Tag: Fawad Chaudhry’s

  • فواد چوہدری کا گروپ سمیت انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

    فواد چوہدری کا گروپ سمیت انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

    اسلام آباد: چوہدری فواد حسین اور انکے گروپ نے نام نہاد اور جعلی الیکشن کا بائیکاٹ کااعلان کردیا۔

    سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، فواد چوہدری کا خط ان کے بھائی اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائینگے۔

    سابق وفاقی زیر نے کہا کہ انتخابات ایسے ہورہے ہیں کہ’’سونیاں ہوجان گلیاں وچ مرزا یار پھرے‘‘، آئین جمہوریت کی اساس ہے اور ریاست کا اقتدارعوام کی امانت ہے، الیکشن کمیشن نے پہلے خلاف آئین پنجاب اورکے پی میں انتخابات نہیں کرائے۔

    انہوں نے خط میں لکھا کہ مجھے گرفتار کرلیا گیا تاکہ میں خود ہی انتخابات سے دستبردار ہوجاؤں، بھائی فراز کاغذات جمع کرانے گیا تو گرفتار کر کے کہا گیا دوبارہ جہلم نظر نہ آنا، ان حالات کے باوجود میں نے، اہلیہ اوربھائی فیصل چوہدری نے کاغذات جمع کرائے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پھرآراو نے میرے کاغذات ایسی سوسائٹی میں پلاٹوں پر مسترد کردیے جس کا وجود نہیں، پھرعدالت میں اعتراض آیا کہ ہم نے اپنے ایزی پیسہ کا اکاؤنٹ ظاہرنہیں کیا، جب بھائی فیصل چوہدری کے کاغذات منظور ہوئے تو انہیں نیب میں شریک ملزم بنادیا۔

    انہوں نے کہا کہ ان حالات میں انتخابات کیا ہونگے جب نتیجے پہلے سے تیار ہوں، خود تکلیفیں برداشت کرلوں گا کارکنان، خاندان اوردوستوں کو مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتا۔

    فواد چوہدری نے خط میں لکھا کہ میرا گروپ اس جعلی انتخابی عمل کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہے، الیکشن کمیشن مکمل ناکام ہے اور ان سے استعفے کا مطالبہ وقت کا ضیاع ہے، ایسے انتخابات سے بننے والی حکومت ناصرف اخلاقی بلکہ قانونی مینڈیٹ سے محروم ہوگی۔

    خیال رہے کہ فواد چوہدری جہلم میں ہاؤسنگ پراجیکٹ میں کرپشن الزامات پر نیب کی حراست میں ہیں۔

  • "فواد چوہدری پنجاب کے وزیراعلیٰ بنناچاہتےہیں”

    "فواد چوہدری پنجاب کے وزیراعلیٰ بنناچاہتےہیں”

    کراچی: ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، وزیراطلاعات ناصرشاہ سمیت دیگر صوبائی وزرا نے فوا د چوہدری کی نیوز کانفرنس پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

    ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے فواد چوہدری کے بیان پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فواد چوہدری کو لوٹائے اعظم کہا جائے تو غلط نہ ہوگا، جناب نے ملک کی کوئی پارٹی نہیں چھوڑی جس کی ترجمانی نہ کی ہو، فواد چوہدری حب الوطنی کا درس کسی اور کو دیں۔

    بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جو ملک اور عوام کی حالت کی وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، آپکی نااہل حکومت نےحقیقت میں عوام کی چیخیں نکال دی ہیں،محب وطن پیپلزپارٹی نےجمہوریت کیلئےقیادت کی قربانیاں دیں، آصف زرداری ،بلاول کیخلاف بات کرکے نوکری پکی نہیں ہونی، سلیکٹڈ حکومت کی منافقانہ ،غیر منصفانہ پالیسیاں عوام جانتے ہیں، عوام جان چکے کہ آپکی نااہل حکومت جھوٹ ،یوٹرن کےسہارے کھڑی ہے۔

    ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ کا پانی کسی اور نہیں وفاق اور پنجاب نے روکاہے، سندھ کے علاقوں کی زمینیں آپ نے بنجر کیں، لاکھوں ایکڑ پرفصلیں نااہل حکومت کی پالیسیوں کی بھینٹ چڑھ گئیں، نفرت کی سیاست کرکےیہ ملکی عوام کو تقسیم کررہے ہیں۔

    وزیراطلاعات ناصر حسین شاہ نے بھی فواد چوہدری کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ فواد چوہدری پنجاب کے وزیراعلیٰ کےخلاف سازشیں کرتےہیں اور خود وزیراعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔

    سیدناصرشاہ نے الزام عائد کیا کہ پانی کی نگرانی اورمنصفانہ تقسیم کرناارسا کاکام ہے جبکہ وفاقی حکومت نے ارسا کو یرغمال بنا رکھا ہے، سندھ کی زمینیں بنجر کرنے کے لئے پنجاب نے چشمہ جہلم کینال کھولا اور سندھ کے پانی پر ڈاکا ڈالا۔

    وزیراطلاعات ناصرشاہ نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ وفاقی حکومت ارسا کو کام کرنےدے، ارسا کےمعاملات میں ٹانگ اڑانابندکرے، فواد چوہدری سندھ کی نگرانی کےخواب دیکھنا بند کریں۔

    ناصرشاہ نے الزام عائد کیا کہ وفاقی حکومت براہ راست ایم پی ایزکے ذریعے کرپشن کررہی ہے، جو فنڈز اپنے سندھ کےایم پی ایزکو دیئے، ان کا حساب دیں، اس کرپشن کاحساب وفاقی حکومت کودیناہوگا۔

    واضح رہے کہ آج کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا تھا کہ گورنر راج حل نہیں، سندھ میں اس وقت آرٹیکل 140 اے لاگو کرنےکی ضرورت ہے۔

  • "گورنر راج حل نہیں، سندھ میں اس وقت آرٹیکل 140 اے لاگو کرنےکی ضرورت ہے”

    "گورنر راج حل نہیں، سندھ میں اس وقت آرٹیکل 140 اے لاگو کرنےکی ضرورت ہے”

    کراچی: وزیراطلاعات فواد چوہدری نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے بڑی استدعا کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ آئین میں گورنرراج کی گنجائش نہیں، گورنرراج لگانا غیرجمہوری کام ہوتا ہے، سندھ میں سب سے زیادہ آرٹیکل 140اے پر عملدرآمد کی ضرورت ہے۔

    فواد چوہدری نے الزام عائد کیا کہ وزیراعلیٰ سندھ قوم پرست سیاست کررہےہیں، وہ خود کو بینظیر اورذوالفقار بھٹو کی سیاست سے الگ کررہے ہیں، میں مراد علی شاہ اور انکی حکومت پربلاوجہ تنقیدنہیں کرناچاہتا، سندھ کو تین سالوں میں 1600 سے 1800 ارب روپےدیئےگئے، اس بجٹ میں بھی سندھ کا حصہ بڑھایا گیا ہے، ان کے پاس اتنا پیسہ آیا لیکن وہ کہاں گیا؟۔

    اپنی نیوز کانفرنس میں فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ سندھ میں آرٹیکل 140Aاپلائی کرے، اگر ہم مراد علی شاہ اینڈ کمپنی پر بیٹھے رہے تو اگلے کئی سال میں بھی کراچی اور سندھ میں ترقی نا ممکن ہے، اب سندھ پرہمارے حکمران جماعت کےایم پی ایزکوسوچناپڑےگا۔

    نیب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیب کی اپنی پالیسی ہوتی ہےجس کےتحت وہ کام کرتی ہے، ریکارڈ پر ہے کہ نیب کی تاریخ کےسب سےبڑے پلی بارگین سندھ کےکیسز میں ہوئے، نیب کی تاریخ میں اربوں روپے سندھ سے ریکور ہوئے۔

    صوبے میں پانی کی قلت سے متعلق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سندھ کے چند لٹیروں کا مقصد ہے کہ عوام سے زیادتی کریں، سندھ حکومت نگرانی کیوں نہیں کرنےدے رہی کہ کتنا پانی آرہا اورکتنا جارہا ہے؟ صوبے کے عوام کا اصل پانی بلاول ہاؤس، مراد علی شاہ والےچوری کررہےہیں، آصف زرداری اور ان کی بہن کی زمین پر تو کبھی پانی کم نہیں ہوا جبکہ سندھ میں پانی کم ہوا تو غریب ہاریوں کی زمینوں پر ہی ہوا، بتایا جائے کہ وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ آزاد مبصر کیوں لگانےنہیں دے رہے؟۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ رواں سال سندھ کو 7 سے ساڑھے 7 سو ارب روپے ملیں گے، گزشتہ چند سال میں لاڑکانہ پر 90 ارب روپے خر چ ہوچکے لیکن کام نظرنہیں آرہا، بدین، گھوٹکی اور دیگرعلاقوں کے نام پر بھی پیسہ لیا جاتا ہے لیکن وہاں کام نہیں ہوتا ہے، من پسند ٹھیکیداروں کو ٹھیکے دے کر سندھ کو کب تک چلایا جائےگا؟

    وفاقی وزیر اطلاعات کا کہناتھا کہ (ن) لیگ نے سوچا رکھا ہے کہ ہرچیز کو مسترد کرنا ہے،انہوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے حقارت کے ساتھ مسترد کردیا، اور احسن اقبال نے کہا کہ اوورسیز کو پاکستانی مسائل کا ادراک نہیں ہے، نوازشریف، اسحاق ڈار اوران کے بیٹے بھی تو اوورسیز ہیں، ان کے بارے میں کیا خیال ہے، اوورسیز پاکستانی ملک سے پیسہ باہر نہیں لے کرجاتے بلکہ باہر سے اپنے ملک بھیجتے ہیں،اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق جو ریمارکس دیئے گئے ہیں اس کی مذمت کرتاہوں۔