Tag: fawad hassan fawad

  • ہاؤسنگ اسکینڈل، سعد رفیق اور بھائی طلب، گرفتاری متوقع

    ہاؤسنگ اسکینڈل، سعد رفیق اور بھائی طلب، گرفتاری متوقع

    لاہور: قومی احتساب بیورو نے سابق وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق اور اُن کے بھائی کو 16 اکتوبر کو طلب کرلیا، وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے تصدیق کی ہے کہ دونوں افراد کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات نے اس کی تردید کی۔

    ذرائع کے مطابق نیب نےخواجہ سعدرفیق اور اُن کے بھائی خواجہ سلمان رفیق کوپیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کرپشن اسکینڈل میں طلب کیا، قومی احتساب بیورو نے ہدایت کی کہ تمام دستاویزات اور منی ٹریل لے کر آئیں۔

    ذرائع کے مطابق اگر 16 اکتوبر کو سعد رفیق مطلوبہ دستاویزات فراہم نہ کرسکے تو اُن کی بھی گرفتاری کا امکان ہے۔

    مزید پڑھیں: کرپشن کیس: نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا

    دوسری جانب وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے تصدیق کی کہ خواجہ سعد رفیق اور اُن کے بھائی کا نام ایگزیٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال گیا اور اب وہ ملک نہیں چھوڑ سکیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی  آشیانہ اسکیم کی بینفشری ہے، فوادحسن فوادآشیانہ ہاؤسنگ اسکیم میں وعدہ معاف  گواہ بن چکے اس لیے شہباز شریف کی گرفتاری عمل میں لائی گئی۔

    وفاقی وزیراطلاعات کی تردید

    بعد ازاں وفاقی وزیر اطلاعات نے خواجہ سعد رفیق اور اُن کے بھائی کا ای سی ایل میں شامل کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فی الحال کوئی فیصلہ نہیں کیا، نیب آزاد ادارہ ہے  وہ جو بھی فیصلہ کرے گا اُس پر وفاق قانون کےتحت معاونت پیش کرے گی۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، ان کے بھائی اور سابق صوبائی وزیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کو نیب لاہور نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی اسکینڈل کیس میں پوچھ گچھ کے لیے 5 اگست کو طلب کیا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں: آشیانہ اقبال اسکینڈل: احد چیمہ اور فواد حسن فواد نے تمام ملبہ شہباز شریف پر ڈال دیا

    اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ حکم نامے میں دونوں شخصیات کو ہدایت کی گئی تھی کہ اپنے ساتھ پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کا ریکارڈ لے کرآئیں۔

    واضح رہے کہ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی اسکینڈل کی تحقیقات کے لیے نیب میں پیشی کے لیے آئے تھے اور انہیں آشیانہ کمپنی کیس میں کرپشن کے الزامات میں حراست میں لے لیا گیا۔

    اسے بھی پڑھیں: یہ تو پہلی گرفتاری ہوئی ہے،ابھی مزید بڑی گرفتاریاں ہونےوالی ہیں، وزیراطلاعات فوادچوہدری

    نیب کے ترجمان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی گرفتاری آشیانہ ہاؤس اسکینڈل میں غیرقانونی ٹھیکے دینے پر عمل میں آئی ہے کل انہیں عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

  • آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل ، نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری  فواد حسن فواد گرفتار

    آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم اسکینڈل ، نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد گرفتار

    لاہور: آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو نیب نے حراست میں لے لیا۔

    تفصیلات کے مطابق کرپشن کے بڑے ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا، آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی، نیب نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد کو گرفتار کرلیا۔

    ڈی جی نیب نے بتایا کہ فواد حسن فواد کو کرپشن کے 3 الزامات پر پکڑا گیا، جن میں آشیانہ اقبال ہاوسنگ اسکینڈل اور نجی بینک میں غیرقانونی نوکری شامل ہے، فواد حسن فواد نے بطور سیکریٹری وزیراعلیٰ اختیارات کا غلط استعمال کیا اور پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی چیف ایگزیکٹو کو غیرقانونی احکامات دیئے۔

    نیب لاہور کا کہنا تھا کہ سرکاری طور پر کنٹریکٹ چوہدری لطیف اینڈسنز کو دیا گیا تھا، معطل کرایا گیا اور انکوائری کمیٹی کی کنٹریکٹ رپورٹ کوحکام سےمخفی رکھا، انکوائری کمیٹی سیکرٹری فنانس طارق باجوہ کی زیر نگرانی کام کررہی تھی۔

    نیب کے مطابق ملزم نے چوہدری لطیف کا کنٹریکٹ ایوارڈنگ کے 8 ماہ بعد معطل کرایا، کمپنی کو 70 ملین بطور موبلائزیشن ایڈوانس ادا کیے گئے تھے، ملزم کی کی وجہ سے حکومت کو 5.9 ملین بطور جرمانہ ادا کرنا پڑا۔

    نیب لاہور کا کہنا تھا فواد حسن فواد کے اقدام سے پروجیکٹ کی قیمت میں اربوں کا اضافہ ہوا، نیب کی جانب سے ملزم کو متعدد مرتبہ طلب کیا جبکہ وہ 2بار پیش ہوئے، ملزم پر بطور سیکرٹری ہیلتھ مہنگے داموں 6 موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کا الزام ہے۔

    نیب نے کہا کہ ملزم نے 2010 میں 55ملین مالیت پر ایک موبائل ہیلتھ یونٹ خریدا اور غیرقانونی طور پر نجی بینک میں ملازمت کرتارہا جبکہ ایک گروپ کے ماتحت ادارہ سپرنٹ انرجی میں تعینات رہا، فواد حسن پر 9 سی این جی اسٹیشنزکی غیرقانونی منتقلی کا الزام بھی ہے۔

    ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد نے تفتیش میں سوالات کےدوران نیب افسران سے بدتمیزی کی۔

    نیب نے آشیانہ ہاؤسنگ اقبال کیس میں فواد حسن فواد کو آج گیارہویں مرتبہ طلب کیا تھا اور وہ  آج چوتھی بار نیب لاہور میں پیش ہوئے، وہ سابق وزیر اعظم نواز شریف  اور شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری بھی رہ چکے ہیں۔

    خیال رہے کہ نیب نے اسی کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کو بھی گرفتار کررکھا ہے جو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔

    یاد رہے کہ سال 2012 میں میں آشیانہ ہاؤسنگ اسکیم کا آغاز ہوا، منصوبے کے مطابق پانچ سال میں پچاس ہزار گھر تعمیر کئے جانے تھے لیکن دعوے حقیقت میں تبدیل نہ ہو سکے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال نومبر میں آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں یہ انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں۔

    پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی، مذکورہ اسکیم سے روابط کے الزام پرپی ٹی آئی نے پنجاب اسمبلی میں خواجہ سعد رفیق کو عہدے سے برطرف کرنے کیلئے قرار داد بھی جمع کرائی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری نے چھٹی لے لی، بیرون ملک جانے کا امکان

    وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری نے چھٹی لے لی، بیرون ملک جانے کا امکان

    اسلام آباد : وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے، امکان ہے کہ وہ چھٹیاں گزارنے کیلئے بیرون ملک روانہ ہو سکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد ایک ماہ کی رخصت پر چلے گئے ہیں اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ فواد حسن فواد کا یہ اقدام  نیب کی تحقیقات سے بچنے کےجتن ہیں یا معاملہ ہے کچھ اور ہے؟

    کیونکہ آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کے پراجیکٹ ڈائریکٹر معظم علی نے نیب کو بیان ریکارڈ کرایا تھا کہ فواد حسن فواد نے کمپنی کا کنٹریکٹ منسوخ کرنے کے لئے ان پر دباؤ ڈالا اور دفتر بلوا کر دھمکیاں بھی دیں تھیں۔

    معظم علی کے اس بیان پر فواد حسن فواد کو نیب لاہور نےطلب کیا تھا، ذرائع کے مطابق اسی ماہ پانامہ کیس کا فیصلہ بھی سنائے جانے کا امکان ہے، قبل اس کے کہ کوئی بڑی گڑ بڑ ہو اس لیے فواد حسن فواد کو جلد بیرون ملک اڑان بھرنے میں ہی عافیت دکھائی دے رہی ہے۔

    ان کی جگہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ معروف افضل کو وزیر اعظم کا نیا پرنسپل سیکریٹری بنائے جانے کا امکان ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ معروف افضل زیادہ تروقت وزیراعظم ہاؤس میں ہی گزارتے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیاپر شیئر کریں۔