اسلام آباد : پی ٹی آئی کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ آزادی مارچ والے اپنی کرپشن بچانے اور این آر او کے لئے نکلے ہوئے ہیں، استعفیٰ مانگنے والے چار سال تک بیٹھے رہیں۔
یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہی، انہوں نے کہا کہ ایک طرف مفاد پرست ٹولہ ہے تو دوسری طرف عمران خان اور عوام، یہ سارے اپنی کرپشن بچانے اور این آراو کے لئے نکلے ہوئے ہیں، کہتے ہیں جب تک عمران خان نہیں جائیں گے بیٹھے رہیں گے، بیٹھنا ہے تو پھر چار سال تک بیٹھے رہیں، استعفیٰ ملے گا اور نہ ہی این آر او، وزیراعظم استعفیٰ کیوں دیں، اس سوال کا جواب ان کے پاس نہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آزادی مارچ والے ملک کی جھوٹی تصویر پیش کررہے ہیں جو افسوس ناک ہے، ہمارے بہادر فوجیوں نے امن کیلئے جو کیا دھرنے والے اس کا الٹ بتارہے ہیں۔
پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں 70ہزار جانوں کی قربانی دی، پاکستان نے امن کیلئے123ارب ڈالر کا نقصان اٹھایا، اسلامی جمہوریہ پاکستان کیلئے فوجیوں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
مارچ والے اپنے عمل سے پاکستان مخالف اور امن دشمنوں کو خوش کررہے ہیں، پاکستان میں2020میں معیشت ٹیک آف کرنے والی ہے، ہم معیشت بہتر کرنے جارہے ہیں تو یہ لوگ رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔
رہنما پی ٹی آئی فیصل جاوید کا مزید کہنا ہے کہ پوری امید ہے مولانا فضل الرحمان معاہدے کی پاسداری کریں گے، ہائیکورٹ اور سپریم کورٹ کے فیصلوں کی پابندی کریں گے۔
ہم نے بھی126دن کا دھرنا دیا اور ایک بھی معاہدہ نہیں توڑا، جبکہ انتخابی دھاندلی کیخلاف فضل الرحمان اپنے حلقے میں اپیل میں نہیں گئے۔ معاملے کا قانونی حل نکالیں گے، طاقت کے استعمال کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان دنیا میں کشمیر، اسلام اور امن کے سفیر کے طور پر ابھرے ہیں۔ عمران خان نے حضرت محمد کا پیغام دنیا بھر میں پہنچایا، وہ امت مسلمہ کیلئے عالمی رہنما کے طور پر سامنے آئے ہیں، تاریخ میں پہلی بار کوئی لیڈر5حلقوں سے کھڑا ہوا اور پانچوں سے جیتا۔