Tag: Fawad Chaudhry

  • نوازشریف زرضمانت جمع کرائیں اور ٹائم فریم دے کر چلے جائیں، فواد چوہدری

    نوازشریف زرضمانت جمع کرائیں اور ٹائم فریم دے کر چلے جائیں، فواد چوہدری

    اسلام آباد : وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کا ای سی ایل سے نام نکالنا بڑا فیصلہ ہے، نواز شریف زرضمانت جمع کرائیں اور ٹائم فریم دے کر چلے جائیں، ایسا نہ ہو کہ وہ بھی اسحاق ڈار کی طرح واپس نہ آئیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں میزبان کاشف عباسی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ بیرون ملک علاج کیلئے سابق وزیراعظم کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنا حکومت کا بہت بڑا فیصلہ ہے، وزیراعظم عمران خان نے خود انکوائری کروائی کہ نوازشریف واقعی بیمار ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اتنے جھوٹ بولے گئے ہیں کہ اب یقین کرنا مشکل ہے، ٹاسک ہے لوگوں کو یقین دلایاجائے نوازشریف واقعی بیمار ہیں، یہ بھی ایک وجہ ہے ایسا نہ ہوں نوازشریف اسحاق ڈار کی طرح نہ آئیں، آج کابینہ میں ایک درمیانی راستہ اختیار کیا گیا ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ نوازشریف زر ضمانت جمع کرائیں اور ٹائم فریم دے کر جاسکتے ہیں، ضمانت تو دینا ہوگی کیونکہ ایسانہ ہو کہ وہ اسحاق ڈار کی طرح چلے جائیں اورواپس نہ آئیں، نواز شریف واپس نہ آئے تو پھر حکومت پر ڈیل کے الزامات لگیں گے، نواز شریف کو بانڈز جمع کرا ئے بغیر جانے دیں گے تو لوگ کہیں کہ فرار کرادیا۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دینا حکومت کا ایک بڑا قدم ہے، انسانی حقوق کی بنیاد پر فیصلہ کررہے ہیں، ن لیگ بھی تعاون کرے، ن لیگ والے ابھی بھی اسی ایشو پر سیاست کررہے ہیں، عوام کو مطمئن کرنے کیلئے بھی تو حکومت نے اقدامات کرنے ہیں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی پر بھی یہ ہی الزام ہے کہ انہوں نے اسحاق ڈار کو اپنا طیارہ فراہم کیا، ان لوگوں نے کہا کہ ماضی میں کوئی ڈیل نہیں ہوئی اور پھر ڈیل نکل آئی، اسحاق ڈار بھی بڑی باتیں کیا کرتے تھے لیکن آج وہ بیرون ملک بیٹھے ہیں، حسین نواز اور حسن نواز بھی کہتے ہیں کہ عدالتوں میں پیش ہوں گے، والد کی طبیعت اتنی خراب ہے بچے پاکستان کیوں نہیں آرہے؟

    انہوں نے کہا کہ اپنے کیریئر میں ایسا کبھی  نہیں دیکھا کوئی مجرم بیرون ملک جا کر علاج کرائے، نواز شریف کو نئے نئے چیلنج قائم کرنے کی عادت ہے، مشرف دور میں بھی نوازشریف بیرون ملک گئے تھے، وزیراعظم کیلئے بھی نام ای سی ایل سے نکالنا مشکل فیصلہ ہے، کابینہ اجلاس میں مختلف تجاویز آئیں جس پر گفتگو کی گئی، تجویز تھی جتنے الزامات ہیں اتنی مالیت بطور ضمانت جمع کرادیں، تجویز آئی جن عدالتوں میں کیسز ہیں وہاں سے این اوسی لے لیں، حکومت نے خود کو کلیئر کرنا ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ای سی ایل سے نام نکالنے کیلئے حکومت کی اپنی شرائط ہوتی ہیں، ای سی ایل قوانین کے تحت نوازشریف سے بانڈ مانگے گئے، ای سی ایل شق 3کے تحت نام ہوگا تو کابینہ ہٹانے کا فیصلہ کرے گی۔

    زلفی بخاری کا نام ای سی ایل میں نہیں اسٹاپ لسٹ میں تھا، اب تک جو نام ای سی ایل سے نکالے گئے ان میں سے کوئی سزا یافتہ مجرم نہیں تھا، مجرم کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

  • فواد چوہدری کا اپوزیشن سے ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا مطالبہ

    فواد چوہدری کا اپوزیشن سے ڈپٹی اسپیکر کیخلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا مطالبہ

    اسلام آباد : وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپوزیشن سے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا جب آپ ناکام ہوتے ہیں تو اداروں کیخلاف مہم جوئی کرتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا اپوزیشن ڈپٹی اسپیکرقاسم سوری کیخلاف تحریک عدم اعتمادواپس لے، ہر2ماہ بعدآپ ایسااقدام لیتےہیں جس سےسیاسی تلخی میں اضافہ ہوتاہے، جب آپ ناکام ہوتےہیں تواداروں کیخلاف مہم جوئی کرتے ہیں ، یہ مناسب رویہ نہیں۔

    یاد رہے اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی ، تحریک آرٹیکل 53 کے تحت جمع کرائی گئی، جس میں کہا گیا ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے آئین اور قواعد کی خلاف ورزی کی ہے، ڈپٹی اسپیکر ارکان اسمبلی کا اعتماد کھو چکے ہیں۔

    مزید پڑھیں : اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرا دی

    قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے اعلان کیا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جائے گی، اِسٹے آرڈر کے پیچھے چھپے ڈپٹی اسپیکر نے 12 آرڈیننس بغیر کارروائی پاس کرائے، قاسم سوری نے اسپیکر کی کرسی پر بیٹھ کر یہ سیاہ دن دکھایا۔

  • متعدد وفاقی وزرا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مخالف ہیں ، فواد کا انکشاف

    متعدد وفاقی وزرا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مخالف ہیں ، فواد کا انکشاف

    اسلام آباد : وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ متعدد وفاقی وزرا نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے مخالف ہیں اور میری بھی ذاتی رائے یہی ہے کہ نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی سمری کابینہ کو موصول نہیں ہوئی ، نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لئے کابینہ کی منظوری درکار ہے، ابھی تک ایسی سمری کابینہ کے ایجنڈے میں شامل نہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ متعدد وفاقی وزرا نے نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ہے ، میری ذاتی رائے یہی ہے کہ نواز شریف کا باہر جانا زیادتی ہوگی، ای سی ایل سے نام نکالنے کے لئے سب کا حامی ہونا مشکل ہے۔

    وفاقی وزیر نے مزید کہا نوازشریف اتنے مصروف رہے کہ اپنے علاج کے لئے ایک اسپتال بھی نہ بنا سکے، ن لیگ کا بیانیہ ہے نواز شریف کو باہر بھیجا جائے، ن لیگ ایسا اسپتال نہیں بنا سکی، جس میں نوازشریف کا علاج ہوسکے۔

    مزید پڑھیں : نواز شریف کی غیر ملکی ایئر لائن کی ٹکٹیں منسوخ ہوگئیں

    خیال رہے نوازشریف کا نام تاحال ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں موجود ہے، جس کے باعث سابق وزیرِاعظم کی لندن روانگی منسوخ ہوگئی، انھوں نے قطرائیرلائن کی پرواز میں سیٹیں بک کرائی تھیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ شریف خاندان کو نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکلنے کا انتظار ہے، نام نکلنے کے فوری بعد نوازشریف کو علاج کے لیے بیرون ملک منتقل کیا جائے گا۔

  • ‘مودی کا اگلا نشانہ سندھ طاس معاہدہ ہوگا’

    ‘مودی کا اگلا نشانہ سندھ طاس معاہدہ ہوگا’

    اسلام آباد : وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا ہے کہ مودی کااگلانشانہ سندھ طاس معاہدہ ہوگا ، پاکستان کے پاس آنکھ جھپکنے کا بھی وقت نہیں ، شدیدنقصان کے لیے تیار رہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اندرونی سیاسی سازشیں کشمیریوں کی حالت سے ہماری توجہ ہٹائے ہوئے ہیں، شدید نقصان کے لیے تیار رہیں۔

    فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ مودی کااگلانشانہ سندھ طاس معاہدہ ہوگا، بھارت پاکستان کے حصے کا پانی پتہ نہیں کیسے برداشت کررہاہے، پاکستان کے پاس آنکھ  جھپکنے کا بھی وقت نہیں، تیار رہیں۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی وزیر نے کہا تھا کشمیرکامسئلہ اس دھرنےکی وجہ سےپیچھےچلاگیاہے، مولانا فضل الرحمان کی سیاسی قوت سے اختلاف ہے، امید ہے مولانا کا مارچ پر امن رہے گا،دھرنے کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔

    مزید پڑھیں : کشمیر کا مسئلہ اس دھرنے کی وجہ سے پیچھے چلا گیا ہے، فواد چوہدری

    خیال رہے بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کی انتخابی ریلی میں پاکستان کاپانی روکنےکی پھردھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ میں جو فیصلہ کرتا ہوں اسے پورا کرتا ہوں ، بھارتیوں کا پانی پاکستان جاتا رہے اور پاکستان ہرا بھرا رہے یہ کیسے ہوسکتاہے، بھارت کاپانی پاکستان نہیں جانےدوں گا اب ایک بوندپانی بھی اب پاکستان نہیں جائے گا۔

  • کشمیر کا مسئلہ اس دھرنے کی وجہ سے پیچھے چلا گیا ہے، فواد چوہدری

    کشمیر کا مسئلہ اس دھرنے کی وجہ سے پیچھے چلا گیا ہے، فواد چوہدری

    کراچی : وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ، امید ہے مولانا کا مارچ پر امن رہے گا، کشمیرکامسئلہ اس دھرنےکی وجہ سے پیچھے چلا گیا ہے، پاکستان میں فی الحال عمران خان کاکوئی نعم وبدل نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے جامعہ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کراچی یونیورسٹی 1200ایکڑ رقبے پر محیط ہے، قیام پاکستان کے بعد پاکستان جدید ریاست کے طور پر سامنے آیا، میں سائنسدان نہیں ایک وکیل ہوں، میرے خیال میں سائنسدان سیاست میں دلچسپی نہیں رکھتے ، جب آپ سیاست میں دلچسپی رکھیں گے تو وکیل ہی بنیں گے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جب دشمن واضح نہ ہو تو مشکل ہوتی ہے، بھارت ہمارا دشمن اس سے نمٹ لیں گے، 30 سے 40 سال سے ہمارا انجینئرنگ کا شعبہ ترقی نہیں کرسکا، سائنس اینڈٹیکنالوجی کےبجٹ میں 600فیصد اضافہ کیا گیا۔

    وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں 200 سے زائد جامعات ہیں، پہلی بار پاکستان میں سولر پینل مینوفیکچرنگ لے کر آرہے ہیں، جب سولر مینوفیکچرنگ ہوگی تو اسٹرکچر ہی بدل جائےگا، پاکستان میں اب اسکولز، کالجز میں بھی اضافہ ہونا چاہئے، ہماری حکومت مزید اسکول اور کالجز بنائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ جامعات کی تعداد کافی ہے، اسکول و کالجوں کی تعداد بڑھانی چاہیے، اسکول اور کالجوں کی تعداد میں اضافے سے جامعات مضبوط ہوں گی، ہماری حکومت مزید اسکول اور کالج بنائے گی۔

    بعد ازاں وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا خوشی ہے پاکستان میں ریسرچ کا کلچر واپس آرہا ہے، ہماری پالیسی 6سال رہی تو پاکستان کا کھویا مقام واپس آئے گا، 2022 میں ہم اپنا پہلا اسپیس مشن خلا میں بھیج رہےہیں، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کےبجٹ میں600فیصداضافہ ہوا، بڑی سولر پینلز کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئےآرہی ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان سے پولز اور تاریں ختم ہو جائیں گی، لیتھیم بیٹریز کے شعبے کو بہتر کرنا چاہتے ہیں، ایڈوانس ٹیکنالوجی کیلئے بڑے سینٹرز کو اکٹھا کر رہے ہیں، ہم سب سے ملکر جدید ریسرچ سینٹرز بنا رہے ہیں۔

    فضل الرحمان کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا مولانا فضل الرحمان کی سیاسی قوت سے اختلاف ہے، امید ہے مولانا کا مارچ پر امن رہے گا، علمائے کرام کا عزت و وقار ہے،احترام کرتے ہیں، اب یہ لوگ کہتے ہیں پی ٹی آئی نے بھی دھرنا دیا تھا، پی ٹی آئی نے عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹائے پھر دھرنا دیا تھا۔

    ان کا نواز شریف کی صحت سے متعلق کہنا تھا کہ اللہ نوازشریف کوصحت یابی عطافرمائے، ہم نواز شریف کی صحت کے لئے دعا گوہیں، فی الحال پاکستان میں ایک ہی لیڈروہ عمران خان ہے، پاکستان میں فی الحال عمران خان کاکوئی نعم وبدل نہیں۔

    فواد چوہدری نے مزید کہا کہ آپ کو پی ٹی آئی والوں کی شکل نہیں پسند مگر چلنا ہمارےساتھ ہی ہے، پی ٹی آئی کی تحریک سیاسی تحریک تھی، مولاناصاحب کی تحریک کیا ہے یہ تو ان کوبھی نہیں پتہ، انشااللہ دھرنے کا مسئلہ حل ہوجائے گا، کشمیرکامسئلہ اس دھرنےکی وجہ سےپیچھےچلاگیاہے۔

  • لاہور میں آلودگی کی بڑی وجہ کیا ؟ فواد چوہدری نے بتادیا

    لاہور میں آلودگی کی بڑی وجہ کیا ؟ فواد چوہدری نے بتادیا

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور میں آلودگی کی بڑی وجہ سرحد پار کی صورتحال ہے ، بھارت میں فصل کاٹنے کے بعد آگ لگانا بڑا ماحولیاتی مسئلہ ہے، مودی سرکار ہر معاملے میں ناکام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے فضائی آلودگی کے حوالےسے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا کل وزارت ماحولیات نے کابینہ کو آلودگی سے آگاہ کیا،لاہور میں آلودگی کی بڑی وجہ سرحد پار کی صورتحال ہے، لاہور میں آلودگی کا تناسب واہگہ بارڈر پر آلودگی کے تناسب سے آدھا ہے، دہلی سے امرتسر تک فصل کاٹنے کے بعد آگ لگائی جاتی ہے، بھارت میں فصل کاٹنے کے بعد آگ لگانا بڑا ماحولیاتی مسئلہ ہے، مودی سرکار ہر معاملے میں ناکام ہے۔

    خیال رہے دنیا میں فضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہور دوسرے نمبر پر آگیا، امریکی ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق فضاء میں گرد کے ذرات (پی ایم 2.5) کی تعداد 35 مائیکرو گرام فی مکعب میٹرسے زیادہ نہیں ہونی چاہیے جبکہ 28ایک موقع پر اکتوبر کو لاہور کی فضاء میں ان ذرات کی تعداد 10 گنا زیادہ پائی گئی۔

    یاد رہے موسم سرما میں پنجاب میں گرد آلود دھند کا سلسلہ جاری رہتا ہے ، ماہر ماحولیات کا کہنا تھا گرد آلود دھند کی بڑی وجہ بھارتی پنجاب بڑی مقدار میں فصلوں کا جلانا اور صنعتوں میں اضافہ ہے۔

  • ‘بیٹے پیسے واپس کردیتے تو نوازشریف تکلیف میں نہ پڑتے’

    ‘بیٹے پیسے واپس کردیتے تو نوازشریف تکلیف میں نہ پڑتے’

    اسلام آباد : وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف کو ضمانت ملنا قانونی معاملہ ہے ، ہمیں اعتراض نہیں، بیٹے پیسے واپس کردیتےتو نوازشریف تکلیف میں نہ پڑتے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ضمانت منظور ہونے کے عدالتی فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا نوازشریف سے ذاتی لڑائی جھگڑا نہیں، ان سے اختلاف پالیسیزاور کرپشن پرہے۔

    ،فوادچوہدری کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو ضمانت ملنا قانونی معاملہ ہے ، ہمیں اعتراض نہیں، نوازشریف کو تکلیف ان کے بیٹوں کی وجہ سے ہوئی ، بیٹے پیسے واپس کردیتے تو نوازشریف تکلیف میں نہ پڑتے۔

    دوسری جانب معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہم کسی کی بیماری پر سیاست نہیں کرناچاہتے ہیں، ہمارےپاس بیماری پرسیاست
    کے علاوہ اور بہت کام ہیں، عدالت کے تفصیلی فیصلے سے پہلے کوئی مؤقف نہیں دے سکتے۔

    یاد رہے لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی درخواست ضمانت منظور کرلی اور ایک کروڑ روپے کے 2ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم
    دیا، نوازشریف کی ضمانت چوہدری شوگرملزکیس میں منظور کی گئی۔

    مزید پڑھیں : سابق وزیراعظم نوازشریف کی درخواست ضمانت منظور

    نواز شریف کی طبی بنیادوں پر رہائی کی درخواست ان کے بھائی شہباز شریف نے دائر کی تھی۔

    خیال رہے نواز شریف چوتھے روز بھی سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر مریم نواز کو اپنے والد کے ساتھ ٹھرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

    میڈیکل بورڈ کے سربراہ ڈاکٹر محمود ایاز نے کہا ہے کہ نوازشریف کے ضروری ٹیسٹ کرالئے گئے ہیں، اُن کا پی ای ٹی اسکین اب دو سے تین روز بعد کیا جائےگا، نوازشریف کوآٹوامیون ڈس آرڈرہے، اُنہیں آئی وی آئی جی انجکشنز پر رکھا گیا ہے، جس سے ان کا ہیموگلوبن بہترہوگا، جس کی افادیت دو سے تین روز میں ظاہر ہوگی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف کے ذاتی معالج کو بھی میڈیکل بورڈ میں شامل کرلیاگیا، جس کے بعد ممبز کی تعداد 10 ہوگئی ہے۔

  • مولانا سیاستدان بنیں، ڈنڈوں سے کوئی نہیں ڈرے گا: فواد چوہدری

    مولانا سیاستدان بنیں، ڈنڈوں سے کوئی نہیں ڈرے گا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ مولانا کو چاہیئے سیاستدانوں والا رویہ اختیار کریں، ڈنڈوں سے کوئی بھی نہیں ڈرے گا۔ پاکستان کو عمران خان کی لیڈر شپ پر فخر ہونا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سمجھ نہیں آرہی مولانا صاحب کا مطالبہ کیا ہے، ہمیں اس پر ریسرچ کرنی چاہیئے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا صاحب کو چاہیئے سیاستدانوں والا رویہ اختیار کریں، ڈنڈوں سے کوئی بھی نہیں ڈرے گا۔ پاکستان کو عمران خان کی لیڈر شپ پر فخر ہونا چاہیئے، عمران خان کا کردار عالمی سیاسی منظر نامے پر آرہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ مولانا کا مطالبہ ہے عمران خان استعفیٰ دیں، اردو کا محاورہ ہے بلی کے خواب میں چھیچھڑے۔ فضل الرحمٰن کے احتجاج پر کمیٹی بنا دی ہے۔ ریسرچ کرنی پڑے گی، تھیسز لکھنے پڑیں گے کہ مولانا چاہتے کیا ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا کوئی چی گویرا تو نہیں کہ لوگ ان سے ڈر جائیں گے۔ میرے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھارتیوں کو مسائل ہو رہے ہیں۔

    اس سے قبل ایک موقع پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا کے دھرنے پر کیا بات کرنی، یہ دکانداری چمکانے نکلے ہیں۔ ان کا اتحاد صفر جمع صفر برابر صفر ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ سب کو ملا کر بھی تحریک انصاف نے شکست دی ہے آئندہ بھی دیں گے، آج بھی الیکشن کروا لیں عمران خان ان کے لیے اکیلے کافی ہیں، میں نے تو پہلے بھی کہا ہے بارگین کرنی ہے تو نیب سے کرلیں۔

  • ایک کروڑ نوکریاں دینے پر بیان ،  فواد چوہدری نے وضاحت کردی

    ایک کروڑ نوکریاں دینے پر بیان ، فواد چوہدری نے وضاحت کردی

    اسلام آباد :وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ملازمتوں سے متعلق بیان کوغلط تناظرمیں پیش کیاگیا ، پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا تھا ، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایک کروڑ سرکاری نوکریاں دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے اپنے بیان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ملازمتوں سے متعلق بیان کوغلط تناظرمیں پیش کیاگیا، میں نے کہا تھا سرکاری ملازمتوں کی فراہمی مستقل معاشی حل نہیں، میرا مدعایہ تھا اور آج بھی اس پرقائم ہوں۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا کہا تھا ، اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایک کروڑ سرکاری نوکریاں دیں گے، حکومت کا کام ایسے مواقع پیدا کرنا ہے کہ ملازمتیں پیدا ہوں۔

    فواد چوہدری نے کہا ملک میں ملازمتوں پرحکومتی ورک فورس کاتناسب صرف6فیصدہے، 94فیصد ملازمتیں پرائیویٹ سیکٹرکی ہیں، چھ فیصد کو دگنا بھی کر دیں تب بھی روزگارکا مسئلہ حل نہیں ہوگا۔

    مزید پڑھیں : نوکریوں سے متعلق سرخیوں پر فواد چوہدری کا اظہار حیرت

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ایسا کیا بھی جائے تو معیشت کیساتھ حکومتی ادارےبھی بیٹھ جائیں گے، بے دریغ ملازمتیں دے کر اداروں کو دیوالیہ کرنا پی پی اور ن لیگ کاوطیرہ تھا، میرٹ کیخلاف لوگ بھرتی کرنے سے اداروں، معیشت کو نقصان ہوا۔

    انھوں نے مزید کہا معاشی ترقی مقصود ہے تو پرائیویٹ سیکٹر کومضبوط کرنا ہوگا ، جامع معاشی حکمت عملی سے ہی مسائل کاحل ممکن ہے۔

    یاد رہے گذشتہ روز فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ حیران ہوں ہر بیان کیسے سیاق و سباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے، حکومت نوکریوں کے لیے صرف ماحول بناتی ہے، ’میں نے کہا تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں۔‘

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہر شخص کا سرکاری نوکری ڈھونڈنا ممکن نہیں ہے، ملک میں معیشت بہتر ہو تو نجی شعبہ نوکریاں فراہم کرتا ہے اور ملک میں بے روزگاری میں کمی آتی ہے۔

  • نوکریوں سے متعلق سرخیوں پر فواد چوہدری کا اظہار حیرت

    نوکریوں سے متعلق سرخیوں پر فواد چوہدری کا اظہار حیرت

    اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اور ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نوکریوں کی فراہمی سے متعلق نیوز سرخیوں پر حیرت کا اظہار کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ حیران ہوں ہر بیان کیسے سیاق و سباق کے بغیر سرخی بنا دیا جاتا ہے، حکومت نوکریوں کے لیے صرف ماحول بناتی ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا ’میں نے کہا تھا کہ نوکریاں حکومت نہیں پرائیویٹ سیکٹر دیتا ہے، حکومت نے ماحول پیدا کرنا ہے جہاں نوکریاں ہوں۔‘

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہر شخص کا سرکاری نوکری ڈھونڈنا ممکن نہیں ہے، ملک میں معیشت بہتر ہو تو نجی شعبہ نوکریاں فراہم کرتا ہے اور ملک میں بے روزگاری میں کمی آتی ہے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ وفاق کے تحت 4 سو ادارے ختم کرنے جا رہے ہیں، عوام نوکریوں کے لیے حکومت کی طرف نہ دیکھیں، نوکریاں دیں گے تو ملکی معیشت بیٹھ جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  حکومت کا چھوٹی صنعتوں کو ٹیکس مراعات دینے پر غور

    ان کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ پیش کیا گیا، انھوں نے اس بات پر بھی حیرانی کا اظہار کیا کہ ہر بیان کے ساتھ یہی کیا جاتا ہے، نیوز سرخیاں سیاق و سباق سے ہٹ کر بنا دی جاتی ہیں۔

    واضح رہے کہ پی ٹی آئی حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہی ہے، تاکہ ملازمتوں اور کاروبار کے مواقع بڑھیں۔

    اس سلسلے میں حکومت نے چھوٹی صنعتوں اور تعمیراتی شعبے کے فروغ اور بحالی پر غور شروع کر دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان رواں ہفتے ایس ایم ایز کے فروغ کے لیے مکمل ایکشن پلان پیش کرنے کی ہدایت بھی جاری کر چکے ہیں۔