Tag: FBR notice

  • ایف بی آر نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

    ایف بی آر نے محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا

    لاہور: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے قومی کرکٹر محمد حفیظ کو اثاثے چھپانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹر محمد حفیظ بھی ایف بی آر کے ریڈار پر آگئے، ایف بی آر نے اثاثے چھپانے پر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

    ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے 17 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر نہیں کیے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر نے محمد حفیظ کی تمام بینکوں سے تفصیلات طلب کرلی ہیں، محمد حفیظ کا 2014 سے 2018 تک کا آڈٹ کیا جارہا ہے۔

    مزید پڑھیں: نیا ڈومیسٹک اسٹرکچر، محمد حفیظ کی پی سی بی پر شدید تنقید

    دوسری جانب کرکٹر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ انہیں ایف بی آر کے نوٹس کا علم نہیں ہے، خبر بے بنیاد ہے۔

    واضح رہے کہ کرکٹر محمد حفیظ کا دورہ آسٹریلیا کے قومی ٹیم میں سلیکٹ نہیں کیا گیا تھا، حفیظ نے قومی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر کھیلے۔

    محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ موجودہ پاکستانی ٹیم میں ٹیلنٹ ہے اور وہ ٹیم کی کامیابی کے لیے دعاگو ہیں۔

  • شیر پر بارات لانے والے دولہا کو ایف بی آر نے طلب کرلیا

    شیر پر بارات لانے والے دولہا کو ایف بی آر نے طلب کرلیا

    ملتان : مہنگی ترین شادی کرنے والے دولہا اور دلہن والوں کو ایف بی آر نے نوٹس بھیج دیا، دلہا شیر پر بارات لایا اور لڑکی والوں نے 5 کروڑ روپے کا جہیز دیا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق شادی پر کروڑوں روپے کے اخراجات کرنا دولہا کو مہنگا پڑگیا، آمدنی اور اثاثہ جات کی تفصیلات ظاہر کرنے کے لیے ایف بی آر نے دولہا کو نوٹس بھیج دیا۔

    ایف بی آر نے دولہا سے اس کے اثاثہ جات کی تفصیلات، این ٹی این نمبر اورآئی ڈی کارڈ کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

    یاد رہے کہ رواں ماہ 7 مارچ کو ملتان کا رہائشی دولہا اپنی بارات گھوڑے پر لے جانے کی بجائے شیر کے پنجرے پر بیٹھ کر لے گیا، صرف یہ ہی نہیں دولہا نے شادی پر کروڑوں روپے کے اخراجات کرتے ہوئے اپنا سہرا سونے کا بنوایا، زرق برق شیروانی زیب تن کی اور اصلی شیر کے پنجرے پر سوار ہوکر بارات لے کر نکلا۔

    بارات میں لاکھوں کے حساب سے نوٹ بھی نچھاور کیے گئے، تفریح کے لیے سائیں ظہور کو بلایا گیا تھا۔

    مزید پڑھیں : ملتان : دولہا گھوڑی کی بجائے شیر پر بارات لے آیا

    اس کے مقابلے میں دلہن والے بھی کسی سے پیچھے نہ رہے انہوں نے اپنی بیٹی کو لگ بھگ 5 کروڑ روپے کا جہیز دیا، جس میں تین درجن سونے کی انگوٹھیاں، دولہا کے بھائیوں کے لیے موٹر سائیکلیں اوراپنے داماد کے لیے نئے ماڈل کی کار بھی شامل ہے۔

    علاوہ ازیں لڑکی والوں کی جانب سے 15 ہزار باراتیوں کے لیے کھانے کا انتظام بھی کیا گیا تھا۔

    ان پرتعیش اخراجات پر نوٹس لیتے ہوئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے دونوں گھرانوں کو نوٹس بھیج دیا جس میں انہیں انکم ٹیکس کی ادائیگی اور ذرائع آمدنی کے متعلق آگاہی دینی ہوگی۔