہے، نیب اپنی سرگرمیاں خود کرتا ہے، حکومت کا کوئی کردارنہیں، حکومت اور عوام کرپشن میں ملوث افراد کیخلاف کارروائی چاہتے ہیں۔

    وزیراطلاعات نے کہا کہ قوم چاہتی ہےان کی لوٹی گئی دولت واپس لائی جانی چاہیے، لوٹی دولت کی واپسی اور حکومت بنیادی ہدف کا حصول یقینی بنائے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا شریف خاندان کےکردارپرقوم کی نظروں میں ابہام باقی نہیں، شریف خاندان ثابت نہیں کرسکا اربوں روپے کہاں سے آئے، معاملہ آگے بڑھے گا اور قانون یقیناً اپنا راستہ لے گا۔

    اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ نوازشریف، مریم نواز، محمد صفدر اب بھی مجرم ہیں، سزائیں ابھی معطل ہوئی ہیں منسوخ نہیں، ان کی منزل اڈیالہ ہی ہے۔

    یاد رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف،مریم نوازاور صفدرکی سزا معطلی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے تینوں کو رہا کرنے کا حکم دیا جبکہ عدالت نے تینوں کو پانچ پانچ لاکھ کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت بھی کی۔

    مزید پڑھیں : ایوان فیلڈ ریفرنس ، نوازشریف، مریم نواز، کپیٹن(ر)صفدر کی سزا معطل ، رہا کرنے کا حکم

    خیال رہے لندن فلیٹس سے متعلق ایوان فیلڈ ریفرنس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے چھ جولائی کو فیصلہ سناتے ہوئے نوازشریف کو گیارہ سال، مریم نوازکو سات سال اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو دو سال قید کی سزا سنائی تھی۔

    نواز شریف اور مریم نواز 13 جولائی کو لندن سے پاکستان آئے تو انھیں گرفتار کرلیا گیا تھا، جس کے بعد تینوں مجرمان نے سزاؤں کے خلاف سولہ جولائی کو اسلام آباد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا گیا۔

  • گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، وزیر پیٹرولیم

    گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، وزیر پیٹرولیم

    اسلام آباد : وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، پاور سیکٹر گیس کی قیمت میں اضافہ عوام پر منتقل نہیں کرے گا جبکہ فواد چوہدری نے کہا وزیراعظم کی ہدایت پر عوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے وزیراطلاعات فواد چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کافی دنوں سے خبریں چل رہی ہیں، گیس بم گرایا جارہا ہے، دو گیس کمپنیوں کو 352ارب روپے کا خسارہ ہے، حکومت مہنگی گیس خرید کر عوام کو سستی فراہم کررہی ہے۔

    وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ آبادی کا 23فیصد گیس پر ہے، آبادی کا 63فیصد دیگر ذرائع پر ہے، گیس سے متعلق 3 کیٹگریز تھیں، عام آدمی کے لئے گیس میں10سے 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جو 252 روپے گیس کا بل دے رہا تھا، اب 275 روپے دے گا، جو 480روپے گیس کا بل دے رہے تھے اب 520روپے دیں گے، کیٹگری میں 2ہزار 151روپے گیس کا بل دیا جائے گا۔

    عام آدمی کے لئے گیس میں10سے 15 فیصد اضافہ کیا گیا ہے،وزیر پیٹرولیم

    غلام سرور خان نے کہا مجموعی طور پر20 سے 25فیصد گیس بلز میں اضافہ کیا جارہا ہے، ایل پی جی کی قیمتوں میں23روپے اضافہ کیا جارہا ہے، ایل پی جی کے بڑے کنزیومر کیلئے 15 سے 20ہزار اضافہ کیا جارہا ہے اور تمام ٹیکس ختم کرکے10 فیصد جی ایس ٹی لگایا ہے، جس کے بعد ایل پی جی کی قیمت 1600 سے کم ہو کر 1400 ہو جائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ برآمدی زیرو ایٹڈ سیکٹر کیلئے گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا گیا، برآمدی سیکٹرز کو سبسڈائز آر ایل این جی دیں گے، ایسے اقدامات سے ہمارا برآمدی سیکٹر عالمی سطح پر مقابلہ کرسکے گا۔

    وزیر پٹرولیم نے کہا سی این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، سی این جی کی فی ایم ایم بی ٹی یو700سے بڑھ کر 980روپے ہوجائے گی تاہم بجلی کی قیمتوں پر گیس کی قیمتیں بڑھنے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

    غلام سرور خان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت پاور سیکٹر گیس قیمتوں میں اضافے کا اثر عوام پر نہیں ڈالیں گے، قطر سے ایل این جی کی درآمد اور ٹرمینلز کی تیاری گزشتہ حکومت نے کی، ایل این جی ٹرمینل سے خزانے کو کتنا نقصان پہنچا، آئندہ ای سی سی میں جائزہ لیا جائے گا۔

    انھوں نے مزید کہا حکومت نے گیس کی قیمتوں میں اضافے کا زیادہ تر بوجھ امیر طبقے پر ڈالا گیا ہے، عام آدمی کیلئے گیس کی قیمت میں صرف تئیس روپے ماہانہ کا اضافہ ہوا ہے۔ ایل پی جی پر ٹیکسسز ختم کرنے سے ایل پی جی کی قیمت میں دو سو روپے کی کمی کی گئی ہے، برآمدی سیکٹر کیلئے گیس کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا، پاور سیکٹر گیس کی قیمت میں اضافہ عوام پر منتقل نہیں کرے گا۔

    وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا قطر کے ساتھ ایل این جی معاہدے کا جائزہ لیا جارہا ہے، اسے پبلک کیا جائے گا، معاہدے کی تفصیلات کو پبلک کرنا ہماری حکومت کاوعدہ ہے۔

    انھوں نے کہا کہ حکومت آئے 21واں دن ہے، پالیسیاں کیسے ناکام ہوگئیں، گیس کمپنیاں 152بلین روپے کے خسارے پر چل رہی تھیں، حکومتی اقدام سے دونوں کمپنیوں کو 58بلین روپے کا فائدہ ہوگا۔

    وزیراعظم کی ہدایت پرعوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا،فواد چوہدری

    اس سے قبل وزیراطلاعات فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وزیراعظم ہاؤس میں گاڑیوں کی نیلامی کامیابی سے جاری ہے، 70 گاڑیاں نیلام ہوچکی ہیں، اب بم پروف اور بلٹ پروف گاڑیوں کی باری ہے، نیلامی کے ذریعے پیغام دینا تھا، عوام کا پیسہ غلط استعمال نہیں کیا جائے گا۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرعوام کا پیسہ عوام پر خرچ ہوگا، تاریخ میں پہلی بار گورنر ہاؤسز کے دروازے عوام کے لئے کھلے، 25 ہزار افراد نے مری اور پنجاب کے گورنر ہاؤسز کی سیر کی۔

  • ہمیں  28ہزار کروڑ کے قرضے ورثے میں ملے، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

    ہمیں 28ہزار کروڑ کے قرضے ورثے میں ملے، وزیر اطلاعات فواد چوہدری

    اسلام آباد:وزیراطلاعات فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ ہمیں 28 ہزار کروڑ کے قرضے ورثے میں ملے، ملک ترقی کرے گا تو ہم سب ترقی کریں گے، پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہمارا منشور ہے، اس پر عمل درآمد کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں وزیراطلاعات فوادچوہدری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک ترقی کرے گا تو ہم سب ترقی کریں گے، ملک کی ترقی میں ہم سب کافائدہ ہے، ہمیں 28 ہزار کروڑ کے قرضے ورثے میں ملے ہیں، ہمارےادارے مکمل طور پر بیٹھ گئے تھے انہیں فعال کرنے کی ضرورت ہے۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ آج ملک ایسے دور سے گزر رہا ہے، اس کے ہم خود بھی ذمہ دارہیں، جو ٹیکنالوجی کا انقلاب آیا، آئندہ 10سال میں اس سے بڑا انقلاب آئے گا، ٹیکنالوجی میں ترقی کی وجہ سے میڈیا میں بھی تیزی سے تبدیلی ہوئی، انٹرنیٹ سینسر شپ بڑھاتے گئے تو انٹرنیٹ کو بند کرنا پڑ جائے گا۔

    فواد چوہدری نے کہا میڈیاکی آزادی ریاست کیلئے انتہائی اہم ہے، میڈیا کی مشاورت کے بغیر کوئی اتھارٹی قائم نہیں کی جائے گی، میڈیا سے متعلق قانون سازی صحافیوں کی مشاورت سے ہوگی، میڈیا اور اپوزیشن کے بغیر آگے بڑھنا ممکن نہیں۔

    یوم دفاع و شہدا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا آج کے دن اپنے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرتےہیں۔

    پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہمارا منشور ہے، اس پر عمل درآمد کریں گے، فواد چوہدری

    وزیراطلاعات نے کہا ہم نے آتے ہی اپنے منشور پر عملدرآمد شروع کیا اور پورے ملک میں 15لاکھ درخت لگائے، پاکستان کو ترقی کی راہ پر ڈالنا ہمارا منشور ہے اور ہم اس پر عملدرآمد کریں گے، ملک امیر ہوگا تو میڈیا کو بھی فنڈز دیئے جائیں گے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نئے سیٹلائٹ نظام سے میڈیا میں بھی انقلاب آرہا ہے، الیکٹرانک،پرنٹ اور سوشل میڈیا کا ایک دوسرے پر انحصار ہے، مستقبل کے جدید دور میں سینسر شپ حکومت کے ہاتھ میں نہیں رکھیں گے۔

    انھوں نے مزید کہا وزیراعظم کا وژن ہے، عوام کیلئے معاملات آسان بنائے جائیں، ہم دیگر مسلم ممالک سے بہت آگےہیں، ہم نے سینسر شپ باڈیز کی بجائے ریگولیٹری باڈیز بنانی ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا سرکاری اشتہارات کی تقسیم کے لئے طریقہ کار وضع کیا جائے گا، اشتہارات کی تقیسم کا فارمولہ بھی صحافتی تنظیموں کی مشاورت سے طے کیا جائے گا، پی ایم ایل این کی حکومت نے 21 ارب کے اشتہارات دیئے، ہم اتنےاشتہارات نہیں دے پائیں گے۔

    وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ اشتہارات کا درمیانی حل نکالیں گے تاکہ میڈیا انڈسٹری متاثرنہ ہو، اشتہاری ایجنسیوں کا کردار کم ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں سرکاری اشتہارات پر ہمارا کنٹرول ختم ہو، مجھے لکھ کر دیں، ٹرانسپیرنسی فارمولہ کیا ہونا چاہیے؟ ایسا فارمولہ دیں، جس میں بینیفیشل آپ صحافی لوگ ہوں، ایک آزاد بورڈ بنایا جائے، جس میں صحافی اور حکومت کے لوگ ہوں۔

  • طاہرہ صفدر پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں، فواد چوہدری

    طاہرہ صفدر پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وزیراطللاعات فواد چوہدری نے کہا کہ طاہرہ صفدر پاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں ، پاکستانی خواتین خصوصا بلوچستان کی خواتین کے لیےقابل فخرلمحہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطللاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا جسٹس طاہرہ صفدرنےچیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کاحلف اٹھالیا، طاہرہ صفدرپاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہیں، پاکستانی خواتین خصوصا بلوچستان کی خواتین کے لیے قابل فخرلمحہ ہے۔

    یاد رہے گورنرہاوس بلوچستان میں حلف براداری کی تقریب ہوئی، جس میں گورنربلوچستان نےسینئرجج جسٹس سیدہ طاہرہ صفدرسے چیف جسٹس بلوچستان کےعہدےکاحلف لیا۔

    مزید پڑھیں :  طاہرہ صفدر نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کا حلف اٹھالیا

    جسٹس طاہرہ صفدرکوپاکستان کی پہلی خاتون چیف جسٹس ہائی کورٹ بننے کا اعزاز حاصل ہوگیا ہے۔

    گذشتہ روز چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے جسٹس طاہرہ صفدر کو ہائیکورٹ کا چیف جسٹس مقرر کیا تھا۔

  • وفاقی حکومت کا پیمرا اور پریس کونسل کوختم کرنے کا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا پیمرا اور پریس کونسل کوختم کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پیمرا اور پریس کونسل کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، وزیراطلاعات کا کہنا ہے پیمرا کو ختم کرکے پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی بنائیں گے، پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ہر قسم کے میڈیا پر نظر رکھے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایوان کو عزت دینے کے لئے عمران خان پہلے دن سے موجود رہے، اپوزیشن کی جانب سے آج سینیٹ سے واک آؤٹ کیا گیا، اپوزیشن کا رویہ ایوان کی کارروائی چلانے سے متعلق منفی ہے، نوازشریف ایوان میں تشریف نہیں لاتے تھے۔

    وزیراطلاعات کا کہنا تھا فضل الرحمان نے کہا پارلیمنٹ بوگس اور ووٹ جعلی ہیں، آج فضل الرحمان اسی پارلیمنٹ سے صدرمنتخب ہوناچاہتےہیں، ایوان کی ایک روز کی کارروائی پرل اکھوں روپے خرچ ہوتےہیں، اپوزیشن کا سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ غیر سنجیدہ عمل ہے، حکومت ملک کے بڑے مسائل حل کرنا چاہتی ہے، دیکھ رہے ہیں فضل الرحمان اور ان کی پارٹی کتنی سنجیدہ ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا پارلیمان کی کارروائی سرکاری ٹی وی پربراہ راست آئے گی، پیمرااورپریس کونسل کوختم کرنے کا فیصلہ کیاہے، پیمرا کو ختم کرکے پاکستان میڈیاریگولیٹری اتھارٹی بنائیں گے، پاکستان میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ہر قسم کے میڈیا پر نظر رکھے گی اور اس میں تمام اتھارٹیز کا انضمام کیا جائے گا۔

    ان کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی میں سینسرشپ ختم کردی،جلد تبدیلی نظرآئے گی ، پی ٹی وی نیشنل کوپی ٹی وی سیاست کےنام سےتبدیل کررہےہیں، ایک ہی اتھارٹی پرنٹ، الیکٹرانک اورسوشل میڈیا کو دیکھے گی۔

    وزیراطلاعات نے کہا کہ ماضی میں وفاقی حکومت نے 17ارب اشتہارات پرخرچ کئے، اشتہارت کے معاملات سے متعلق رجوع کمیٹی بنائی ہے، عمران خان نے پابندی لگا دی ہے، ذاتی تشہیر کیلئے قومی خزانہ خرچ نہیں ہوگا۔

    عامر لیاقت کے بیان کے حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عامرلیاقت کی بات پر کیا کمنٹ کروں خدا سب کو ہدایت دے۔

    صدارتی امیدوار سے متعلق انھوں نے کہا اعتزازاحسن اہم شخصیت ہیں لیکن عارف علوی ہمارے امیدوارہیں، صدارتی انتخاب میں عارف علوی کوکوئی چیلنج نہیں ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کوکیوں لایا جاتا ہے ان کا ٹرائل تو جیل میں آرام سے ہوسکتا ہے۔

  • عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے، فواد چوہدری

    عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ قائداعظم محمد علی جناح کی روایت کو برقراررکھا جائے گا، اس لئے عمران خان شیروانی پہن کر حلف اٹھائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکرکے لئے جمہوری طریقے کو فالو کرنا ضروری ہے، امید ہے اسپیکر کے انتخاب میں 175سے زائد ووٹ لیں گے، ہمارے اتحادی بھی پی ٹی آئی کے جھنڈے تلے متحد ہے۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا اتحاد غیر فطری ہے، جو اتحاد زیادہ دیر نہیں چل سکتا، وزیراعلیٰ پنجاب اور کابینہ سے متعلق فیصلے دو سے تین دن میں ہوجائیں گے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا قائداعظم محمدعلی جناح کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عمران خان شیروانی پہن کرحلف اٹھائیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایک مرتبہ پھراحتساب عدالت پرحملہ کیا گیا ہے، مسلم لیگ ن کے جتھے احتساب عدالت پرمسلسل حملے کررہےہیں، مسلم لیگ ن کے احتساب عدالت پرحملےکی مذمت کرتے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا یہ نہیں ہوسکتا لوگوں کوعدالت بھجوا دیں نعرے بازی کرائیں، عدالتوں پرحملوں کارویہ قبول نہیں کیا جائے گا،عدالتوں پر حملے ہوں گے نوازشریف کا جیل میں ٹرائل ہوگا۔

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چودھری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان وزارت عظمیٰ کا حلف شیروانی زیب تن کر کے اُٹھائیں گے۔

    خیال رہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکراورڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے انتخاب کے لیے اسد قیصراور خورشیدشاہ کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔

    ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی کے لئے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد اُمیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے اُمیدواراسد محمود کے مابین مقابلہ ہوگا۔

    واضح رہے قومی اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے بعد وزیر اعظم کے عہدے کے لیے اُمیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوں گے۔