Tag: Fawad Chaudhry

  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے  پولیس کو  فواد چوہدری  کی گرفتاری  سے روک دیا

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس کو فواد چوہدری کی گرفتاری سے روک دیا

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے آزادی لانگ مارچ کے حوالے سے درج مقدمے میں پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی 10 روزہ حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو گرفتاری سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں آزادی لانگ مارچ کے حوالے سے جہلم میں درج مقدمے کے معاملے پر فواد چوہدری اور فراز چوہدری کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نےدرخواستوں پرسماعت کی ، عدالت نے فواد چوہدری ا ور فراز چوہدری کی 10 روز کے لیے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے دونوں کو 5،5 ہزار کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    عدالت نے پولیس کو فواد چوہدری اور فراز چوہدری کی گرفتاری سےروکتے ہوئے دونوں رہنماؤں کو 10 روز میں متعلقہ عدالت پیش ہونے کا حکم دیا۔

    یاد رہے 25 مئی کو آزادی مارچ کے قافلے کی قیادت کرنے پر جہلم پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری اور فراز چوہدری سمیت 200افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

    ایف آئی آر مختلف دفعات کے تحت تھانہ منگلا میں درج کی گئی ، جس میں غیرقانونی ریلی نکالنے اور پولیس پر پتھراؤ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
    .
    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا تھا کہ شرکا ریلی کے پتھراؤ سے پولیس اہلکار زخمی ہوئے جبکہ پتھراؤ سے پولیس وین اور دیگر گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

  • آزاد پاکستان یا غلام پاکستان؟ آج فیصلہ ہوگا: فواد چوہدری

    آزاد پاکستان یا غلام پاکستان؟ آج فیصلہ ہوگا: فواد چوہدری

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ آج وہ دن ہے جب فیصلہ ہوگا کہ آزاد پاکستان یا غلام پاکستان؟ پاکستان کے عوام حقیقی آزادی کے لیے نکلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج پاکستان کے عوام حقیقی آزادی کے لیے نکلیں گے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ آج وہ دن ہے جب خود مختاری کا فیصلہ ہوگا، آزاد پاکستان یا غلام پاکستان؟ اپنی آنے والی نسلوں کے لیے باہر نکلو۔

    انہوں نے کہا کہ اپنی آواز عمران خان کی پکار میں شامل کرو، عوام کے لیے، انقلاب کے لیے اور پاکستان کے لیے نکلو۔

  • سپریم کورٹ نوٹس نہ لیتی تو یہ مقدمات ختم ہوجاتے، فواد چوہدری

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نوٹس نہ لیتی تویہ مقدمات ختم ہوجاتے، امید ہے اب ان کیسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے اداروں میں حکومتی مداخلت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے حکم پر اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا انصاف کی فراہمی کیلئے یہ سپریم کورٹ کا سب سے بڑا قدم ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ انھوں نے اقتدار میں آکر سب سے پہلے تفتیشی ٹیم تبدیل کی ریکارڈ بدلا ، حکومت میں آکر پراسیکیوشن کا وکیل بھی اپنا لگادیا، ان کے اپنے خلاف مقدمات میں دونوں طرف ان کے اپنے ہی وکیل ہیں۔

    سابق وزیر نے کہا کہ سپریم کورٹ نوٹس نہ لیتی تو یہ مقدمات تو ختم ہوگئے تھے، امید ہے اب ان کیسز کو کوئی نقصان نہیں پہنچے گا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعدعدالتوں پرعوام کااعتماد بڑھے گا۔۔

    ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے وقار کی بحالی میں وکلا نے اہم کرداراداکیاہے، تاثر پر نہیں بلکہ شواہد اورشہادتوں پر سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیا اور حکومت کے پاس سپریم کورٹ کے سوالات کاکوئی جواب نہیں تھا۔

    فواد چوہدری نے وزیرداخلہ کو مشورہ دیا کہ اپنے مقدمات میں میرٹ پر چلنے دیں مداخلت نہ کریں ، یہ اچانک گھبرا گئے ہیں اور یہ ایسے اقدامات کریں گے کہ ملک کو نقصان ہوگا۔

    زرداری کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ماضی میں آصف زرداری کے مقدمات کا ریکارڈ ہی غائب ہوگیا تھا، آصف زرداری نے ماضی میں خود کو عدالتوں سے کلین چٹ دلوائی، ان دو خاندانوں نے پاکستان پر ظلم اور سسٹم کو تباہ کیا ہے۔

  • ‘پوری نام نہاد حکومت لندن میں  بیٹھی،  روپیہ193 روپے فی ڈالر پر چلا گیا ‘

    ‘پوری نام نہاد حکومت لندن میں بیٹھی، روپیہ193 روپے فی ڈالر پر چلا گیا ‘

    اسلام آباد : سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پوری نام نہاد حکومت لندن بیٹھی ہے۔ یہاں روپیہ193 روپے فی ڈالر پر چلا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب ویب سائٹ ٹوئٹر پر معاشی صورتحال سے متعلق شہباز حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پوری نام نہاد حکومت لندن بیٹھی ہے۔ یہاں روپیہ193روپے فی ڈالرپرچلاگیا ہے، ملک میں کوئی حکومت نہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پانی میسرنہیں خریف کی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں یہ مذاق بند کریں، عبوری حکومت بنائیں اور انتخابات کرائیں ،الیکشن کراؤ ملک بچاؤ،

    خیال رہے انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر ملک کی تاریخ کی بلند ترین سطح پر برقرار ہے ، انٹربینک میں ڈالر192 روپے90 پیسے پرٹریڈکررہاہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر194روپےکے قریب فروخت ہورہا ہے۔

    گذشتہ روز فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ معاشی طورپر پاکستان کو تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور ملک کوسری لنکا ماڈل بنانے کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں ، اس پراجیکٹ پر کام ہورہا ہے کہ پاکستان غیرملکی طاقتوں کے ہاتھوں میں چلا جائے، ملک بچانے کیلئےپی ٹی آئی کو جس حد تک جاناپڑا جائے گی۔

  • رشتے داروں کو  نوکریاں دینے کا الزام :  فواد چوہدری نے  مریم نواز سے ثبوت مانگ لیا

    رشتے داروں کو نوکریاں دینے کا الزام : فواد چوہدری نے مریم نواز سے ثبوت مانگ لیا

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے رشتے داروں کو نوکریاں دینے کا الزام پر 24 گھنٹے میں مریم نواز سے نام مانگ لئے۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کے الزام پر درعمل دیتے ہوئے کہا مریم نواز ان رشتے داروں کے نام بتائیں جن کو میں نے نوکریاں دیں اور 24 گھنٹے میں ایسا نہ کرنے پر ان کو لیگل نوٹس بھجوا رہا ہوں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے بعد اربوں روپےبلوچستان کو ٹرانسفر ہوئے ، آج بلوچستان کی لیڈرشپ کے مہنگے گھر، مہنگی گھڑیاں ہیں، آج بلوچستان کی لیڈرشپ کودیکھیں اورعوام کا حال دیکھیں۔

    یاد رہے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے الزام عائد کیا تھا کہ سابق وزیراطلاعات نے اپنے رشتے داروں کو نوکریوں پر لگوایا۔

  • اگلے دو ہفتوں میں حکومت ختم ہوجائے گی، فواد چوہدری کا دعویٰ

    جہلم : سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اس وقت شہباز شریف کےپاس168ممبرز ہیں،3 انہیں چھوڑچکے ہیں لہٰذا حکومت چند دن کی مہمان ہے۔

    یہ بات انہوں نے لدھڑہاؤس جہلم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کو پارلیمنٹ میں اکثریت کیلئے172ممبرز اور صوبہ پنجاب میں186ممبرز چاہیئں، اس وقت شہباز شریف کے پاس168ممبرز ہیں،3انہیں چھوڑ کر جاچکے ہیں۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ انشا اللہ انصاف ہوگا اور منگل یا بدھ تک 25افراد الیکشن کمیشن سے نااہل ہوں گے۔مسلم لیگ ن کے پاس171ممبران رہ جائیں گے، پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے اتحاد سے176تعداد ہوجائے گی، انشاء اللہ عزوجل موجودہ حکومت بدھ یا جمعرات کو ختم ہوجائے گی۔

    ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے 20مئی کے ملتان جلسے سے قبل حکومت گرجائے گی، زیادہ سے زیادہ 2ہفتے میں حکومت ختم ہوجائے گی پھرالیکشن کی طرف بڑھاجائیگا، الیکشن کمیشن میں وفاقی و صوبائی اسمبلیوں کے ممبران کے علیحدہ کیسز ہیں، ہماری ترجیح صوبائی اسمبلی کیس پر ہے، ممبران قومی اسمبلی کا کیس چلے گا۔

    سابق وزیر نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے اس کو کیوں رکھ کے بیٹھے ہیں، ایک طرف کہتے ہیں کہ عدالتیں 24گھنٹے کھلی ہیں، دلائل مکمل ہوچکے ہیں، صوبائی اسمبلی ممبران کا جلد فیصلہ سنائیں تاکہ پنجاب میں بحران ختم ہو، جب بھی بحران حد سے بڑھتا ہےتوآخر کار آپ ووٹرز کے پاس ہی جاتے ہیں۔

    ان کے ساتھ عوام ہے نہ ممبران کی اکثریت ہے، یہ بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کے زور پر اقتدار سے چمٹے ہوئے ہیں، رواں سال کےآخر میں گندم کا بحران جنم لے گا آٹاعوام کو نہیں ملے گا، حکومت کو سمجھ نہیں آرہی کہ پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں بڑھانی ہیں یا نہیں۔

    کسی حکومت نے توہین مذہب کے قوانین مخالفین کیخلاف استعمال نہیں کیے، پاکستان میں وکلا نے اس معاملے پر سخت مخالفت کی جس پران کا شکر گزار ہوں، پاکستان بارکونسل، سپریم کورٹ بار نے اس معاملےکی مذمت تک نہیں کی۔

    ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز گل پی ٹی آئی کی ایک طاقتور، مؤثرآواز ہے جسے دبانے کی کوشش کی گئی، پاکستان میں ایسی آوازیں دبانے کیلئے ایسے واقعات رونما ہوچکے ہیں۔

  • پنجاب میں چیف سیکریٹری اور آئی جی کو سمجھ نہیں آرہا کس کی بات سننی ہے: فواد چوہدری

    پنجاب میں چیف سیکریٹری اور آئی جی کو سمجھ نہیں آرہا کس کی بات سننی ہے: فواد چوہدری

    اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ابھی تک کابینہ نہیں بنی، چیف سیکریٹری اور آئی جی کو سمجھ نہیں آرہا کس کی بات سننی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سال کے آخر میں گندم کی خریداری نہ ہونے سے آٹے کا بحران پیدا ہوجائے گا، پیپلز پارٹی کو راضی کرنے کے لیے پنجاب کا پانی سندھ کو دیا جارہا ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں ابھی تک کابینہ نہیں بنی، پنجاب کی اتنی بڑی آبادی کو انتظامی بحران میں ڈالا گیا، گندم کا سرکاری کوٹہ بند کر دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ چیف سیکریٹری اور آئی جی اپنی من مانی کر رہے ہیں، چیف سیکریٹری، آئی جی کو سمجھ نہیں آرہا کس کی بات سننی ہے، انتظامی فیصلے کرنے کے لیے پنجاب میں حکومت ہی نہیں۔ پنجاب کے انتظامی بحران پر فوری ایکشن کی ضرورت ہے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 9 تاریخ کو آرٹیکل 63 اے کیس کی سماعت رکھی ہے، جتنی جلدی آرٹیکل 63 اے پر فیصلہ آئے گا اتنا جلدی استحکام ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ عمران خان آج میانوالی سے جلسوں کا آغاز کر رہے ہیں، جلسوں کے دوران عمران خان لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ تحریک انصاف کے جلسے 20 مئی تک جاری رہیں گے۔

    فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ اداروں کا احترام ہم سب پر لازم ہے، ہمیں ہر صورت افواج پاکستان کے کردار کو تحفظ دینا ہے۔

  • فواد چوہدری کو ہراساں نہ کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ

    فواد چوہدری کو ہراساں نہ کیا جائے، اسلام آباد ہائیکورٹ

    اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سیکریٹری داخلہ یقینی بنائیں کہ فواد چوہدری کو ہراساں نہ کیا جائے۔

    اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے توہین مذہب مقدمات اندراج کے خلاف پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی حفاظتی ضمانت کی دائر درخواست کی سماعت کی۔

    عدالت عالیہ میں پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی نیوز کانفرنس ،مریم نواز کے بیانات پڑھ کر سنائے اور کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے کہا تھا کہ شیخ رشید سمیت ساتھیوں کا گھروں سے نکلنا مشکل کرسکتا ہوں جب کہ مریم نواز نے کہا تھا کہ عمران خانہ فتنہ ہے جسے کرش کرنا چاہیے۔

    ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے مزید کہا کہ 7رکنی بینچ کا فیصلہ ہے کہ ایک واقعےکی ایک سے زائد ایف آئی آرنہیں ہوسکتی، واقعہ مدینہ منورہ میں ہوا اور یہاں مقدمات درج کر لئے گئے، اسلام آباد کے دو تھانوں میں بھی مقدمات درج کیے گئے، ہم چاہتے ہیں کہ تمام مقدمات کی فہرست عدالت کے سامنے رکھی جائے، مقدمات پر پٹیشنر سمیت پی ٹی آئی کے لیڈرز اور کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ کیا فواد چوہدری تاحال ممبر قومی اسمبلی ہیں؟ جس پر پی ٹی آئی کے وکیل نے بتایا کہ فواد چوہدری ایم این اے کی نشست سے مستعفی ہو چکے ہیں مگر انہیں ابھی ڈی نوٹیفائی نہ کیا گیا ہے۔

    چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ جب تک ڈی نوٹیفائی نہ ہو، اسپیکرکی اجازت کے بغیر گرفتاری نہیں ہوسکتی، ہم عدالت کے دائرہ اختیار تک پولیس کو ہدایات جاری کر دیتے ہیں کہ آئندہ سماعت تک ان کےخلاف کوئی کارروائی بھی نہ کی جائے۔

    چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ سیکریٹری داخلہ یقینی بنائیں کہ فواد چوہدری کو ہراساں نہ کیا جائے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے عدالتی احکامات کی نقل سیکریٹری قومی اسمبلی کو بھی بھجوانے کی ہدایت کی۔

    بعد ازاں فیصل چوہدری ایڈووکیٹ نے احاطہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم نے دو پٹیشنز اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کیں شہباز گل کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی گئی، دوسری درخواست ہراسانی سے متعلق تھی جس پر عدالت نے پولیس کو فواد چوہدری کیخلاف آئندہ پیر 9 مئی تک مزید کاروائی سے روک دیا ہے۔

    مزید پڑھیں: عدالت نے شہباز گل کو امریکا سے وطن واپسی پر گرفتاری سے روک دیا

    انہوں نے کہا کہ آج تحریک انصاف کو بڑا ریلیف ملا ہے، حکومت کو آئین و قانون کے مطابق چلنا چاہیے، عید کی چھٹیوں کے بعد عدالت عظمی کا دروازہ بھی کھٹکٹائیں گے اور امید ہے چیف جسٹس اس معاملے کا نوٹس لیں گے۔

    ایڈووکیٹ فیصل جاوید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ریلیف نہ ملنے پر عدالت پر تنقید نہیں کرنی چاہیے، آج انہی عدالتوں سےہمیں ریلیف ملا ہے۔

  • عمران خان نے شفاف اور جوابدہ حکومت کی بنیاد رکھی: فواد چوہدری

    عمران خان نے شفاف اور جوابدہ حکومت کی بنیاد رکھی: فواد چوہدری

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ عمران خان پر لگائے الزامات سے اندازہ لگالیں انہوں نے کس قدر شفاف اور جوابدہ حکومت کی بنیاد رکھی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ چوں چوں کا مربع حکومت نے عمران خان پر سب سے بڑے 2 الزام عائد کیے ہیں۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ الزام یہ ہیں کہ انہوں نے گھڑی خریدی، اسے بیچ کر بنی گالہ کی سڑک بنوائی اور دوسرا ہیلی کاپٹر سے روز دفتر آتے تھے، ان دو الزامات سے اندازہ لگالیں عمران خان نے کس قدر شفاف اور جوابدہ حکومت کی بنیاد رکھی۔

    انہوں نے لکھا کہ الزام لگانے والوں میں ذرا سی بھی شرم ہوتی تو وہ ایسی باتیں نہ کرتے۔

    فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ لطیفہ یہ ہے کہ ہیلی کاپٹر کا کرایہ لگا رہے ہیں کہ اتنے گھنٹے کرائے کا ہیلی اڑے گا تو کتنا کرایہ ہوگا، بہرحال اب عمران آپ کے گٹے گوڈوں میں بیٹھ گیا ہے، الیکشن کرواؤ اور گھر جاؤ۔

  • ‘900 چوہے کھا کر بلی حج کو چلی’

    ‘900 چوہے کھا کر بلی حج کو چلی’

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے مریم نواز کی عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر طنز کرتے ہوئے کہا 900 چوہے کھا کر بلی حج کو چلی۔

    تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر مریم نواز کی عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست پر درعمل دیتے ہوئے کہا 900 چوہے کھا کربلی حج کو چلی، اب مریم بی بی نےعدالت میں درخواست دی عمرہ پر جانا ہے، عدالت پاسپورٹ دے تب جاکر اس محاورے کے معنی،وسعت سمجھ آئی۔

    یاد رہے گذشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے مریم نواز کی پاسپورٹ واپس کرنے کی درخواست کی سماعت سے معذرت کر لی تھی اور کیس واپس چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوادیا تھا۔

    بعد ازاں مریم نواز نے عمرے کی ادائیگی کے لیے پاسپورٹ واپس لینے کی درخواست دائر کردی تھی ، جو لاہورہائی کورٹ میں دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کردی گئی تھی ، جسٹس علی باقرنجفی کی سربراہی میں 2رکنی بینچ پیر کو سماعت کرے گا